Monday, 23 June 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 23 جون 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 23 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۳؍ جون ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۰۰:۹-۱۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بین الاقوامی یوگا دن کے موقعے پر وشاکھاپٹنم میں منعقدہ یوگا مشقی پرو گرام کا گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اندراج۔
٭ پارلیمنٹ کی تخمینہ کمیٹی کی تاسیس کے 75 سالہ تکمیل کے موقع پر آج سے ممبئی میں دو روزہ قومی کانفرنس کا انعقاد۔
٭ بیڑ ضلعے میں پولس نے 15 بچہ مزدوروں کو آزاد کرو ایا۔
اور۔۔۔٭ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن بھارت کو 96 رنز کی برتری حاصل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
گیارہویں بین الاقوامی یوگا دن کے موقع پر، وشاکھاپٹنم میں تین لاکھ 105 شرکاء کی یوگا مشق کا گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اندراج کیا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا کہ یوگا نے ایک بار پھر لوگوں کو ایک ساتھ لایا ہے اور یوگاندھر پہل اور وشاکھاپٹنم کاپروگرام شرکاء کو بہتر صحت اور تندرستی کی ترغیب دے گا۔ وزیر اعظم نے یوگا کو اپنے طرزِ زندگی کا حصہ بنانے کی تحریک پر زبردست ردعمل کیلئے شہریوں کی تعریف بھی کی۔
***** ***** *****
پارلیمنٹ کی تخمینہ کمیٹی کے کاموں کے 75 سال مکمل ہو رہے ہیں، اور اس امرت جوبلی سال کے موقعے پر، ایک دو روزہ قومی کانفرنس کا آج سے ممبئی کے ودھان بھون میں آغاز ہو رہا ہے۔ اس کانفرنس میں ’’بجٹ کے تخمینے کے جائزے میں تخمینہ کمیٹی کا کردار اور مختص فنڈزسے انتظامی کام پر مؤثر کنٹرو ل‘‘ کے موضوع پر غور و خوض کیا جائے گا۔ اس کانفرنس میں کمیٹی کے سربراہان سمیت تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی تخمینہ کمیٹیوں کے ارکان شرکت کریں گے۔ مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کے دونوں ایوانوں کے تمام اراکین اور ریاست کے ارکان پارلیمان بھی اس کانفرنس میں شریک رہیں گے۔
***** ***** *****
قومی تفتیشی ادارے(این آئی اے) نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کو مبینہ طور پر پناہ دینے والے دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ دونوں سے پوچھ گچھ سے پتہ چلا ہے کہ حملے میں ملوث تینوں مسلح دہشت گرد پاکستانی شہری تھے اور ان کا تعلق دہشت گرد تنظیم لشکرِ طیبہ سے تھا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے گزشتہ 11 سالوں کے اپنے دورِ اقتدار میں اہم اقدامات کرکے توانائی کے شعبے میں بنیادی تبدیلیاں لائی ہیں۔ اس سلسلے کی مزید تفصیلات ہمارے نمائندے سے سما عت کیجیے:
ملک کے توانائی کے شعبے میں گزشتہ دہائی میں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔ یہ ترقی بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب، اہم بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اور روایتی اور قابلِ تجدید توانائی کے دونوں ذرائع کیلئےاہم و خاطر خواہ اقدامات کی وجہ سے ہوئی ہے۔
جون 2025 تک ملک کی کل تنصیب شدہ بجلی کی گنجائش 476 گیگا ویٹ تک پہنچ گئی ہے، جس میں سے تقریباً نصف بجلی غیر فوسل ذرائع سے حاصل ہوتی ہے۔ صرف قابل تجدید توانائی کے ذرائع سے پیدا ہونے والی 226 گیگا ویٹ بجلی کے ساتھ، بھارت اب شمسی توانائی کی صلاحیت میں دنیا میں تیسرے اور فضائی توانائی کی صلاحیت میں چوتھے نمبر پر ہے۔
اپریل 2018 میں، ملک کے 100 فیصد دیہات روشن تھے، جبکہ 2کروڑ آٹھ لاکھ سے زیادہ گھروں کو بجلی کنکشن دیا گیا تھا۔ 2014 میں بجلی کے خسارے کی شرح چار فیصد سے زیادہ تھی جو اب کم ہو کر صرف صفر اعشا ریہ ایک فیصد رہ گئی ہے جبکہ فی کس بجلی کی کھپت میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پی ایم-سوریہ گھر یوجنا ملک بھر میں گھروں کو روشن کر رہی ہے، جبکہ پی ایم-کسم یوجنا کسانوں کو شمسی توانائی سے چلنے والی آبپاشی کی سہولیات سے بااختیار بنا رہی ہے۔ فضائی توانائی شعبے کی صلاحیت دوگنی ہو گئی ہے جبکہ ہائیڈرو پاور، بائیو ماس اور نیوکلیئر توانائی کی صلاحیت میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ملک کے کوئلے کے شعبے کی تجدید کاری ہوئی ہے ا و ر یہ خود انحصاری اور پائیداری کی طرف بڑھ رہا ہے، یہ شعبہ اعلیٰ پیداواری سطح تک پہنچ رہا ہے اور درآمدات پر انحصار کو بڑی حد تک کم کر رہا ہے۔
نیشنل گرین ہائیڈروجن مشن سے لے کر انٹرنیشنل سولر الائنس تک، بھارت نہ صرف اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کر رہا ہے، بلکہ ایک صاف اور سرسبز مستقبل کی طرف بھی تیزی سے گامزن ہے۔
***** ***** *****
1857 کی پہلی جنگ ِآزادی کے شہیدوں کی یاد میں آج چھترپتی سمبھاجی نگر میں ماہرینِ تاریخ کا ایک لیکچر اور بہادری کی داستانوں پر مبنی ایک موسیقی کی تقریب منعقد کی گئی ہے۔ یہ پروگرام سہ پہر تین بجے بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد ریسرچ سنٹر میں منعقد ہوگا۔ 23 جون 1857 کو بھارت کی آزادی کی پہلی جنگ اُس وقت کے شہرِ اورنگ آباد میں واقع کھام ندی کے لوہے کے پل کے قریب شروع ہوئی تھی۔ اس لڑائی میں بھارتی سپاہیوں اور انقلابیوں کو توپ کے منہ پر رکھ کر شہید کردیا گیا تھا۔ ان شہیدوں کی یاد میں آج اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے 2027 میں کمبھ میلے کے پسِ منظر میں ناسک اور ترمبکیشور میں قومی شاہراہ کو کشادہ کرنے اور دیگر سہولیات کی فر اہمی کے کاموں کو منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یہ اطلاع دی۔ وزیر اعلیٰ نے ان سہولیات کے حوالے سے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے خط و کتابت کی تھی۔ اس مناسبت سے مرکزی وزیر گڈکری نے کل ناگپور میں پھڑنویس کے ہمراہ ایک میٹنگ کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ کمبھ میلے کیلئے چھترپتی سنبھاجی نگر، ناگپور، خاندیش اور ریاست کی چھ سمتوں سے ناسک آنے والی شاہراہوں کو کشادہ اور پختہ بنانے کی گڈکری نے منظوری دی ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے آشٹی تعلقے میں پولس نے 15 بچہ مزدوروں کو آزاد کروایا ہے۔ ان میں نو لڑکیاں اور چھ لڑکے شامل ہیں، ان بچوں کو جانوروں کی دیکھ بھال سے لے کر برتن دھونے اور دیگر کام کرنے پر مجبور کیا جا رہا تھا۔ ان میں سے دو بچوں کی جانب سے خود کو آزاد کرکے اہلیانگر شہر پہنچنے پر پولس کی پوچھ گچھ کے دوران اس معاملے کا انکشاف ہوا۔بہبودیِ اطفال کمیٹی کے صدر اشوک تانگڑے نے اس سلسلے میں معلومات دیتے ہوئے کہا کہ کچھ بچے تین سال اور کچھ بچے دو سال سے اس گھر میں موجود تھے اور اس دور ان ان کے سرپرست بچوں سے ملنے بھی نہیں آئے۔ انھوں نے بتایا کہ کئی بچوں کو اپنے والدین کے نام تک معلوم نہیں ہے۔ پولس نے ان تمام بچوں کو بازیاب کرکے ضلع بہبودیِ اطفال کمیٹی کے سپرد کیا‘ جس کے بعد لڑکے اور لڑکیوں کو علیحدہ علیحدہ سرکاری چائلڈ ہوم بھیجا گیا ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع پریشد کی سی ای او ‘نتیشا ماتھر نے تمام گرام پنچایتوں سے مرکزی حکومت کے دیہی صفائی سروے 2025 رینکنگ پروگرام میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ ماتھر نے ضلع کے تمام بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرس، ترقیات اطفال پروجیکٹ آفیسرس اور تمام توسیعی افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوامی سہولیات کا بھرپور استعمال کریں اور عوامی شراکت سے اپنے اپنے علاقوں کو صاف ستھرا رکھیں۔
***** ***** *****
پنڈھر پور کی آشاڑھی واری کی جانب گامزن سنت گیانیشور مہاراج کی پالکی، کل پونے ضلع میں دیوے گھاٹ کا مشکل مرحلہ عبور کرکے ساسوڑ پہنچ گئی اور وہیں مقام کیا۔ جبکہ سنت تکارام مہاراج کی پالکی مانجری کے راستے لونی کالبھور میں داخل ہوئی۔ کل اہلیا نگر میں سنت نیورتی ناتھ مہاراج کی پالکی کا استقبال عقیدت و احترام کے ساتھ کیا گیا، جبکہ بیڑ شہر میں بھی کل سنت مکتا بائی کی پالکی کا استقبال روایتی جوش و خروش کے ساتھ کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست کے 80 شہروں سے چار ہزار سائیکل سواروں کی دِنڈی کل پنڈھر پور پہنچی۔ ان سائیکل سواروں نے وارکری روایت کے مطابق کل سائیکلوں پر شہر کا گشت کیا۔ قومی پروگرام صحت مند بھارت کے تحت اس جلوس میں سائیکلنگ جیسی ورزش کی اہمیت و افادیت سے شہریوں کو آگاہ کیاگیا۔
دریں اثناء‘ پنڈھرپور میں کل سے صفائی مہم کی شروعات کی گئی۔ اس موقعے پر شولاپور ضلعے کے رابطہ وزیر جئے کمار گورے موجود تھے۔ گورے نے آشاڑھی واری کے بعد بھی اسی طرح کی صفائی مہم چلانے کا اعلان کیا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کی ناندیڑ شاخ کی مجلس عاملہ کا بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا۔ اس موقعے پر بالاجی اِبِتدار کا شاخ کے صدارتی عہدے پر انتخاب کیا گیا۔ یہ مجلس عاملہ 2030 تک فعال رہے گی۔
***** ***** *****
انگلینڈ میں جاری ٹسٹ کرکٹ میچ میں بھارت کو انگلینڈ کے خلاف میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر 96 رنز کی برتری حاصل ہوئی ہے۔ کل انگلینڈ کی ٹیم کی پہلی اننگ 465 رنز پر ختم ہوئی۔ بھارت کی جانب سے تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے پانچ جبکہ پرسدھ کرشنا اور محمد سراج نے بالترتیب تین اور دو وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت نے اپنی پہلی اننگ میں 471 رنز بنائے تھے۔ جبکہ بھارت کی دوسری اننگ کا آغاز مایوس کن رہا ا ور پہلی اننگ میں سیکڑہ بنانے والے سلامی بلّے باز یشسوی جیسوال صرف چار رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کل جب کھیل روکا گیا تو کے ایل راہل 47 رنز بناکر کھیل رہے تھے‘ جبکہ سائی سدرشن کے 30 رنز بنا کر آؤٹ ہونے کےبعد شبھمن گل بلے بازی کیلئے آئے تھے۔ بھارت نے اپنی دوسری اننگ میں دو وکٹوں پر 90 رنز بنائے ہے۔
***** ***** *****
پربھنی کی وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی کے زرعی محکمہ موسمیات کے ماہر ِ موسمیات ڈاکٹر کیلاش ڈاکھورے نے کہا ہے کہ مراٹھواڑہ میں تاحال اطمینان بخش بارش نہیں ہوئی ہے، لہٰذا انھوں نے بہتر بارش ہونے تک کسانوں سے بوائی میں جلدبازی نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے کے اوسہ تعلقے کے ہِپّر سوگا جنگلات میں ایک چیتا گشت کررہا ہے اور اس نے کھیتوں میں دو جانوروں کو ہلاک کردیا ہے۔ اس ضمن میں لاتور ضلع انتظامیہ نے علاقے کے کسانوں اور شہریوں سے رات کے وقت کھیتوں میں یا باہر جاتے وقت اپنے ساتھ لاٹھی، دیگر حفاظتی سامان اور بیٹریاں ساتھ رکھنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بین الاقوامی یوگا دن کے موقعے پر وشاکھاپٹنم میں منعقدہ یوگا مشقی پرو گرام کا گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اندراج۔
٭ پارلیمنٹ کی تخمینہ کمیٹی کی تاسیس کے 75 سالہ تکمیل کے موقع پر آج سے ممبئی میں دو روزہ قومی کانفرنس کا انعقاد۔
٭ بیڑ ضلعے میں پولس نے 15 بچہ مزدوروں کو آزاد کرو ایا۔
اور۔۔۔٭ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن بھارت کو 96 رنز کی برتری حاصل۔
***** ***** *****

No comments: