Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 20 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۲/ جولائی ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ کل سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے حوالے سے آج کُل جماعتی میٹنگ۔
٭ ترقی یافتہ بھارت کا خواب شرمندۂ تعبیر کرنے کیلئے ٹیکنالوجی کی بنیاد مستحکم کرنے کا کام تیزی سے جاری۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو کا دعویٰ۔
٭ ہنگولی کے سکھی وَن اسٹاپ سینٹر کے کام کاج سے متعلق خواتین کمیشن کا اظہار ِ اطمینان۔
اور۔۔۔٭ ریکارڈ 15لاکھ درخت لگا کر دھاراشیو ضلع کا نام انڈیا ورلڈ آف ریکارڈ اور ایشیا بک آف ریکارڈ میں درج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس کل سے شروع ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے آج کُل جماعتی میٹنگ طلب کی گئی ہے۔ پارلیمانی امورکے وزیر کرن رجیجو نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کاروائی درست طور پر چلانے کے لیے تعاون کی اپیل تمام جماعتوں سے کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی موضوع پر بحث و مباحثے کے لیے حکومت تیار ہے۔21اگست تک چلنے والے اس اجلاس کے دوران پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے 21سیشن ہوں گے۔ جن وشواس اصلاحاتی بل 2025‘قومی کھیل انتظامی بل 2025اور دیگر کئی اہم بل اس اجلاس میں مباحثے کے لیے لائے جانے کی اطلاع کرن رجیجو نے دی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ بھارت کا خواب شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کی بنیادیں مستحکم کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ وہ کل حیدرآباد میں انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے جلسہئ تقسیم اسناد سے خطاب کررہے تھے۔ اعلیٰ درجے کی ٹیکنالوجی اور پروڈکٹس تیار کرنے کی تلقین بھی انہوں نے طلباء کو کی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کہا ہے کہ سائبر سیکوریٹی صرف قومی سلامتی کا معاملہ نہیں ہے۔ڈیجیٹل سیکوریٹی نوجوانوں کو بھارت کا محافظ بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ ممبئی کے کاندیولی میں اسکل اینڈ کیریئر سنٹر میں DSCIٰٓایڈوانس سائبر اسکل سینٹر کا افتتاح کل وزیر موصوف کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گوئل نے کہا کہ یہ مرکز ہر سال تقریباً1000نوجوانوں کو تربیت دے گااور انہیں روزگار کے مزید مواقع حاصل ہونگے۔ یہ مرکز وزیر اعظم کوشل وکاس یوجنا کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ پیوش گوئل نے کہا:
Byte: Piyush Goyal
***** ***** *****
ریاستی خواتین کمیشن کی سربراہ روپالی چاکنکر نے کل ہنگولی کے سکھی ون اسٹاپ کا دورہ کیا اور وہاں جاری کام کا جائزہ لے کراطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے متاثرہ خواتین اور طالبات سے اپیل کی کہ اس مرکز کی مدد حاصل کرکے وہ اپنے مسائل حل کریں۔ کل ہی چاکنکر نے پربھنی میں بھی سکھی ون اسٹاپ کا دورہ کیا اور عملے کو مشورہ دیا کہ اعانت کی امید کے ساتھ اس مرکز پر آنے والی خواتین اور بچیوں کو بہتر خدمات کیسے دی جائے، اس پر توجہ دیں۔ اس موقع پر مختلف وال پیپرز اور ادبی وتعلیمی مواد کا اجراء بھی عمل میں آیا۔
***** ***** *****
مملکتی وزیر صنعت اندرنیل نائیک نے کہا ہے کہ ریاست کے تمام طبقات کی ہمہ گیر ترقی کے لیے حکومت پر عزم ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ وسنت راؤ نائیک کی جینتی کی مناسبت سے کل بیڑ ضلع کے گیورائی میں گور بنجارا سماج کے اتحادی اجتماع سے وہ خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مملکتی وزیر اندرنیل نائیک کو ریاستی سطح کا بنجارہ بھوشن ایوارڈ دیاگیا۔ اس کے علاوہ باصلاحیت اور قابل طلباء کا بھی اس جلسے میں استقبال کیا گیا۔
***** ***** *****
امداد باہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل کی کوششوں سے لاتور ضلع کی تین گرام پنچایتوں کے لیے حکومت نے 75لاکھ روپئے کی رقم منظور کی ہے۔ یہ رقم احمد پور کے ڈھالے گاؤں، چاکور تعلقے کے چوپالی اور گھرنی گرام پنچایتوں کی نئی عمارتوں کو تعمیر کے لیے استعمال کی جائے گی۔بابا صاحب پاٹل نے اس ضمن میں جاری کردہ ایک بیان میں بتایا ہے کہ یہ کام بہت جلد شروع کردیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
”ایک پیڑ ماں کے نام“ اور ”سبز مہاراشٹر‘ سبز دھاراشیو“ مہم کے تحت کل دھاراشیو ضلع میں ریکارڈ 15لاکھ درخت لگا کر ضلع نے انڈیا ورلد آف ریکارڈ اور ایشیاء بک آف ریکارڈ میں اپنا نام درج کروالیا۔وزیر ٹرانسپورٹ اور ضلع کے رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک نے کہا ہے کہ ان درختوں کو باقی رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ ساتھ عوام بھی تعاون کریں۔انہوں نے اس موقع پر ضلع کلکٹر کیرتی کرن پُجار اور ضلع پریشد کے چیف ایکزیکٹیو افسر ڈاکٹر میناک گھوش کو اعزاز سے بھی نوازا۔
ضلع کی 243گرام پنچائتوں،میونسپل کاؤنسلوں اور نگر پنچائتوں میں یہ شجر کاری کی گئی۔ تلجا پور کے چکوندرا گاؤں میں امید مہم کے تحت خواتین بچت گرپوں کی خواتین نے تین ہزار پودے لگائے۔ اس موقع پر درختوں کے تحفظ اور انہیں باقی رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
***** ***** *****
بیڑ کے یشونت راؤ چوہان پالی ٹیکنک کالج کے پانچ طلبہ کا کیمپس انٹرویو کے ذریعے چین کے گوانگ دونگ میں واقع میڈیا کمپنی کیلئے انتخاب کیا گیا ہے۔ یہ طلبہ سراج انصاری‘ شیخ رحمت انور‘ اومکار دھائیتونڈے‘ ابھیشیک جین اور پریم ولاس ہاتھ گڑے ہیں۔ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر باپو راؤ مارلاپلّے نے بتایا کہ یہ طلبہ 2025 کے تعلیمی سال میں سالِ سوم کے طالب ِ علم ہیں اور ان طلبہ کو چین میں تربیت دی جائیگی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے بھوکر تعلقے کے ساڑواڑی میں آدیواسی آشرم اسکول کے طلباء و طالبات کیلئے طبّی جانچ کیمپ منعقد کیا گیا۔ ضلع میڈیکل افسر ڈاکٹر سنگیتا دیشمکھ نے طلبہ کو برسات میں موسم میں احتیاطی تدابیر اور صفائی ستھرائی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انھوں نے ہفتے میں ایک دن خشک دن منانے کی اہمیت بھی واضح کی۔
***** ***** *****
شولاپور میونسپل کارپوریشن کے اسسٹنٹ کمشنر روی پوار نے کہا ہے کہ کمزور طبقے سے تعلق رکھنے والے صارفین کی شکایات کو حل کرنے کیلئے عہدیداروں کو انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔ وہ دھاراشیو میں صارف پنچایت کنونشن کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ اس اجلاس میں ریاست بھر سے تقریباً 600 مندوبین شریک ہوئے۔ اجلاس آج اختتام پذیر ہوگا۔
***** ***** *****
پنڈھرپور کی چندربھاگا ندی میں ڈوب کر دو خواتین عقیدت مندوں کی موت واقع ہوگئی۔ دونوں خواتین کا تعلق جالنہ ضلع کے بھوکردن تعلقے کے دھاؤڑا گاؤں سے تھا۔ یہ حادثہ کل صبح پیش آیا۔
***** ***** *****
آپریشن سندور اور خود کفیل بھارت سے سینئر سائنسداں کاشی ناتھ دیودھر نے بیڑ میں واقع سواتنترویر ساورکر ہائی اسکول کے طلبہ سے کل گفتگو کی۔ انھوں نے بھارتی فوج کی تیار کردہ کئی میزائیلوں کی تفصیلات سے بھی طلبہ کوپیش کیں۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع انتخابی شعبے اور ضلع اطلاعاتی دفتر کی جانب سے کل ضلع کلکٹر رگھوناتھ گاؤڑے کی صدارت میں مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشیل انٹلیجنس ٹکنالوجی پر ایک ورکشاپ منعقد ہوا۔ ضلع اطلاعاتی افسر دیویندر سنگھ نے اے آئی ٹکنالوجی اور صحافت پر رہنمائی کی۔ مختلف نوعیت کے میڈیا میں نمایاں کارکردگی پر صحافیوں کو اعزازات بھی دئیے گئے۔
***** ***** *****
آسٹریلیاء کے سن شائن کوسٹ میں منعقدہ 66ویں بین الاقوامی ریاضی اولمپیاڈ میں بھارتی ٹیم نے تین طلائی‘ دو چاندی کے اور ایک کانسے کا تمغہ جیتا۔ مہاراشٹر کے آدتیہ مانگوڑی‘ دہلی کے کنو تلوار اور آرو گپتا نے طلائی تمغے جیتے۔
***** ***** *****
کل لندن میں ہوئے خواتین کے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے بھارت کو آٹھ وِکٹوں سے شکست دے دی۔ بارش کے باعث یہ میچ 29 اوور کا ہوا۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارت کی ٹیم نے آٹھ وکٹ کے نقصان پر 143 رن بنائے۔ انگلینڈ کی بلّے بازی کے دوران بھی بارش کے باعث کچھ دیر کیلئے میچ روکا گیا۔ بعد میں انگلینڈ کو 24 اوور میں 115 رنوں کا ہدف دیا گیا‘ انگلینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر یہ ہدف حاصل کرلیا۔ تین میچوں کی سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک ایک سے برابری پر ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ کل سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے حوالے سے آج کُل جماعتی میٹنگ۔
٭ ترقی یافتہ بھارت کا خواب شرمندۂ تعبیر کرنے کیلئے ٹیکنالوجی کی بنیاد مستحکم کرنے کا کام تیزی سے جاری۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو کا دعویٰ۔
٭ ہنگولی کے سکھی وَن اسٹاپ سینٹر کے کام کاج سے متعلق خواتین کمیشن کا اظہار ِ اطمینان۔
اور۔۔۔٭ ریکارڈ 15لاکھ درخت لگا کر دھاراشیو ضلع کا نام انڈیا ورلڈ آف ریکارڈ اور ایشیا بک آف ریکارڈ میں درج۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment