Tuesday, 3 June 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 03 جون 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 03 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳/ جون ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۰:۹-۰۱:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بھارت عالمی ہوا بازی میں ایک اُبھرتا ہوا ملک ہے اور UDAN اسکیم کی کامیابی ملک کے ہوا بازی شعبے میں ایک سنہرا باب ہے: وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ زراعت اور کسان خوشحال ہو: مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان کا اظہارِ خیال۔
٭ 76 کلو میٹر طویل ناگپور- ممبئی سمردّھی شاہراہ کے آخری مرحلے کا افتتاح پانچ جون کو وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں ہوگا۔
٭ انسدادِ دہشت گردی دستے کا تھانے ضلعے میں چھاپہ؛ 12 مشتبہ افراد گرفتار۔
اور۔۔۔٭ IPL کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل آج؛ پنجاب کنگز اور رائل چیلنجرس بنگلورو کے مابین مقابلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ آج کا بھارت اعتماد‘ اسٹرٹیجک قیادت‘ اختراع اور جامع ترقی کی علامت ہے اور اب عالمی ہوا بازی میں ایک اہم ملک کے طور پر اُبھررہا ہے۔ وہ کل نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں انٹرنیشنل ایئرٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے 81 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔انھوں نے کہا:
BYTE: PM NARENDRA MODI
بھارت دنیا کی تیسری سب سے بڑی گھریلو ہوا بازی مارکیٹ ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ UDAN اسکیم کی کامیابی بھارتی شہری ہوا بازی کے شعبے میں ایک سنہرا باب ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت دنیا کی سرکردہ ایئرلائنز کیلئے سرمایہ کاری کا بہترین موقع پیش کرتا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ زراعت کی ترقی ہو اور کسان خوشحال ہو۔ وہ کل بہار کے موتیہاری میں کسانوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے منعقدہ ایک سمینار سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ملک بھر میں 16ہزار سائنسداں ترقی یافتہ زراعت سنکلپ مہم کے ذریعے کسانوں سے براہِ راست بات چیت کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ پیداوار بڑھانے، پیداواری لاگت کم کرنے اور زرعی مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے پر کام کررہے ہیں۔ انھوں نے واضح کیا کہ حکومت دالوں اور تیل کے بیجوں کی کاشت کی حوصلہ افزائی کررہی ہے اور حکومت کا مقصد زراعت کو زیادہ منافع بخش بنانا ہے اور زراعت بھارتی معیشت کی سب سے بڑی طاقت ہے۔
***** ***** *****
ملک میں چھ کروڑ سے زیادہ کسانوں کے ڈیجیٹل شناختی کارڈ تیار کیے گئے ہیں۔ مرکزی حکومت کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار میں یہ اطلاع دی گئی ہے۔ ان شناختی کارڈز میں کسانوں کی زمین کا ریکارڈ‘ مویشی‘ فصلوں کی معلومات اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی درج ہوگی۔ ان شناختی کارڈ کا استعمال فصل بیمہ اور وزیرِ اعظم کسان سمّان اسکیم کے فوائد حاصل کرنے کیلئے کیا جائے گا۔ سب سے زیادہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ اُترپردیش میں ایک کروڑ 30 لاکھ کسانوں کیلئے تیار کیے گئے ہیں جبکہ مہاراشٹر میں 99 لاکھ تیار کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ شہریوں کے بدلتے طرزِ زندگی کی وجہ سے مختلف بیماریوں کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اور ایسی بیماریوں پر قابو پانے کیلئے جدید علاج کے طریقوں کے ساتھ صحت مند طرزِ زندگی ضروری ہے۔ وہ کل ناسک میں شری سائی بابا ملٹی اسپیشلٹی اسپتال‘ ہارٹ انسٹیٹیوٹ اور ریسرچ سینٹر کے افتتاح کے بعد مخاطب تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ علاج کے بہتر طریقوں کی ترقی کی وجہ سے گذشتہ کچھ سالوں میں بھارتیوں کا معیارِ زندگی بلند ہوا ہے اور سائی بابا اسپتال میں علاج کے جدید طریقوں کی وجہ سے مریض کو اچھی طبّی خدمات حاصل ہوں گی۔
***** ***** *****
اِگت پوری تا آمنے ناگپور- ممبئی سمردّھی ہائی وے کے آخری مرحلے کا افتتاح 5 تاریخ کو وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کریں گے۔ اِگت پوری تا تھانے کے آمنے تک 76 کلو میٹر طویل مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ ریاستی روڈ ترقی کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر انیل کمار گائیکواڑ نے بتایا کہ اس مرحلے کی تکمیل کے بعد اب لوگ سمردّھی ہائی وے پر ناگپور سے ممبئی تک سفر کرسکیں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ کل 65 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ پونے میں سب سے زیادہ 25 مریض ہیں، جبکہ ممبئی میں 22 مریضوں کا اندراج ہوا ہے۔ اس سال ریاست میں اب تک 814 کورونا مریض پائے گئے ہیں۔ ان میں سے 300 صحت یاب ہوچکے ہیں اور 506 مریض زیرِ علاج ہیں۔ جیسے جیسے کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے‘ سانس کی بیماریوں میں مبتلاء مریضوں کا سروے کیا جارہا ہے اور ان کے کورونا ٹسٹ کیے جارہے ہیں۔ تہوار کے دوران ہلکی علامات دیکھی جارہی ہیں‘ تاہم محکمہئ صحت نے شہریوں سے نہ گھبرانے اور احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
آئندہ 15 تاریخ کو ہونے والے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کورسیز کیلئے NEET امتحان کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ نیشنل بورڈ آف میڈیکل ایگزامنیشن نے اس حوالے سے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید امتحانی مراکز اور انفراسٹرکچر کا بندوبست کرنے کیلئے امتحان ملتوی کیا گیا ہے اور نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
دی انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹس (ICAI) نے ستمبر 2025 میں منعقد ہونے والے چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ (CA)امتحانات کے نظام الاوقات کا اعلان کیا ہے۔ ان امتحانات کیلئے درخواست کا عمل 5 جولائی سے شروع ہوگا۔ ICAI نے کہا ہے کہ یہ امتحانات 3 سے 22 ستمبر تک ہوں گے۔
***** ***** *****
ریاستی تعلیمی بورڈ نے گیارہویں جماعت میں داخلے کیلئے آن لائن رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں 5 جون تک توسیع کردی ہے۔ یہ معیاد آج ختم ہونے والی تھی۔ آن لائن داخلہ کے عمل میں کالجوں کے اندرونِ خانہ کوٹے کو پُر کرنے کیلئے ضروری تبدیلیوں کے حوالے سے حکومت کی جانب سے 31 مئی کو حکم دینے کے بعد اس آخری تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔ اس خط کے مطابق دس فیصد نشستیں اِن ہاؤس کوٹے کے تحت نجی طور پر زیرِ انتظام اعلیٰ ثانوی اسکولوں اور جونیئر کالجوں کیلئے مختص کی جائیں گی۔
***** ***** *****
دہشت گردی سے متعلق ایک معاملے میں مہاراشٹر (ATS) نے تھانے ضلع میں چھاپہ مارکر 12مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ انسدادِ دہشت گردی دستے نے ثاقب ناچن‘ عاقب ثاقب ناچن، عبداللطیف کاسکر‘ کیف ناچن‘ شاجیل ناچن‘ فاروق زبیر ملا سمیت ممنوعہ سیمی کے کچھ سابق عہدیداروں کے گھروں کی تلاشی کی۔ تلاشی کے دوران چھ افراد نہیں ملے‘ ATS نے مزید جانچ کیلئے 12 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
***** ***** *****
سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی رہنماء گوپی ناتھ منڈے کو آج ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ عوامی قائد گوپی ناتھ منڈے اسمرتی سمیتی کی جانب سے چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں سرکاری دودھ ڈیری کے احاطے میں خراج عقیدت کا پروگرام منعقد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ودربھ کی پنڈھری کے نام سے مشہور بلڈانہ ضلعے کے شیگاؤں سے سنت گجانن مہاراج کی پالکی، کل مختلف نعروں کی گونج میں پنڈھرپور کی طرف روانہ ہوئی۔ اس پالکی جلوس میں 700 وارکری شریک ہیں۔
***** ***** *****
راجیہ سبھا کے رُکنِ پارلیمان ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے آٹرم گھاٹ پر ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے تعمیر کیے جارہے زیرِ زمین راستے، شہر میں گھریلو گیس کیلئے نصب کی جارہی پائپ لائن اور اس لائن سے گیس کی تقسیم اور چھاؤنی علاقے میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی یادگار جیسے مختلف کاموں کا جائزہ لیا۔ کراڑنے محکمہ ریلوے اور قومی شاہراہ محکمے کو آٹرم گھاٹ پر سرنگ کی تعمیرکیلئے ایک علیحدہ پروجیکٹ رپورٹ تیار کرنے کی تجویز پیش کی۔
***** ***** *****
انڈین پریمیر لیگ (IPL) کا فائنل مقابلہ آج احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں رائل چیلنجرز بنگلورو اور پنجاب کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ شام ساڑھے سات بجے سے اس میچ کا آغاز ہوگا۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں کوکن کے چند مقامات اور وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور ودربھ کے مختلف مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
عید الاضحی کے پیشِ نظر لاتور میں میں ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر-گھوگے نے کل امن کمیٹی کا ایک اجلاس منعقد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ضلع میں جینتی اور تہوار پرامن طریقے سے منانے کی شاندار روایت ہے۔ لہٰذا ضلع کلکٹر نے سبھی سے اس روایت کو برقرار رکھنے کیلئے قوانین پر عمل کرنے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بھارت عالمی ہوا بازی میں ایک اُبھرتا ہوا ملک ہے اور UDAN اسکیم کی کامیابی ملک کے ہوا بازی شعبے میں ایک سنہرا باب ہے: وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ زراعت اور کسان خوشحال ہو: مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان کا اظہارِ خیال۔
٭ 76 کلو میٹر طویل ناگپور- ممبئی سمردّھی شاہراہ کے آخری مرحلے کا افتتاح پانچ جون کو وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں ہوگا۔
٭ انسدادِ دہشت گردی دستے کا تھانے ضلعے میں چھاپہ؛ 12 مشتبہ افراد گرفتار۔
اور۔۔۔٭ IPL کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل آج؛ پنجاب کنگز اور رائل چیلنجرس بنگلورو کے مابین مقابلہ۔
***** ***** *****

No comments:

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 23 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 23 December-2025 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبری...