Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 23 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۲/ستمبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعظم اُجولا گیس یوجنا کے تحت 25 لاکھ مستحق خواتین کو مفت نئے گیس کنکشن دینے کا حکومت کا فیصلہ۔
٭ اشیاء و خدمات ٹیکس GST کے دوسرے مرحلے کی اصلاحات کا نفاذ؛ ٹیکس میں تخفیف سے GDP میں 20 لاکھ کروڑ روپئے کا اضافہ ہوگا: مرکزی وزیر اشونی ویشنو کا اظہارِ یقین۔
٭ شاردِیے نوراتر تہوار کا جوش و عقیدت کے ساتھ آغاز۔
٭ مراٹھواڑہ میں شدید بارش سے بیشتر اضلاع میں بڑے پیمانے پر نقصانات؛ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے لیا صورتحال کا جائزہ۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دِنوں میں ریاست کے زیادہ تر مقامات پر بارش کا امکان؛ جائیکواڑی ڈیم سے بڑے پیمانے پر پانی کا اخراج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی حکومت نے وزیرِ اعظم اُجولا گیس یوجنا کے تحت 25 لاکھ مستحق خاندانوں کو نئے گیس کنکشن مفت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کل سماجی رابطے پر یہ اطلاع دی۔ اپنے پیغام میں انھوں نے تمام خواتین کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تہواروں کے اس موسم میں حکومت کا اٹھایا گیا یہ قدم خواتین کو صرف خوشی ہی نہیں دے گا بلکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کو بھی مزید مضبوط کرے گا۔
***** ***** *****
اشیاء و خدمات ٹیکس یعنی GST کے دوسرے مرحلے کی اصلاحات کل سے نافذ کردی گئیں۔ مرکزی وزیرِ طلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ GST میں ترامیم کے باعث GDPمیں 20 لاکھ کروڑ روپئے کا اضافہ ہوگا۔ کل ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان اصلاحات کی بدولت تاجروں سے لیکر ملازمت پیشہ افراد تک ہر طبقہ ہی خوشحال ہوگا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Union Minister Ashwini Vaishnav
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے GST نظام میں کی گئی ان اصلاحات کو انقلابی قدم قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک جانب عوام کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوگی اور دوسری جانب اندرونِ ملک طلب میں اضافہ ہوگا اور اُسے پورا کرنے کیلئے پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ جس کے سبب خودکفیل بھارت کی سمت وزیرِ اعظم کا شروع کیا گیا سفر بھی پورا ہوسکے گا۔
***** ***** *****
ٹیکس کی نئی شرح کو لاگو کیے جانے کے سلسلے میں ناندیڑ میں رکنِ پارلیمان اشوک چوہان نے دکانوں پر پہنچ کر صارفین اور دکانداروں سے راست بات چیت کی۔ اس موقع پر دکانوں کے باہر GST میں تخفیف پر وزیرِ اعظم سے اظہارِ تشکر کے پوسٹرز بھی لگائے گئے تھے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت‘ خدمت اور بہتر طرزِ حکمرانی کے اُصول کے ذریعے تبدیلی اور ترقی کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔ خدمات کے خصوصی ہفتے ”سیوا پرو“ کے تحت آج کے حصے میں ہم جانیں گے حکومت کی جانب سے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور صنعت سازی کو فروغ دینے کیلئے کیے جارہے اقدامات سے متعلق تفصیلات:
Byte: Voice Cast
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
نوراتری کا تہوار کل سے شروع ہوا۔ اس سلسلے میں تلجاپور کے تلجا بھوانی مندر میں ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار اور رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل کی موجودگی میں گھٹ استھاپنا کی گئی۔
ناندیڑ ضلع کے ماہور گڑھ پر آبی وسائل کے وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے اپنی اہلیہ کے ساتھ مہا پوجا کی۔
امباجوگائی میں شری یوگیشوری دیوی کے نوراتری مہوتسو کا آغاز کل گھٹ استھاپنا اور مہاپوجا سے ہوا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں کرن پورا یاترا شروع ہوگئی ہے، جہاں شہریوں اور بالخصوص خواتین کا ہجوم درشن کیلئے اُمڈ پڑا ہے۔ ویجاپور تعلقے کے لاسورمیں ضلع کلکٹر دلیپ سوامی کے ہاتھوں دکشاینی مندر میں پوجا کی گئی
***** ***** *****
تعلیمی سال 2024-25 کیلئے کرانتی جیوتی ساوتری مائی پھلے ریاستی اساتذہ ایوارڈ کل ممبئی میں تقسیم کیے گئے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کے ہاتھوں 109 مثالی ٹیچرز کو ان اعزازات سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
ریاست میں شدید بارش سے کئی جگہ سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل مراٹھواڑہ کے بارش اور سیلاب سے متاثرہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ انھوں نے بیڑ‘ دھاراشیو‘ لاتور، پربھنی اور ہنگولی اضلاع کے ضلع کلکٹرز سے بذریعہئ ٹیلی فون رابطہ کیا اور متاثرین کو فوری امداد دینے کی ہدایت کی۔
دھاراشیو ضلع کے بھوم اور پرانڈا تعلقوں میں 92 گاؤں متاثر ہوئے ہیں اور 62 ہزار 989 ہیکٹر پر فصلوں کو نقصان پہنچا۔ فوج کے علاوہ NDRF اور SDRF کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں اور امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور اب تک 65 شہریوں کو بچایا جاچکا ہے۔ دیوگاؤں میں پرانڈہ کے رکنِ اسمبلی تاناجی ساونت نے سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔
دریں اثناء‘ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر دھاراشیو ضلع میں آج تمام اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔
لاتور ضلع میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آئی ہوئی ہے‘ جس کے باعث کئی شاہراہوں پر پلوں کے اوپر سے پانی بہہ رہا ہے اور نلنگا و اوسہ تعلقے کے کئی دیہاتوں سے رابطہ منقطع ہوگیاہے۔
بیڑ ضلع کے کئی مقامات پر سیلابی صورتحال سنگین ہے۔ رکنِ اسمبلی سندیپ شرساگر نے متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر امدادی کاموں کی خود نگرانی کی اور سڑکیں بہہ جانے سے اسکولی طلبہ کو درپیش مشکلات کا میونسپل انتظامیہ کی مشنری کے ذریعے اپنی نگرانی میں امدادی کام کروایا۔ ضلع کے شرور اور پاٹودا تعلقوں میں 100 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔
دریں اثناء‘ شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے ضلع صدر اُلہاس گرام نے کہا کہ بیڑ ضلع میں موسلادھار بارش کے باعث کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ کسانوں کو اس آسمانی آفت سے نکالنے کیلئے ضلع میں گیلا قحط ظاہر کیا جائے اور کسانوں کو فوری امداد دی جائے۔
جالنہ ضلع میں شدید بارش کے سبب اوکھلی گاؤں کا تالاب ٹوٹنے سے فصلوں کو نقصان ہوا۔ رکنِ اسمبلی ارجن کھوتکر اور کلکٹر اشیما متل نے متاثرہ گاؤں کا دورہ کیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے رکنِ پارلیمان سندیپان بھومرے نے ویجاپور تعلقے میں متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیکر فوری پنچنامے کرنے کی ہدایت کی۔ اسی دوران رُکنِ اسمبلی ستیش چوہان نے کہا ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈیویژن میں 17 لاکھ ہیکٹر پر فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔ انھوں نے وزیرِ اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ مراٹھواڑہ میں گیلا قحط ظاہر کیا جائے۔
***** ***** *****
موسلادھار بارش کے باعث مراٹھواڑہ کے تمام آبی پشتوں سے پانی کا بڑے پیمانے پر اخراج جاری ہے۔ پیٹھن کے جائیکواڑی آبی منصوبے کے 18 دروازوں کے ساتھ نو ہنگامی دروازے بھی کھول دئیے گئے ہیں‘ جس سے 99 ہزار 36 ملین کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ ماجل گاؤں ڈیم سے 88 ہزار 594 اور مانجرا ڈیم سے 22 ہزار 928 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔
***** ***** *****
آئندہ دو دِنوں میں کوکن اور مراٹھواڑہ کے بیشتر مقامات پر جبکہ وسطی مہاراشٹر اور ودربھ کے چند ایک مقامات پر بارش کی پیشگوئی محکمہئ موسمیات نے کی ہے۔ اس عرصے میں وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے چند مقامات پر موسلادھار بارش کے امکان کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیرِ اعظم اُجولا گیس یوجنا کے تحت 25 لاکھ مستحق خواتین کو مفت نئے گیس کنکشن دینے کا حکومت کا فیصلہ۔
٭ اشیاء و خدمات ٹیکس GST کے دوسرے مرحلے کی اصلاحات کا نفاذ؛ ٹیکس میں تخفیف سے GDP میں 20 لاکھ کروڑ روپئے کا اضافہ ہوگا: مرکزی وزیر اشونی ویشنو کا اظہارِ یقین۔
٭ شاردِیے نوراتر تہوار کا جوش و عقیدت کے ساتھ آغاز۔
٭ مراٹھواڑہ میں شدید بارش سے بیشتر اضلاع میں بڑے پیمانے پر نقصانات؛ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے لیا صورتحال کا جائزہ۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دِنوں میں ریاست کے زیادہ تر مقامات پر بارش کا امکان؛ جائیکواڑی ڈیم سے بڑے پیمانے پر پانی کا اخراج۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment