Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 18 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۱/ مئی ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۰:۹-۰۱:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مرکزی حکومت پاکستان کے زیرِ اہتمام دہشت گردی کے خلاف بھارت کا مؤقف پیش کرنے کیلئے ایک کثیر الجماعتی وفد مختلف ممالک میں بھیجے گی؛ وفد میں رکنِ پارلیمان شری کانت شندے اور سپریہ سُلے کا شمار۔
٭ ریاست میں صنعتوں کو تربیت یافتہ اور ہنرمند افرادی قوت فراہم کرنے کیلئے ریاست کے مختلف حصوں میں اسکل ڈیولپمنٹ مراکز قائم کیے جائیں گے: نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کا بیان۔
٭ آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ دوبارہ شروع؛ رائل چیلنجرس بنگلورو اور کولکاتہ نائٹ رائیڈرس کے مابین مقابلہ بارش کے باعث منسوخ۔
٭ بیڑ ضلعے میں ایک نوجوان کے ہجومی تشدد کے سلسلے میں سات افراد گرفتار۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے کئی مقامات پر بارش‘ بجلی گرنے سے تین افراد ہلاک۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
آپریشن سندورکے تناظر میں مرکزی حکومت پاکستان کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف بھارت کا مؤقف پیش کرنے کیلئے ایک کثیر الجہتی وفد مختلف ممالک میں بھیجے گی۔ اس مہینہ کے آخر میں سات آل پارٹی وفود اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان سمیت اہم شراکت دار ممالک کا دورہ کریں گے۔ بی جے پی کے روی شنکر پرساد اور بیجینت پانڈا‘ کانگریس کے ششی تھرور‘ جے ڈی یو کے سنجئے کمار جھا‘ ڈی ایم کے‘کی کنی موزی‘ راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار‘ پارٹی کی سپریہ سُلے اور شیوسینا کے شری کانت شندے یہ سات لیڈران اپنے اپنے وفد کی قیادت کریں گے۔
پارلیمانی اُمور کے وزیر کرین رِجیجو نے بتایا کہ کُل جماعتی وفد دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے زیرو ٹالرینس نقطہئ نظر کو دنیا کے سامنے پیش کرے گا۔ شری کانت شندے نے کہا کہ بھارت دہشت گردی سے لڑرہا ہے اور اس کی پالیسی زیرو ٹالرینس ہے۔ انھوں نے کہا:
BYTE: Shrikant Shinde
سپریہ سُلے نے انھیں اس وفد میں شامل کرنے کیلئے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ بھارت اتحاد‘ طاقت اور پوری لگن کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کرے گا۔
دریں اثناء‘ ناگپور میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا۔
***** ***** *****
بھارتی فوج کے آپریشن سندور کی خوشی میں ملک بھر میں ترنگا یاترا نکالی جارہی ہے۔ کل ہنگولی کے گاندھی چوک سے نکالی گئی ترنگا یاترا میں ریاستی وزیر میگھنا بورڈیکر، رکنِ اسمبلی تاناجی مٹکڑے، نے کئی عہدیداروں اور شہریوں کے ساتھ شرکت کی۔ کل گڑھ چرولی‘ سانگلی اور کولہاپور میں بھی ترنگا یاترا نکالی گئی۔ دھاراشیو ضلع کے تلجا پور میں بھی ایک ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی میں تلجاپور کے رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل‘ تلجاپور کے سابق میئر سچن روچکری‘ بی جے پی ضلع صدر دتا کلکرنی سمیت سماجی کارکنان اور سرکردہ شہریوں نے شرکت کی۔
شولاپور میں ڈاکٹر ہیڈگیوار بلڈبینک کے ڈائریکٹر مہندر کاؤرے نے اس ترنگا جلوس میں شرکت کی اور بھارتی فوج کو مبارکباد دی۔
دریں اثناء‘ چھترپتی سمبھاجی نگر میں آج ترنگا ریلی نکالے جانے کی اطلاع بی جے پی ضلع صدر شریش بوراڑکر نے دی۔
***** ***** *****
بھارتی خلائی ادارہ اِسرو نے آج زمین کا مشاہدہ کرنے والے سیٹیلائٹ ای او ایس زیرو لائن کو لانچ کیا۔ لیکن یہ لانچنگ ناکام ہونے کی اطلاع اِسرو کے چیئرمین وی نارائن نے دی۔ یہ اِسرو کا ایک سو ایک واں مشن تھا۔ سیٹیلائٹ کو آج صبح PSLV-C61 کے ذریعے آندھراپردیش کے شری ہری کوٹہ میں واقع ستیش دھون خلائی مرکز سے خلاء میں چھوڑا گیا۔ نارائن نے بتایا کہ خلائی جہاز کی کارکردگی دوسرے مرحلے تک نارمل تھی۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اِسرو اس مشن کا تجزیہ کرے گا۔
***** ***** *****
ریزرو بینک آف انڈیا جلد ہی 20 روپئے کے نئے کرنسی نوٹ متعارف کرائے گا۔ بینک نے کل جاری کیے گئے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ ان نوٹوں پر گورنر سنجئے ملہوترا کے دستخط ہوں گے۔ بینک نے واضح کیا ہے کہ مہاتما گاندھی سیریز کے یہ نوٹ پچھلے نوٹوں سے ملتے جلتے ہیں اور پچھلے نوٹ بھی چلن میں رہیں گے اور ان کے استعمال پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست کی صنعتوں کو تربیت یافتہ اور ہنرمند افراد فراہم کرنے کیلئے مختلف حصوں میں اسکل ڈیولپمنٹ مراکز قائم کیے جانے کی اطلاع نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے دی ہے۔ پونے میونسپل کارپوریشن اور ٹاٹا گروپ کی شراکت سے پونے کے باہر تعمیر کیے جانے والے اسکل ڈیولپمنٹ مرکز کے سنگ ِ بنیاد پروگرام سے وہ مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ ٹاٹا گروپ کی مدد سے ریاست کے چندرپور‘ گڑچرولی میں اسکل ڈیولپمنٹ مراکز قائم کیے جارہے ہیں۔ اسی طرح کلیان‘ ڈومبیولی‘ رتناگری‘ پونے، شرڈی‘ بیڑ، ناندیڑ، چھترپتی سمبھاجی نگر ان مقامات پر بھی کام جاری ہے۔ مقامی انتظامیہ کی مدد سے انھیں تمام طرح کی مدد دی جائے گی۔
***** ***** *****
ایک ہفتہ کے وقفے کے بعد کل دوبارہ آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا‘ جبکہ رائل چیلنجرس بنگلورو اور کولکاتہ نائٹ رائیڈرس کا بنگلورو میں مقررہ مقابلہ کل بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا۔ آج اس ٹورنامنٹ کا دوپہر ساڑھے تین بجے راجستھان رایلس بمقابلہ پنجاب کنگز مقابلہ جئے پور میں، جبکہ شام ساڑھے سات بجے دلّی کیپٹلس بنام گجرات ٹائٹنس مقابلہ دلی میں ہوگا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے پرلی تعلقے کے جلال پور میں معمولی جھگڑوں کی وجہ سے ایک نوجوان ہجومی تشدد کا شکار ہوگیا۔ اس معاملے میں مشتبہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ کل پولس نے مشتبہ افراد کی تلاش کرکے سات افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولس سپرنٹنڈنٹ نونیت کانوت نے اپیل کی ہے کہ اس حادثے کے بعد کسی بھی طرح کی افواہ نہ پھیلائیں۔
دریں اثناء‘ اس واقعے کی مذمت میں کل پیر کو شہریان کی جانب سے پرلی بند کا اعلان کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مہاوِترن نے ریاست کے تین کروڑ گاہوں کیلئے تمام خدمات آن لائن فراہم کی ہے۔ اب مصنوعی ذہانت کے استعمال سے بجلی گاہکوں کی مدد کیلئے اُورجا چیٹ بیٹ مہاوِترن کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ پر دستیاب کی گئی ہے۔ انگریزی اور مراٹھی زبان کے چیٹ بیٹ کے ذریعے مہاوِترن کی مختلف خدمات سے مختلف سوالات کیے جاسکتے ہیں۔ اسی طرح نئے کنکشن‘ بجلی بل بھرنے جیسی دیگر معلومات بھی اس میں موجو ہوگی۔
***** ***** *****
سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے عالمی سطح پر بھارت کی ترقی کے بڑھتے ہوئے قد کو اُجاگر کیا‘ جس کی نشاندہی مضبوط اقتصادی ترقی‘ بنیادی ڈھانچے کی تیز رفتار ترقی اور بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط بنانے سے ہوتی ہے۔ برازیل کے Sao Paulo میں بھارتی برادری کے اراکین سے بات چیت کے دوران گڈکری نے کہا کہ بھارت میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور اختراع کے مواقع ہیں‘ جن میں خاص طور پر حیاتیاتی ایندھن‘ گرین ہائیڈروجن‘ صاف ستھری توانائی اور فلیکس ایندھن کی نقل و حرکت کے شعبے شامل ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی منگل مورتی اربن کوآپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی میں 65 لاکھ روپئے کی مالی بدعنوانی کا انکشاف ہوا ہے۔ شکایت کنندہ شنکر پنڈت دُسانے کی شکایت پر ملزمان کے خلاف سڈکو پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔ شکایت گذار کے مطابق وشال رام سنگھ پردیشی اور رتناکر سدھاکر راؤ جوشی نے جعلی دستخط کرکے 50 لاکھ روپے کی معیادی رقم جمع کر کے مالی دھوکہ دہی کی۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے کے نلنگا تعلقے میں کل لاتور-ہُمنا آباد شاہراہ پر ہلگرا سے قریب ایک موٹر سائیکل اور جیپ کے تصادم میں تین افراد کی موت ہو گئی۔ جیپ کی تیز رفتاری اور لاپرواہی کے سبب موٹر سائیکل سوار بزرگ جوڑا اور ان کے نوجوان بیٹے کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے کئی مقامات پر کل زوردار غیر موسمی بارش ہوئی۔ اس دوران آسمانی بجلی گرنے سے تین افراد کی موت ہوگئی۔
ہنگولی ضلع کے سین گاؤں تعلقہ کے پارڈی پوہکر شیوار میں کل دوپہر آسمانی بجلی گرنے سے ایک خاتون کی موت ہوگئی۔ اسی طرح گُوگُڑ پمپری علاقے میں بھی سات بکریاں بجلی کی زد میں آکر فوت ہوگئیں۔ کل ضلعے کے بیشتر مقامات پر غیر موسمی بارش ہوئی۔
پربھنی ضلعے کے جنتور تعلقے کے روہِل پمپری علاقے میں بجلی گرنے سے کھیت میں کام کرنے والے ایک نوجوان کی بھی موت ہو گئی۔
ناندیڑ ضلع کے حمایت نگر علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ضعیف العمر شخص کی موقعے پر ہی موت ہو گئی۔
جالنہ شہر سمیت ضلعے میں کل ہلکی بارش ہوئی۔ جبکہ ناندیڑ ضلعے میں آئندہ 21 مئی تک بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، پونے محکمہئ موسمیات نے آئندہ ہفتے ریاست میں مختلف مقامات پر ہواؤں اور گھن گرج کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
بھارتیہ بدھ مہاسبھا کی دھاراشیو شاخ کی جانب سے آج شہر کے چھترپتی شیواجی مہاراج ناٹیہ گرہ میں ایک عظیم الشان بدھ کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس کانفرنس میں بھارتیہ بدھ مہاسبھا کے قومی صدر اور سمتا سینک دَل کے قومی صدر ڈاکٹر بھیم راؤ یشونت راؤ امبیڈکر حاضرین کی رہنمائی کریں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مرکزی حکومت پاکستان کے زیرِ اہتمام دہشت گردی کے خلاف بھارت کا مؤقف پیش کرنے کیلئے ایک کثیر الجماعتی وفد مختلف ممالک میں بھیجے گی؛ وفد میں رکنِ پارلیمان شری کانت شندے اور سپریہ سُلے کا شمار۔
٭ ریاست میں صنعتوں کو تربیت یافتہ اور ہنرمند افرادی قوت فراہم کرنے کیلئے ریاست کے مختلف حصوں میں اسکل ڈیولپمنٹ مراکز قائم کیے جائیں گے: نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کا بیان۔
٭ آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ دوبارہ شروع؛ رائل چیلنجرس بنگلورو اور کولکاتہ نائٹ رائیڈرس کے مابین مقابلہ بارش کے باعث منسوخ۔
٭ بیڑ ضلعے میں ایک نوجوان کے ہجومی تشدد کے سلسلے میں سات افراد گرفتار۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے کئی مقامات پر بارش‘ بجلی گرنے سے تین افراد ہلاک۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment