Friday, 20 June 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 20 جون 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 20 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۰؍ جون ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۰۰:۹-۱۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست میں 11 اہمیت کے حامل پروجیکٹوں کے حصولِ اراضی کیلئے 53 ہزار354 کروڑ روپے فراہم کرنے کی وزیر اعلیٰ کی ہدایت- حصولِ اراضی کا عمل اندرونِ 15 یوم مکمل کرنے کے احکامات۔
٭ QS ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میںملک کے 54 تعلیمی اداروں کی درجہ بندی۔
٭ سنت گیانیشور مہاراج کی پالکھی آشاڑھی واری کیلئے پنڈھرپور کی جانب روانہ۔
٭ بین الاقوامی یوگادن کے موقعے پر عوامی بیداری سمیت مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور انگلینڈ کےمابین پانچ میچوں کی کرکٹ ٹیسٹ سیریز کا آج سے انگلینڈ میں آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ہدایت دی ہے کہ ریاست کے 11 اہمیت کے حامل منصوبوں کیلئے حصولِ اراضی کیلئےدرکار 53ہزار 354کروڑ روپئے کا فنڈ فراہم کیا جائے۔ وہ گزشتہ روز منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی کہ اراضی کا حصول نہ ہونے کی وجہ سے کوئی منصوبہ تعطل کا شکار نہ ہو۔ اس اجلاس میں ریاست کے جالنہ-ناندیڑ ایکسپریس وے، سمیت وردھا-ناندیڑ اور دیگر ریلوے منصوبوں اور چھترپتی سمبھاجی نگر کے علاوہ ریاست کے مختلف ہوائی اڈوںکیلئے زمین کے حصول کے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ان تمام منصوبوں کی اراضی کے حصول کا عمل 15 دنوں میں مکمل کرنے کے احکامات بھی دئیے۔
***** ***** *****
قبائلی امور کے وزیرِ مملکت درگا داس اُئیکے نے یقین ظاہر کیا ہے کہ 2047 تک ملک سے سِکل سیل کی بیماری کا خاتمہ ہو جائے گا۔وہ کل بین الاقوامی سکل سیل دن کے موقع پر دہلی کے ایمس اسپتال میں منعقدہ ایک جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ اُئیکے نےبتایا کہ متعلقہ وزارت سِکل سیل کی بیماری کیلئے ایک دوا تیار کرنے کے مقصد سے مقابلے کا انعقاد کر رہی ہے، اور اس مقابلے میں منتخب ہونے والی دوا سازی کے منصوبے کو دس کروڑ روپے تک فنڈ فراہم کیا جائے گا۔
***** ***** *****
QS ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں 54 بھارتی تعلیمی اداروں کو درجہ دیا گیا ہے۔ مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے سماجی رابطوں پر لکھے گئے ایک پیغام میں یہ جانکاری دی۔ اس درجہ بندی میں آئی آئی ٹی ممبئی، ساوتری بائی پھلے پونے یونیورسٹی اور مہاراشٹر کی ممبئی یونیورسٹی کو درجہ دیا گیا ہے۔ دھرمیندر پردھان نے بتایا کہ 2014 میں، صرف 11 ہندوستانی یونیورسٹیوں کی QS رینکنگ میں درجہ بندی کی گئی تھی، لیکن اب ان میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس درجہ بندی میں بھارتی تعلیمی اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
شیوسینا کے 59ویں یومِ تاسیس کے موقع پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل ممبئی میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شیو سینا کے خواتین محاذ کی طرف سے چلائی جانے والی ’’جہیز سے پاک مہاراشٹر‘‘ مہم کا اعلان کیا۔
شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے بھی کل ممبئی میں پارٹی کے یومِ تاسیس کے موقع پر پارٹی کارکنان کے ایک اجتماع سے خطاب کیا۔
***** ***** *****
سنت گیانیشور مہاراج کی پالکی کل پونے ضلع کے آڑَندی سے آشاڑھی واری کیلئے پنڈھر پور کی طرف روانہ ہوئی۔ آج پونے میں اس پالکی کی آمد ہوگی۔ جبکہ سنت شرومنی تکارام مہاراج کی پالکی نے کل آکُرڈی میں مقام کیا۔
مراٹھواڑہ سے بھی مختلف پالکیوں کا پنڈھر پور کی طرفسفر جاری ہے۔
مکتائی نگر کے سنت شری مکتا بائی کی پالکی کل بیڑ ضلع میں داخل ہوئی۔ جبکہ شام کو یہ پالکی گیورائی پہنچی، جہاں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے پالکھی کے درشن کیے۔ آج گڑھی میں واقع بھوانی مندر علاقے میں اس پالکی کی رائونڈ تقریب منعقد ہوگی۔
اسی طرح شیگاؤں سے نکالی گئی سنت شری گجانن مہاراج کی پالکی بھی کل بیڑ ضلعے کے پرلی ویجناتھ پہنچی۔
ناندیڑ ضلعے کے قندھار میں تقریباً تین سو سال پرانی روایت والی سنت سادھو مہاراج قندھارکر کی پالکی کل پنڈھر پور کی جانب گامزن ہوئی۔
***** ***** *****
آشاڑھی واری کے دوران گزشتہ 11 سالوں میں مرکزی حکومت کی طرف سے کیے گئے کاموں کی معلومات فراہم کرنے والی ایک گاڑی کو مرکزی وزیرِ مملکت مرلی دھر موہوڑ نے کل پونے میںہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس گاڑی پر آویزاں مختلف معلوماتی بینرز اور پوسٹرز اور فنکاروں کے ذریعے حکومت کے کاموں کے بارے میں عو ام کو معلومات فراہم کی جائیں گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
یوگا کے آسنوں میں، سوریہ نمسکار کو ہمہ جہت یوگا مشق کے طور پر جانا جاتا ہے۔ کل 21جون سنیچر کو منائے جا نے والے گیارہویں بین الاقوامی یوگا دن کے پس منظر میں آج چھترپتی سمبھاجی نگر کی یوگا تربیت کار ڈاکٹر اسمیتا دکشت نے سوریہ نمسکار کے بارے میں معلومات دی۔ انھوں نے بتایا کہ یہ یوگا کے مختلف آسنوں کا مجموعہ ہے اور اس آسن سے خون کا دور ان صحیح ہوتا ہے اور ایک اطمینان حاصل ہوتا ہے۔ تاہم کمر اور منکوں کے درد میں مبتلا مریضوں کو مناسب رہنمائی لیکرہی یہ آسن کرنے کا مشورہ انھوں نے دیا۔
***** ***** *****
بین الاقوامی یوگا دن کے پس منظر میں کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک خصوصی بیداری اجتماع منعقدہوا۔ اس کے تحت مرکزی اطلاعاتی ادارہ، ضلع انتظامیہ اور بھارتیہ یوگا ادارے کے اشتر اک سے یوگا دِنڈی نکالی گئی۔ اس موقعے پر شیو درشن ثقافتی دستے کی جانب سے یوگا شاعری اور یوگا کے مظاہرے بھی کیے گئے۔ضلعی سطح پر یوگا دن کامرکزی پروگرام کل صبح بی بی کا مقبرہ احاطے میں منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
لاتور میں یوگا دن کا ضلعی سطح کا پروگرام صبح ساڑھے چھ بجے ضلع اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگا۔ جبکہ ناندیڑ میں یوگا دن کا مرکزی پروگرام پولس کمشنریٹ کے مشقی میدان پر‘ اور دھاراشیو میں تلجابھوانی ضلع اسپورٹس کمپلیکس کے بیڈمنٹن ہال میں منعقد ہوگا۔ انتظامیہ نے صبح کے اوقات میں منعقدہ ان پروگراموں میں بڑی تعداد میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
جنگلاتی دنیا کے معروف مطالعہ نگار پدم شری ماروتی چتم پلی کی کل شولاپور میں سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی گئیں۔ اس موقعے پر پولس دستوں کی جانب ہوا میں تین را ئونڈ گولیاں چلاکر چتم پلی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ چتم پلی کا پرسوں ضعیف العمری اور علالت کے باعث انتقال ہوگیا تھا۔ وہ 94 برس کے تھے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے میں سرکاری امداد کی تقسیم میں بدعنوانی کے معاملے میں ضلع انتظامیہ نے کل مزید 11 لوگوں کیخلاف معطلی کی کارروائی کی۔ ان میں ایک منڈل افسر، چھ تلاٹھی اور چار معاون محصول ملازمین شامل ہیں۔ اس معاملے میں پہلے مرحلے میں دس تلاٹھیوں کو معطل کیا گیا تھا۔ ضلع مجسٹریٹ نے کچھ اعلیٰ افسران کو وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کیے ہیں۔
***** ***** *****
لاتور، بیڑ اور دھاراشیو اضلاع کے کچھ حصوں کو پانی فراہم کرنے والے مانجرا آبی پشتہ میں فی الحال 28 فیصد پانی کا ذخیرہ ہے۔ اس پشتے میں قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 49اعشا ریہ 492 ملین کیوبک میٹر تک پہنچ گیا ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے کے، عمری تعلقہ کے تقریباً 632 نفوس کی آبادی والے کوڑگاؤں میں، جل جیون مشن کے تحت منظور شدہ 81 لاکھ 52 ہزار روپے کے پانی فراہمی منصوبے کے کام کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیے گئے ہیں۔ گاؤں کے کل 143 گھروں کو نل کنکشن دیے گئے ہیں اور اس منصوبے پر عمل درآمد کی ذمہ داری گرام پنچایت انتظامیہ کو سونپی گئی ہے۔
***** ***** *****
بھارت اور انگلینڈ کے مابین پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز آج سے انگلینڈ میں ہو رہا ہے۔ اس سیریز کا پہلا میچ آج لیڈز میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ ہندوستانی وقت کے مطابق سہ پہرساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔ اس سیریز میں شبھمن گل بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے‘ جبکہ رشبھ پنت نائب کپتان کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ شہر سمیت دونوں اضلاع کے بیشتر مقامات پر کل دوپہر زوردار بارش ہوئی ۔ جبکہ ان دونوں اضلاع کے ساتھ پربھنی، ہنگولی اور ناندیڑ سمیت ودربھ کے مختلف اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ناسک ضلعے میں شدید بارش کی وجہ سے گوداوری ندی میں طغیانی آئی ہوئی ہے۔ جس کی وجہ سے دارنا اور ناندور مدھیمیشور آبی پشتوں سے پانی کا اخراج شروع کر دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بچوں میں معذوری کی تشخیص کیلئے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک خصوصی جانچ کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ یہ کیمپ کل دوپہر 12 بجے گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال گھاٹی کے او پی ڈی شعبے میں منعقد ہوگا
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست میں 11 اہمیت کے حامل پروجیکٹوں کے حصولِ اراضی کیلئے 53 ہزار354 کروڑ روپے فراہم کرنے کی وزیر اعلیٰ کی ہدایت- حصولِ اراضی کا عمل اندرونِ 15 یوم مکمل کرنے کے احکامات۔
٭ QS ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میںملک کے 54 تعلیمی اداروں کی درجہ بندی۔
٭ سنت گیانیشور مہاراج کی پالکھی آشاڑھی واری کیلئے پنڈھرپور کی جانب روانہ۔
٭ بین الاقوامی یوگادن کے موقعے پر عوامی بیداری سمیت مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور انگلینڈ کےمابین پانچ میچوں کی کرکٹ ٹیسٹ سیریز کا آج سے انگلینڈ میں آغاز۔
***** ***** *****

No comments: