Tuesday, 22 April 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 22 اپریل 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 22 April-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۲؍ اپریل ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ انتظامیہ، شفافیت اور اختراعی شعبوں میں ملک نئے معیار قائم کر رہا ہے: وزیر اعظم کا استدلال۔
٭ مہاراشٹر میں مختلف شعبوں میں تبدیلیاں انتظامی افسران کی مرہونِ منت - وزیر اعلیٰ کا فخریہ اظہار۔
٭ عالمی یومِ ارضیات کے موقعے پر آج سے ریاست کے سبھی دیہاتوں میں آبی ذخائر کی صفائی مہم کا آغاز۔
٭ رومن کیتھولک فرقے کے روحانی سربراہ پوپ فرانسس کا ویٹی کن سٹی میں انتقال ، حکومت ہند کی جانب سے تین روزہ سرکاری سوگ کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ میں آج درجۂ حرارت میں اضافے کا یلو الرٹ جاری، پربھنی میں درجۂ حرارت 43 ڈگری کے پار۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت آج نہ صرف ترقی کیلئے جانا جارہا ہے بلکہ انتظامات، شفافیت اور اختراع میں بھی نئے معیارات قائم کر رہا ہے۔ وہ کل نئی دہلی میں 17ویں عوامی خدمات دِن کے موقع پر ایک خصوصی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہمارے پُرامید معاشرے کے بے مثال خواب اور عزائم ہیں اور ان عزائم کو پورا کرنے کیلئے ہمیں ترقی کی اتنی ہی بے مثال رفتار کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا:
BYTE: PM NARENDRA MODI
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مہاراشٹر کے مختلف شعبوں میں جو تبدیلیاں آئی ہیں اس کا سہرا انتظامیہ کے افسران کو جاتا ہے۔ وزیر اعلیٰ کل ممبئی میں راجیو گاندھی انتظامی رفتار مشن ایوارڈ کی تقریب سے مخاطب تھے۔ انہوں نے بتایا کہ چھترپتی شیواجی کے وضع کردہ بہت سے قاعدے اور ضوابط آج بھی رائج ہیں۔
دریں اثناء وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل مراٹھواڑہ میں پانی کے مسائل کا و یڈیو کانفرنسنگ نظام کے ذریعے جائزہ لیا۔ شیوسینا ادھو باڑاصاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے پانی کی قلّت سے متعلق عوامی تحریک کے پس منظر میں یہ آن لائن اجلاس ہونے کا دعویٰ متعلقہ خبرو ں میں کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ممبئی کے نئے بین الاقوامی کروز ٹرمینل سے نقل و حمل کی خدمات کا‘ کل بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی حمل و نقل محکمے کے مرکزی وزیر سربانند سونووال کی موجودگی میں آغاز ہوا۔ ممبئی پورٹ ٹرسٹ کے وکٹوریہ ڈاک میں تجدید شدہ فائر میموریل کی نقاب کشائی سمیت دیگر منصوبوں کا افتتاح بھی سونووال کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ روزانہ دس ہزار اور سالانہ دس لاکھ مسافروں کی آمد و رفت کی اس ٹرمینل میں گنجائش ہے۔
***** ***** *****
گورنر سی پی رادھا کرشنن نے بزرگ صحافی راہل پانڈے کو ریاست کے اطلاعات و نشریات کمشنر عہدے کا حلف دلایا۔ اس موقع پر گورنر رادھا کرشنن نے رویندر ٹھاکرے، پرکاش اندلکر اور گجانن نیم دیو کو بھی ریاستی اطلاعات و نشر یات کمشنر کے طور پر حلف دلایا۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے معطل شدہ زیرِ تربیت گیزیٹیڈ افسر پوجا کھیڑکر کے خلاف کوئی بھی تعزیری کارروائی نہ کرنے کے حکم میں 21 مئی تک توسیع کر دی ہے۔ کھیڑکر پر پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں ریزرویشن کا غلط استعمال کرنے کا الزام ہے۔ عدالت نے کھیڑکر کو 2 مئی کو پوچھ گچھ کیلئے دہلی پولس کے سامنے پیش ہونے کا حکم بھی دیا ہے۔
***** ***** *****
عالمی یومِ ارضیات آج منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے نے بتایا کہ وزارت ماحولیات کی طرف سے آئندہ نو دنوں تک مختلف سرگرمیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ اس مہم کے تحت ریاست کے سبھی دیہاتوں میں مختلف آبی وسائل کی صفائی کرنے کی اطلاع بھی انھوں نے دی۔
دریں اثنا، اس سلسلے میں اطلاعات و نشریات اور رابطۂ عامہ ڈائریکٹوریٹ کے آکاشوانی پر نشر ہونے والے ’’دل کھلاس‘‘ پر وگرام میں آج اور کل پنکجا منڈے کا ایک معلوماتی انٹرویو بھی نشر کیا جائے گا۔
اس ضمن میں لاتور ضلع میں آج سے آئندہ یکم مئی تک ’’ماحول بچائیں، زمین کو سجائیں‘‘ پہل پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے سبھی سے اس اقدام میں حصہ لینے اور ماحولیات کے تحفظ کیلئے کوششیں کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
رومن کیتھولک فرقے کے روحانی سربراہ پوپ فرانسس گزشتہ روز ویٹی کن سٹی میں انتقال کر گئے۔ وہ 88 برس کے تھے۔ پوپ فرانسس گزشتہ چند ہفتوں سے علیل تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ پوپ فرانسس کو دنیا بھر کے لوگ ہمدردی، عاجزی اور روحانی عزائم کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ پوپ فرانسس کے انتقال پر حکومت ِ ہند نےآج سے تین روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میںکھاد فراہمی کیلئے مقرر کردہ ایجنسیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ آئندہ خریف ہنگام کیلئے محفوظ کھاد کی فراہمی کیلئے انتظامی ضابطوں کی پابندی کریں۔ وہ کل ضلعی سطح کی محفوظ کھاد مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ کلکٹر سوامی نے ماہِ مئی کے او اخر تک آٹھ ہزار میٹرک ٹن یوریا اور 1500 میٹرک ٹن ڈی اے پی کھاد کا ذخیرہ دستیاب کرانے کی ہد ایت بھی جاری کی۔
***** ***** *****
بیڑکے کیسر بائی سوناجی راؤ شر ساگر کالج کے نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے 16 کیڈٹس کو دفاعی محکمے کے مختلف شعبوں کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ فوج، بحریہ اور نیم فوجی دستوں سمیت ریاستی پولس اور ریاستی ہوم گارڈ خدمات کے شعبوں میں ان طلباء کا انتخاب ہونے کی وضاحت متعلقہ خبروں میں کی گئی ہے۔ کالج کی پرنسپل ڈاکٹر دیپا شرساگر، نائب صدر ڈاکٹر یوگیش شرساگراور 51 مہاراشٹر بٹالین کے کمانڈنگ آفیسر کرنل سنیل بی ریڈی نے ان طلباء کی رہنمائی کی۔
***** ***** *****
ضلعی سطح کے انسدادِ ہنگامی آفات دستے کی جانب سے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کلکٹر دفتر میں کل‘ ڈیزاسٹر مینجمنٹ تعارفی و تربیتی پروگرام کے تحت عملے کو تربیت دی گئی ۔ اس دور ان قدرتی آفات کے دوران کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
***** ***** *****
ریاست کے دیگر پسماندہ طبقات کی بہبود کے وزیر اور ناندیڑ ضلعے کے رابطہ وزیر اتل ساوے نے کل ایک اجلاس میں ناندیڑ ضلعے کے مختلف محکمہ جات کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پانی کی قلت کو د ور کرنے اور پانی کے تحفظ کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایات دیں‘ ساتھ ہی متعلقہ افسران کو شہر میں پانی کی قلت، حمل و نقل، صفائی اور راستوں کے حوالے سے عوامی نمائندوں کی موصولہ شکایات کا ازالہ کرنے کا حکم بھی دیا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے میںآیوشمان بھارت مشن کے تحت باقی ماندہ مستحقین سے آیوشمان کارڈ حاصل کرنے اور اس اسکیم سے مستفیدہوکر ضلع انتظامیہ سے تعاون کرنے کی اپیل کمیٹی کے صدر اوم پرکاش شیٹے نے کی ہے۔ وہ کل ضلعی سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ شیٹے نے بتایا کہ ضلعے کے 38 فیصد مستحقین یعنی 15 لاکھ 23 ہزار شہریوں میں سے پانچ لاکھ 76 ہزار شہریوں نے آیوشمان کارڈ حاصل کیا ہے۔
***** ***** ****
لاتور ضلعے کے تحصیلدار دفتر میں سرپنچ عہدوں کے ریزرویشن کیلئے آئندہ 24 اور 25 اپریل کو قرعہ اندازی کی جائےگی۔ ضلعے کے 785 سرپنچ عہدوں میں سے 160 نشستیں درجِ فہرست ذاتوں کیلئے، 21 نشستیں درج فہرست قبائل ، 211 نشستیں پسماندہ طبقات ، اور 393 نشستیں عام زمرے کیلئےمختص کی گئی ہیں۔ان میں 394 مقامات پر خواتین سرپنچ ہوں گی۔
***** ***** ****
ریاست میں کل سب سے زیادہ درجۂ حرارت چندر پور میں 44 اعشا ریہ چھ ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں 41اعشاریہ چھ ڈگری سیلسیس، پربھنی میں 43 اعشاریہ چار ‘ جبکہ بیڑ میں 42اعشاریہ تین ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔
دریں اثنا‘ چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ کیلئے آج درجۂ حرارت میں اضافے کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے اور محکمہ موسمیات نے چند مقامات پر ہلکی تااوسط بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** ****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ انتظامیہ، شفافیت اور اختراعی شعبوں میں ملک نئے معیار قائم کر رہا ہے: وزیر اعظم کا استدلال۔
٭ مہاراشٹر میں مختلف شعبوں میں تبدیلیاں انتظامی افسران کی مرہونِ منت - وزیر اعلیٰ کا فخریہ اظہار۔
٭ عالمی یومِ ارضیات کے موقعے پر آج سے ریاست کے سبھی دیہاتوں میں آبی ذخائر کی صفائی مہم کا آغاز۔
٭ رومن کیتھولک فرقے کے روحانی سربراہ پوپ فرانسس کا ویٹی کن سٹی میں انتقال ، حکومت ہند کی جانب سے تین روزہ سرکاری سوگ کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ میں آج درجۂ حرارت میں اضافے کا یلو الرٹ جاری، پربھنی میں درجۂ حرارت 43 ڈگری کے پار۔
***** ***** *****

No comments: