Wednesday, 7 May 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 07 مئی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 07 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷؍ مئی ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آپریشن سندور کے تحت بھارتی فوج کاپاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں نو انتہا پسندکیمپوں پر حملہ۔
٭ ملک بھر میں آج جنگی تیاری سے متعلق مشق، چھترپتی سمبھاجی نگر سمیت ریاست کے16 مقامات شامل۔
٭ ریاستی کابینہ نےپانچ ہزار 503 کروڑ روپے کے مندر ترقیاتی منصوبوں کو دی منظوری ، خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے آدی شکتی مہم چلانے کا فیصلہ۔
٭ آئندہ چار مہینوں میں مقامی خود مختار اداروں اور میونسپل کا رپوریشنوں کے انتخابات کرانے کا عد الت ِ عظمیٰ کا ریاستی حکومت کوحکم۔
٭ کھیلو انڈیا ٹورنامنٹ میں پونے کے سدھیش گھورپڑے نےسائیکلنگ میں جیتاطلائی تمغہ، 12 تمغوں کے ساتھ مہاراشٹرتیسرے مقام پر۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں آج غیر موسمی بارش کے ساتھ ژالہ باری ہونے کی پیش گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
بھارتی فوج نے آپریشن سندور کے تحت گذشتہ نصف شب پاکستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں انتہا پسندوں کے نو کیمپوں پر حملہ کیا۔ وزارت دفاع نے بتایا کہ پہلگام میں دہشت پسندانہ حملے کا بھارت نےمنہ توڑ جواب دیا ہے اور منصوبہ بندی کے تحت ہی دہشت گرد اڈوں پر حملہ کیا گیا۔ وزارت دفاع نے یہ بھی وضاحت کی کہ اس حملے کے دو ر ان کسی بھی پاکستانی فوجی اڈے کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ پہلگام میں ہوئے دہشت پسندانہ حملے میں 25 بھارتی اور ایک نیپالی شہری ہلاک ہوئے تھے۔ وزارت دفاع کے مطابق حکومت نے اس حملے کے ذریعے اپنے ذمہ داری کا اعادہ کیا ہے۔
دریں اثناء آپریشن سندور کی معلومات فراہم کرنے کیلئے بھارتی فوج کی جانب سے آج صبح دس بجے صحافتی کانفرنس طلب کی گئی ہے۔
***** ***** *****
آج ملک بھر میں ماک ڈرلز یعنی جنگی تیاری مشقیں کی جائیں گی۔ پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے پس منظر میں پیدا ہونے والی جنگ جیسی صورتحال میں تیار رہنے کے مقصد سے یہ مشق کی جارہی ہے۔ اس کے تحت ملک بھر کے 259 شہروں میں جنگی طرز کی فرضی مشقیں کی جائیں گی۔ جس کیلئے ریاست کے 16 مقامات کو تین زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے زمرے میں ممبئی، اُرَن اور تارا پور، دوسرے زمرے میں تھانہ، پونا، ناسک، روہا-دھاٹائو-ناگوٹھان، منماڑ، سنّر، تھل وائشیت، پمپری-چنچوڑ، اور تیسرے زمرے میں چھترپتی سمبھاجی نگر، بھساول، رائے گڑھ، رتناگیری اورسندھودُرگ کو رکھا گیا ہے۔ اس فرضی مشق کے دوران فضائی حملے کے دوران بجنے والا سائرن بجایا جائے گا۔ کسی حملے کی صورتحال اور ہنگامی حا لات میں شہریوں بالخصوص طلبہ کو حفاظتی تربیت دینا ‘ نیز انتباہی نظام اور کنٹرول رومز وغیرہ کی تیاری کی جانچ کرنا اس مشق کا مقصد ہے۔
***** ***** *****
ریاستی مجلسِ وزرا نے ریاست کے مختلف مقدس مقامات اور زیارت گاہوں کی تعمیرنو اور ترقیاتی کاموںکیلئے پانچ ہزار پانچ سو تین کروڑ 69 لاکھ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کو منظوری دی ہے۔ ریاستی کابینہ کا ایک اجلاس کل اہلیانگر ضلع کے جامکھیڑ تعلقے کے چونڈی میں اہلیا دیوی ہولکر کی تین سو ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد ہوا۔ اس اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یہ جانکاری دی۔
ریاست میں خواتین کو بااختیار بنانے کے مقصد سے آدی شکتی مہم چلانے کا فیصلہ بھی کابینی اجلاس میں لیا گیا۔ اس مہم پر طریقے سے عمل درآمد کرنے والی گرام پنچایتوں کو آدی شکتی ایوارڈ دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔
***** ***** *****
اس موقعے پر وزیرِ اعلیٰ نےترقی یافتہ مہاراشٹر، ای گورننس سے متعلق اصلاحات، اور خدمات سے متعلق انتظامی اصلاحات جیسے تین پہلوؤں پر مبنی ڈیڑھ سو روزہ ایکشن پلان کا اعلان کیا‘ سو دنوں کے انتظامی اصلاحات اور پالیسی امور پر مبنی پروگرام کے د ور ان 706 موضوعات پر فیصلے لیکر ضروری تبدیلیاں کی گئی ہیں ‘ جبکہ 150 دنوں کےاصلاحاتی پروگرام کی تفصیلات وزیرِ اعلیٰ آج بتائیں گے۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے ریاستی حکومت کو آئندہ چار مہینوں میںمقامی خود مختار اداروں اور میونسپل کارپوریشنز کے انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔ اس سلسلے میں کل ہوئی ایک سماعت میں عدالت نے یہ انتخابات 2022 سے پہلے کے او بی سی ریزرویشن کے مطابق کرانے اور اندرونِ چار ہفتے انتخابی نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم بھی دیا۔
***** ***** *****
ساتویں کھیلو انڈیا کھیل مقا بلوں میں کل‘ پونے کے سدھیش گھوڑپڑے نے سائیکلنگ اسکریچ ریس زمرے میں مہاراشٹر کیلئے طلائی تمغہ جیتا، جبکہ لڑکیوں کے مقابلوں میں، جلگاؤں کی آکانکشا مہیترے نے ٹائم ٹرائل زمرے میں نقرئی اور اسکریچ ریس زمرے میں کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ اسی طرح ملّ کھامب میں ریاست کے لڑکوں کی ٹیم نے نقرئی تمغہ اپنے نام کیا۔ ان مقابلوں میں تین طلائی، تین نقرئی اور چھ کانسے کے تمغوں سمیت کل 12 تمغے جیت کر تمغوں کی فہرست میں مہاراشٹرتیسرے مقام پر ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست کے کئی حصوں میں کل بھی غیر موسمی بارش ہوئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے کنڑ، خلدآباد، سلوڑ اور سوئیگاؤں تعلقوں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بے موسمی بارش ہوئی۔ گنگاپور تعلقے کے موضع مانجری میں بھی بارش او ر ژالہ باری ہوئی۔
ناسک ضلعے کے نفاڑ، پیٹھ اور باگلان تعلقوں میں غیر موسمی بارش اور اولہ باری سے کاشتکاروں کا نقصان ہونے کی خبر ہے۔ کئی جگہوں پر پیاز کے کھیتوں کو نقصان پہنچا‘ جبکہ تیز ہواؤں کے باعث آم کی فصل بھی متاثر ہوئی ہے۔
***** ***** *****
دریں اثنا، ممبئی کے علاقائی موسمیاتی مرکز نے آئندہ چار دنوں تک مراٹھواڑہ کے کچھ مقامات پر بادلوں کی گھن گرج اور بجلیوں کی چمک و طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہلکی تا اوسط بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ اور بیڑ اضلاع میں آج کچھ مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
***** ***** *****
دریں اثنا، ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہ حرارت مالیگاؤں میں 41اعشاریہ آٹھ ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے پربھنی اور بیڑمیں اوسط درجہ حرارت 41 ڈگری سیلسیس، دھاراشیو میں 40 اعشاریہ چھ ڈگری سیلسیس اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں 38 اعشاریہ آٹھ ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔
***** ***** *****
پہلے عالمی آڈیو ویژول اور تفریحی سمٹ، ویوز میں اعزاز سے نوازے جانے پرآساوری بودھنکر جوشی کا‘ کل لاتور کے دیانند آرٹس کالج کی جانب سے استقبال کیا گیا۔ آساوری جوشی اس کالج کی سابق طالبہ ہے۔ انھوں نے قومی سطح کے ’’بھارت کی گونج‘‘ ریئلٹی شو میں شاندار کارکردگی کی بنا پر اسٹار آف دَ سیزن ایوارڈ جیتا ا ور یہ اعزاز حاصل کرنے والی ملک کی پہلی فنکارہ بن گئیں۔
***** ***** *****
بی جے پی لیڈر کرٹ سومیا نے بیڑ ضلعے کے مختلف مقامات پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے پندرہ ہزار پیدائشی سرٹیفکیٹس میں سے پچاس فیصد سرٹیفکیٹس فرضی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ وہ کل بیڑ میں پولس سپرنٹنڈنٹ نونیت کانوت سے ملاقات کے بعد میڈیا سے مخا طب تھے۔ سومیا نے جعلی سرٹیفکیٹ کے موضوع پر بیڑ ضلع انتظامیہ سے بھی بات چیت کی۔
***** ***** *****
لاتور میں کل‘ ضلعی ترقیاتی رابطہ و نگراں کمیٹی - یعنی دِشا کمیٹی کا ایک جائزاتی اجلاس رکن پارلیمان ڈاکٹر شیواجی کاڑگے کی سربراہی اور رکن پارلیمان اوم پرکاش راجےنمبالکر کی موجودگی میں منعقد ہوا۔ انہوں نے اس موقع پر مرکزی حکومت کے فنڈز سے ضلع میں چلائی جارہی اسکیموں کو موثر انداز میں مستحقین تک پہنچانے اور اس کے ذریعے شہریوں کو صحت، تعلیم، زراعت اور مواصلات سے متعلق معیاری بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا۔
***** ***** *****
جالنہ شہر کے گاندھی نگر علاقے میں کل صبح سگ گزیدگی سے متاثرہ ایک آٹھ سالہ بچی کی موت واقع ہوگئی۔ متوفی لڑکی کا نام سندھیا پربھوداس پاٹولے بتایا گیا ہے۔ جالنہ کے رکن اسمبلی ارجن کھوتکر نے اس واقعہ پر غم کا اظہار کرتے ہوئےمیونسپل کمشنر سے بات کی اور انہیں لاوارث کتوں کا فوری طور پر بندوبست کرنے کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کو پانی فراہم کرنے والے نئے جائیکواڑی پمپ ہاؤس میں تکنیکی خرابی آنے کے بعد بجلی کی فراہمی کل عارضی طور پر بند کر دی گئی‘ جس کے باعث تقریباً ساڑھے پانچ گھنٹے شہر میں آبرسانی متاثر رہی۔ اس کام کی وجہ سے شہر کا آبرسانی نظام کچھ وقت کیلئے تعطل کا شکار رہنے کی اطلاع جائیکواڑی کے پانی فراہمی شعبے کے ایگزیکٹیو انجینئر ڈی پی گائیکواڑ نے دی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ ڈویژن میں ضرورت مند معذوروں کے زیر التواء مطالبات کو حل کرنے کے لیے ڈویژنل کمشنر دلیپ گاوڑے آج شام 4 بجے ویبینار کے ذریعے معذوروں سے براہ راست بات چیت کریں گے۔ انتظامیہ نے ڈویژن کے ضرورت مند معذور افراد سے اس ویبینار میں شرکت کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ آپریشن سندور کے تحت بھارتی فوج کاپاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں نو انتہا پسند کیمپوں پر حملہ۔
٭ ملک بھر میں آج جنگی تیاری سے متعلق مشق، چھترپتی سمبھاجی نگر سمیت ریاست کے16 مقامات شامل۔
٭ ریاستی کابینہ نےپانچ ہزار 503 کروڑ روپے کے مندر ترقیاتی منصوبوں کو دی منظوری ، خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے آدی شکتی مہم چلانے کا فیصلہ۔
٭ آئندہ چار مہینوں میں مقامی خود مختار اداروں اور میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کرانے کا عد الت ِ عظمیٰ کا ریاستی حکومت کوحکم۔
٭ کھیلو انڈیا ٹورنامنٹ میں پونے کے سدھیش گھورپڑے نےسائیکلنگ میں جیتاطلائی تمغہ، 12 تمغوں کے ساتھ مہاراشٹرتیسرے مقام پر۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں آج غیر موسمی بارش کے ساتھ ژالہ باری ہونے کی پیش گوئی۔
***** ***** *****

No comments: