Sunday, 4 May 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 04 مئی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 04 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴/ مئی ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بلیٹ ٹرین پروجیکٹ کے باعث ملک میں ریلوے خدمات میں انقلابی تبدیلیاں اورمعیشت کو تقویت ملے گی: ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کا اظہارِ یقین۔
٭ Waves کانفرنس میں دسویں قومی کمیونٹی ریڈیو ایوارڈز تقسیم؛ نوآبادیاتی زمرے میں سانگلی کے ییرلاوانی ریڈیو کو پہلا ایوارڈ۔
٭ پاکستان مخالف پالیسی کے تحت بھارت کی جانب سے درآمدات اور ڈاک پابندی عائد؛ پاکستانی جہازوں کا ہندوستانی بندرگاہوں میں داخلہ بند۔
٭ طبّی نصاب میں داخلے کیلئے NEET امتحان آج؛ ریاست کے 35 شہروں میں دو لاکھ 79 ہزار طلبہ شرکت کریں گے۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے 10 طلبہ کا اِسرو کی تعلیمی سیر کیلئے انتخاب۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو نے اعتمادکا اظہار کیا ہے کہ بلیٹ ٹرین منصوبے کے باعث ملک کی ریلوے خدمات میں انقلابی تبدیلیاں واقع ہوں گی اور معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔ کل ممبئی میں باندرہ- کُرلا کمپلیکس میں بلیٹ ٹرین منصوبے کی مجوزہ اراضی کا انھوں نے دورہ کیا۔ اس موقع پر انجینئرز اور افسران سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل کرنے کا حکومت مصمم ارادہ رکھتی ہے۔
اسی دوران کل ممبئی میں ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ اور تفریح کے شعبے میں بھارت‘ اقوامِ عالم کی قیادت کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اشونی ویشنو نے کہا:
Byte: Ashvini Vaishnaw
انھوں نے مزید بتایا کہ گوگل‘ میٹا اور مائیکرو سافٹ سمیت چھ بین الاقوامی کمپنیوں نے کل Waves کانفرنس 2025 کے دوران انڈین انسٹیٹیوٹ آف کرئیٹیو ٹکنالوجی IICT کے ساتھ مفاہمتی قراردادوں پر دستخط کیے۔
***** ***** *****
کمیونٹی ریڈیو کے ملک بھر میں جاری سرگرمیوں کی اطلاعات و نشریات کے وزیرِ مملکت ڈاکٹر ایل مُروگن نے ستائش کی ہے۔ وہ کل Waves کانفرنس میں کمیونٹی ریڈیو کے افتتاحی سیشن سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ تمام کمیونٹی ریڈیوز کسی خاص مقصد کیلئے چلائے جاتے ہیں جس سے ہماری روایات کو فروغ ملتا ہے۔ انھوں نے اپیل کی کہ مستقبل میں ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے زیادہ سے زیادہ طبقات تک پہنچانے کی کمیونٹی ریڈیو کوشش کریں۔ اس موقع پر دسویں قومی کمیونٹی ریڈیو ایوارڈز کی تقسیم بھی وزیرِ موصوف کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ نوآبادیاتی زمرے میں ریاست کے کمیونٹی ریڈیو ییرلاوانی کو قومی سطح پر پہلا ایوارڈ دیا گیا۔ جت تعلقے اور اس کے اطراف و اکناف سنے جانے والے اس ریڈیو نے کم عمری کی شادیوں اور دیگر غلط رسم و رواج کے خلاف کئی پروگرام نشر کیے تھے۔ اس ریڈیو کو اب تک دئیے جانے والے ایوارڈز میں یہ تیسرا قومی سطح کا ایوارڈ ہے۔ اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے محکمہئ اطلاعات ونشریات کے سیکریٹری سنجے جاجو نے کہا کہ کمیونٹی ریڈیو کی سرگرمیوں سے مکمل وابستگی اور عزم کا اظہار ہوتا ہے۔
دریں اثناء‘ کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس میں جاجو نے بتایا کہ Waves کانفرنس سے ہزاروں کروڑ روپئے کے کاروباری مواقع پیدا ہوئے ہیں اور اعلیٰ درجے کی کمپنیاں Waves بازار کا حصہ بن رہی ہیں۔ Waves کانفرنس آج ختم ہورہی ہے۔
***** ***** *****
گوا کے شِرگاؤں میں پیش آئے حادثے پر صدرِ جمہوریہ درَوپدی مرمو اور وزیرِ اعظم نریندرمودی نے غم کا اظہار کیا ہے۔ شِرگاؤں کے لئی رائی دیوی کی جاترا کے دوران بھگدڑ مچنے سے چھ افراد ہلاک اور 80 زائرین زخمی ہوگئے تھے۔ کل صبح مندر کے احاطے میں دہکتے انگاروں پر ننگے پاؤں چلنے کی روایتی رسم کے دوران عقیدت مندوں میں اچانک بھگدڑ مچ گئی، جس کے باعث یہ حادثہ رونماء ہوا۔ زخمیوں کو مہاپاس ضلع اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔ گوا کے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت نے زخمیوں کی عیادت کی اور اعلان کیا کہ ان کے علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔
***** ***** *****
پہلگام حملے کے بعد پاکستان مخالف پالیسی کے ایک حصے کے طورپر بھارت نے پاکستان سے درآمدات مکمل طورپر بند کردئیے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے بالواسطہ یا بلاواسطہ کی جانے والی یا راستے میں موجود ہر قسم کی برآمدات پر مکمل پابندی کا نوٹیفکیشن محکمہئ خارجہ کے تجارتی شعبے نے جاری کیا۔ اس سے رعایت حاصل کرنے کیلئے حکومت سے علیحدہ اجازت نامہ لینا ہوگا۔ اس کے علاوہ بندرگاہ‘ جہاز رانی اور آبی حمل و نقل کی وزارت نے ایک حکمنامے کے ذریعے تمام پاکستانی جہازوں کے ہندوستانی بندرگاہوں میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ مواصلات کی وزارت نے پاکستان سے فضائی‘ بحری اور بری راستوں سے ڈاک اور پارسل لانے اور بھارت سے ڈاک و پارسل پاکستان بھیجنے کو بھی مکمل طور پر روک دیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
طبّی تعلیم کے مختلف نصابوں میں داخلے کیلئے NEET امتحان آج ہورہے ہیں۔ ریاست کے 35 شہروں میں دو لاکھ 79 ہزار طلبہ یہ امتحان دیں گے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں 49 امتحانی مراکز پر 19ہزار 500 طلبہ اس امتحان میں حصہ لے رہے ہیں۔ ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے امتحان کیلئے انتظامیہ کی جانب سے کی گئی تیاریوں کا کل جائزہ لیا۔انھوں نے بتایا کہ ہر امتحانی مرکز کو سی سی ٹی وی سے جوڑا گیا ہے۔ ہر طالب ِ علم کی مکمل تلاشی لی جائیگی‘ کوئی بھی طالب ِ علم کسی قسم کا الیکٹرانک ڈیوائس ساتھ نہ لے جاسکے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا‘ دوپہر کے وقت امتحان ہونے کے سبب دھوپ سے بچاؤ کے اقدامات کیے جائیں گے اور ہر امتحانی مرکز پر ایک میڈیکل ٹیم تعینات ہوگی۔
***** ***** *****
لاتور ضلع میں 51 ذیلی مراکز پر NEETکے امتحان ہوں گے۔ دورانِ امتحان‘ امتحانی مراکز پر اور احاطے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ رونماء نہ ہو اس کیلئے ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے نے آج صبح نو بجے سے شام سات بجے تک امتحانی مراکز کے 100میٹر کے رقبے میں حکمِ امتناع نافذ کردیا ہے۔ ناندیڑ ضلع میں 56مراکز پر تقریباً 20 ہزار طلبہ یہ امتحان دیں گے۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے کہا ہے کہ ذات کی بنیاد پر مردُم شماری‘ درج فہرست ذاتوں اور قبائل کو فنڈز کی فراہمی میں معاون ثابت ہوگی۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست میں پارٹی کو توسیع دینے کیلئے میٹنگیں منعقد کی جارہی ہیں اور ہر ایک کی رضامندی سے فیصلے کیے جارہے ہیں۔ اس موقع پر پاٹل نے کہا کہ پاکستان کیخلاف ہر قسم کی کارروائی کی اُن کی پارٹی مکمل حمایت کرتی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے 10 طالب ِ علم بنگلورو میں ہندوستانی خلائی تحقیقاتی ادارے اِسرو کی تعلیمی سیر پر جائیں گے۔ اس کیلئے جماعت ِ ہفتم کے طلباء و طالبات کے انتخاب کیلئے اسمارٹ اسٹوڈنٹ امتحان لیا گیا تھا۔ جس سے منتخب کیے گئے10 طالب ِ علموں میں میونسپل کارپوریشن اسکول ہرسول کی کومل گائیکواڑ‘ شتیج کامبلے اور شراون لوکھنڈے کو بھی منتخب کیا گیا ہے۔ خاتون ٹیچر سویتا بامبرڈے نے ان امتحانات کیلئے طلبہ کی رہنمائی کی تھی۔ میونسپل کمشنر جی شریکانت نے ان امتحانات کیلئے طلبہ کی رہنمائی کی تھی۔ میونسپل کمشنر جی شریکانت اور ڈپٹی کمشنر انکش پانڈھرے نے ان طلبہ اور اساتذہ کو مبارکباد دی ہے۔
***** ***** *****
دھولیہ پولس کی مقامی کرائم بنرانچ نے بیڑ ضلع کے سارقوں کے ایک گروہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ کھڑکی گینگ کے نام سے مشہور یہ گروہ‘ کھڑکیوں کی آہنی جالیوں کو نکال کر گھروں میں سرقے کی واردات کیا کرتا تھا۔ ان کے قبضے سے پانچ موبائل‘ ایک فور وہیلر اور سرقہ شدہ 11 لاکھ 33 روپئے کے زیورات پولس نے ضبط کرلیے ہیں۔ پانچ افراد پر مشتمل اس گروہ کے ہرفرد پر ریاست بھر میں 30 سے زائد مقدمات درج ہیں۔
***** ***** *****
موسم:
ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہئ حرارت آکولہ میں 44 اعشاریہ نو ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ مراٹھواڑہ میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں 42 اعشاریہ دو‘ دھاراشیو میں 42 اعشاریہ چھ‘ بیڑ میں 42 اعشاریہ آٹھ اور پربھنی میں 44 ڈگری سیلسیئس درجہئ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ ودربھ میں کل چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بلیٹ ٹرین پروجیکٹ کے باعث ملک میں ریلوے خدمات میں انقلابی تبدیلیاں اورمعیشت کو تقویت ملے گی: ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کا اظہارِ یقین۔
٭ Waves کانفرنس میں دسویں قومی کمیونٹی ریڈیو ایوارڈز تقسیم؛ نوآبادیاتی زمرے میں سانگلی کے ییرلاوانی ریڈیو کو پہلا ایوارڈ۔
٭ پاکستان مخالف پالیسی کے تحت بھارت کی جانب سے درآمدات اور ڈاک پابندی عائد؛ پاکستانی جہازوں کا ہندوستانی بندرگاہوں میں داخلہ بند۔
٭ طبّی نصاب میں داخلے کیلئے NEET امتحان آج؛ ریاست کے 35 شہروں میں دو لاکھ 79 ہزار طلبہ شرکت کریں گے۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 23.12.2025 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 23 December 2025 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाण...