Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 21 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۲/ جون ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ گیارہویں بین الاقوامی یوگا دِن کی آندھرا پردیش کے وشاکھا پٹنم میں وزیرِ اعظم کی موجودگی میں مرکزی تقریب کا انعقاد۔
٭ پونے میں وارکری بھکتی کے پروگرام کا انعقاد‘ جبکہ مراٹھواڑہ میں ہر طرف یوگا کی مشقوں کا اہتمام۔
٭ نافیڑ کسانوں سے براہِ راست زرعی پیداوار خریدے گا: امدادِ باہمی کے مرکزی وزیر امت شاہ کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ بھارت نے بنائے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ کرکٹ میچ کے پہلے دن تین وِکٹ پر 359 رنز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ یوگا دنیا بھر کے کروڑوں لوگوں کیلئے زندگی کا ایک حصہ بن گیا ہے۔ آج گیارہواں بین الاقوامی یوگا دِن ہے۔ اس عالمی یوگا دِن کی مرکزی تقریب آندھرا پردیش کے وِشاکھا پٹنم میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب کے دوران رہنمائی کرتے ہوئے وزیرِ اعظم مودی نے سماجی ہم آہنگی کے معاملے میں بھارت کے کردار کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوگا کی مشق دنیا میں موجود کشیدگی کے دوران ہمیں امن کا راستہ دکھاتی ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: PM Narendra Modi
اس پروگرام کے دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی سمیت مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو‘ آیوش کے وزیر پرتاپ راؤ جادھو‘ آندھراپردیش کے وزیرِ اعلیٰ چندربابو نائیڈو ار دیگر معززین نے یوگا کی مشق میں حصہ لیا۔ کم و بیش تین لاکھ سے زائد شہریان نے اس موقع پر ایک ساتھ یوگا کیا۔ یوگا کی مشق کرنے والے شہریان کے ہجوم سے وشاکھا پٹنم شہر کی سڑکیں، میدان اور ساحلِ سمندر سمیت 26 کلومیٹر کا علاقہ بھرگیا۔ اسی طرح ملاحوں نے بھی سمندروں میں بحری جہازوں پر یوگا کی مشق کی۔
ممبئی میں کل منترالیہ کے تریمورتی صحن میں انسٹیٹیوٹ آف یوگا کے تعاون سے یوگاسن کا انعقاد کیا گیا۔ وہیں ریاستی حکومت کی پہل پر آج پونے میں ایک عظیم الشان وارکری بھکتی یوگ پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ ساوتری بائی پھلے یونیورسٹی میں منعقدہ اس پروگرام میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور اعلیٰ و تکنیکی تعلیم کے ریاستی وزیر چندر کانت پاٹل‘ شہریان اور وارکریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری اور دیگر معززین نے بھی ناگپور میں منعقدہ تقریب میں یوگا کی مشق کی۔
گیارہویں عالمی یوگا دِن کی مناسبت سے چھترپتی سمبھاجی نگر کے تاریخی یادگار بی بی کا مقبرہ کے صحن میں آج یوگا کی مشق کی گئی۔
وہیں ہنگولی میں سنت نامدیو مشقی میدان پر بین الاقوامی یوگا دِن کی مرکزی تقریب جوش و خروش سے منائی گئی۔ اس پروگرام میں رُکنِ اسمبلی تاناجی مٹکڑے‘ ضلع کلکٹر راہل گپتا سمیت معزز شخصیات موجود تھیں۔ اس تقریب میں شہریان نے یوگا کی مشق کیلئے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس پروگرام کا انعقاد ہنگولی کے پتنجلی یوگ کمیٹی کی جانب سے کیا گیا تھا۔
اسی طرح مراٹھواڑہ کے تمام ضلع ہیڈکوارٹرس میں یوگا کی تقاریب منعقد کی گئیں، جہاں کثیر تعداد میں شہریان نے یوگا کی مشقوں میں شرکت کی۔
***** ***** *****
عالمی یوگا دن کی مناسبت سے آکاشوانی روزانہ اپنے سامعین کیلئے ایک آسن کی معلومات پیش کررہا ہے۔ آج ہمارے جالنہ کے نامہ نگار اور یوگا ٹرینر بابا صاحب مہسکے نے شرساسن کے متعلق معلومات دی۔ انھوں نے بتایا کہ شرساسن کی مشق کرنے سے دماغ کو خون کی فراہمی میں اضافہ ہوتا ہے، جس سے دماغ زیادہ بہتر انداز میں کام کرتا ہے۔
***** ***** *****
امدادِ باہمی کے مرکزی وزیر امت شاہ نے اعلان کیا ہے کہ زرعی پیداوار کی خریدی کے عمل سے دلالوں کو خارج کرکے NAFED جلد ہی کسانوں سے براہِ راست زرعی پیداوار خریدے گا۔ وزیرِ موصوف کل ممبئی میں بین الاقوامی امدادِ باہمی برس کے موقع پر قومی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کسانوں کو یقین دلایا کہ زرعی پیداوار کو مناسب قیمت ملے گی۔ امت شاہ نے کہا:
Byte: Home Minister Amit Shah
امت شاہ نے یہ بھی بتایا کہ امدادِ باہمی کے اُصولوں پر مبنی بیمہ کمپنی اور دو لاکھ نئی بنیادی زرعی امدادِ باہمی سوسائٹیز قائم کی جائے گی۔ اس کانفرنس سے زراعت کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بھی خطاب کیا۔ اسی بیچ امدادِ باہمی کے وزیر امت شاہ نے کل مہاراشٹر چیمبر آف کامرس انڈسٹریز اینڈ ایگریکلچر کے تجدید کیے گئے ہیڈکوارٹر اور امدادِ باہمی صنعتی اکائیوں کی ریاستی سطح کی کانفرنس کا افتتاح کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مختلف مقامات سے نکلنے والی سنتوں کی پالکھیاں پنڈھرپور کی جانب روانہ ہورہی ہیں۔ املنیر کے سنت سکھارام مہاراج کی پالکھی کل چھترپتی سمبھاجی نگر کے چکل تھانہ علاقے میں ٹھہری ہوئی تھی۔ یہ پالکھی آج ٹاکلی کے راستے پنڈھرپور کی طرف جائیگی۔ شیگاؤں کے گجانن مہاراج کی پالکھی نے کل پرلی میں قیام کیا۔ یہ پالکھی آج دوپہر امبا جوگائی شہر پہنچے گی اور کل یہ پالکھی ساور گاؤں کے راستے پنڈھرپور کیلئے روانہ ہوگی۔
***** ***** *****
سینٹرل بیورو آف کمیونیکیشنز اور پربھنی سائیکلرس کی مشترکہ کاوشوں سے سائیکل کی واری کا اہتمام کیا گیا۔ پربھنی سائیکلرس کی واری کا یہ ساتواں برس ہے۔ یہ واری پربھنی سے پنڈھرپور تک کا تین سو کلو میٹر کا فاصلہ دو دِنوں میں طئے کرے گی۔ لاتور سے کل 175 افراد پر مشتمل سائیکل واری پنڈھرپور کیلئے روانہ ہوئی۔ اس واری میں خواتین بھی شامل تھیں۔
***** ***** *****
کپتان شبھمن گِل اور یشسوی جیسوال کی سینچری کی مدد سے بھارت نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کرکٹ میچ کے پہلے دن تین وِکٹوں کے نقصان پر 359 رنز بنائے۔ اس میچ کے دوران کے ایل راہل 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ بی سائی سدرشن صفر پر آؤٹ ہوئے اور جیسوال 101 رنز بناکر پویلین لوٹے‘ کل جب کھیل رُکا تو شبھمن گِل 127 رنز اور رشبھ پنت 65 رنوں پر کھیل رہے تھے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن نے زون کی تشکیل کا عمل شروع کردیاہے۔ میونسپل کمشنر جی شریکانت نے کل اس معاملے کا جائزہ لیا۔ زونس کی تشکیل کو حتمی شکل دیکر 8 جولائی تک الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے گا۔
اسی بیچ میونسپل کارپوریشن نے کل جالنہ روڈ پر کئی برسوں سے قائم غیر قانونی قبضہ جات کو منہدم کردیا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع میں آئندہ 19 جولائی کو ”گرین دھاراشیو“ مہم چلائی جائے گی۔ اس کے پیشِ نظر ضلع پریشد کے چیف ایکزیکٹیو افسر ڈاکٹر میناک گھوش نے تمام گرام پنچایتوں کو یکم جولائی کے دن خصوصی گرام سبھا منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع منصوبہ بندی کمیٹی نے رواں مالی سال کے ترقیاتی کاموں کی خاطر 815 کروڑ 20 لاکھ روپؤں کی فراہمی کو منظوری دی ہے۔ ساتھ ہی کمیٹی نے گذشتہ برس کے کم و بیش 749 کروڑ روپؤں کے اخراجات کو منظوری دی۔ ضلع کے سرپرست وزیر اتل ساوے کی زیرِ صدارت ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا۔
***** ***** *****
بھارت کے نیرج چوپڑا نے پیرس ڈائمنڈ لیگ نیزہ بازی مقابلے میں اوّل مقام حاصل کیا ہے۔ نیرج نے 88.16 میٹر فاصلے پر نیزہ پھینک کر یہ چمپئن شپ اپنے نام کی۔ جرمنی کے جولین ویبر نے 87.88 میٹر فاصلے پر نیزہ پھینک کر دوسرے مقام پر رہے۔
***** ***** *****
ناسک ضلع کے گنگاپور‘ دارنا اور ناندور- مدھمیشور آبی منصوبوں کے ذخیروں میں اضافے کے سبب ان ڈیموں سے پانی چھوڑا گیا۔ فی الحال پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم میں 12 ہزار کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی داخل ہورہا ہے۔ وہیں پونے کے محکمہئ موسمیات نے آئندہ دو دِنوں کے دوران وسطی مہاراشٹر‘ مراٹھواڑہ اور ودربھ میں مختلف مقامات پر بارش ہونے کی پیشن گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ گیارہویں بین الاقوامی یوگا دِن کی آندھرا پردیش کے وشاکھا پٹنم میں وزیرِ اعظم کی موجودگی میں مرکزی تقریب کا انعقاد۔
٭ پونے میں وارکری بھکتی کے پروگرام کا انعقاد‘ جبکہ مراٹھواڑہ میں ہر طرف یوگا کی مشقوں کا اہتمام۔
٭ نافیڑ کسانوں سے براہِ راست زرعی پیداوار خریدے گا: امدادِ باہمی کے مرکزی وزیر امت شاہ کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ بھارت نے بنائے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ کرکٹ میچ کے پہلے دن تین وِکٹ پر 359 رنز۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment