Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 19 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ زرعی ترقی کیلئے ”ایک ملک‘ ایک زراعت‘ ایک تنظیم“ پالیسی کا مرکزی وزیرِ زراعت کی جانب سے اعلان۔
٭ آپریشن سندور کے سلسلے میں مختلف مقامات پر ترنگا یاتراؤں کا انعقاد۔
٭ نومنتخب پوپ لِیو 14th کی حلف برداری۔
٭ اَکل کوٹ میں کپڑے کی فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث آٹھ افراد ہلاک۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں 25 مئی تک شدید بارش کی پیشگوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ملک بھر میں زرعی ترقی کیلئے ”ایک ملک‘ ایک زراعت‘ ایک تنظیم“ پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے۔ ناگپورمیں کل مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے ”ترقی یافتہ زراعت عزم مہم“ کے سلسلے میں کسانوں سے گفت و شنید کی۔ اس موقع پر انھوں نے یہ اعلان کیا۔
Byte: Shivraj Singh Chavhan
اس مہم کے تحت ملک بھر کے دو ہزار زرعی سائنسداں تحقیق کریں گے اور راست طور پر کھیتوں تک پہنچ کر کاشتکاروں کی رہنمائی کریں گے۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ یہ مہم خریف کی فصلوں کیلئے 29مئی تا 12 جون کے درمیان جاری رہے گی۔ ”ایک ملک‘ ایک زراعت‘ ایک تنظیم“ اس تین نکاتی فارمولے کے سبب اب زرعی تحقیق صرف تجربہ گاہوں میں ہی نہیں بلکہ کسانوں کے کھیتوں پر ہوگی اور اس کا فائدہ ودربھ اور مراٹھواڑہ کو بڑے پیمانے پر ہوگا۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس موقع پر کہا کہ ”ایک ملک‘ ایک زراعت‘ ایک تنظیم“مہم کے باعث ملک کے زرعی شعبے کو نئی جہت ملے گی۔ اور اب پورے ملک کی زرعی تحقیق کا محکمہ کھیتوں تک پہنچے گا۔
اسی تقریب میں نیشنل سوائل اسپیکٹرل لائبریری اور اے آئی اسمارٹ فیرو سے ٹریپ کا افتتاح بھی عمل میں آیا۔ اس خصوص میں وزیرِ اعلیٰ نے تفصیلات سے آگاہ بھی کیا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر برائے بندرگاہ و جہاز رانی سروانند سونووال نے کہا ہے کہ جہاز رانی صنعت میں خواتین کو زیادہ مواقع فراہم کرنے سے نہ صرف خواتین کو بااختیار بنانے کا مقصد حاصل ہوگا بلکہ اس شعبے میں اختراع اور استحکام کو بھی فروغ ملے گا۔ وہ کل ممبئی میں جہاز رانی کے شعبے میں بین الاقوامی یومِ خواتین کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ ”جہاز رانی صنعت میں خواتین کا مقام- تبدیلی اور پائیداری کی طرف سفر“ اس عنوان سے منعقدہ اس پروگرام میں ممتاز صنعت کار‘ اعلیٰ افسران‘ تعلیمی اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے بھی شریک تھے۔
***** ***** *****
آپریشن سندورکے حوالے سے ریاست میں کل بھی مختلف مقامات پر ترنگا یاترائیں نکالی گئیں۔ ناگپور ضلع کے ساؤنیر میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں ترنگا یاترا نکالی گئی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ خود کفیل بھارت اور میک اِن انڈیا کے تحت تیار کیے گئے ہتھیاروں کے ذریعے پاکستان کے خلاف جنگ میں بھارت نے کامیابی حاصل کی اور اب ان ہتھیاروں کی عالمی سطح پر مانگ بڑھ رہی ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں بھی کل ترنگا یاترا نکالی گئی۔ اس یاترا کا آغاز کرانتی چوک سے ہوا۔ پھلمبری میں بھی کل صبح نکالی گئی ترنگا یاترا میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
جالنہ میں سابق مرکزی وزیر راؤ صاحب دانوے‘ رکنِ اسمبلی ارجن کھوتکر، نارائن کوچے اور سنتوش دانوے نے بھی ترنگا یاترامیں شرکت کی۔ ماما چوک سے شروع ہونے والی یہ یاترا بیڑ روڈ پر واقع رام مندر میں مہاآرتی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
ناندیڑ ضلع کے بلولی میں رکنِ پارلیمان اجیت گوپ چھڑے کی زیرِ قیادت نکالی گئی ریلی میں عوامی نمائندے‘ سابق فوجیوں سمیت شہری بڑی تعداد میں موجود تھے۔اس ریلی میں مختلف نعروں سے سارا علاقہ گونج اٹھا تھا۔
آج ناندیڑ شہر میں رابطہ وزیر اتل ساوے‘ رکنِ پارلیمنٹ اشوک چوہان اور دیگر رہنماؤں کی موجودگی میں ترنگا ریلی نکالی جائیگی۔
لاتور میں بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے زبردست ترنگا یاترا نکالی گئی۔ گنج گولائی کے جگدمبا ماتا مندر سے اس یاترا کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر سابق فوجیوں نے اپنے یونیفارم زیب تن کرکے شرکت کی۔ یاترا کا اختتام راشٹرگیت سے ہوا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے پرنسپل ڈاکٹر اُلہاس شیورکر نے کہا ہے کہ آپریشن سندور کے ذریعے دفاعی شعبے میں ٹکنالوجی کی مدد سے اپنی مستعدی بھارت نے دنیا بھر کو دکھا دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے کسی بھی جانی نقصان کے بغیر پاکستان کو سبق سکھایا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ویٹیکن سٹی کے سینٹ پیٹر اسکوائر پر کل نئے پوپ لیو 14- کی حلف برداری تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر کارڈینل ڈومینک مامبرٹی نے پوپ لیو 14- کو روایات کے مطابق پیلیم سپرد کیا اور انھیں کلیسا کا سربراہ مقرر کیے جانے کی تمام روایتی رسمیں ادا کیں۔
***** ***** *****
شولاپور ضلع کے اکل کوٹ میں کل ایک کپڑے کے کارخانے میں آتشزدگی کے باعث آٹھ افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ اکل کوٹ روڈ پر صنعتی علاقے میں یہ کارخانہ واقع تھا۔ دستہئ آتش فرو نے کل شام اس آگ پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی۔ اس آگ میں کارخانے کے مالک اور ان کے افرادِ خاندان اور مزدوروں سمیت کُل آٹھ افراد کی موت واقع ہوگئی۔ ابتدائی اطلاعات سے پتہ چلا ہے کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ سے لگی۔ تین افراد کو باہر نکالنے میں کامیابی ہوئی۔ ان تینوں کو اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اس حادثے پر شدید غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعظم امدادی فنڈ سے مہلوکین کے افرادِ خانہ کو دو لاکھ اور زخمیوں کو فی کس 50 ہزار روپئے دینے کااعلان کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
پربھنی میں وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی کے 53 ویں یومِ تاسیس کے حوالے سے توسیعی تعلیم ڈائریکٹوریٹ اور زرعی شعبے کی جانب سے موسمِ خریف سیمینار اور زرعی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔رابطہ وزیر میگھنا ساکورے بورڈیکر کے ہاتھوں اس نمائش کا افتتاح عمل میں آیا۔ انھوں نے کہا کہ پربھنی کو فوڈ پروسیسنگ صنعتی مرکز بنایا جائے گا اور اس کیلئے خام مال مقامی کسانوں سے ہی حاصل کیا جائے گا۔
***** ***** *****
بھارتی بودھ مہاسبھا کا اجلاس کل دھارا شیو میں منعقد کیا گیا۔ بہار کے بودھ گیا میں واقع مہابودھی وہار کو بدھ مذہب کے کنٹرول میں دئیے جانے کا مطالبہ تنظیم کے کارگذار صدر اور سمتا سینک دَل کے صدر بھیم راؤ یشونت امبیڈکر نے کیا۔ اس موقع پر دھاراشیو شہر میں ایک بڑی ریلی بھی نکالی گئی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل بھی مختلف مقامات پر غیر موسمی بارش ہوئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل دوپہر بجلی کی چمک اور گھن گرج کے ساتھ بارش ہوئی۔ شہر کے شیواجی نگر زیرِ زمین ٹنل میں بارش کا پانی بھرجانے سے اس راستے پر ٹریفک متاثر ہوا۔ سلوڑ تعلقے کے بھون علاقے میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔
جالنہ شہر اور ضلع کے بیشتر مقامات پر کل غیر موسمی بارش ریکارڈ کی گئی۔ بھوکردن تعلقے کے کیدار کھیڑا میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک 18 سالہ نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔ اس کے علاوہ بدنا پور میں بھی چند ایک مویشیوں کی ہلاکت کی خبر ہے۔ اس غیر موسمی بارش کے باعث مکّا‘ باجرہ‘ پیاز کے بیج اور دیگر فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
پربھنی ضلع میں کل مسلسل تیسرے دِن گرج اور چمک کے ساتھ زوردار بارش ہوئی۔ جس سے آم اور دیگر باغاتی فصلیں متاثر ہوئیں۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ کرناٹک کی سرحد سے قریب کم دباؤ کا حصار تیار ہونے سے آج سے 25 مئی تک زوردار بارش کے خدشے کا اظہار ممبئی علاقائی دفترِ موسمیات نے کیا ہے۔ جس کے سبب کوکن‘ وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ میں 21 تاریخ تک آندھی کے ساتھ بارش ہونے کا امکان کا اظہار کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے نلنگہ تعلقے کے ہلگرا میں موٹر سائیکل اور کروزر جیپ کے بھیانک تصادم میں ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک ہوگئے۔ مہلوکین میں نلنگا شہر کا ساکن کاشی ناتھ کامبڑے‘ اس کی اہلیہ اور بیٹا شامل ہے۔ اس سلسلے میں جیپ ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ زرعی ترقی کیلئے ”ایک ملک‘ ایک زراعت‘ ایک تنظیم“ پالیسی کا مرکزی وزیرِ زراعت کی جانب سے اعلان۔
٭ آپریشن سندور کے سلسلے میں مختلف مقامات پر ترنگا یاتراؤں کا انعقاد۔
٭ نومنتخب پوپ لِیو 14th کی حلف برداری۔
٭ اَکل کوٹ میں کپڑے کی فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث آٹھ افراد ہلاک۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں 25 مئی تک شدید بارش کی پیشگوئی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment