Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 02 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲/ستمبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ شنگھائی تعاون تنظیم کے اعلامیے میں بھارت کے علاقائی تعاون اور اختراعات شعبے میں شراکت کی خصوصی پذیرائی؛ پہلگام دہشت گردی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت۔
٭ مراٹھوں کو کُنبی صداقت نامے دینے سے متعلق حکمنامہ ریاستی حکومت کے زیرِ غور۔
٭ ممبئی کی تمام سڑکیں کھولنے کا مراٹھا ریزرویشن کارکنوں کو عدالت ِ عالیہ کا حکم۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر حصے میں دو دِنوں کیلئے بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
شنگھائی تعاون تنظیم کی چین کے شہر تیانجن میں سربراہی اجلاس کے بعد کل تیانجن اعلامیہ جاری کیا گیا۔ جس میں بھارت کے علاقائی تعاون اور اختراعات کے شعبے میں شراکت کو خصوصی پذیرائی حاصل ہوئی۔ اس کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف واضح پیغام بھی دیا گیا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک نے پہلگام میں ہوئے دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس حملے میں ہلاک ہونے والوں کے عزیز و اقارب کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ حملہ آوروں کو جوابدہ ٹھہرانے کا واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے تمام رُکن ممالک نے انتہاء پسندی کے خلاف لڑائی کے عزم کا اعادہ کیا۔ مئی 2025 میں بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تھنک ٹینک فورم کے کامیاب اجلاس پر رُکن ممالک نے بھارت کو مبارکباد دی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی اور روس کے صدر ولادمیر پوٹن کے مابین کل چین کے شہر تی این جن میں دوطرفہ بات چیت ہوئی۔ توانائی اور معاشی شعبوں میں باہمی تعلقات کے نتیجے میں مسلسل ترقی پر دونوں رہنماؤں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
دریں اثناء‘ اپنا چین کا دورہ مکمل کرکے وزیرِ اعظم نریندر مودی کل شب نئی دہلی پہنچے۔
***** ***** *****
مراٹھوں ا ور کنبیوں کو صداقت نامے جاری کرنے کی غرض سے‘ حیدرآباد و ساتارا گزیٹیئر پر عمل درآمد سے متعلق سرکاری حکمنامہ ریاستی حکومت کے زیرِ غور ہے۔ اس سلسلے میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار کی موجودگی میں مراٹھا ریزرویشن سے متعلق کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کل ممبئی میں منعقد ہوا۔ اس کمیٹی کے سربراہ رادھا کرشن وکھے پاٹل نے بتایا کہ اجلاس میں اس موضوع پر تفصیلی گفت و شنید ہوئی۔ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایڈوکیٹ جنرل کی جانب سے اس مسودے کی منظوری کے بعد ہی آگے کی کارروائی کی جائیگی۔
اس اجلاس کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بتایا کہ اجلاس میں تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ جس کے نتیجے میں جو راستہ تلاش کیا جاسکتا ہے وہ عدالت میں کس طرح برقرار رہ سکتا ہے اس پر بھی گفتگو ہوئی اور اس سلسلے میں مزید معلومات بھی جمع کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
او بی سی رہنماء اور وزیر چھگن بھجبل نے دعویٰ کیا ہے کہ جس حیدرآباد گزیٹیئر کی بنیاد پر منوج جرانگے پاٹل او بی سی میں سے ریزرویشن دئیے جانے کا مطالبہ کررہے ہیں‘ اُسی گزیٹیئر میں مراٹھا اور کنبی کا دو علیحدہ ذاتوں کی حیثیت سے رجسٹریشن ہے۔ اس لیے یہ ثابت ہوتا ہے مراٹھا‘ کنبی نہیں ہیں۔ کل او بی سی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد وہ ممبئی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مراٹھا‘ سماجی طور پر ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ذات ہے اور عدالت ِ عظمیٰ نے مراٹھا ذات کو دیگر پسماندہ طبقات کی فہرست میں شامل کرنے سے انکار کیا تھا۔ اس لیے مراٹھا سماج کو او بی سی میں شامل نہیں کیا جاسکتا۔ مرکزی حکومت نے کھلے زمرے کیلئے ای ڈبلیو ایس کی مد میں دس فیصد ریزرویشن کا اعلان کیا تھا۔ جس کا سب سے زیادہ فائدہ مراٹھوں کو ہوا۔ اس کے باجود بھی وہ اوبی سی میں سے ریزرویشن کامطالبہ کررہے ہیں۔
***** ***** *****
انا صاحب پاٹل اقتصادی ترقیاتی کارپوریشن کے سربراہ نریندر پاٹل نے الزام عائد کیا ہے کہ مراٹھا سماج کے کینوجوانوں کو بھڑکا کر سیاسی مفادات حاصل کرنے کیلئے اپوزیشن سیاست کررہی ہے۔ کل ممبئی میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مراٹھا ریزرویشن کی سمت بھٹک گئی ہے اور اب یہ محض شخصی مخاصمت بن گئی۔ سابق وزیرِ اعلیٰ شرد پوار کی جانب سے تحلیل کی گئے اناصاحب پاٹل اقتصادی ترقیاتی کارپوریشن کو دیویندر پھڑنویس نے وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے اپنے پہلے دور میں بحال کیا تھا۔ کارپوریشن کے کام کاج کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ کارپوریشن کی کاوشوں سے ڈیڑھ لاکھ مراٹھوں کو صنعتیں کھڑی کرنے میں مدد حاصل ہوئی ہے۔ ریاست میں پہلی بار اس نوعیت کی اسکیم لائی گئی کہ کاروبار کرنے کیلئے حاصل کیے گئے انفرادی قرض کا سود کارپوریشن ادا کرے گی اور اسی بنیاد پر مراٹھا سماج کے نوجوانوں کو 13 ہزار کروڑ روپئے کے قرض بینکوں نے دئیے اور آج تک ان 13 ہزار کروڑ روپؤں کا سود حکومت ادا کررہی ہے۔
انھوں نے اپیل کی کہ مہایوتی حکومت جب تک مراٹھا ریزرویشن کا مسئلہ حل کرتی ہے تب تک احتجاج پُرامن طور پر کیا جائے۔ مہاراشٹر میں مراٹھا سماج سے تعلق رکھنے والے 12 افراد وزرائے اعلیٰ بنے، لیکن انھوں نے مراٹھوں کو کچھ نہیں دیا۔ مراٹھواڑہ سے سب سے زیادہ وزرائے اعلیٰ ہونے کے باوجود غریبی دور نہیں ہوسکی اس موضوع پر سابقہ وزرائے اعلیٰ اور اس وقت کی برسرِاقتدار جماعتوں کو خوداحتسابی کی ضرورت ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آزاد میدان کے باہر مراٹھا مظاہرین کی موجودگی پرممبئی عدالت ِ عالیہ نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ مراٹھا ریزرویشن کے موضوع پر کل ممبئی عدالت ِ عالیہ نے خصوصی سماعت کی۔ سی ایس ایم ٹی‘ منترالیہ، مرین ڈرائیو‘ عدالت ِ عالیہ کے احاطے اور دیگر علاقوں میں مظاہرین کی موجودگی پر عدالت نے سوال اٹھائے اور حکم دیا کہ مراٹھا ریزرویشن مظاہرین تمام راستے خالی کریں اور صورتحال کو معمول پر لائیں۔ اس کے علاوہ ممبئی میں مزید احتجاجی مظاہرین کی آمد کو روکنے منوج جرانگے پاٹل کی طبّی امداد کو یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔ مظاہرین کیلئے وانکھیڑے اسٹیڈیم اور بریبورن اسٹیڈیم کھولنے کی منوج جرانگے کے وکیل کی درخواست عدالت نے مسترد کردی۔
جرانگے پاٹل نے مظاہرین سے عدالت کے احکامات کی تعمیل کرنے اور سڑکوں پر گھومنا بند کرنے کی اپیل کی اور ہدایت کی کہ س بات کو یقینی بنایا جائے کہ مظاہروں کے دوران ممبئی کے شہریوں کو کوئی تکلیف نہ پہنچے۔
***** ***** *****
پیٹرول میں 20 فیصد ایتھینال ملانے کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضداشت عدالت ِ عظمیٰ نے مسترد کردی ہے۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ گاڑیوں کیلئے غیر موزوں ایندھن استعمال کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ چیف جسٹس بھوشن گوائی اور جسٹس کے ونود چندرن کی بینچ نے اس اعتراض کو مسترد کردیا۔
***** ***** *****
جیشٹھ گوری پوجن کا تہوار کل روایتی عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ پرسوں بٹھائے گئے گوری کی کل پوجا کی گئی۔ آج گوری وسرجن کے ساتھ اس سہ روزہ اُتسو کا اختتام ہوگا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع یوگاسن کھیل تنظیم کی جانب سے منعقدہ سینئر گروپ کے ریاستی سطح کے یوگاسن مقابلوں میں دھاراشیو ضلع یوگاسن تنظیم کے یوگا کھلاڑیوں نے دو طلائی اور ایک کانسے کا تمغہ جیتا۔ 28 سے 35 سال کی خواتین کے زمرے میں سیما چورے نے جبکہ 35 سے 45 سال کے مردوں کے زمرے میں ستیش سابڑے نے طلائی تمغہ جیتا۔
***** ***** *****
جالنہ کے ڈاکٹر پردیپ سونونے اسپتال پر بائیو میڈیکل کچرے کو کھلے عام پھینکنے کے معاملے میں پانچ ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ جالنہ میونسپل کارپوریشن نے انتباہ دیا ہے کہ اس طرح کا کچرا کھلے عام نہ پھینکا جائے ورنہ سخت کارروائی کی جائیگی۔
***** ***** *****
اس بار کے خریف ہنگام میں مئی تا اگست ان چار مہینوں میں ناندیڑ ضلع میں 93میں سے 88 منڈلوں میں شدید بارش کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچا۔ رکنِ پارلیمنٹ اشوک چوہان نے مطالبہ کیا ہے کہ اس خصوص میں ضلع کو بڑے پیمانے پر امداد دی جائے۔
اسی دوران لاتور ضلعے کے ریناپور ڈیم سے دو دروازوں کے ذریعے 629 اعشاریہ دو دو ملین کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج جاری ہے۔ جبکہ پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم سے تقریباً ساڑھے نو ہزار ملین کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
موسم:
کوکن‘ مراٹھواڑہ اور ودربھ کے چند مقامات پر محکمہئ موسمیات نے آج اور کل کیلئے بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں آج بارش کا امکان ہے۔ مراٹھواڑہ کے چند علاقوں میں آئندہ دو دنوں تک بارش کے امکان کا اظہار محکمہئ موسمیات نے کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ شنگھائی تعاون تنظیم کے اعلامیے میں بھارت کے علاقائی تعاون اور اختراعات شعبے میں شراکت کی خصوصی پذیرائی؛ پہلگام دہشت گردی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت۔
٭ مراٹھوں کو کُنبی صداقت نامے دینے سے متعلق حکمنامہ ریاستی حکومت کے زیرِ غور۔
٭ ممبئی کی تمام سڑکیں کھولنے کا مراٹھا ریزرویشن کارکنوں کو عدالت ِ عالیہ کا حکم۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر حصے میں دو دِنوں کیلئے بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment