Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 25 April-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۲/ اپریل ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد مرکزی حکومت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کیے گئے فیصلوں کی کُل جماعتی میٹنگ میں حمایت کا اعلان۔
٭ سیاحوں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو تصور سے بھی سخت سزا دی جائیگی۔ وزیرِ اعظم کا انتباہ۔
٭ پاکستانی شہریوں کے ویزا بھی فوری طور پر منسوخ کرنے کا کیا گیا فیصلہ۔
٭ جموں کشمیر میں پھنسے مہاراشٹر کے سیاحوں کو خصوصی ہواؤں جہازوں سے واپس لانے کا آغاز۔
٭ صفر خسرہ اور رُبیلا مہم کے ساتھ ساتھ عالمی حفاظتی ٹیکوں کا ہفتہ ہوا شروع۔
اور۔۔۔٭ پربھنی میں درجہئ حرارت پہنچا 44 ڈگری سیلسیئس؛ مراٹھواڑہ میں آج بھی گرمی کی لہر قائم رہنے کی محکمہئ موسمیات کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے سیاحوں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو سخت سزا دینے کا انتباہ دیا ہے۔ وزیرِاعظم کل بہار میں ایک جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے اپنے اس احساس کا اظہار کیا کہ جموں کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر حملہ دراصل بھارت کی روح پر حملہ ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا:
BYTE: PM NARENDRA MODI
***** ***** *****
اسی بیچ پہلگام حملے کے بعد تمام پاکستانی شہریوں کے ویزے فوری طور پر منسوخ کردئیے گئے ہیں۔ عام پاکستانی شہریوں کیلئے ویزے 27 اپریل تک‘ جبکہ طبّی مقاصد کیلئے جاری کیے گئے ویزے 29 اپریل تک ختم ہوجائیں گے۔ اس مدت سے قبل بھارت پہنچنے والے پاکستانی شہریوں کو فوری طور پر واپس جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسی طرح بھارتی شہریوں کو پاکستان کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی جو بھارتی شہری پاکستان گئے ہوئے ہیں انھیں فوراً واپس آنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ وہیں پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کو ہفتے بھر میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ بھارت نے اسلام آباد میں موجود اپنے ہائی کمیشن سے دفاعی‘ بحری اور فضائی مشیروں کو واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ واگھہ-اٹاری سرحد بند کردی گئی ہے اور سرحدی چوکیوں پر Beating the Retreat پروگرام میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اسی طرح پاکستانی اداکار فواد خان کی فلم ”عبیر گلال“ کی بھارت میں نمائش پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ یہ فلم آئندہ 9 مئی کو ریلیز ہونے والی تھی۔
***** ***** *****
حزبِ اختلاف کی تمام جماعتوں نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کی گئی کارروائی کی حمایت کی ہے۔ گذشتہ روز نئی دہلی میں طلب کیے گئے کُل جماعتی اجلاس میں مخالف جماعتوں کے رہنماؤں نے حکومت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کی صدارت میں ہوئی اس میٹنگ میں انھوں نے دہشت گردانہ حملے اور بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی معلومات دی۔
***** ***** *****
پارلیمانی اُمور کے وزیر کرین رِجیجو نے کہا میٹنگ میں ان اقدامات کے بارے میں معلومات دی گئی جو حکومت مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کیلئے اٹھا رہی ہے۔ کانگریس رہنماء راہل گاندھی اور پارٹی صدر ملک ارجن کھرگے نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں اپوزیشن جماعتوں کی حکومت کو مکمل حمایت حاصل ہے۔ اس میٹنگ میں DMK‘ بیجو جنتادَل‘ اور مجلس ِ اتحادالمسلمین سمیت 15 مختلف پارٹیوں کے قائدین نے شرکت کی۔
***** ***** *****
پہلگام حملے کے بعد وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے گذشتہ دو دِنوں میں ریاست کے کم و بیش 500 سیاحوں کو واپس لایا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے اس کیلئے خصوصی پروازوں کا انتظام کیا۔ انڈیگو اور ایئر انڈیا سے 184 سیاح ممبئی لائے گئے۔ اسی طرح حکومت نے مزید 232 سیاحوں کیلئے خصوصی پرواز کا انتظام کیا ہے۔
***** ***** *****
اسی دوران پہلگام حملے کے پیشِ نظر ملکہئ ترنم لتا منگیشکر ایوارڈ راج کپور اور وی شانتا رام لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور خصوصی تعاون ایوارڈ تقریب کے ساتھ ممبئی میں آج ہونے والی ریاستی مراٹھی فلم ایوارڈس تقریب ملتوی کردی گئی ہے۔ ثقافتی اُمور کے ریاستی وزیر آشیش شیلار نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ اس پروگرام کی نئی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ماسٹر دینا ناتھ منگیشکر فاؤنڈیشن کا لتا منگیشکر ایوارڈ کل سینئر صنعت کار کمار منگلم برلا کو RSS سربراہ موہن بھاگوت کے ہاتھوں پیش کیا گیا۔ ممبئی میں منعقدہ اس تقریب میں اداکارہ شردّھا کپور‘ سونالی کلکرنی‘ اداکار سنیل شیٹی‘ سچن پڑگاؤنکر‘ شرد پونکشے‘ ریوا راٹھوڑ‘ اور آرمبھ گروپ کو ماسٹر دینا ناتھ منگیشکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر منگیشکر خاندان اور دیگر معززین موجود تھے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے مکھیہ منتری سور کرشی واہنی اسکیم کے دوسرے مرحلے کے اب تک نفاذ کیلئے محکمہئ توانائی کے افسران اور تمام متعلقہ ملازمین کو مبارکباد دی۔ وزیرِ اعلیٰ کل ممبئی میں اعلیٰ سطحی جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اسکیم پر تیزی سے عمل آوری کی خاطر بنائے گئے سنگل وِنڈو پورٹل کا بھی افتتاح کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
صفر خسرہ- روبیلا مہم کا آغاز کل نئی دہلی میں مرکزی وزیرِ صحت جے پی نڈا کی موجودگی میں کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے بتایا کہ رواں برس جنوری تا مارچ کے دوران ملک کے 322 اضلاع کو خسرے سے جبکہ 487 اضلاع کو روبیلا سے پاک کیا گیا ہے۔ عالمی ادارہئ صحت کی جانب سے نافذ کیے جانے والے عالمی حفاظتی ٹیکوں کا ہفتہ بھی کل سے شروع ہوا۔ یہ ہفتہ آئندہ 30 اپریل تک جاری رہے گا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع پریشد دفتر میں کل پنچایت راج دن منایا گیا۔ ضلع پریشد کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو افسر راگھویندر گھورپڑے نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور پنچایتی راج نظام میں گاؤں کی ذمہ داری سنبھالیں۔ اس موقع پر چھترپتی سمبھاجی نگر تعلقے کے کروڑی‘ دُودھڑ‘ کمبھے پھل‘ وڑدگاؤں اور پیٹھن تعلقے کے شیورائی‘ واہے گاؤں‘ نارائن پور‘ کنڑ تعلقے کے بہیر گاؤں‘ نادر پور‘ جبکہ سوئے گاؤں تعلقے کے جرنڈی گرام پنچایتوں کے سرپنچوں کو صداقت ناموں سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر مرکز کے پروگرام ڈپارٹمنٹ کے معاون ڈائریکٹر نارائن پوار حال ہی میں رضاکارانہ طورپر سبکدوش ہوگئے۔ دفترکی جانب سے کل انھیں وداعیہ دیا گیا۔ 1989 سے وہ چھترپتی سمبھاجی نگر‘ بیڑ، دھاراشیو اور ممبئی آکاشوانی مرکز پر پروگرام افسر اور پروگرام ہیڈ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل ہندو تنظیموں کی جانب سے پہلگام حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور مختلف مطالبات پر مشتمل ایک محضر ضلع کلکٹر کو پیش کیا گیا۔ مجلس ِ اتحادالمسلمین (MIM) کی جانب سے بھی سابق رُکنِ پارلیمان امتیاز جلیل کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان مردہ باد کے نعرے لگائے گئے اور پاکستانی پرچم نذرِ آتش کیا گیا۔ وہیں لاتور میں بھی مسلم سماج کی جانب سے ہلاک ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے موم بتیاں روشن کی گئیں اور حملے کی شدید مذمت کی گئی۔ اسی مناسبت سے بیڑ ضلع میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر اور مہاتما پھلے کی سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کیے جانے والے موسیقی کے پروگرام کو منسوخ کردیا گیا۔اسی طرح دھاراشیو میں بھی سکل ہندو سماج کی جانب سے کینڈل مارچ کیا گیا اور دہشت گردوں کے علامتی پتلے جلائے گئے۔
پہلگام حملے کے خلاف پربھنی میں ہندو- مسلم سماجی تنظیموں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور بند منایا گیا۔ اسی طرح ضلع انتظامیہ کو تنظیموں کی جانب سے مختلف مطالباتی محضر پیش کیے گئے۔ وہیں جالنہ شہر میں بھی چھترپتی شیواجی مہاراج چوک پر خاموش احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ اسی طرح ناندیڑ میں آج تمام تنظیموں کی جانب سے ضلع بند پکارا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں سب سے زیادہ درجہئ حرارت برہما پوری میں 45 اعشاریہ درج کیا گیا۔ اسی طرح مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں پارہ 42.2 سیلسیئس‘ دھاراشیومیں 42 اعشاریہ آٹھ‘ بیڑ 43 اور پربھنی میں 44 اعشاریہ ایک فیصد درجہئ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے مراٹھواڑہ میں آج گرمی کی لہر قائم رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد مرکزی حکومت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کیے گئے فیصلوں کی کُل جماعتی میٹنگ میں حمایت کا اعلان۔
٭ سیاحوں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو تصور سے بھی سخت سزا دی جائیگی۔ وزیرِ اعظم کا انتباہ۔
٭ پاکستانی شہریوں کے ویزا بھی فوری طور پر منسوخ کرنے کا کیا گیا فیصلہ۔
٭ جموں کشمیر میں پھنسے مہاراشٹر کے سیاحوں کو خصوصی ہواؤں جہازوں سے واپس لانے کا آغاز۔
٭ صفر خسرہ اور رُبیلا مہم کے ساتھ ساتھ عالمی حفاظتی ٹیکوں کا ہفتہ ہوا شروع۔
اور۔۔۔٭ پربھنی میں درجہئ حرارت پہنچا 44 ڈگری سیلسیئس؛ مراٹھواڑہ میں آج بھی گرمی کی لہر قائم رہنے کی محکمہئ موسمیات کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment