Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 24 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۲/ مئی ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست میں مثالی پولس انتظامیہ کے قیام کیلئے آبادی کے تناسب سے پولس اہلکاروں کی تعداد کا تعین ہوگا: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا اعلان؛ غیر موسمی بارش کے باعث ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگاکر معاوضہ ادا کرنے کا تیقن۔
٭ ممبئی- پونا ایکسپریس وے‘ سمردّھی ایکسپریس وے اور شیوڑی-نھاواشیوا اَٹل سیتو پر مسافر بردار الیکٹرک گاڑیوں کو مکمل ٹیکس معافی دینے کا حکومت کا فیصلہ۔
٭ ریاست میں کھیتوں میں واقع روایتی تنگ زرعی راستوں کو تقریباً 12 فٹ چوڑے کرنے کا فیصلہ۔
٭ 100 روزہ دفتری اصلاحات پروگرام کے تحت محصول شعبے کے نتائج ظاہر؛ چھترپتی سمبھاجی نگر کے چار دفاتر کو ایوارڈ۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں غیر موسمی بارشوں کا سلسلہ جاری؛ ناندیڑ اور لاتور اضلاع کیلئے آج آرینج الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاستی پولس انتظامیہ کو مثالی بنانے کیلئے آبادی کے تناسب سے پولس اہلکاروں کی تعداد کا تقرر کیا جائے گا اور اس کیلئے محکمہئ داخلہ کے ذریعے نئے 40 ہزار پولس اہلکاروں کو بھرتی کیا جائے گا۔ سانگلی ضلع پولس فورس کی جانب سے تعمیر کردہ تین عمارتوں کے افتتاح اور رہائشی عمارتوں کے سنگ ِ بنیاد کی تقریب سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی پولس بھرتی کو اوّلیت دی جائے گی۔ پولس ہاؤزنگ کارپوریشن کی جانب سے ریاست کے پولس دفاتر اور پولس اہلکاروں کے رہائشی مکانات کیلئے فنڈ مہیا کیا گیا ہے اور گذشتہ 10 برسوں سے پولس والوں کیلئے مکانات کا کام جاری ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ کل کولہاپور ضلع کے اِچل کرنجی میں 713کروڑ روپئے سے زیادہ کے مختلف کاموں کا افتتاح اور شاہاپور پولس تھانے کے سنگ ِ بنیاد کی نقاب کشائی وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ قبل ازیں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے تیقن دیا کہ ریاست میں غیر موسمی بارش کے باعث ہونے والے نقصانات کے پنچنامے کرکے متاثرین کو معاوضہ ادا کیاجائے گا۔ پونا میں ویشنوی ہگونے معاملے میں پولس کی جانب سے مناسب کارروائی کا بھی تیقن انھوں نے دیا۔
***** ***** *****
ممبئی-پونا ایکسپریس وے‘ سمردّھی ایکسپریس وے اور شیوڑی-نھاوا شیوا اَٹل سیتو پر مسافر بردار الیکٹرک گاڑیوں کو مکمل ٹول معافی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق ریاستی حکومت کی پالیسی کا گذشتہ ماہ اعلان کیا گیا۔ جس کا سرکاری اعلامیہ کل جاری کیا گیا۔ اس اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ریاست کے تعمیرات ِ عامہ محکمے کے زیرِ انصرام بقیہ ریاستی شاہراہوں پر ٹول معافی سے متعلق فیصلہ چیف سیکریٹری کی زیرِ صدارت کمیٹی کریگی۔ اس پالیسی کا مقصد الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری و استعمال کو فروغ دیکر ماحولیاتی پائیداری بڑھانا ہے۔ اس کے ساتھ ہی الیکٹرک گاڑیوں کی خرید پر سبسیڈی دینے کا فیصلہ بھی حکومت نے کیا ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کھیتوں کی حدود پر موجود روایتی تنگ زرعی راستوں کو اب تین تا چارمیٹر یعنی تقریباً 12 فٹ چوڑا کرنے کا فیصلہ محکمہ محصول نے کیا ہے۔ وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کُڑے نے بتایا کہ اس سلسلے میں سرکاری اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ ان راستوں پر ناجائز قبضہ جات نہ ہوں اور مستقبل میں زمینوں کی خرید و فروخت کے وقت تنازعات پیدا نہ ہوں، اس لیے ان زرعی راستوں کا اندراج زمین کے 7/12 میں کیا جائے گا۔
***** ***** *****
گڈچرولی ضلع کے بھامرا گڑھ تعلقے اور چھتیس گڑھ کی سرحد سے ملحق جنگلات میں پولس کے ساتھ مقابلہ آرائی میں چار نکسلائٹس ہلاک ہوگئے۔ ان میں بھامرا گڑھ دَلم کا کمانڈر سنّو پنگاٹی بھی شامل ہے۔ پولس سپرنٹنڈنٹ نیلوتپل نے ایک اخباری کانفرنس میں بتایا کہ ہلاک کیے جانے والے نکسلائٹس میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ اس موقع پر پولس نے ایک خودکار رائفل، ایک 303 رائفل، واکی ٹاکی اور دیگر اشیاء ضبط کیں۔ نیلوتپل نے بتایا کہ گذشتہ چار برسوں میں پولس نے 87 نکسلائٹس کو مار گرایا ہے، جبکہ 124 کو گرفتار کیا گیا‘ اس کے علاوہ 63 نکسلائٹس نے خودسپردگی بھی کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
100 دنوں کے دفتری اصلاحات پروگرام کے سلسلے میں محکمہئ محصول کے 40 محکمہ جاتی سطح کے دفاتر اور تمام اضلاع کے 42 ضلعی دفاتر کی مسابقت کے نتائج کا کل وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اعلان کیا۔ اس میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے انفارمیشن ڈپٹی ڈائریکٹر دفتر اور علاقائی دودھ کاروباری ترقیات دفتر نے پہلا مقام حاصل کیا‘ جبکہ محکمہ جنگلات اور سوشل فاریسٹری کے شعبے میں چھترپتی سمبھاجی نگر نے دوسرامقام حاصل کیا۔ اس کے علاوہ ایڈیشنل اسٹیٹ ٹیکس کمشنر، ریاستی جی ایس ٹی دفتر اور ڈویژنل ایجوکیشن ڈپٹی ڈائریکٹر دفتر درجہ بندی میں چھترپتی سمبھاجی نگر نے دوسرا مقام حاصل کیا۔ علاقائی ٹرانسپورٹ آفس کے زمرے میں لاتور نے دوسرا مقام حاصل کیا۔
***** ***** *****
آپریشن سندورکی حمایت میں کل دھاراشیو شہر میں ترنگا یاترا نکالی گئی۔ شہری‘ خواتین‘ طلبہ اور سابق فوجیوں نے اس ریلی میں بڑی تعداد میں حصہ لیا۔ کاڑا ماروتی چوک سے ماروتی کی آرتی کے ساتھ اس ریلی کا آغاز کیا گیا۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے بعد شیواجی مہاراج چوک میں راشٹرگیت کے ساتھ یہ ریلی اختتام پذیر ہوئی۔ اس ریلی سے بی جے پی کے ضلع صدر نے خطاب کیا۔
پربھنی کے وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی میں بھی کل افسران و ملازمین نے ترنگا ریلی نکالی۔
***** ***** *****
انا صاحب پاٹل اقتصادی ترقیاتی کارپوریشن کی جانب سے دھاراشیو ضلع کے چھ ہزار 60 مستفیدین میں 499 کروڑ روپئے کا قرض تقسیم کیا گیا ہے۔ پانچ ہزار 359 افراد کو کارپوریشن کی جانب سے 52 کروڑ روپئے سود کی رقم لوٹا دی گئی ہے۔ کارپوریشن کے چیئرمین نریندر پاٹل نے کل دھاراشیو میں ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کہا کہ مراٹھواڑہ میں کارپوریشن کا کام بڑھانے کیلئے بیڑ میں ذیلی مرکز شروع کیا جائے گا۔
***** ***** *****
جالنہ شہر کے عنبڑ چوک میں زیرِ تعمیر پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کی یادگار کا پارچہ بافی کے وزیر سنجئے ساؤکارے نے کل معائنہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ اس یادگار کی تعمیر سے جالنہ شہر سیاحتی اور ثقافتی مرکز کی حیثیت سے شناخت حاصل کرسکے گا اور اس کیلئے حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ معاونت کی جائیگی۔
***** ***** *****
ریاست بھر میں غیر موسمی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں رات بھر رِم جھم برسات ہوئی، جو صبح بھی جاری رہی۔ ناندیڑ ضلع میں کل دوپہر اوسط بارش کی اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی ہے۔ جالنہ شہر وضلع میں بیشتر مقامات پر درمیانی شب سے بارش جاری ہے۔ ہنگولی ضلع میں بھی کل شام سے کئی مقامات پر زوردار بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی دوران آئندہ دو دنوں میں کیرالا میں مانسون کی آمد کیلئے ماحول مکمل طور پر سازگار ہے۔ یہ اطلاع قومی محکمہئ موسمیات نے دی ہے۔ اس سلسلے میں ریاست میں آج‘ مراٹھواڑہ ودربھ اور کوکن میں بارش کے امکان کا اظہار کیا جارہا ہے۔ محکمہئ موسمیات آج ناندیڑ اور لاتور اضلاع کیلئے آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ اس اعلان کے پیشِ نظر ناندیڑ کے ڈپٹی کلکٹر مہیش وڑَدکر نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے کنوٹ تعلقے میں غیر قانونی کھاد فروخت کیے جانے کے معاملے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شیوانی دیہات میں ایک شخص کے بلا اجازت گاؤں گاؤں جاکر کھاد فروخت کرنے کی خفیہ اطلاع محکمہ زراعت کو موصول ہوئی۔ جس کے بعد شعبہئ زراعت کے فلائنگ اسکواڈ نے جال بچھا کر اسے حراست میں لیا۔ اس کارروائی میں کل 14 لاکھ 64 ہزار روپئے کی اشیاء ضبط کی گئیں۔
***** ***** *****
پولینڈ کے چورزو میں منعقدہ نیزہ بازی مقابلوں میں بھارت کے نیرج چوپڑا نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ نیرج نے چھٹے اور آخری موقع پر 84.14 میٹر فاصلے تک نیزہ پھینکا۔ جرمنی کے جولین بیور نے 86 میٹر تک نیزہ پھینک کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔ آئندہ 24 جون کو چیک جمہوریہ میں ہونے والے اوسٹر اوا گولڈن اسپائیک مقابلوں میں بھی نیرج چوپڑا حصہ لیں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست میں مثالی پولس انتظامیہ کے قیام کیلئے آبادی کے تناسب سے پولس اہلکاروں کی تعداد کا تعین ہوگا: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا اعلان؛ غیر موسمی بارش کے باعث ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگاکر معاوضہ ادا کرنے کا تیقن۔
٭ ممبئی- پونا ایکسپریس وے‘ سمردّھی ایکسپریس وے اور شیوڑی-نھاواشیوا اَٹل سیتو پر مسافر بردار الیکٹرک گاڑیوں کو مکمل ٹیکس معافی دینے کا حکومت کا فیصلہ۔
٭ ریاست میں کھیتوں میں واقع روایتی تنگ زرعی راستوں کو تقریباً 12 فٹ چوڑے کرنے کا فیصلہ۔
٭ 100 روزہ دفتری اصلاحات پروگرام کے تحت محصول شعبے کے نتائج ظاہر؛ چھترپتی سمبھاجی نگر کے چار دفاتر کو ایوارڈ۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں غیر موسمی بارشوں کا سلسلہ جاری؛ ناندیڑ اور لاتور اضلاع کیلئے آج آرینج الرٹ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment