Thursday, 2 September 2021

Text: Urdu Regional News Bulletin, Aurangabad. Date: 02.September-2021, Time: 9.00 to 09.10 AM

ملک بھر میں 18 برس سے زائد عمر کے تمام شہریوں کو کووِڈ 19- کے تدارک کیلئے مفت ٹیکے دئیے جارہے ہیں۔ نوجوانوں کو ہمارا مشورہ ہے کہ وہ یہ ٹیکے ضرور لگوائیں اور دیگر افراد کی ٹیکہ اندازی میں مدد کریں۔ کورونا کا خطرہ ہنوز برقرار ہے‘ اس لیے احتیاط اب بھی لازمی ہے۔ سامعین سے گذارش ہے کہ نہایت ضروری کام ہونے پر ہی گھر سے باہر نکلیں۔ ناک اور منہ پر ماسک اچھی طرح لگائیں‘ ہاتھ اور منہ کو صاف رکھیں اور ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں۔

کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد یا معلومات کیلئے 011-23 97 80 46  یا  1075  پر اور ریاستی امدادی مرکز کی ہیلپ لائن نمبر 020- 26 12 73 94  پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروںکی سرخیاں۔
٭ معیارِ تعلیم بہتر بنانے کیلئے ریاست کے 488 سرکاری اسکولوں کو مثالی اسکول بنانے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ قانون ساز کونسل کی 12 نشستوں کیلئے کی گئی سفارش سے متعلق فیصلہ کرنے کا مہا وِکاس آگھاڑی رہنمائوں کا
گورنر سے مطالبہ۔
٭ ریاست میں 4 ہزار 456 نئے کورونا مریض؛ مراٹھو اڑہ میں 3 مریضوں کی موت۔
٭ موسلا دھار بارش کے باعث ہوئے نقصانات کے پنچنامے کرنے کا کام جنگی پیمانے پر جاری؛ متاثرہ کسانوں کی امداد
کی حکومت پابند: وزیرِ مملکت عبدالستار۔
اور۔۔ ٭ بھارت اور انگلینڈ کے مابین چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کا آج سے آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
معیارِ تعلیم بہتر بنانے کیلئے ریاست کے 488 سرکاری اسکولوں کو ’’مثالی مدارس‘‘ کے طور پر فروغ دینے کا فیصلہ ریاستی کابینہ نے کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی زیرِ صدارت کل کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان اسکولوں میں بنیادی سہولیات اور تعلیمی معیار کو بہتر بناکر انہیں مثالی اسکول بنایا جائیگا۔ طلبہ کیلئے علیحدہ بیت الخلائ‘ پینے کے صاف پانی کی سہولت‘ بہتر کلاس روم‘ خوبصورت عمارت‘ کھیلو ںکا میدان‘ کھیلوں کے سازو سامان‘ ICT تجربہ گاہ اور کتب خانے جیسی سہولیات بھی ان اسکولو ںمیں مہیا کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں معیارِ تعلیم کو بلند کرنے کیلئے عمدہ ماحول فراہم کرنے کی کوشش بھی کی جائیگی۔ نصابی کتب کے علاوہ اساتذہ‘ طلبہ کو دیگر مضامین او رموضوعات کی بھی تدریس کریں گے۔ اس کام کیلئے 494کروڑ روپئے مختص کیے جائیں گے۔ سرکاری و خانگی شراکت کے ذریعے ریاست میں نئے طبّی کالج اور سوپر اسپیشلٹی ہاسپٹل قائم کرکے طبّی سہولیات میں اضافہ کرنے کا فیصلہ بھی کل کابینہ نے کیا۔ آزادیِ ہند کا امرت مہوتسو منعقد کرنے کو بھی کابینہ نے منظوری دے دی۔ امرت مہوتسو 15  اگست 2023 تک جاری رہے گا۔ اس کیلئے مختلف کمیٹیوں کا قیام عمل میں آیا ہے۔
پمپری چنچوڑ میونسپل کارپوریشن کے تحت بھارت رَتن راجیو گاندھی ’’وِگیان اوِشکار نگری‘‘ بنانے کا فیصلہ بھی کل کے کابینی اجلاس میں کیا گیا۔ اقوامِ متحدہ کے انوائرنمنٹل پینل آن کلائمیٹ چینج کی جانب سے ماحولیاتی تغیر پر مرتب کردہ رپورٹ محکمۂ ماحولیات نے کل اس اجلاس میں پیش کی اور ماحولیاتی تغیر کے سنگین اثرات سے متعلق کابینہ کو آگاہ کیا گیا۔
***** ***** *****
حکمراں مہا وِکاس آگھاڑی کے رہنمائوں نے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے مطالبہ کیا ہے کہ قانون ساز کونسل کی 12 نشستوں کیلئے کی گئی سفارش کو منظور کیا جائے۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی زیرِ صدارت نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار اور وزیرِ محصول باڑا صاحب تھورات نے کل گورنر سے ملاقات کی۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ قانون ساز کونسل کی رُکنیت کیلئے مختلف ناموں کی سفارش کو 8 ماہ گذر چکے ہیں، لیکن تا حال اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ان رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ اس سلسلے میں فی الفور فیصلہ کیا جائے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 4 ہزار 456 نئے کورونا مریضوںکی موجودگی سامنے آئی۔ اس طرح ریاست میں اب تک کورونا سے متاثرہ ہونے والے افراد کی کُل تعداد 64 لاکھ 69 ہزار 322 ہوگئی ہے۔ کل 183 مریض دورانِ علاج انتقال کرگئے۔ اس طرح کورونا کے باعث اب تک ریاست میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 37 ہزار 496  اموات ہوچکی ہیں اور اب بھی 51 ہزار 78  افراد مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 185 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی اور 3  افراد دورانِ علاج انتقال کرگئے۔ جن میں عثمان آباد ضلع کے 2  اور اورنگ آباد ضلع کا ایک مریض شامل ہے۔ کل بیڑ ضلع میں 79 نئے مریض پائے گئے۔ ا سکے علاوہ عثمان آباد میں 51‘ اورنگ آباد 30‘ لاتور 16‘ پربھنی 7‘ اور ناندیڑ و جالنہ اضلاع میں ایک مریض پایا گیا۔ ہنگولی ضلع میں کل کورونا کا کوئی مریض نہیں پایا گیا۔
***** ***** *****
1971 کی جنگ میں پاکستان کے خلاف بھارت کی فتح کی مناسبت سے نکالی گئی سُورنِم مشعل کا کل شام وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے ممبئی میں استقبال کیا۔ قومی جنگی یادگار پر مسلسل جلنے والی مشعل سے روشن کی گئی یہ 4 مشعلیں ملک بھر میں گھمائی جارہی ہیں۔ 1971 کی جنگ کیلئے پرم ویر چکر اور مہاویر چکر حاصل کرنے والے فوجیوں کے آبائی گائوں میں بھی ان مشعلوں کو لے جایا جارہا ہے۔
***** ***** *****
محصول و دیہی ترقیات کے وزیرِ مملکت عبدالستار نے کہا ہے کہ موسلا دھار بارش کے باعث ہوئے نقصانات کے تخمینے لگانے کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے اور متاثرین کی مدد کرنے کی حکومت پابند ہے۔ پیر کی رات کو ہوئی طوفانی بارش سے شدید متاثرہ اورنگ آباد ضلع کے کنڑ اور سوئے گائوں اور جلگائوں ضلع کے چالیس گائوں کا کل انھوںنے دورہ کیا۔ وزیرِ موصوف نے متاثرہ افراد سے ملاقات کرکے اُن کی ڈھارس بندھائی۔ انھوںنے کہا کہ اس خصوص میں وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کو معلومات فراہم کی جاچکی ہیں۔ نقصانات کی تخمینہ اندازی مکمل ہوتے ہی یہ پتہ چل جائیگا کہ در حقیقت کتنا نقصان ہوا ہے۔ اس کے بعد وزیرِ اعلیٰ خود امداد کا اعلان کریں گے۔
ریاست میں بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوچکا ہے۔ اس لیے متعدد اضلاع میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ عبدالستار نے ہنگامی انتظامی مشنری کو مستعد رہنے‘ کنڑ گھاٹ میں پتھروں کے گرنے سے پیدا شدہ رُکاوٹوں کو دور کرکے ٹریفک بحال کرنے اور متاثرین کی امداد کیلئے تجاویز فوری ارسال کرنے کی ہدایت بھی کی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع میں گذشتہ دو دِنوں سے ہوئی طوفانی بارش کے باعث چند تعلقوں میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔ ان نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے ضلع کے رابطہ وزیر دھننجے منڈے آج بیڑ ضلع کا دورہ کررہے ہیں۔ ضلع کے مراٹھواڑی‘ شیڈڑا‘ ساور گائوں‘ گنگا واڑی‘ تلواڑہ‘ رام نگر‘ پوکھری‘ گھاٹ ساوڑی اور چنچون دیہاتوں کا وزیرِ موصوف دورہ کریں گے۔
***** ***** *****
پردھان منتری ماتروندنا یوجنا پر مؤثر عمل درآمد کیلئے مرکزی حکومت نے آئندہ 7 تاریخ تک خصوصی ہفتے کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ ا س اسکیم کے تحت ریاست کے 23 لاکھ 92 ہزار افراد مستفید ہوسکیں گے۔ ان افراد میں ایک ہزار کروڑ سے زائد امدادی رقم تقسیم کی گئی ہے۔ اس اسکیم کا مقصد زچہ بچہ کی شرحِ اموات کو کم کرنا اور ماں اور بچے کی صحت بہتر بنانا ہے۔
***** ***** *****
بی جے پی کے ریاستی سیکریٹری اتل ساوے نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی زیرِ قیادت مرکزی حکومت نے ملک میں 65 کروڑ 15 لاکھ افراد کے کووِڈ ویکسنیشن کا ہدف حاصل کیا ہے، لیکن ریاستی حکومت کی خراب ویکسنیشن پالیسی کے باعث ریاست کی عوام کو ویکسین کیلئے بھاگ دوڑ کرنا پڑرہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چند چینلوں پر کہا جارہا تھا کہ اگست سے قبل 60 کروڑ افراد کے ویکسینیشن کا ہدف حاصل نہیں کیا جاسکے گا‘ لیکن 65 کروڑ 12 لاکھ افراد کو ٹیکے دیکر حکومت نے اس کا بہترین جواب دیا ہے۔
***** ***** *****
بھارت اور انگلینڈکے مابین 5 ٹیسٹ میچوں کی رواں سیریز کا چوتھا کرکٹ ٹیسٹ میچ آج سے اوول میں شروع ہورہا ہے۔ ہندوستانی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے تین بجے اس میچ کا آغاز ہوگا۔ اب تک دونوں ٹیمیں ایک ۔ ایک ٹیسٹ میچ جیت کر برابری پر ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ معیارِ تعلیم بہتر بنانے کیلئے ریاست کے 488 سرکاری اسکولوں کو مثالی اسکول بنانے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ قانون ساز کونسل کی 12 نشستوں کیلئے کی گئی سفارش سے متعلق فیصلہ کرنے کا مہا وِکاس آگھاڑی رہنمائوں کا گورنر سے مطالبہ۔
٭ ریاست میں 4 ہزار 456 نئے کورونا مریض؛ مراٹھو اڑہ میں 3 مریضوں کی موت۔
٭ موسلا دھار بارش کے باعث ہوئے نقصانات کے پنچنامے کرنے کا کام جنگی پیمانے پر جاری؛ متاثرہ کسانوں کی امداد
کی حکومت پابند: وزیرِ مملکت عبدالستار۔
اور۔۔ ٭ بھارت اور انگلینڈ کے مابین چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کا آج سے آغاز۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔ ان خبروں کو آپ آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ بھی سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****
کورونا سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر لازماً اختیار کریں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ دھوئیں‘ منہ پر ماسک ضرور لگائیں‘ ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں ‘اور سنتے رہیں آکاشوانی۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 08.04.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 08 April 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...