Sunday, 7 September 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 07 ستمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 07 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷؍ستمبر ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ دس روزہ گنیش اُتسو کا اختتام - ڈھول تاشوں کی گونج ا ور احترام کے ساتھ کیا گیا گنیش کو وداع۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کا انوکھا اقدام - گنیش مورتیوں کے نذرانے جمع کرنے والوں کو نامیاتی کھاد کا تحفہ۔
٭ جی ایس ٹی اصلاحات سے مجموعی قومی پیداوار میں 20 لاکھ کروڑ روپے کا اضافہ ہوگا - مرکزی وزیر اشونی ویشنو کا عندیہ۔
٭ حیدرآباد گزیٹیئر کے خلاف آئندہ ماہ بڑے پیمانے پر احتجاجی مورچہ نکالنے کا او بی سی تنظیموںکا اعلان۔
اور۔۔۔٭ آج ‘بھارت اور جنوبی کوریا کے مابین مردوں کے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا خطابی مقابلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
دس روزہ گنیش اُتسو کل اختتام پذیر ہوگیا۔تقریباً 12 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے گنیش مورتی وسرجن کے جلوس کے د وران عقیدت مندوں میں جوش و خروش دیکھا گیا۔ انتظامیہ نے وسرجن کے جلوس کو پُرامن ماحول میں مکمل کرنے کیلئے وسیع انتظامات کیے تھے اور حفاظت کے نقطۂ نظر سے جگہ جگہ پولس اہلکار بھی تعینات کیے گئے تھے۔
ممبئی میں، وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اپنی سرکاری رہائش گاہ ورشا میں بٹھائی گئی گنیش کی مورتی کو روایتی انداز میں اپنے گھر کے صحن میں بنائے گئے ایک مصنوعی تالاب میں سپردِ آب کیا۔ وسرجن کے بعد صحیفہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے آئندہ سا ل جلد سے جلد گنیش اُتسو آنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ممبئی کے گِرگاؤں چوپاٹی پر وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سمیت کئی شخصیات گنیش وسرجن کی تقاریب میں موجود تھیں۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن نے گنیش مورتیوں کو سپردِ آب کرنے کیلئے 70 قدرتی پانی کے ذخائر سمیت مختلف سہولیات سے آراستہ تقریباً 290 مصنوعی تالاب فراہم کیے تھے۔
پونے میں وسرجن کے جلوس روایتی جوش و خروش ا ور عقیدت کے ساتھ نکالے گئے۔ پانچ اہم گنیش مورتیوں کے بعد، دوسرے بڑے منڈلوں کی گنیش مورتیوں کو ڈھول اور تاشوں کی گونج میں پورے نظم و ضبط کے ساتھ غرقاب کیا گیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں وسرجن کے جلوس کا آغاز سنستھان گنپتی کی آرتی کے ساتھ ہوا۔ میونسپل کارپوریشن نے شہر میں 21 مقامات پر وسرجن کنویں اور مصنوعی تالابوں کا انتظام کیا تھا اور 41 مقامات پر گنیش مورتیاں جمع کرنے کیلئے مراکز قائم کیے تھے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے پولس کمشنر پروین پوار کی جانب سے ڈی جے کے استعمال سے گر یز کرنے کی اپیل پر ڈھول، تاشوں ا ور لیجھم کے رو ایتی آلات کی گونج میں نکالے گئے وسرجن جلوس سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر رہے تھے۔ قانون ساز کونسل کے سابق حزبِ مخالف قائد امباداس دانوے نے بھی ڈھول بجا کر وسرجن کے جلوس میں شرکت کی۔
پربھنی کے پولس سپرنٹنڈنٹ رویندر سنگھ پردیشی نے بھی ڈالبی سے پاک وسرجن جلوسوں کی اپیل کی تھی۔ جس پر عقیدت مندوں سمیت پولس سپرنٹنڈنٹ پردیشی نے بھی پربھنی شہر سے نکلنے والے وسرجن جلوس میں رو ایتی آلات بجاتے ہوئے شرکت کی۔
ناندیڑ میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بھی شہر کے 28 مقامات پر مورتیاں او رنذرانے جمع کرنے کے مراکز کا انتظام کیا گیا تھا۔ ان مراکز پر کل 25 ہزار میٹرک ٹن چڑھاوے اکٹھا کیے گئے۔
دھاراشیو شہر میں گنیش وسرجن جلوس میں حب الوطنی کے مناظر پر مبنی جھانکیاں شامل کی گئیں۔ بھگت سنگھ، سکھ دیو اور راج گرو کی سزائے موت کے بعد پورے ملک میں غصے کی لہر اور حب الوطنی کے جذبات کو لوک مانیہ تلک گنیش منڈل نے وسرجن کے جلوس میں جھانکی کے ذریعے پیش کیا۔
ڈی جے سے پاک جلوس، گنیش مورتیوں کا عطیہ اور مورتیوں کے وسرجن کیلئے مصنوعی تالابوں کا بڑھتا ہوا استعمال اس سال کے گنیش وسرجن جلوس کی اہم خصوصیات تھیں۔ اس سال کئی میونسپل کارپوریشنوں نے گنیش مورتی اکٹھا کرنے کے انتظامات کیے تھے۔چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن نے گنیش کی مورتیوں کے ساتھ مورتیوں پر چڑھائے گئے نذرانے جمع کرنے اور بدلے میں، عقیدت مندوں کو نامیاتی کھاد تحفے میں دینے کا انوکھا اقد ام کیا۔
***** ***** *****
دریں اثنا، ناندیڑ ضلعے میں گنیش وسرجن کے دوران دو نوجوانو ں کے غرقاب ہوجانے کا حادثہ پیش آیا۔گاڑے گاؤں کی آسنا ندی میں تین نوجوان پانی میں ڈوب گئے تھے، جن میں سے ایک کی نعش مل گئی، جبکہ 17 سالہ یوگیش اُبالے اور 18 سالہ بالاجی اُبالے ابھی تک لاپتہ ہیں۔ ہمارے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ قومی انسدادِ ہنگامی حالات دستے کی ایک ٹیم ان دونوں کی تلاش میں مصروف ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا ہے کہ اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) اصلاحات کے فوائد عام آدمی تک پہنچائے جائیں اور وہ خود اس پر ذاتی توجہ دیں گی۔ وہ گزشتہ روز ایک نجی نیوز چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں مخاطب تھیں۔ انھوں نے صارفین سے بھی نئے ٹیکس اصلاحات کے فوائد نہ ملنے کی صورت میں متعلقہ حکام سے شکایت کرنے کی اپیل کی۔
دریں اثنا‘ اطلاعات اور ٹکنالوجی کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے یقین ظاہر کیا ہے کہ جی ایس ٹی اصلاحات سے مجموعی قومی پیداوار میں 20 لاکھ کروڑ روپے کا اضافہ ہوگا اور اس سے ملک کی معیشت کو بڑا فروغ ملے گا۔ وہ گزشتہ روز نئی دہلی میں صحیفہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔ ویشنو نے کہا کہ یہ متوسط طبقے کیلئے ایک بڑی راحت ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Ashwini Vaishnav
دریں اثنا، جی ایس ٹی ڈھانچے میں اصلاحات کے بعد کپڑے اور جوتے چپل کے د اموں میں کمی آئی ہے۔ ہاتھ سے بنے ہوئے کپڑے اور دستکاری والی شال پر پہلے 12 فیصد ٹیکس عائد تھا، جسے اب کم کر کے پانچ فیصد کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح ٹوپیوں اور چھتریوں پر عائد ٹیکس 12 سے کم کر کے پانچ فیصد کر دیا گیا ہے۔ ڈھائی ہزار روپے سے کم قیمت کے جوتے چپلوںپر پانچ فیصد ٹیکس عائد ہوگا،جبکہ ڈھائی ہزار روپے سے ز ائد قیمت والے کپڑوں پر ٹیکس 12 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کر دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن سے متعلق حیدرآباد گیزٹ کو نافذ کرنے کے ریاستی حکومت کے فیصلے کے خلاف او بی سی تنظیموں نے بڑے پیمانے پر مورچہ نکالنے کا انتباہ دیا ہے۔ ودربھ کے تمام اضلاع کی او بی سی تنظیموں کا کل ناگپور میں ایک اجلاس ہوا، اس موقعے پر او بی سی رہنما اور قانون ساز اسمبلی میں کانگریس لیڈر وجئے وڑیٹیوار موجود تھے۔ ریاستی حکومت نے او بی سی زمرے سے مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کیلئے پہلے جاری کیے گئے سرکاری فیصلے میں ’’اہل‘‘ لفظ کا استعمال کیا تھا۔ تاہم بعد میں دوسرا سرکاری فیصلہ جاری کرتے ہوئے ’’ 'اہل‘‘ لفظ کو حذف کر دیا گیا۔ وڑیٹیوار نے بتایا کہ اس کے خلاف آئندہ ماہ اکتوبر میں ناگپور میں او بی سی طبقات کا متحدہ مورچہ نکالا جائے گا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں آج شاعر بی رگھوناتھ کی یاد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔ تلک نگر کے بھاسکر راؤ آرویکر اجلاس ہال میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں مصنف پرساد کمٹھیکر کو ان کے کہانیوں کے مجموعے ’’اِتر گوشٹی‘‘ کی تصنیف پر بی رگھوناتھ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ اس موقعے پر نامور شعراء کی نظموں پر مبنی صد سالہ نظمیں بھی پیش کی جائیں گی۔
پربھنی میں بھی آج بی رگھوناتھ کالج میں مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد اور اکشر پرتشٹھان کی پربھنی شاخ کے اشتراک سے ایک کوی سمّیلن کا انعقاد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مردوں کے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ آج بھارت اور جنوبی کوریا کے مابین کھیلا جائے گا۔ یہ میچ شام ساڑھے سات بجے بہار کے راجگیرمیں ہوگا۔ کل، بھارت نے سپر فور مرحلے کے ایک میچ میں چین پر سات صفر سے فتح حاصل کرکے میڈل ٹیلی میں سرِفہرست مقام حاصل کیا۔
اسی بیچ، چین میں جاری خواتین کے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں بھارت اور جاپان کا میچ دو ۔ د و گول سے برابری پر ختم ہوا۔ بھارتی ٹیم کا اگلا مقابلہ کل سنگاپور سے ہوگا۔
***** ***** *****
ناسک ضلعے میں بارش کا زور بڑھنے کے باعث پیٹھن کے جائیکواڑی پشتے میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوگیا ہے اور فی الحال 17 ہزار ملین کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتارسے ڈیم میں پانی کی آمد ہورہی ہے۔ جس کے بعد گذشتہ رات سے پشتے سے پانی کے اخراج میں اضافہ کردیا گیا ہے اورڈیم کے 18 دروازوںسے 18 ہزار 864 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی گوداوری ندی میں چھوڑا جا رہا ہے۔ محکمہ آبپاشی نے پانی کی آمد کے پیشِ نظر پانی کے اخراج کی مقدار مزید اضافے کے امکان کو دیکھتے ہوئے ندی کے کنارے آباد دیہاتوں کے ساکنان سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
ڈویژن میںییلدری آبی پشتے سے تقریباً سات ہزار، عیسیٰ پور پشتے سے تقریباً ساڑھے آٹھ ہزار اور ماجل گاؤں آبی منصوبے سے تقریباً دو ہزار ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی خارج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
موسم
ریاست کے کوکن اور ودربھ کے چند اضلاع اور مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ کیلئے محکمۂ موسمیات نے بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے، جبکہ پال گھر اور ناسک اضلاع کے کچھ علاقوںکیلئے آج بارش کا آرینج الرٹ دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ دس روزہ گنیش اُتسو کا اختتام - ڈھول تاشوں کی گونج ا ور احترام کے ساتھ کیا گیا گنیش کو وداع۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کا انوکھا اقدام - گنیش مورتیوں کے نذرانے جمع کرنے والوں کو نامیاتی کھاد کا تحفہ۔
٭ جی ایس ٹی اصلاحات سے مجموعی قومی پیداوار میں 20 لاکھ کروڑ روپے کا اضافہ ہوگا - مرکزی وزیر اشونی ویشنو کا عندیہ۔
٭ حیدرآباد گزیٹیئر کے خلاف آئندہ ماہ بڑے پیمانے پر احتجاجی مورچہ نکالنے کا او بی سی تنظیموںکا اعلان۔
اور۔۔۔٭ آج ‘بھارت اور جنوبی کوریا کے مابین مردوں کے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا خطابی مقابلہ۔
***** ***** *****

No comments: