Saturday, 6 September 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 06 ستمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 06 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶/ستمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ گنیش اُتسو آج اختتام پذیر؛ گنیش مورتیوں کے وِسرجن کیلئے انتظامیہ پوری طرح تیار۔
٭ ”شری گنیش آروگیاچا“ نامی خصوصی مہم کی ریاست بھر میں زبردست پذیرائی۔
٭ شدید بارش سے متاثر ہونے والا ایک بھی کسان امداد سے محروم نہیں رہے گا: وزیرِ زراعت کا تیقن۔
٭ مثالی اساتذہ کے قومی ایوارڈ کی پُروقار تقسیم؛ مراٹھواڑہ کے دو ٹیچرس بھی اعزاز سے سرفراز۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں تھائی لینڈ کو شکست دیکر بھارت کا فاتحانہ آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
دس روزہ گنیش اُتسو آج اختتام پذیر ہورہاہے۔ گھروں اور عام مقامات پر بٹھائے گئے گنیش کی مورتیوں کا آج اَننت چتردشی کے موقع پر وِسرجن کیا جاتا ہے۔ ڈھول تاشوں کے شورمیں نکلنے والے وسرجن جلوسوں کے پیشِ نظر ریاست بھر میں جوش و خروش پایا جارہا ہے۔ اس بار بڑی مورتیوں کا وسرجن کرنے کی بجائے انھیں اکٹھا کیے جانے کی اپیل کی گئی ہے اور اس کیلئے جگہ جگہ مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں آج گنیش وسرجن کے پیشِ نظر اہم راستے صبح سے وسرجن جلوسوں کے اختتام تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رہیں گے۔ میونسپل کارپوریشن نے شہر میں 21 مقامات پر وسرجن کنویں اور مصنوعی تالاب بنائے ہیں جبکہ 41 مقامات پر گنیش مورتیاں جمع کرنے کے مراکز بنائے گئے ہیں۔
لاتور شہر کے بھی اہم راستے آج ٹریفک کیلئے بند رہیں گے۔ شہر پولس انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس دوران متبادل راستوں کا استعمال کریں۔ لاتور میونسپل کارپوریشن نے 15 مقامات پر مورتی جمع کرنے کے مرکز بنائے ہیں‘ جبکہ بڑی مورتیوں کا وسرجن 12 نمبر کی تختی سے قریب واقع کھدان میں کیا جائے گا۔
ناندیڑ شہر میں 28 مقامات پر مورتیاں جمع کی جائیں گی۔ چھ فٹ سے بڑی مورتیوں کا وسرجن جھری اور پوینی کے تالاب میں کیا جائے گا۔ وسرجن جلوس کے پُرامن انعقاد کیلئے پولس انتظامیہ نے بھی سخت بندوبست کیا ہے۔
دریں اثناء‘ ناندیڑ ضلع کے حد گاؤں اور ایوت محل ضلع کے عمر کھیڑ میں گنپتی وسرجن ہر سال پین گنگا ندی میں ہوتا ہے۔ اس پس منظر میں عمرکھیڑ سے حد گاؤں آنے والے ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا گیا ہے۔
جالنہ میں چھترپتی سمبھاجی مہاراج وِسرجن کُنڈ کا کل رکنِ اسمبلی ارجن کھوتکر کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ گنپتی کے ساتھ دُرگا دیوی وسرجن اور چھٹ پوجا کیلئے اس کُنڈ کا استعمال کیا جائے گا۔
بیڑ ضلع میں گنیش وسرجن کے پُرامن انعقاد کی اپیل پولس سپرنٹنڈنٹ نونیت کانوت نے کی ہے۔ انھوں نے اس تہوار پر زبردستی چندہ مانگنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ بھی دیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی پہل پر شروع کی گئی مہم ”شری گنیش آروگیاچا“ کو پوری ریاست بھر میں پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ ریاست کے تمام اضلاع میں 28 اگست تا 4 ستمبر کے دوران منعقدہ سات ہزار 159 طبّی کیمپوں میں تین لاکھ 26 ہزار شہریوں کی طبّی جانچ کی گئی۔ جن میں سے نو ہزار 960 افراد کو مزید طبّی جانچ کیلئے ماہرین کے پاس بھیجا گیا۔ ان مریضوں کو مزید علاج بھی مفت فراہم کیا جائے گا۔ یہ اطلاع وزیرِ اعلیٰ امدادی فنڈ اور چیئریٹی اسپتال امدادی سیل کے سربراہ رامیشور نائیک نے دی۔
***** ***** *****
سرورِ کائنات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے یومِ ولادت باسعادت کی مناسبت سے کل عید میلادالنبیؐ انتہائی عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر چھترپتی سمبھاجی نگر میں کھانے کی تقسیم اور عطیہئ خون کیمپ منعقد کیے گئے۔ ہر برس اس سلسلے میں عید میلادالنبیؐ کا جلوس نکالا جاتا تھا۔ تاہم انتظامیہ کی درخواست پر اس سال رحمت اللعالمین کا جلوس پرسوں پیر 8 ستمبر کونکالا جائے گا۔
ضلع کے خلدآباد میں کل نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے منسوب لباس اور موئے مبارک کے دیدار کیلئے بڑے پیمانے پر ہجوم دیکھا گیا۔
یومِ رحمت اللعالمین کے سلسلے میں ہنگولی میں مفت طبّی کیمپ منعقد کیا گیا، جس سے 460 افراد نے استفادہ کیا۔
***** ***** *****
ریاست کے اسکولوں میں سہ لسانی پالیسی طئے کرنے کے سلسلے میں ماہرِ تعلیم ڈاکٹر نریندر جادھو کی زیرِ قیادت قائم کردہ کمیٹی کے ارکان کی نامزدگی عمل میں آئی ہے۔ اس کمیٹی میں ڈاکٹر سدانندمورے‘ ڈاکٹر وامن کیندرے‘ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ماہرِ تعلیم ڈاکٹر مدھوشری ساؤجی وغیرہ ان ارکان میں شامل ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے‘ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ شدید بارش سے متاثرہ ایک بھی کسان امداد سے محروم نہیں رہے گا۔ وہ کل ممبئی میں اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ شدید بارش کی وجہ سے مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے 29 اضلاع کے 191 تعلقوں میں 14 لاکھ 44 ہزار 749 ہیکٹر پر موجود فصلوں کو نقصان پہنچا۔ اس میں ناندیڑ ضلع میں سب سے زیادہ چھ لاکھ 20ہزار 566 ہیکٹر پر فصلیں متاثر ہوئیں۔ دھاراشیو ضلع میں ایک لاکھ 50 ہزار 753 ہیکٹر اور ہنگولی ضلع میں سب سے کم 40 ہزار ہیکٹر پر موجود فصلوں کو نقصان ہوا۔
***** ***** *****
جسٹس چندرشیکھر نے کل ممبئی عدالت ِ عالیہ کے چیف جسٹس کے طورپر حلف لیا۔ ممبئی میں راج بھون میں گورنر سی پی رادھا کرشنن نے جسٹس چندر شیکھر نے عہدے کا حلف لیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے کہا ہے کہ لڑکیوں کی تعلیمی سرمایہ کاری خاندان‘ معاشرے اور ملک کی تعمیر میں غیر معمولی کردار ادا کرتی ہے۔ کل نئی دہلی کے وِگیان بھون میں اساتذہ کے قومی ایوارڈز صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں تفویض کیے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایوارڈ حاصل کرنے والے ساتذہ میں خواتین اور دیہی علاقوں کے اساتذہ کی تعداد قابلِ ذکر ہے اور جدید بھارت کی تر قی میں ساوتری بائی پھلے کے کردار کا صدرِ جمہوریہ نے ذکر کیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: President Draupadi Murmu
اس موقع پر مجموعی طور پر 66 اساتذہ کو اعزاز سے نوازا گیا۔ جن میں ریاست کے چھ اساتذہ شامل ہیں۔ ان میں بارامتی کے پروفیسر پرشوتم پوار" ممبئی کی ڈاکٹر نیلاکشی جین اور سونیا کپور‘ ناگپور کے انیل جیبھ کاٹے‘ ناندیڑ کے ڈاکٹر شیخ محمد وکیل الدین اور لاتور کے پروفیسر ڈاکٹر سندیپان جگداڑے شامل ہیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو میں کل 35 اساتذہ اور مختلف 15 افسران و ملازمین میں اعزاز تقسیم کیے گئے۔ 12 اسکولوں کو مکھیہ منتری ماجھی سمردّھ شاڑا“ ایوارڈز بھی کل دئیے گئے۔ ان میں دھاراشیو تعلقے کے پہلے نمبر پر آنے والے جواہر آشرم اسکول کو بھی اعزاز دیا گیا۔
***** ***** *****
مثالی ریاستی اساتذہ ایوارڈ اب ”جے پی نائیک آدرش راجیہ شکشک ایوارڈ“ کے نام سے دئیے جائیں گے۔ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر چندرکانت پاٹل نے کل ممبئی میں یہ اعلان کیا۔ اس ایوارڈ کے انتخابی عمل اور معیار میں بہتری لاکر یہ سرکاری اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد کے شعبہئ تعلیم کی جانب سے دئیے جانے والے مثالی ایوارڈز کا اعلان کردیا گیاہے۔ اس سال ضلع میں نو پرائمری اور چھ ثانوی اسکولوں کے اساتذہ سمیت کُل 15 اساتذہ کو مثالی ٹیچر ایوارڈ دیا جائے گا۔ یہ ایوارڈ 13 تاریخ کو ایک تقریب میں تقسیم کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
خواتین کے ایشیاء کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم نے تھائی لینڈ کو 11-0 سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں آج بھارت کا مقابلہ جاپان سے ہوگا۔ مردوں کے گروپ میں آج بھارت کا سپر فور گروپ کا آخری میچ چین کے ساتھ ہوگا۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن کیلئے حیدرآباد گیزیٹ لاگو کرنے کے حکومت کے فیصلے کے خلاف ہنگولی ضلع میں اوبی سی طبقے کی جانب سے کل راستہ روکو احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے حکومت کا فیصلہ منسوخ کرنے کامطالبہ کیا۔
***** ***** *****
ناسک ضلع میں بارش کا زور بڑھنے کی وجہ سے ضلع کے آبی پشتوں سے پانی کے اخراج کو بڑھانے کا امکان ہے۔ فی الحال پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم میں سات ہزار ملین کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی پانی کی آمد جاری ہے اور ساڑھے نو ہزار ملین کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑاجارہا ہے۔
خلیج ِ بنگال میں بننے والے کم دباؤ کے پٹے کے مغرب کی طرف بڑھنے کے باعث ممبئی‘ تھانہ، اور اس کے مضافاتی علاقوں میں تیز بارش کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ تھانہ، پال گھر، نندوربار، ناسک اور پونے کے پہاڑی علاقوں کیلئے محکمہئ موسمیات نے بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ گنیش اُتسو آج اختتام پذیر؛ گنیش مورتیوں کے وِسرجن کیلئے انتظامیہ پوری طرح تیار۔
٭ ”شری گنیش آروگیاچا“ نامی خصوصی مہم کی ریاست بھر میں زبردست پذیرائی۔
٭ شدید بارش سے متاثر ہونے والا ایک بھی کسان امداد سے محروم نہیں رہے گا: وزیرِ زراعت کا تیقن۔
٭ مثالی اساتذہ کے قومی ایوارڈ کی پُروقار تقسیم؛ مراٹھواڑہ کے دو ٹیچرس بھی اعزاز سے سرفراز۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں تھائی لینڈ کو شکست دیکر بھارت کا فاتحانہ آغاز۔
***** ***** *****

No comments: