Friday, 23 May 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 23 مئی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 23 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۲/ مئی ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۰:۹-۰۱:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست کے 15 ریلوے اسٹیشنوں سمیت103 نئے تیار کردہ امرت بھارت ریلوے اسٹیشنوں کا وزیرِ اعظم کے ہاتھوں افتتاح؛ آپریشن سندور کے ذریعے پاکستان کو بھارت کا منہ توڑ جواب: وزیرِ اعظم کا دعویٰ۔
٭ آپریشن سندور سے متعلق بھارت کا مؤقف پیش کرنے والے وفود نے متحدہ عرب امارات اور جاپان کے وزراء کے ساتھ کی بات چیت۔
٭ غیر موسمی بارش کی وجہ سے فصلوں کے نقصان کا فوری طور پر پنچنامہ کرنے کے وزیر مکرند جادھو کے احکامات۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے بیشتر حصوں میں اگلے دو دِنوں تک موسلادھار بارش کا امکان؛ لاتور ضلع میں ندی کے کنارے آباد گاؤں کو خبردار رہنے کا حکم۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کل 18 ریاستوں میں 103 نئے تعمیر شدہ امرت بھارت ریلوے اسٹیشنوں کا افتتاح کیا۔ راجستھان کے بیکانیر میں منعقدہ اس تقریب میں 26 ہزار کروڑ روپئے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح‘ سنگ ِ بنیاد اور قوم کے نام وقف کرنے کے ساتھ ساتھ بیکانیر اور ممبئی کے درمیان ایک نئی ریلوے کا آغاز بھی کیا۔ وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی تیز رفتار ترقی اور جدیدیت کی طرف اسٹیشنوں کی تبدیلی ترقی اور ورثہ اس منتر کی بہترین مثال ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت امرت بھارت اسکیم کے تحت ملک کے تیرہ سو ریلوے اسٹیشنوں کو بیک وقت جدید بنارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک نے گذشتہ گیارہ سالوں میں بہترین بنیادی ڈھانچہ تیار کیا ہے۔ ایک ترقی یافتہ بھارت بنانے کیلئے ملک بھر میں جدید بنیادی ڈھانچے پر بڑے پیمانے پر کام جاری ہے۔ انھوں نے کہا:
BYTE: PM NARENDRA MODI
آپریشن سندور کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ بھارت نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مار کر پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی تینوں دفاعی افواج کی حکمت عملی کی وجہ سے ہار ماننی پڑی۔ انھوں نے کہا:
BYTE: PM NARENDRA MODI
***** ***** *****
امرت بھارت ریلوے اسٹیشن اسکیم کے تحت مہاراشٹر کے 15 اسٹیشنوں کو دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے۔ ان میں آم گاؤں‘ چاندا فورٹ‘ چنچ پوکھلی‘ دیولالی، دھولیہ، کیڑ گاؤں‘ لاسل گاؤں‘ لونند جنکشن، ماٹنگا، مرتضیٰ پور، اتواری جنکشن، پریل، ساؤدا‘ شہاگڑھ اور وڈالہ شامل ہیں۔ اس موقع پر ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا:
BYTE: ASHVINI VAISHNAV
گورنر سی پی رادھا کرشنن اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ممبئی کے پریل اسٹیشن سے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس کی عمارت جو کہ یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثہ ہے اور ممبئی شہر کی شان ہے‘ امرت بھارت مقامی اسکیم کے ذریعے دوبارہ تیار کی جائیگی۔ اس کیلئے دو ہزار آٹھ سو کروڑ روپئے کی امداد دستیاب کروائی جائے گی۔ ایئرپورٹ علاقے میں مہیا سہولیات‘ امرت بھارت ریلوے اسیشن کے ذریعے اب عام افراد کیلئے بھی ہوگی۔ جلگاؤں سے مرکزی وزیر رکھشا کھڑسے، سابق رکنِ پارلیمان ڈاکٹر سبھاش بھامرے اس پروگرام میں شریک تھے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
دہشت گردی کے خلاف بھارت کے مؤقف کو پیش کرنے کیلئے آپریشن سندور کے تحت سات مختلف پارٹیوں کے وفود آئندہ 15 دنوں میں 32 مختلف ملکوں کا دورہ کریں گے۔ رکنِ پارلیمان شریکانت شندے کی سربراہی میں وفد نے کل متحدہ عرب اماارت میں وہاں کے مصالحتی محکمہ کے وزیر شیخ نہیان مبارک النہیان کے ساتھ بات چیت کی۔ آپریشن سندور کے حصے کے طور پر اس طرح کی کارروائی انجام دینے والا یو اے ای پہلا ملک ہے۔ رکنِ اسمبلی سنجئے کمار جھا کی سربراہی میں وفد کل جاپان پہنچا۔ جاپان کے وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بھارت کی لڑائی میں جاپان کی بھارت کو حمایت ہے۔ ڈی ایم کے کی رکنِ پارلیمان کنی موزی کرونا ندھی میں تیسرا وفد اسپین‘ گریس، سلوانیا، لاٹ ویا اور روس کے دورے پر روانہ ہوا۔
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کے ہاتھوں راشٹرپتی بھون میں کل پہلے مرحلے کے بہادری ایوارڈ تفویض کیے گئے۔ اس مرحلے میں تقریباً 33 بہادری تمغے اور چھ کیرتی چکر دئیے گئے۔ ان میں سات شوریہ چکر اور چار کیرتی چکر کے بعد از مرگ دئیے گئے۔
نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ سمیت کئی معززین اس موقع پر موجود تھے۔
***** ***** *****
ریاست میں گذشتہ کچھ دنوں سے جاری غیر موسمی بارش کی وجہ سے ہوئے فصلوں کے نقصان کے فوری پنچنامے کرنے کی ہدایت امداد و باز آبادکاری وزیر مکرند جادھو نے دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پنچنامے کرنے کیلئے محصول اور زرعی محکمے کے دستے تشکیل دے کر اس کام کو جلد مکمل کریں۔
***** ***** *****
ریاست میں تور کے کسانوں اور عوامی نمائندوں کے مطالبے پر غور کرتے ہوئے مرکزی وزارتِ زراعت نے تور کی خریدی کی آخری تاریخ 28مئی تک بڑھا دی ہے۔ مارکیٹنگ کے وزیر جئے کمار راول نے کہا کہ اس سے ریاست کے تور کے کسانوں کو بڑی راحت ملی ہے۔ ریاست کے ایک لاکھ 37 ہزار 458 کسانوں نے تور کی خریداری کیلئے آن لائن اندراج کروایا ہے۔ جن میں سے 13 مئی تک 69 ہزار 189 کسانوں سے ایک لاکھ دو ہزار 951 میٹرک ٹن تور خریدی کی جاچکی ہے۔
***** ***** *****
کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال بی جے پی اتحاد کے دورِ حکومت میں ریاست میں جرائم ایک نئی بلندی پر پہنچ چکے ہیں اور زیادہ سے زیادہ تر واقعات کے ملزمین حکمراں جماعت سے وابستہ ہیں۔ وہ کل ممبئی میں صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ بیڑ کے مسا جوگ کا واقعہ، پونے پورشے کار حادثہ، ویشنوی ہگونے کی جہیز بھینٹ ان معاملات کے ملزمین راشٹروادی کانگریس سے جڑے ہوئے ہیں اس پورے معاملات میں ریاستی خواتین کمیشن کی لاپرواہی ظاہر ہوتی ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے کے مانجرا، تیرنا اور تاوَرجا ندیوں کے کیچمنٹ علاقوں میں فی الحال بارش کا زور بڑھ رہا ہے، اس کے پیشِ نظر ان ندیوں اور کولہاپوری ڈیموں میں آنے والے اضافی پانی کو ندیوں میں خارج کرنا پڑرہا ہے۔ اس لیے ندیوں کے کنارے آباد کسانوں اور شہریوں کو خبردار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دریں اثناء، محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں کوکن، وسطی مہاراشٹرا اور مراٹھواڑہ میں زوردار طوفانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ رائے گڑھ اور رتناگری اضلاع میں آج بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
آپریشن سندور میں حاصل ہوئی کامیابی پر دھاراشیو شہر میں شیوسینا کی طرف سے ترنگا یاترا نکالی گئی۔ جیجاؤ چوک سے چھترپتی شیواجی مہاراج چوک تک نکالی گئی اس ریلی میں اسکولی طلباء نے بھارتی فوجیوں کے ملبوسات زیب تن کرکے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست کے 15 ریلوے اسٹیشنوں سمیت نئے تیار کردہ 103 امرت بھارت ریلوے اسٹیشنوں کا وزیرِ اعظم کے ہاتھوں افتتاح؛ آپریشن سندور کے ذریعے پاکستان کو بھارت کا منہ توڑ جواب: وزیرِ اعظم کا دعویٰ۔
٭ آپریشن سندور سے متعقل بھارت کا مؤقف پیش کرنے والے وفود نے متحدہ عرب امارات اور جاپان کے وزراء کے ساتھ کی بات چیت۔
٭ غیر موسمی بارش کی وجہ سے فصلوں کے نقصان کا فوری طور پر پنچنامہ کرنے کے وزیر مکرند جادھو کے احکامات۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے بیشتر حصوں میں اگلے دو دِنوں تک موسلادھار بارش کا امکان؛ لاتور ضلع میں ندی کے کنارے آباد گاؤں کو خبردار رہنے کا حکم۔
***** ***** *****

No comments: