Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 05 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵/نومبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ 246 نگر پریشدوں اور 42 نگر پنچایتوں کے انتخابی پروگرام کا اعلان؛ انتخابی کمیشن دوہری رائے دہی کی جانچ کرے گا۔
٭ مہاتما پھلے صحت ِ عامہ اسکیم اور آیوشمان بھارت پی ایم یوجنا کے تحت علاج کی فہرست میں ترمیم۔
٭ ریاست کے شہری علاقوں اور علاقائی منصوبوں کی غیر زرعی اراضی کیلئے ٹکڑے بندی قانون منسوخ۔
٭ مکھیہ منتری ماجھی لاڑکی بہین اسکیم کے استفادہ کنندگان کیلئے 18 نومبر سے قبل KYC لازمی۔
اور۔۔۔٭ پیٹھن کی سنت پیٹھ کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کیلئے ہونے والے مصارف کو اُصولی منظوری: وزیر چندر کانت پاٹل کا اعلان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست کی 246 نگر پریشوں اور 42 نگر پنچایتوں کا انتخابی پروگرام کل ریاستی انتخابی کمیشن نے جاری کردیا۔ ان انتخابات میں چھ ہزار 859 ارکان اور 288 صدور منتخب ہوں گے۔ ریاستی انتخابی کمشنر دنیش واگھمارے نے بتایا کہ ان انتخابات کے پیشِ نظر ریاست میں کل سے ہی انتخابی ضابطہئ اخلاق نافذ ہوچکا ہے۔ نگر پریشد اور نگر پنچاتیوں کے ان انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی کے ادخال کا آغاز 10 نومبر سے ہوگا۔ کاغذات داخل کرنے کی آخری تاریخ 17 نومبر ہے‘ 18 نومبر کو ان کی جانچ ہوگی اور 21 نومبر تک نامزدگیاں واپس لے جاسکتی ہیں، جبکہ انتخابی نشان 26 نومبر کو دئیے جائیں گے۔
انتخابی کمشنر نے بتایا کہ نگر پریشدوں اور نگر پنچایتوں کیلئے رائے دہی 2 دسمبر کو ہوگی اور 3 دسمبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ یہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین یعنی EVM پر کروائے جائیں گے۔ ریاست کے نگر پریشد اور نگر پنچایتوں کے انتخابات کیلئے فہرست ِ رائے دہندگان 31 اکتوبر کو شائع کی جاچکی ہیں اور ان ہی فہرستوں پر یہ انتخابات ہوں گے۔ ان فہرستوں میں کُل ایک کروڑ سات لاکھ تین ہزار 576 رائے دہندگان ہیں، جس میں 53 لاکھ 22 ہزار 870 خواتین ووٹر شامل ہیں۔ انتخابات کیلئے ریاست میں 13 ہزار کنٹرول یونٹس بنائے گئے ہیں۔ واگھمارے نے بتایا کہ ان فہرستوں میں جن افراد کے نام دوبار آئے ہیں انھیں نشان زد کیا جائے گا اور جانچ کے بعد انھیں صرف ایک ہی جگہ ووٹنگ کرنے کی اجازت دی جائیگی۔
***** ***** *****
مہاتما جیوتی راؤ پھلے صحت ِ عامہ اسکیم اور آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجناؤں کے تحت علاج کی فہرست میں ترمیم کی ریاستی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی زیرِ صدارت کل کابینی اجلاس منعقد ہوا۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ اب ان اسکیموں میں دو ہزار 399 امراض شامل کیے گئے ہیں۔ ان امراض کے علاج کیلئے ہر شہری کو پانچ لاکھ روپئے تک کے اخراجات اسکیم کے تحت ادا کیے جائیں گے۔ ان اسکیموں میں آیوشمان کارڈ تیار کرنے اور اس کی تقسیم میں صف ِ اوّل میں شامل ملازمین کے مشاہرے میں اضافے کی بھی کابینی اجلاس میں منظوری دی گئی۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ چند امراض کے علاج میں اضافی اخراجات کی مد میں 10 لاکھ یا اس سے زیادہ رقم ادا کیے جانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
صحت ِ عامہ کے شعبے کے تحت صحت کی سہولیات کو غیر مرکوز کرنے کے مقصد سے شہری صحت کمشنریٹ قائم کرنا‘ قومی صحت مشن کے تحت کام کرنے والے اور 14 مارچ 2024 کو دس سالہ خدمات مکمل کرنے والے کانٹریکٹ ملازمین کو مستقل آسامیوں پر ایڈجسٹ کرنے کے فیصلے میں ترمیم‘ چھترپتی سمبھاجی نگر کے پیٹھن میں اعلیٰ سطحی سول کورٹ قائم کرنااور مہاراشٹر زمین محصول قانون 1966 میں ترمیم کی بھی کل کابینہ نے منظوری دی۔
شری گرو تیغ بہادر جی کی شہات کے ساڑھے تین سو ویں تقاریب کے 94 کروڑ 35 لاکھ 64 ہزار روپئے کے فنڈز کی فراہمی کی اس اجلاس میں منظوری دی گئی۔
عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم کو بھی کابینہ نے مبارکباد دی۔ اس ٹیم میں شامل مہاراشٹر کی کھلاڑیوں اسمرتی مندھانا‘ جمائمہ روڈرِگز اور رادھا یادو کو نقد انعامات دینے کا فیصلہ بھی کابینہ نے کیا۔
***** ***** *****
ریاست کے شہری علاقوں اور علاقائی منصوبوں میں غیر زرعی زمینوں کیلئے ٹکڑے بندی قانون منسوخ کردیا گیا ہے۔ زمینوں کے حصے کرنے پر پاندی اور ان کے انضمام سے متعلق ایک حکمنامہ کل سے ریاست میں نافذ ہوگیا ہے۔ یہ اطلاع وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کڑے نے کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس میں دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس حکمنامے کے نفاذ کے بعد 15 نومبر 1965 سے 15 اکتوبر 2024 تک ٹکڑے بندی قانون کے خلاف ہونے والے زمینوں کے لین دین کو باقاعدہ کیا جا سکے گا۔ اس سے ریاست کے 49 لاکھ خاندان فائدہ اٹھا سکیں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ماجھی لاڑکی بہین اسکیم کے تمام استفادہ کنندگان کو 18 نومبر تک اپنی E-KYC تصدیق مکمل کرنے کی ہدایت ریاستی حکومت نے دی ہے۔ اس اسکیم کے تحت اکتوبر مہینے کا مشاہرہ کل سے مستفیدین کے بینک اکاؤنٹ میں جمع ہونا شروع ہوگیا ہے۔ یہ عمل بلاتعطل جاری رکھنے کیلئے گذشتہ ماہ ہی E-KYC سہولت دستیاب کردی گئی تھی۔
***** ***** *****
سکھ مذہب کے بانی اور پہلے گرو‘ گرونانک دیوجی کی سالگرہ آج منائی جارہی ہے۔ اس موقع پر ناندیڑ سمیت تمام گردواروں میں مختلف پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے ملک کی عوام کو گرونانک جینتی کی مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ یہ دن گرونانک کے اُصولوں اور اقدار کو اختیار کرکے بہتر معاشرہ قائم کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔
***** ***** *****
اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر چندرکانت پاٹل نے بتایا ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پیٹھن کی سنت پیٹھ کیلئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے اخراجات کو اُصولی منظوری دی گئی ہے۔ اس ضمن میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس میں انھوں نے بتایا کہ سنت پیٹھ کے انتظامی اُمور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے پاس ہیں اور اسے مزید پانچ بروں تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیز سنت پیٹھ میں چلنے والے مختلف نصاب کے اساتذہ اور غیرتدریسی ملازمین کی تنخواہ کیلئے ہر سال ایک کروڑ روپئے دینے کوبھی منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
ریاست کے ثقافتی اُمور کے وزیر آشیش شیلار نے کل دھاراشیو تعلقے کے تیر میں آثارِ قدیمہ محکمے کی زیرِ نگرانی چلنے والے مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انھوں نے یقین دہانی کروائی کہ شری سنت گوروبا کاکا کے مندر میں چلنے والے ترقیاتی کام چار مہینے میں مکمل ہوجائیں گے۔ اس کے علاوہ تیر کے مقدس علاقے کو اے کلاس درجہ دینے کے قانونی تقاضوں کو پورا کرکے آگے بڑھایا جائے گا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کی صنعتوں کو اپنے سوشل رسپانسبلٹی فنڈ کے استعمال کی معلومات انتظامیہ کو جمع کرانے کی اپیل ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے کی ہے۔ ضلع کی صنعتوں کے نمائندوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اگر اس فنڈ کی تفصیلات ضلع انتظامیہ کے پاس ہوں تو آئندہ برس اس فنڈ کے ذریعے کیے جانے والے ترقیاتی کاموں کی منصوبہ بندی کی جاسکتی ہے۔
***** ***** *****
شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ اُدّھوٹھاکرے آج سے چار روزہ دورے پر مہاراشٹر آرہے ہیں۔ ”دَغاباز رے“ عنوان سے کیے جانے والے اس دورے پر کسانوں سے بات چیت کریں گے۔ آج چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع سے وہ اپنے دورے کا آغاز کررہے ہیں۔
***** ***** *****
بیڑ میں کل ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کا اجلاس ضلع کلکٹر ویویک جانسن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا اور نئی تجاویز پر تفصیلی بحث کی گئی۔
***** ***** *****
بیڑ تا ناڑوندی سڑک کی خستہ حالی کے سلسلے میں عوامی نمائندوں اور انتظامیہ کو بار بار میمورنڈم دینے کے باوجود کوئی کارروائی نہ ہونے پر کل ناڑوندی کے شہریوں نے نیم برہنہ بیل گاڑی مارچ نکالا۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ بیڑ کے ضلع کلکٹر دفتر پر یہ جلوس نکالا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ 246 نگر پریشدوں اور 42 نگر پنچایتوں کے انتخابی پروگرام کا اعلان؛ انتخابی کمیشن دوہری رائے دہی کی جانچ کرے گا۔
٭ مہاتما پھلے صحت ِ عامہ اسکیم اور آیوشمان بھارت پی ایم یوجنا کے تحت علاج کی فہرست میں ترمیم۔
٭ ریاست کے شہری علاقوں اور علاقائی منصوبوں کی غیر زرعی اراضی کیلئے ٹکڑے بندی قانون منسوخ۔
٭ مکھیہ منتری ماجھی لاڑکی بہین اسکیم کے استفادہ کنندگان کیلئے 18 نومبر سے قبل KYC لازمی۔
اور۔۔۔٭ پیٹھن کی سنت پیٹھ کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کیلئے ہونے والے مصارف کو اُصولی منظوری: وزیر چندر کانت پاٹل کا اعلان۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment