Friday, 19 September 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 19 ستمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 19 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۱/ ستمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاستی حکومت نے فوڈ پروسیسنگ‘ مائیکرو اور چھوٹی صنعتوں کیلئے غیر زرعی لائسنس کی شرط کو کسی حد تک ختم کرنے کا کیا فیصلہ۔
٭ لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ووٹنگ کے عمل میں دھوکہ دہی کا لگایا الزام؛
رائے دہندگان کے نام Online طریقے سے خارج نہیں کیے جاسکتے: انتخابی کمیشن کی وضاحت۔
٭ آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر مرکز کی آج گولڈن جبلی سالگرہ۔
٭ گذشتہ ماہِ اگست میں ہوئے ناندیڑ ضلع میں فصلوں کے نقصان کی بھرپائی کیلئے 553 کروڑ 48 لاکھ روپؤں کا فنڈ منظور۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ اور ہنگولی اضلاع کے علاوہ آج مراٹھواڑہ میں بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاستی حکومت نے مائیکرو‘ چھوٹی صنعتوں اور فوڈ پروسیسنگ صنعتوں کیلئے غیر زرعی لائسنس کی شرط کو کچھ حد تک ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی زیرِ صدارت میٹنگ میں کل یہ فیصلہ کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ریاست میں بڑے صنعتی علاقوں کی جگہ، انڈسٹرئیل ٹاؤن شپ قائم کی جانی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ان ٹاؤن شپس کو مکمل شہری سہولیات فراہم کرنے کیلئے انتظامات کیے جائیں۔
***** ***** *****
بامبے ہائی کورٹ نے کل حیدرآباد گیزیٹ پر حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی مفادِ عامہ کی عرضی کو خارج کردیا۔ چیف جسٹس چندر شیکھر اور جسٹس گوتم اکھنڈ کی بینچ نے نوٹ کیا کہ اس معاملے میں ایک عرضی پہلے ہی عدالت میں زیرِ التواء ہے‘ اس معاملے میں مزید عرضیاں دائر نہیں کی جاسکتیں۔
***** ***** *****
لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ملک بھر میں رائے دہی کے عمل میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کیے جانے کے الزام کو دوہرایا ہے۔گاندھی‘ کل نئی دہلی میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ مہاراشٹر کے راجورا اسمبلی حلقے کا حوالہ دیتے ہوئے راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ انتخابی فہرستوں میں سافٹ ویئر کے ذریعے اصل ووٹرس کے ناموں کو نکالا گیا اور بوگس رائے دہندگان کے نام شامل کیے گئے۔ تاہم‘ الیکشن کمیشن نے راہل گاندھی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد بتایا اور کہا کہ رائے دہندگان کے نام Online طریقے سے خارج نہیں کیے جاسکتے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت‘ خدمت اور گڈ گورننس کے ذریعے ملک میں ترقی اور تبدیلی لانے کی مسلسل کوشش کررہی ہے۔ آج سیوا پرو کے عنوان سے اس خصوصی سیریز میں پیش ہے حکومت کی جانب سے قبائلی برادریوں کو بااختیار بنانے کیلئے کیے جارہے اقدامات سے متعلق معلومات:
Voice Cast
***** ***** *****
خواتین و اطفال کی ترقی کی ریاستی وزیر آدیتی تٹکرے نے ممبئی سمیت ریاست بھر میں غذائیت کی کمی کو کم کرنے میں آنگن واڑی خادماؤں اور کارکنان کے ذریعے کیے گئے تعاون کی تعریف کی ہے۔ وزیرِ موصوفہ کل ممبئی میں ریاستی سطح کے آٹھویں ”قومی غذائیت مہینہ مہم“ کے آغاز کے بعد خطاب کررہی تھیں۔ اسی بیچ تٹکرے نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر کے ستارا علاقے میں ”بھگوان بابا بالیکا آشرم“ کا دورہ کیا اور وہاں لڑکیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کا معائنہ کیا۔
***** ***** *****
بھارت کے سات قدرتی مقامات کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی عارضی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ ان میں پنچ گنی اور مہابلیشور کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر آج اپنا پچاسواں یومِ تاسیس منارہا ہے۔ ”یہ آکاشوانی اورنگ آباد مرکز ہے‘ شام کے پروگرام میں تمام سامعین کا استقبال ہے۔“ آج سے پچاس برس پہلے مراٹھی زبان میں یہ آواز ہر گھر کے ریڈیو سے گونجی تھی۔ اویناش پائے گڑے نامی نوجوان کی یہ آواز آج تک سننے والوں کے دلوں پر نقش ہے۔ آکاشوانی بھی سوشل میڈیا پر آج اتنا ہی فعال ہے جتنا آپ اور ہم۔ آپ کے موبائل فون پر صرف ایک کلک سے آپ جہاں کہیں بھی ہو آکاشوانی آپ کا ساتھ دے گا۔
***** ***** *****
ہومیوپیتھک ڈاکٹرس کے مہاراشٹر میڈیکل کاؤنسل میں علیحدہ اندراج کے فیصلے کیخلاف ایلوپیتھک شاخ کے طبّی کاروباریوں نے کل علامتی ہڑتال کی۔ انڈین میڈیکل کاؤنسل کی جانب سے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ دریں اثناء‘ یہ معاملہ ابھی عدالت میں زیرِ التواء ہے جس پر بامبے ہائیکورٹ کے حتمی حکم کے بعد ہی مزید کارروائی کی جائیگی۔ طبّی تعلیم کے ریاستی وزیر حسن مشرف نے مریضوں کے مفادات کو اوّلین ترجیح دینے کی میڈیکل ایسوسی ایشن کی روایت کو برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
”صحت مند خاتون‘ مضبوط خاندان“ اس پہل کے تحت کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں سات طبّی کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ ایک ہزار سے زائد ضرورت مندوں نے اس سے فائدہ اٹھایا۔ ہمارے نا مہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ دھاراشیو ضلع میں بھی کُل 256 مقامات پر طبّی کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ لاتور ضلع کے چاکور میں ”صحت مند خاتون‘ مضبوط خاندان“ مہم کا افتتاح امدادِ باہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحت سے متعلق آگاہ رہنا اور باقاعدگی سے طبّی جانچ کروانا ضروری ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے میں سیواپندھرواڑے کی مناسبت سے ”محصول عوامی مذاکرے“ کے پانچ نکاتی پروگرام پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ اس خصوصی اقدام میں شہریان کیلئے اپنی شکایات اور معلومات کے اندراج کی خاطر کیو آر کوڈس جاری کیے گئے ہیں۔ ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے نے شہریان سے اپیل کی ہے کہ وہ پروگرام میں حصہ لیں اور اپنی شکایات کا ازالہ کروائیں۔
***** ***** *****
اشیاء و خدمات ٹیکس سے متعلق جی ایس ٹی کاؤنسل کی جانب سے کی گئی ٹیکس اصلاحات آئندہ 22 ستمبر سے نافذ کی جارہی ہیں۔ رکنِ پارلیمان اشوک چوہان نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ اس سے معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔ چوہان کل ناندیڑ میں نامہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ان اصلاحات سے عام لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ ریاست کی صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور روزگار بڑھے گا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے اگست 2025 میں ناندیڑ ضلع میں شدید بارشوں ا ور سیلاب کے سبب فصلوں کے نقصان سے متاثرہ کسانوں کو امداد فراہم کرنے کیلئے 553 کروڑ 48 لاکھ 62 ہزار روپؤں کا فنڈ منظور کیا ہے۔ اس فنڈ کو ضلع کلکٹر دفتر کے ذریعے متاثرین کے بینک کھاتوں میں راست منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے لوہا تعلقے میں واقع کیوڑا ساٹھون تالاب پر تصویر کشی کرنے گئے 15 سالہ دو لڑکے ڈوب گئے۔ جس سے ان کی موت واقع ہوگئی۔ ان کے نام شیخ بابر اور محمد ریحان ہے۔ یہ دونوں ناندیڑ شہر کے رہنے والے تھے۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال:
مراٹھواڑہ کے ناندیڑ اور ہنگولی اضلاع کے علاوہ دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا محکمہئ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے۔ جس کیلئے آج یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاستی حکومت نے فوڈ پروسیسنگ‘ مائیکرو اور چھوٹی صنعتوں کیلئے غیر زرعی لائسنس کی شرط کو کسی حد تک ختم کرنے کا کیا فیصلہ۔
٭ لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ووٹنگ کے عمل میں دھوکہ دہی کا لگایا الزام؛
رائے دہندگان کے نام Online طریقے سے خارج نہیں کیے جاسکتے: انتخابی کمیشن کی وضاحت۔
٭ آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر مرکز کی آج گولڈن جبلی سالگرہ۔
٭ گذشتہ ماہِ اگست میں ہوئے ناندیڑ ضلع میں فصلوں کے نقصان کی بھرپائی کیلئے 553 کروڑ 48 لاکھ روپؤں کا فنڈ منظور۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ اور ہنگولی اضلاع کے علاوہ آج مراٹھواڑہ میں بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****

No comments: