Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date : 07 June 2024
Time : 09.00 to 09.10 AM
آکاشوانی چھتر پتی سنبھا جی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ : ۷ ؍جون ۲۰۲۴ ء
وقت : صبح ۹.۰۰ سے ۹.۱۰ بجے
پہلے خاص خبروں کی سر خیاں ...
٭ 18؍ ویں لوک سبھا کے قیام کا عمل پوار ہوا ‘ چُناوی ضابطہ اخلاق کا اختتام
٭ ریاستی مقننہ کا مانسون اجلاس 10؍ جون کے بجائے 27؍ جون سے
٭ چھتر پتی شیواجی مہا راج کا ساڑھے تین سو واں جشن تاج پو شی جوش و جذبے سے منا یا گیا
٭ T-20؍ کرکٹ عالمی کپ مقابلے میں امریکہ نے پاکستان کو دی شکست ‘ سوپر اوور میں ہوا فیصلہ
اور
٭ جنوب -مغربی مانسون مہاراشٹر میں داخل
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی چنائو کمیشن نے 18؍ ویں لوک سبھا کے قیام کا عمل مکمل کر لیا ہے ۔چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے نئے اراکین پارلیمان کی فہرست صدر جمہوریہ محتر مہ دروپدی مُر مو کو پیش کر دی ہے ۔ اِس کے بعد کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کے اختتام کا اعلان کیا ۔ چُناوی عمل خوش اسلو بی سے انجام دینے پر صدر جمہوریہ نے چنائو کمیشن کو مبارکباد دی۔
***** ***** *****
مرکزی چنائو کمیشن نے کل رائے دہی سے متعلق اصلاح شدہ اعداد و شمار جاری کیے ۔ اِس کے مطا بق 7؍ مراحل میںمکمل ہوئے عام چنائو میں مجموعی طو رپر 65؍ اعشاریہ 79؍ فیصد رائے دہی کی گئی ۔ اِس میں مردوں کی رائے دہی کا تناسب 65؍ اعشاریہ 80؍ فیصد اور خواتین کی رائے دہی کا تنا سب 65؍ اعشاریہ 78؍ فیصد ہے ۔
مہاراشٹر میں لوک سبھا چنائو میں مجموعی طور پر 61؍ اعشاریہ 33؍ فیصد رائے دہی کی گئی ۔ اِس میں مردوں کی رائے دہی کا تناسب 63؍ اعشاریہ 45؍ فیصد اور خواتین کی رائے دہی کا تناسب 59؍ فیصد رہا ۔
***** ***** *****
مرکزی حکو مت کے قیام کے تناظر میں سیاسی جماعتوں کی میٹنگیں شروع ہو چکی ہیں۔بی جے پی کے صدر جے پی نڈا کی رہائش گاہ پر کل ہوئی میٹنگ میں پارٹی کے سر کر دہ رہنمائوں نے شر کت کی ۔اِسی طرح مشتر کہ جنتا دل کے رہنمائوں کی میٹنگ کل نتیش کمار کی صدارت میں نئی دلّی میں منعقد کی گئی تھی ۔ اِسی سلسلے میں قومی جمہوری اتحاد کے اراکین کی میٹنگ آج نئی دلّی میں ہو نے جارہی ہے ۔
شیو سینا کےسبھی نو منتخبہ اراکین پارلیمان نے کل وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کےساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ اِسی طرح راشٹر وادی کانگریس پارٹی کے اراکین اسمبلی کی میٹنگ کل ممبئی میں منعقد کی گئی تھی ۔ اِس کے بعد پارٹی کے صدر اجیت پوار نے بتا یا کہ پارٹی کا کوئی بھی ایم ایل اے شرد چندر پوار گروپ کے رابطے میں نہیں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم عام چنائو میں نا کامی کی پوری ذمہ داری قبول کر تے ہیں ۔ انھوں نے کہا ہم نئی امید کے ساتھ اسمبلی چنائو لڑیں گے ۔
***** ***** *****
راشٹر وادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی نے کل نو منتخبہ اراکین پارلیمان سمیت ممبئی میں اخباری کانفرنس سے خطاب کیا ۔ اِس موقعے پر پارٹی کے ریاستی صدر جینت پاٹل نےکہا کہ ریاستی حکو مت کے تئیں رائے دہندگان میں ناراضی پائے جارہی ہے ۔انھوں نے بتا یا کہ پارٹی کا یوم تاسیس آئندہ 10؍ تاریخ کے روزاحمد نگر میں بڑے جوش و خروش سے منا یا جائے گا ۔
***** ***** *****
ریاستی مقننہ کا مانسون اجلاس آئندہ 10؍ تاریخ کے بجائے 27؍ تاریخ سے شروع ہو گا ۔ ریاستی کا بینہ کی کل ممبئی میں منعقدہ میٹنگ کے بعد وزیر جنگلات سُدھیر مُنگنٹی وار نے یہ بات بتائی ۔ انھوں نے بتا یاکہ وزیر اعلیٰ نے پانی کی قلت کے مسائل تیزی سےجلد از جلد حل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔
***** ***** *****
چھتر پتی شیوا جی مہاراج کا ساڑھے تین سو واں جشن تاج پو شی کل ریاست بھر میں جوش و جذبے سے منا یا گیا ۔
رائے گڑھ قلعے پر شیواجی مہاراج کے ہزاروں شیدائیوں نے ڈھو ل تاشوں کی گونج میں شیو رائے کو سلامی دی ۔ اِس موقعے پر چھتر پتی سنبھا جی راجے بھی موجود تھے۔
اِسی طرح چھتر پتی سنبھا جی نگر میں شیو بھکتوں نے کرانتی چوک میں نصب چھتر پتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ ناندیڑ ضلع پریشد کی جانب سے زعفرانی جھنڈے کے ساتھ سوراج کی گوڈھی نصب کی گئی تھی ۔ خصوصی کار گذار افسر مینل کرن وال نے مہاراج کے مجسمے کو پھلولوں کا ہار پہنا کر خراج عقیدت پیش کیا ۔
ہنگولی میں بھی متعدد تنظیموں کی جانب سے شیواجی مہاراج کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کیے گئے ۔ پر بھنی میں ضلع پریشد کے خصوصی کار گذار افسر رمیش کھانڈیکر نے شیو رائےکے مجسمے کی پو جا کی ۔
اِسی دوران نئی دِلی کے قومی دالان میں بھی اِس خصوص میں نمائش کا اہتمام کیا گیاتھا ۔
***** ***** ***** ***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھتر پتی سنبھا جی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں
***** ***** ***** ***** ***** *****
T-20 ؍ کر کٹ عالمی کپ ٹور نا منٹ کے دوران کل امریکہ نے پاکستان کو سوپر اوور میں 5؍ رن سے شکست دی ۔پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے پاکستان کی ٹیم نے مقررہ اورس میں 7؍ وکٹ کے نقصان پر 159؍ رن بنائے تھے ۔ جوابی بلّے بازی میں امریکہ کی ٹیم نے بھی مقررہ اورس میں 159؍ رن بنائے ۔ لہذا مقابلے کا فیصلہ کرنے کےلیے سوپر اوور کھیلا گیا ۔ اِس میں امریکہ نے 18؍ رن بنائے جبکہ پاکستان کی ٹیم 13؍ رن ہی بنا سکی ۔
اِسی ٹور نا منٹ کے کل کھیلے گئے دوسرے مقابلے میں آسٹریلیا نے عمان کو 39؍ رنوں سے شکست دی ۔ اِسی طرح تیسرے مقابلے میں یوگانڈا نے پا پو ا نیو گینی کو 3؍ وکٹ سے شکست کے کر مقابلہ اپنے نام کر لیا ۔
***** ***** *****
جر منی میں کھیلے جا رہے آئی ایس ایف نشانے بازی عالمی کپ ٹور نا منٹ میں بھارت کے نشانے باز سرب جیوت سنگھ نے سونے کا تمغہ حاصل کیا ہے ۔ انھوں نے 10؍ میٹر ایئر پسٹل زمرے میں 242؍ اعشاریہ 7؍ پوائنٹ حاصل کیے ۔ اِس ٹور نا منٹ میں چین کے نشانے باز نے چاندی کا اور جرمی کے نشا نے باز نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا ۔
***** ***** *****
جنوب مغربی مانسون کل مہاراشٹر میں داخل ہو گیا ۔ پونا دفتر موسمیات کی اطلاع کے مطا بق کل سے مانسون کوکن کے سندھو در گ ‘ رتنا گیری اور شولا پور میں سرگرم ہوچکا ہے ۔ شعبہ موسمیات کی اطلاع کے مطا بق آئندہ 2؍ دنوں کے دوران مراٹھواڑے میں موسلا دھار بارش ہونے کی امید ہے ۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کلکٹر ابھیجیت رائوت نے کہا ہے کہ ضلعے میں موسمِ خریف سے قبل تیار یوں کا آغاز کر دیاگیا ہے۔ تخم ریزی کے لیے کاشتکاروں کی دوڑ دھوپ شروع ہو چکی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ بازار میں ناقص بیج ‘ کھاد یا ناقص جراثم کُش ادویات فروخت کرنے والے پر سخت کارروائی کی جائےگی ۔ وہ کل موسم خریف سے قبل کی تیایوں کے جائزہ اجلاس میں مخاطب تھے ۔
***** ***** *****
اِسی طرح لاتور شہر سمیت ضلع بھر میں کل زور دار بارش ہوئی ۔طوفانی ہوائوں کی وجہ سے شہر کے بیشتر حصوں میں بجلی فراہمی بند ہو گئی تھی ۔ ضلعے میں کاشتکاروں نے تخم ریزی سے قبل کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں ۔
***** ***** *****
محکمہ انسداد بد عنوانی نےپر بھنی ضلعے میں مانوت تعلقے کے پو ہنڈوڑمیں دیہی ترقیات کے افسر کو کل 10؍ ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا ۔ ڈی پی ڈی سی فنڈ کے تحت کیے گئے تر قیاتی کاموں کی رقم بینک کھاتے میں جمع کرنے سے پہلے فارم پر دستخط کرنے کے لیے اُس نے یہ رشوت مانگی تھی ۔
***** ***** *****
ریاستی حکو مت نے کاشتکاروںکو فصل قرض کی تجدید ‘ سودی معا وضہ اور حکو مت کی فلاحی اسکیمات کی اہمیت سے واقف کر وانے کے لیے دیہی سطح پرخصوصی یاترا کا آغاز کیا ہے ۔ اِس یاترا کا آغاز چھتر پتی سنبھا جی نگر سے کیاگیا ۔اس یاترا کے دوران کاشتکاروں سے مذکورہ موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ یہ یاترا آئندہ 9؍ 10؍ اور 11؍ تاریخ کے روز بیڑ ضلعے میں کاشتکاروں میں بیداری پیدا کرے گی ۔ اِس دوران کاشتکاروں کو بینکوں کی اسکیمات اور کسان سنمان یوجنا سمیت دیگر فلاحی اسکیمات کی معلو مات دی جائے گی ۔
***** ***** *****
بھارتی فوج کی ایکو بٹالین کی جانب سےعالمی یو م ماحولیات کے موقعے پر بیڑ ضلعے میں واقع دھارورقلعہ اور گھاگر واڈی میں 10؍ ہزار پودے لگائے گئے ۔ خیال رہے کہ بھارتی فوج کی بی کمپنی 136؍ ایکو بٹالین بیڑ ضلعے میںشجر کاری کا کام کررہی ہے ۔
***** ***** *****
چھتر پتی سنبھا جی ضلعے کے اُن دیہاتوں میں جل سمرُدھی گائوں ابھیان چلا یا جائے جہاں ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کیا جا رہاہے ۔ ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے یہ ہدایت دی ہے ۔وہ کل جل سمرُدھی ابھیان کے تحت گرام سیوکوں ‘ زرعی معا ونین اور تلا ٹھوں کی جائزہ میٹنگ میں اظہار خیال کر رہے تھے۔خیال رہے کہ چھتر پتی سنبھا جی نگر ضلعے میں پانی کی قلت دور کرنےکے مقصد سے تسلی بخش اقدام کیے جا ئیںگے اوراِس کام میں پانی کی شدید قلت سے متاثرہ دیہاتوں کو تر جیح دی جائے گی ۔
***** ***** *****
آخر میں اہم خبروں کی سر خیاں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے ...
٭ 18؍ ویں لوک سبھا کے قیام کا عمل پوار ہوا ‘ چُناوی ضابطہ اخلاق کا اختتام
٭ ریاستی مقننہ کا مانسون اجلاس 10؍ جون کے بجائے 27؍ جون سے
٭ چھتر پتی شیواجی مہا راج کا ساڑھے تین سو واں جشن تاج پو شی جوش و جذبے سے منا یا گیا
اور
٭ جنوب مغربی مانسون مہاراشٹر میں داخل
علاقائی خبریں ختم ہوئیں
آپ یہ خبر نامہ ہمارے یو ٹیوب چینل AIR چھتر پتی سنبھا جی نگر پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
٭٭٭
No comments:
Post a Comment