Saturday, 8 November 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 08 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 08 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸/نومبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وندے ماترم ایک منتر‘ توانائی‘ خواب اور ایک قرارداد ہے: وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ تعلیمی اداروں سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر اجتماعی وندے ماترم گایا گیا۔
٭ مرکزی وزیرِ زراعت نے قحط زدہ علاقوں میں پانی فراہمی کی اسکیموں کیلئے منریگا کے 65 فیصد فنڈ کا کیا اعلان۔
اور۔۔۔٭ سپریم کورٹ نے آوارہ کتوں کو کنٹرول کرنے سے متعلق کئی ہدایات کی جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ وندے ماترم ایک منتر‘ ایک توانائی‘ ایک خواب اور ایک قرارداد ہے۔ وزیرِ اعظم کل نئی دہلی میں قومی گیت وندے ماترم کے 150 ویں یومِ قیام کی یادگاری تقریب کے موقع پر مخاطب تھے۔ گانے کے معنیٰ کی وضاحت کرتے ہوئے انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے بھی کل اس گیت کو یاد کیا۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ بنکم چندرو پادھیائے کی صلاحیت سے تیار کردہ یہ گیت بھارتیوں کو جوڑتا ہے۔
کل ملک بھر کے مختلف مقامات پر اجتماعی طور پر وندے ماترم گایا گیا۔ ممبئی میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں منترالیہ میں گانے کا انعقاد کیا گیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے کرانتی چوک میں وندے ماترم کا اجتماعی طور پر اہتمام کیا گیا۔ اس موقعے پر سابق مرکزی وزیرِ مملکت ڈاکٹر بھاگوت کراڑ، وزیر اتل ساوے، رکنِ اسمبلی سنجئے کینیکر سمیت دو ہزار سے زیادہ طلبہ موجود تھے۔
جالنہ ضلعے کے بھوکردن میں مجاہد ِ آزادی پنڈلک ہری دانوے سرکاری صنعتی تربیتی ادارے میں وندے ماترم گایا گیا۔ بدناپور کے پاتھریکر کیمپس میں اجتماعی گانے میں بڑی تعداد میں اسکول و کالج کے طلبہ شریک تھے۔ ضلع کلکٹر دفتر میں بھی وندے ماترم گایا گیا۔
پربھنی شہر کے پریہ درشنی اندراگاندھی اسپورٹس کمپلیکس میں وندے ماترم کا اجتماعی طورپر انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقعے پر وندے ماترم پر ایک مختصر ڈرامہ بھی پیش کیا گیا۔
یہ گانا ہنگولی ضلع پریشد میدان پر بھی گایا گیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر راہل گپتا‘ اسپورٹس آفیسر آتمارام بوتھیکر سمیت اسکولی طلبہ موجود تھے۔
ناندیڑ شہر کے شری گرو گرنتھ صاحب جی بھون میں ہزاروں طلبہ اور ملازمین کی موجودگی میں وندے ماترم گایا گیا۔ سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی سمیت ضلعے کے تمام اسکول‘ کالج‘ سرکاری دفاتر اور عوامی مقامات پر صبح دس بجے ایک ہی وقت پر وندے ماترم گیت گایا گیا۔
بیڑ کے ضلع اسپورٹس کمپلیکس میں وندے ماترم گیت اجتماعی طور پر گایا گیا۔ ضلع کلکٹر ویویک جانسن کی موجودگی میں منعقدہ پروگرام میں کئی شہری شریک ہوئے۔
دھاراشیو میں بھائی اُدّھو راؤ پاٹل سرکاری صنعتی تربیتی ادارے کی جانب سے تلجا بھوانی ضلع اسپورٹس کمپلیکس میں وندے ماترم گیت گایا گیا۔
لاتور میں ضلع اسپورٹس کمپلیکس اور اَشٹ وِنایک مندر علاقے میں سینکڑوں طلبہ نے اجتماعی طور پر گیت گایا۔
ریاست کے تمام سرکاری صنعتی تربیتی اداروں میں گیت گایا گیا۔ اسی طرح مضمون نویسی کا بھی اہتمام کیا گیا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے اعلان کیا ہے کہ منریگا فنڈز کا 65 فیصد قحط زدہ علاقوں میں پانی کی فراہمی کی اسکیموں پر خرچ کیا جائے گا۔ وہ کل بیڑ ضلعے کے شرسالہ میں کسانوں سے بات کررہے تھے۔ چوہان نے کہا کہ ان کا مقصد کسانوں کی آمدنی کو اس حد تک بڑھانا ہے کہ ایک بھی کسان خودکشی نہ کرے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
گلوبل ڈیولپمنٹ ٹرسٹ کے کام کو دیکھنے کے بعد کسانوں کی زندگیوں میں صحیح طورپر معاشی انقلاب آنے کا یقین انھوں نے ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت گلوبل ڈیولپمنٹ ٹرسٹ کے ساتھ کام کرے گی۔ اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے گلوبل ڈیولپمنٹ ٹرسٹ کے بانی صدر مینک گاندھی نے مرکزی حکومت سے درخواست کی کہ کسانوں کے قرض کی مکمل معافی دی جائے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ نے آوارہ کتوں کے کنٹرول کے تعلق سے مختلف ہدایات جاری کی ہیں۔ جسٹس وکرم ناتھ، جسٹس سندیپ مہتا اور جسٹس این وی انجاریہ کی بینچ نے اس معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے کل تعلیمی اداروں‘ اسپتالوں‘ کھیل کے میدانوں‘ بسوں اور ریلوے اسٹیشنوں کو گھیرے میں لینے کی ہدایت دی‘ تاکہ ایسے کتوں کو عوامی مقامات پر جانے سے روکا جاسکے۔ عدالت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے سیکریٹریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایسے جانوروں کو وقتاً فوقتاً مقامی انتظامیہ کے ذریعے ٹیکہ لگایا جائے اور ان کو ان کے مقرر کردہ پناہ گاہوں میں چھوڑا جائے‘ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اگر یہ کام نہیں کیا گیا تو یہ اہلکار خود ذمہ دار ہوں گے۔
***** ***** *****
بامبے ہائیکورٹ کی ناگپور بینچ نے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں وی وی پیٹ کا استعمال نہ کرنے کے ریاستی الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی ایک عرضی پر ریاستی الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اگلے ہفتے تک اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ عرضی کانگریس کے قومی سیکریٹری پرفل گڑگھے نے داخل کی ہے۔
***** ***** *****
69 واں بین الاقوامی بھارتیہ فلم فیسٹیول (IFFI) 20 سے 28 تاریخ تک گوا کے پنجی میں منعقد ہوگا۔ اطلاعات و نشریات کے وزیرِ مملکت ڈاکٹر ایل مروگن نے کل نئی دہلی میں ایک صحافتی کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کل ہنگولی ضلع کے کلمنوری تعلقے کے ڈونگرکڑا میں شدید بارش سے متاثرہ کسانوں سے بات چیت کی۔ دریں اثناء‘ ٹھاکرے نے پربھنی ضلعے کے پنگڑی قصبے میں بھی کسانوں سے بات چیت کرنے کی اطلاع ہے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنماء منوج جرانگے نے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قائد دھننجے منڈے پر ان کے قتل کی سازش رچنے کا الزام لگایا ہے۔ جرانگے کل جالنہ ضلعے کے انتروالی سراٹی میں ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے ایک کار حادثے کے ذریعے انھیں جان سے مارنے کیلئے ڈھائی کروڑ روپے کی سپاری دینے کا الزام بھی عائد کیا۔
دریں اثنا، رکنِ اسمبلی دھننجے منڈے نے جرانگے کے الزامات کی سی بی آئی سے تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کل پرلی میں منعقدہ ایک صحافتی کانفرنس میں منڈے نے ان کے اور جرانگے کے دماغی ٹیسٹ کرائے جانے کا مطالبہ بھی کیا۔
دریں اثنا، عنبڑ کی عدالت نے اس معاملے میں گیورائی سے گرفتار شدہ دو ملزمان کو 12 نومبر تک پولس کی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔
***** ***** *****
معروف بزرگ گلوکارہ اور اداکارہ سلکشنا پنڈت کے جسد ِخاکی پر کل ممبئی میں آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔ وہ طویل علالت کے بعد جمعرات کو 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے نانک سائی فاؤنڈیشن کی گیارہویں ”گھمان یاترا“ کل ناندیڑ واپس لوٹی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناندیڑ میں اس یاترا کا استقبال کیا گیا۔
***** ***** *****
دھاراشیو نگر پریشد کے آئندہ انتخابات میں تقریباً 94 ہزار 14 رائے دہندگان اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ریٹرننگ آفیسر اور سب ڈویژنل آفیسر اومکار دیشمکھ نے ان ووٹروں سے بلا خوف و خطر اور کسی بھی لالچ کا شکار نہ ہوتے ہوئے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی مہاراشٹر کی کرکٹرز اِسمرتی مندھانا، جمائمہ روڈرِگز اور رادھا یادو کا‘ کل ممبئی میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے استقبال کیا۔ اس موقعے پر ٹیم کے کوچ امول مجومدار اور معاون عملے کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جارہی پانچ ٹی- 20 کرکٹ میچوں کی سیریز کا پانچواں اور آخری میچ آج کھیلا جائے گا۔ پانچ میچوں کی سیریز میں بھارت کو دو-ایک کی سبقت حاصل ہے۔
***** ***** *****
پونے محکمہئ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں کوکن اور وسطی مہاراشٹر میں بارش کی پیش گوئی کی ہے‘ جبکہ مراٹھواڑہ اور ودربھ میں موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وندے ماترم ایک منتر‘ توانائی‘ خواب اور ایک قرارداد ہے: وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ تعلیمی اداروں سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر اجتماعی وندے ماترم گایا گیا۔
٭ مرکزی وزیرِ زراعت نے قحط زدہ علاقوں میں پانی فراہمی کی اسکیموں کیلئے منریگا کے 65 فیصد فنڈ کا کیا اعلان۔
اور۔۔۔٭ سپریم کورٹ نے آوارہ کتوں کو کنٹرول کرنے سے متعلق کئی ہدایات کی جاری۔
***** ***** *****

No comments: