Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 07 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷/نومبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وندے ماترم گیت کے ڈیڑھ سو برس کی تکمیل کے موقع پر آج یادگاری میلے کا وزیرِ اعظم کریں گے افتتاح؛ ریاست کے مختلف مقامات پر بھی یہ گیت اجتماعی طور پر گایا جائے گا۔
٭ مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان آج چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کا کریں گے دورہ۔
٭ شدید بارش سے متاثر کسانوں کو جلد ملے گی مدد: وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔ کسانوں کو 50 ہزار روپئے فی ہیکٹر مدد دی جائے: اُدّھو ٹھاکرے کا مطالبہ۔
٭ مونگ‘ اُڑد اور سویا بین کی ضمانتی قیمتوں پر خریداری کا آئندہ 15 نومبر سے آغاز۔
اور۔۔۔٭ بھارت نے آسٹریلیاء کو چوتھے T-20 کرکٹ میچ میں دی شکست؛ سیریز میں 2-1 سے بھارت کی برتری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
قومی گیت وندے ماترم کی ڈیڑھ سو برس کی تکمیل کے موقع پر ملک بھر میں سال بھر منائے جانے والے یادگاری میلے کا آج دہلی میں وزیرِ اعظم نریندر مودی افتتاح کریں گے۔ تحریک ِ آزادی کو متاثر کرنے اور قومی فخر و اتحاد کو بیدار کرنے والے اس لازوال گیت کی 150 ویں سالگرہ آئندہ برس 7 نومبر 2026 تک منائی جائیگی۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم کے ہاتھوں ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ اور خصوصی سکہ جاری کیا جائے گا۔ وندے ماترم گیت آج ملک بھر میں مختلف مقامات پر اجتماعی طور پر گایا جائے گا۔
ریاست میں یہ پروگرام منترالیہ کے تریمورتی صحن میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں منعقد ہوگا۔ ریاستی وزیر منگل پربھات لوڈھا نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت ریاست بھر میں فروغِ ہنرمندی محکمے کی جانب سے آئندہ برس کے دوران مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے کرانتی چوک اور ناندیڑ شہر کے شری گرو گرنتھ صاحب جی بھون میں اس سلسلے کی تقریب منعقد کی جائیگی۔
***** ***** *****
زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان آج چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع اور آس پاس کے دیہی علاقوں کے ایک دن کے دورے پر ہیں۔ اس دوران‘ وہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور اطراف کے بنیادی ڈھانچے کی حالت کا جائزہ لینے کیلئے ارَن پور گاؤں کا دورہ کریں گے۔ اس کے بعد وزیرِ موصوف گھرکل رہائشی پروجیکٹ کا معائنہ کریں گے۔ اس موقع پر وہ مستحق خاندانوں اور مقامی افراد سے بات چیت کریں گے۔ اس سلسلے کی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ وزیرِ موصوف کھان گاؤں‘ تپوون روڈ پر واقع پُل اور قریبی بورویل کو ہونے والے نقصان کا بھی جائزہ لیں گے۔
***** ***** *****
ریاست میں شدید بارش سے متاثرہ چند کسانوں کو ابھی تک نقصان بھرپائی نہیں ملی ہے‘ تاہم وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے تیقن دیا ہے کہ یہ امداد جلد ہی ان متاثرہ کسانوں کے کھاتوں میں جمع کی جائیگی۔ وزیرِ اعلیٰ کل ناگپور میں صحافیوں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کے مراٹھواڑہ دورے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس دورے کا منصوبہ آئندہ انتخابات کو مدِنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔
***** ***** *****
اسی بیچ مراٹھواڑہ کے دورے پر آئے اُدّھو ٹھاکرے نے کل دھاراشیو ضلع میں کسانوں سے بات چیت کی۔ مراٹھواڑہ میں شدید بارش سے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ زمین پر کی مٹی اور سڑکیں بہہ گئی ہیں‘ اس لیے انھوں نے کسانوں کیلئے فی ہیکٹر 50 ہزار روپئے امداد کا مطالبہ کیا۔ ٹھاکرے نے اس موقع پر مہایوتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کسانوں کے قرض کی معافی کے وعدے پر اقتدار میں آئی ہے تاہم‘اس نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔
دریں اثناء‘ اُدّھو ٹھاکرے نے کل لاتور ضلع کے اوسا تعلقے کے بھسنی اور احمد پور تعلقے کے تھورلے واڑی میں شدید بارش سے متاثرہونے والے کسانوں سے بات چیت کی۔ قرض معافی کو لے کر یہاں بھی انھوں نے ریاستی حکومت پر تنقید کی۔
***** ***** *****
بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کل ایک ہزار 314 امیدواروں کی قسمت ووٹنگ مشینوں میں بند ہوگئی۔ اس مرحلے میں 18 اضلاع کے 121 انتخابی حلقوں میں 64.66 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ باقی 20 اضلاع کے 122 حلقوں میں آئندہ 11 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ دونوں مراحل کے ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔ وہیں بہار میں دوسرے مرحلے کی انتخابی مہم زور پکڑچکی ہے۔ اس سلسلے کی موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ مختلف ممالک کے 16مبصرین نے انتخابی تیاریوں کا معائنہ کیا اور معلومات حاصل کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی انتخابی کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے دوران ضابطہئ اخلاق سے استثنیٰ کیلئے موصول ہونے والی تجاویز کی جانچ پڑتال کی خاطر چیف سیکریٹری کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے۔ کمیشن نے ریاستی حکومت کے تمام محکموں سے اس کمیٹی کے ذریعے متعلقہ تجاویز پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا ہے کہ اشیاء و خدمات ٹیکس (GST) میں اصلاحات کو شروع سے ہی ٹیکس دہندگان کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ وزیرِ موصوفہ کل ممبئی میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا (SBI) کی 12 ویں بینکنگ اینڈ فائنانس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے بتایاکہ پیداوار پر مبنی ترغیبی اسکیم کے سبب ملک کی برآمدات میں 61 بلین ڈالرس سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے جس سے براہِ راست اور بالواسطہ 12 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں۔
***** ***** *****
بھارت نے کل چوتھے T-20 کرکٹ میچ میں آسٹریلیاء کو 48 رنوں سے شکست دے دی۔ بھارت نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔ جوابی کھیل کے دوران آسٹریلیاء کی ٹیم 19 ویں اوور میں 119 رنوں پر آل آؤٹ ہوگئی۔ واشنگٹن سندر نے تین‘ شیوم دُوبے نے دو‘ ارشدیپ سنگھ، جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ناقابلِ شکست 21 رنز اور دو وکٹیں لینے پر اکشر پٹیل کو ’مین آف دی میچ‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔ بھارت نے اس سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا آخری میچ کل کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
مراٹھی رنگ بھومی دن کل منایا گیا۔ اس موقع پر مراٹھواڑہ ناٹیہ پریشد اور شری رام میوزیکل فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک پروگرام کے دوران مشہور تھیٹر فنکار آنجہانی ڈاکٹر لکشمن دیشپانڈے کی شال کی پوجا کی گئی۔
***** ***** *****
عدالت نے پربھنی ضلع کے مانوت تعلقے کے کھربا میں گرام پنچایت افسر رمیش مُڑے کو ایک ہزار روپئے رشوت لینے کے الزام میں ایک دن کی پولس حراست میں بھیج دیاہے۔ مُڑے نے شکایت کنندہ کی بیوی کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ دینے کیلئے اس رقم کا مطالبہ کیا تھا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی دو ہزار 740 کروڑ روپؤں کی آبرسانی اسکیم کے تحت میونسپل کارپوریشن کے حصے کے طورپر 822 کروڑ روپؤں کی قرض فراہمی پر کل ممبئی میں دستخط کی گئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر جی شریکانت نے مہاراشٹر اربن انفراسٹراکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کے بعد آبرسانی اسکیم کے کام میں تیزی آئے گی۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ضمانتی قیمت کے مطابق‘ مونگ‘ اُڑد اور سویا بین کی خریداری کیلئے کسانوں کے رجسٹریشن کا عمل گذشتہ 30 اکتوبر سے شروع ہوچکا ہے، جبکہ اصل خریداری 15 نومبر سے شروع ہوگی۔ یہ خریداری چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کی مختلف بازار کمیٹیوں میں تعلقہ کسانوں کی خرید و فروخت ٹیموں کے ذریعے کی جائے گی۔ ضلع مارکیٹنگ افسر وی. یو. راٹھوڑ نے اپیل کی ہے کہ اندراج کی خاطر کسان قریب میں واقع نافیڑ خریداری مرکز پر جائیں۔ سات بارہ کی نقل، آدھار کارڈ اور بینک پاس بک پیش کرکے اپنی زرعی پیداوار کا اندراج کرائیں اور پیغام موصول ہونے پر ہی اپنی زرعی پیداوار خریداری مرکز پر لائیں۔
***** ***** *****
لاتور شہر کے مڑوڑی روڈ علاقے میں دو نوجوانوں نے چاقو سے تین افراد پر حملہ کردیا۔ پولس نے ان دونوں مجرمین کرن موہیتے اور اَمت سموکھ راؤ کو کل شہر میں گشت کرایا۔ پولس نے ان دونوں کے خلاف سخت کارروائی کا تیقن دیا ہے۔
***** ***** *****
محکمہئ محصولات نے بلڈانہ ضلع کے لونار تعلقے کے سلطان پور میں یوگا اسپتال قائم کرنے کیلئے 25 ایکڑ سرکاری زمین مفت میں فراہم کرنے کو منظوری دی ہے۔ اس قطعہئ اراضی پر 100 بستروں کا جدید اسپتال‘ یوگا اور نیچروپیتھی ریسرچ انسٹیٹیوٹ قائم کیا جائے گا۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال:
محکمہئ موسمیات نے آئندہ دو دِنوں کے دوران کوکن اور وسطی مہاراشٹرمیں چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمے کا کہنا ہے کہ اس دوران دیگر مقامات پر موسم خشک رہے گا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وندے ماترم گیت کے ڈیڑھ سو برس کی تکمیل کے موقع پر آج یادگاری میلے کا وزیرِ اعظم کریں گے افتتاح؛ ریاست کے مختلف مقامات پر بھی یہ گیت اجتماعی طور پر گایا جائے گا۔
٭ مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان آج چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کا کریں گے دورہ۔
٭ شدید بارش سے متاثر کسانوں کو جلد ملے گی مدد: وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔ کسانوں کو 50 ہزار روپئے فی ہیکٹر مدد دی جائے: اُدّھو ٹھاکرے کا مطالبہ۔
٭ مونگ‘ اُڑد اور سویا بین کی ضمانتی قیمتوں پر خریداری کا آئندہ 15 نومبر سے آغاز۔
اور۔۔۔٭ بھارت نے آسٹریلیاء کو چوتھے T-20 کرکٹ میچ میں دی شکست؛ سیریز میں 2-1 سے بھارت کی برتری۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment