Tuesday, 4 June 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 04 جون 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 04 June-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۴/جون  ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
    ٭    لوک سبھا کے 542 حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کا آغاز؛ انتظامی اور حفاظتی مشنری پوری طرح مستعد۔
    ٭    ریاست کے تمام 48 لوک سبھا حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کیلئے ساڑھے 14 ہزار سے زائد اہلکار تعینات۔
    ٭    قحط سالی سے نمٹنے کیلئے فی الفور اقدامات کیے جائیں: شرد پوار کا مطالبہ۔
    ٭    انتروالی سراٹی کے مقامی ساکنان کی جانب سے منوج جرانگے پاٹل کے ایجی ٹیشن کی مخالفت؛ پاٹل کی آج کی ہڑتال مؤخر؛ جالنہ میں حکمِ امتناع نافذ۔
اور۔۔۔٭    اور کرکٹ کھلاڑی کیدار جادھو کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان۔
***** ***** *****

    اب خبریں تفصیل سے:
     ملک بھر میں لوک سبھا انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کا اب سے کچھ دیر قبل آغاز ہوچکا ہے۔ ملک بھر کے 543 میں سے 542 انتخابی حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ گجرات کے سورت لوک سبھا حلقے سے بی جے پی اُمیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکا ہے۔ آج کی ووٹوں کی گنتی کے تمام راؤنڈز کے حتمی اور غیر حتمی نتائج اور رجحان‘ انتخابی کمیشن کی ویب سائٹ ”رِزلٹ ڈاٹ. ای. سی. آئی. ڈاٹ. جی او وی ڈاٹ اِن پر اور ووٹر ہیلپ لائن ایپ پر دستیاب ہوں گے۔ یہ اطلاع کمیشن کی جانب سے دی گئی۔
***** ***** *****
    اسی دوران تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ملک بھر کے 542 لوک سبھا حلقوں میں 238 حلقوں کے رجحان موصول ہوئے ہیں، جن میں این ڈی اے کے 138  امیدوار برتری حاصل کیے ہوئے ہیں، جبکہ انڈیا آگھاڑی کے 97  امیدوار سبقت لیے ہوئے ہیں۔
    دریں اثناء اورنگ آباد لوک سبھا حلقے میں ڈاک ووٹوں کی گنتی کی ابتدائی اطلاعات کے مطابق مہا وِکاس آگھاڑی کے امیدوار چندرکانت کھیرے نے برتری حاصل کرلی ہے۔
    بیڑ لوک سبھا حلقے میں مہایوتی کی اُمیدوار پنکجا منڈے بیلیٹ ووٹوں کی گنتی میں اپنے مدِ مقابل امیدواروں سے سبقت لیے ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
    ریاست کے 48 لوک سبھا حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کے مراکز پر کُل 14 ہزار 507 افسران و ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے۔ مراٹھواڑہ میں تمام اضلاع کے کلکٹرز و انتخابی افسران نے کل ووٹوں کی گنتی کے مراکز پر کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ہمارے نامہ نگاروں نے بتایا کہ تمام ہی مراکز پر گنتی کے عمل کی مکمل ریہرسل بھی کی گئی۔
    اورنگ آباد لوک سبھا حلقے کیلئے ووٹوں کی گنتی بیڑ بائے پاس روڈ پر واقع ایم آئی ٹی کالج میں عمل میں آرہی ہے۔ ڈاک ووٹوں کی گنتی کیلئے 10 ٹیبل پر 68 ملازمین تعینات ہیں اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کیلئے 86 ٹیبلس پر تقریباً ساڑھے چھ سو اہلکاروں کی مدد سے اوسطاً 27  راؤنڈز میں ووٹوں کی گنتی عمل میں آئیگی۔ گنتی میں سہولت کیلئے اسمبلی حلقوں کو علیحدہ علیحدہ علامتی رَنگ دئیے گئے ہیں۔
    جالنہ میں صنعتی علاقے کے سرسوتی آٹو کمپوننٹس کی عمارت میں ووٹوں کی گنتی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس مرکز پر تقریباً 1300 ملازمین تعینات ہیں۔ لوک سبھا حلقے کے تمام چھ اسمبلی حلقوں کیلئے مجموعی طور پر 84 میزیں ووٹ گننے کیلئے لگائے گئے ہیں، جبکہ 10ٹیبلس پر ڈاک ووٹ گنے جارہے ہیں۔
    بیڑ گورنمنٹ انجینئرنگ کالج میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ اس حلقے میں 41  امیدواروں کی موجودگی کے باعث ووٹوں کی گنتی میں اضافی وقت لگ سکتا ہے۔ ابتداء میں چھ ہزار ڈاک ووٹوں کی گنتی کی جارہی ہے۔
    پربھنی کے وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی میں انجینئرنگ کالج کی عمارت میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ہر اسمبلی حلقے میں 26 راؤنڈز میں یہ گنتی کی جائیگی۔ اس مرکز پر حفاظتی انتظامات کیلئے مرکزی اور ریاستی ریزرو پولس دستے تعینات ہیں۔
    ہنگولی میں لِمباڑا مَکتا میں واقع گورنمنٹ انجینئرنگ کالج میں 84 میزوں پر ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ یہ گنتی 24 راؤنڈز میں مکمل کی جائیگی۔
    لاتور لوک سبھا حلقے میں 29 راؤنڈ میں ووٹوں کی گنتی کی جائیگی، جن میں سے ایک راؤنڈ ڈاک ووٹوں کا ہوگا۔
    ناندیڑ میں سرکاری انجینئرنگ کالج میں جاری گنتی میں ہر اسمبلی حلقے کیلئے 14 میزیں لگائی گئی ہیں اور تقریباً دوہزار افسران و ملازمین ووٹوں کی گنتی کے عمل میں تعینات ہیں۔
    عثمان آباد لوک سبھا حلقے میں تلجاپور روڈ پر واقع گورنمنٹ انجینئرنگ کالج کی عمارت میں یہ گنتی کی جارہی ہے، جس کیلئے 84 میزوں پر کم و بیش 15 سو ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
    ووٹوں کی گنتی سے متعلق خبروں کیلئے آکاشوانی سے خصوصی انتخابی بلیٹن نشر کیے جائیں گے۔ آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے شام پانچ بجکر 15 منٹ پر خصوصی بلیٹن نشر ہوگا۔ ہمارے یوٹیوب چینل اور سماجی رابطے کی دیگر ویب سائٹس پر یہ خبریں سنی جاسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ انتخابی تجزیوں پر مبنی پروگرام ”نِواڑا جنتے چا“ پروگرام صبح نو بجے سے شروع ہورہا ہے۔ ممبئی- پونہ- ناگپور اور چھترپتی سمبھاجی نگر کے سیاسی تجزیہ کار اس پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں۔
***** ***** *****
    راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے مطالبہ کیا ہے کہ قحط سالی اور پانی و چارے کی قلّت جیسے مسائل سے نمٹنے کیلئے ریاستی حکومت فی الفور اقدامات کرے۔ اس مطالبے پر مبنی ایک مکتوب انھوں نے وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کو ارسال کیا ہے۔ ان مسائل پر توجہ دیکر اگر ریاستی حکومت ٹھوس اقدامات نہیں کرتی تو عوامی مفادات میں تحریک چلانے کا انتباہ بھی شرد پوار نے اس مکتوب میں دیا ہے۔
***** ***** *****
    جالنہ ضلع میں انتروالی سراٹی میں منوج جرانگے پاٹل نے مراٹھا ریزرویشن کے مطالبے کیلئے آج 4 جون سے بھوک ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ تاہم انتروالی کے ساکنان نے کل ضلع کلکٹر سے ایک مکتوب کے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ جرانگے پاٹل کو اس کی اجازت نہ دی جائے۔ اس محضر میں کہا گیا ہے کہ جرانگے پاٹل کی ہڑتال کے باعث گاؤں کی سماجی ہم آہنگی متاثر ہورہی ہے، اس لیے انھیں بھوک ہڑتال کی اجازت نہ دی جائے۔ ان حالات کے پیشِ نظر جرانگے پاٹل نے آج سے مجوزہ اپنی ہڑتال 8 تاریخ تک ملتوی کردی ہے۔
    اسی دوران جالنہ ضلع میں دفعہ 144-2 کے تحت حکمِ امتناع نافذ کردیا گیا ہے۔ دکانوں اور تجارتی مراکز کو اس امتناع سے مستثنیٰ رکھا گیا، لیکن شہریوں کو نہایت ضروری کام کے سوا گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت ضلع کلکٹر شری کرشن پانچاڑ نے دی ہے۔
***** ***** *****
    کولہاپور شہر میں کل ڈرائیور سے بے قابو ہوجانے والی تیز رفتار کار نے سات افراد کو کچل دیا۔ جس سے تین افراد جائے حادثے پر ہی ہلاک اور دیگر چار شدید زخمی ہوگئے۔ اس سلسلے میں جاری خبروں میں بتایا گیا ہے کہ شیواجی یونیورسٹی کے سابق پرو وائس چانسلر وی ایم چوہان پر ڈرائیونگ کے دوران قلبی حملے کے باعث یہ حادثہ رونماء ہوا۔ مہلوکین میں چوہان بھی شامل ہیں۔ پربھنی ضلع میں بھی ایک تیز رفتار کار کی ٹکر سے ایک ٹو وہیلر سوار کی موت واقع ہوگئی۔
***** ***** *****
    کرکٹ کھلاڑی کیدارجادھو نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ فروری 2020 میں انھوں نے بھارت کیلئے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا آخری بین الاقوامی میچ کھیلا تھا۔ کیدار نے اپنے کیریئر میں 73 ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور 9 ٹی- ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے۔
***** ***** *****
    ٹی- ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل نیویارک میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کی ٹیم کو چھ وِکٹ سے شکست دے دی۔ جبکہ بارباڈوس میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا نے سپر اوور میں عمان کو 11 رنوں سے شکست دے دی۔
    آج گیانا میں افغانستان اور یوگانڈا کے مابین میچ جاری ہے۔ آج رات آٹھ بجے بارباڈوس میں انگلینڈ کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ سے اور ٹیکساس میں نیدرلینڈ کا مقابلہ نیپال سے ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
     ٭    لوک سبھا کے 542 حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کا آغاز؛ انتظامی اور حفاظتی مشنری پوری طرح مستعد۔
    ٭    ریاست کے تمام 48 لوک سبھا حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کیلئے ساڑھے 14 ہزار سے زائد اہلکار تعینات۔
    ٭    قحط سالی سے نمٹنے کیلئے فی الفور اقدامات کیے جائیں: شرد پوار کا مطالبہ۔
    ٭    انتروالی سراٹی کے مقامی ساکنان کی جانب سے منوج جرانگے پاٹل کے ایجی ٹیشن کی مخالفت؛ پاٹل کی آج کی ہڑتال مؤخر؛ جالنہ میں حکمِ امتناع نافذ۔
اور۔۔۔٭    اور کرکٹ کھلاڑی کیدار جادھو کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 21.04.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 21 April 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्र...