Saturday, 7 June 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 07 جون 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 07 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷/ جون ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعظم کے ہاتھوں دریائے چناب پر تعمیر دنیا کا سب سے اونچا کمان دار ریلوے پُل عوام کے نام وقف۔
٭ ریزرو بینک آف انڈیا (RBI) نے گذشتہ دو ماہی مالیاتی پالیسی کے جائزاتی اجلاس میں ریپو ریٹ یعنی سود کی شرح میں آدھے فیصد کی‘ کی کمی۔
٭ آج ملک بھر میں منائی جارہی ہے عیدالضحیٰ؛ بقرعید کا یہ تہوار قربانی‘ ایمان اور انسانی اقدار کی علامت ہے: صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کا اظہارِ خیال۔
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کی تاج پوشی کا دن کل منایا گیا مختلف پروگراموں کے ساتھ۔
اور۔۔۔٭ سینئر مفکر داجی پنشیکر کی وفات؛ ویاسنگی روایت کی کڑی ٹوٹ گئی؛ وزیرِ اعلیٰ نے کیا خراجِ عقیدت پیش۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں شروع کیا جانے والا اُدھم پور- سری نگر- بارہمولہ ریلوے پروجیکٹ بھارت کی نئی طاقت کی علامت ہے۔ وزیرِ اعظم کل جموں کشمیر میں 46 ہزار کروڑ روپؤں کے مختلف بنیادی ڈھانوں کے منصوبوں کا افتتاح کرنے کے بعد بول رہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے اُدھم پور- سری نگر- بارہمولہ ریلوے پروجیکٹ کو عوام کے نام وقف کیا۔ اسی کے ساتھ انھوں نے دنیا کے بلند ترین کمان دار چناب ریلوے اور ملک کے سب سے اونچے کیبل پُل اَنجی پُل کا بھی افتتاح کیا جو اس منصوبے کا حصہ ہے۔ ریلوے کے اس پروجیکٹ کو مکمل کرنا بہت مشکل تھا‘ تاہم ہماری حکومت نے اس چیلنج کو پورا کیا۔ وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ یہ دونوں پل جموں کشمیر کی خوشحالی کا راستہ بنیں گے اور اس سے معیشت کے دیگر شعبوں سمیت سیاحت کو فائدہ پہنچے گا۔ انھوں نے کہا کہ آج کی تقریب بھارت کے اتحاد اور قوتِ ارادی کا جشن ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: PM Narendra Modi
اس سے قبل وزیرِ اعظم نے کٹرا میں شری ماتا ویشنو دیوی‘ سری نگر وندے بھارت ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔
***** ***** *****
ریزرو بینک آف انڈیا (RBI) نے مالیاتی پالیسی کمیٹی نے ریپو ریٹ یعنی سود کی شرح میں آدھے فیصد کی کمی کی ہے‘ جس کے بعد ریپو ریٹ ساڑھے پانچ فیصد ہوگیا ہے۔ گورنر سنجئے ملہوترا نے کل ممبئی میں کمیٹی کی میٹنگ کے بعد دو ماہی مالیاتی پالیسی کا اعلان کیا۔ کمیٹی نے گذشتہ فروری سے مسلسل تیسری بار سود کی شرح میں کمی کی ہے۔ جس سے اس مدت کے دوران ریپو ریٹ میں کُل ایک فیصد کی کمی آئی۔ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے رواں مالی برس کے دوران Inflation یعنی مہنگائی کی شرح 3.7 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں کل 12نکسلیوں نے گڈچرولی پولس ہیڈکوارٹر میں خود سپردگی کی۔ ان سب کے سروں پر کم و بیش ایک کروڑ 12 لاکھ روپئے کے انعامات تھے۔ ہتھیار ڈالنے والے 13 نکسلیوں کی اجتماعی شادی کی گئی۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کہا کہ مہاراشٹر ہمیشہ نکسلیت کے خلاف سب سے آگے رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نکسلیت کے خلاف لڑائی آخری مرحلے میں ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ آئندہ مارچ 2026 تک نکسلیت کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نکسلیت سے متاثرہ علاقوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے گذشتہ گیارہ برسوں میں خدمت‘ بہترین حکمرانی اور غریبوں کی فلاح و بہبود کے اُصولوں کے ذریعے ملک کے شہریوں کے معیارِ زندگی میں بنیادی تبدیلی لائی ہے۔ زرعی شعبے میں مختلف اسکیمات کے ذریعے اَن داتا کسانوں کی ترقی کو ترجیح دی جارہی ہے۔ کسانوں کیلئے یہ سہولت پیدا کی گئی ہے کہ وہ اپنا مال براہِ راست فروخت کرسکیں۔ حکومت نہ صرف کسانوں کیلئے اسکیمات نافذ کررہی ہے بلکہ انھیں بااختیار بھی بنارہی ہے۔ سماعت کریں اس بارے میں یہ رپورٹ:
Voice Cast
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
عیدالضحیٰ یعنی بقرعید آج ملک بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ اس موقع پر صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے ہم وطنوں کو مبارکباد دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عید کا یہ تہوار قربانی‘ ایمان اور انسانی اقدار کی علامت ہے۔ گورنر سی پی رادھا کرشنن نے بھی بقرعید پر شہریان کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انھوں نے اپنے پیغام میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ یہ تہوار ہر ایک کی زندگی میں خوشی‘ امن اور خوشحالی لائے۔ بقرعید حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اپنے بیٹے اسمٰعیل علیہ السلام کو خدا کے حکم کی تعمیل میں قربان کرنے کی رضامندی کی یاد میں منائی جاتی ہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں آج مساجد اور عیدگاہوں میں عید کی نماز ادا کی جارہی ہے۔ راجدھانی نئی دہلی میں عقیدت مند بڑی تعداد میں نماز ادا کرنے کیلئے جامع مسجد‘ فتح پوری مسجد اور شاہی عیدگاہ میں جمع ہوئے ہیں۔ دہلی حکومت کی طرف سے گائے‘ بچھڑے اور دیگر ممنوعہ جانوروں کی قربانی کی خلاف سخت ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے۔ شہری حکومت نے قربانی کی رسومات کی تصاویر لینے اور شیئر کرنے پر پابندی عائد کی ہے اور ہدایت دی ہے کہ عوامی مقامات پر قربانی نہ کی جائے۔
***** ***** *****
ہندوی سوراج کے بانی چھترپتی شیواجی مہاراج کی تاج پوشی کی تقریب کل رائے گڑھ قلعے میں جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ شیواجی مہاراج کی شان میں بلند کیے گئے نعروں سے رائے گڑھ قلعہ گونج اُٹھا۔ روایتی کپڑوں میں ملبوس شیو بھکتوں کے لوک فن اور پوواڑوں نے سب کا دل جیت لیا۔ اس موقع پر شیواجی مہاراج کو کولہاپور کے سابق رُکنِ پارلیمان سمبھاجی راجے اور کلکٹر کشن جاؤلے کی موجودگی میں سرکاری خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تاج پوشی کی یاد میں ریاست کے دیگر مقامات پر بھی مختلف پروگرامس منعقد کیے گئے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد میں رابطہ وزیر سنجئے شرساٹ کے ہاتھوں گڑھی بناکر یومِ تاجپوشی منایا گیا۔ ایلورہ کے مالوجی راجے بھونسلے قلعے میں بھی شیواجی مہاراج کا جشنِ تاجپوشی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس مناسبت سے پربھنی میں بھی مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر رگھوناتھ گاؤڑے نے شیواجی مہاراج کی مورتی کی پوجا کی۔
ناندیڑ ضلع پریشد میں بھی شیوراجیہ ابھیشیک دن مختلف پروگرامس کے ساتھ منایا گیا۔
***** ***** *****
سینئر مفکر نرہری وشنو شاستری عرف داجی پنشیکر کل شام تھانے میں چل بسے۔ وہ 92 برس کے تھے۔ رامائن‘ مہا بھارت کے ویاسنگی اور سنت ادب کے ماہر داجی پنشیکر نے پچاس برس سے زیادہ عرصے تک لیکچر اور ادب کے ذریعے سماج میں بیداری پیدا کی۔ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے داجی پنشیکر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے ویاسنگی روایت کی ایک عظیم کڑی جس نے اپنی تحریروں اور لیکچرس کے ذریعے بھارتی تہذیب اور سنت ادب کی شان کو ظاہر کیا تھا‘کھو گئی ہے۔
***** ***** *****
آئندہ 21 جون کو گیارہواں بین الاقوامی یوگا دن منایا جائے گا۔ یوگا ڈے کیلئے اب 14 دن باقی رہ گئے ہیں۔ اس موقع پر یوگا کی تربیت دینے والی خاتون انجلی آیاچیت نے منڈوکاسن سے متعلق معلومات دی۔ انھوں نے اس کے طریقہئ کار سے متعلق بتایا اور کہا کہ شوگر کے مریضوں کیلئے یہ بہت کارآمد آسن ہے۔ اس آسن کو روزانہ تین سے چار بار دہرانے سے شوگر لیول نارمل ہوجاتا ہے۔ اس سے قدرتی طور پر Pancriatic یعنی انسولین پیدا ہوتی ہے جو خون کی شکر کو قابو میں رکھتی ہے۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال:
آئندہ دو دِنوں میں کوکن‘ وسطی مہاراشٹر‘ مراٹھواڑہ اور ودربھ میں چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ پونے میں واقع محکمہئ موسمیات نے ان علاقوں کے مختلف مقامات پر بادلوں کی گرج‘ بجلی کی چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ برسات ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیرِ اعظم کے ہاتھوں دریائے چناب پر تعمیر دنیا کا سب سے اونچا کمان دار ریلوے پُل عوام کے نام وقف۔
٭ ریزرو بینک آف انڈیا (RBI) نے گذشتہ دو ماہی مالیاتی پالیسی کے جائزاتی اجلاس میں ریپو ریٹ یعنی سود کی شرح میں آدھے فیصد کی‘ کی کمی۔
٭ آج ملک بھر میں منائی جارہی ہے عیدالضحیٰ؛ بقرعید کا یہ تہوار قربانی‘ ایمان اور انسانی اقدار کی علامت ہے: صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کا اظہارِ خیال۔
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کی تاج پوشی کا دن کل منایا گیا مختلف پروگراموں کے ساتھ۔
اور۔۔۔٭ سینئر مفکر داجی پنشیکر کی وفات؛ ویاسنگی روایت کی کڑی ٹوٹ گئی؛ وزیرِ اعلیٰ نے کیا خراجِ عقیدت پیش۔
***** ***** *****

No comments: