Monday, 10 November 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 10 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 10 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۱/نومبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست میں میونسپل کاؤنسلز اور نگر پنچایتوں کے انتخابات کیلئے امیدواری پرچے داخل کرنے کے عمل کا آج سے ہورہا ہے آغاز۔
٭ اختراع صرف ذہانت اور تحقیق کا نام نہیں ہے بلکہ یہ لوگوں کی زندگی کو اعلیٰ سطح پر لے جانے کا ایک طریقہ ہے: وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔
٭ ممبئی کی SNDT یونیورسٹی میں Innovation مہا کمبھ کا افتتاح۔
٭ بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی تشہیری مہم کا اختتام؛ کل ہوگی رائے دہی۔
٭ اَننت بھالے راؤ فاؤنڈیشن کی جانب سے دیا جانے والا اَننت راؤ بھالے راؤ ایوارڈ پیش۔
اور۔۔۔٭ نندوربار ضلع کے دیوگُئی گھاٹ سے بس گہرائی میں گری؛ دو طالب علموں کی موت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست کی 246 میونسپل کاؤنسلز اور 42 نگر پنچایتوں کے انتخابات کیلئے امیدواری کے پرچے داخل کرنے کا عمل آج سے شروع ہورہا ہے۔ یہ درخواستیں آئندہ 17 نومبر تک جمع کی جاسکتی ہیں۔ ان پرچوں کی جانچ 18 نومبرکو ہوگی۔ امیدواری واپس لینے کی آخری تاریخ 21 نومبر ہے اور امیدواروں کی حتمی فہرست کا اعلان 26 نومبر کو کیا جائے گا۔ اس چناؤ میں کُل ایک کروڑ سات لاکھ تین ہزار 576 رائے دہندگان 859 اراکین اور 288 صدور کا انتخاب کریں گے۔ ان انتخابات کیلئے رائے دہی 2 دسمبر، جبکہ ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو ہوگی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ Innovation یعنی اختراع صرف ذہانت اور تحقیق کا نام نہیں ہے بلکہ یہ لوگوں کی زندگی کو اعلیٰ سطح پر لے جانے کا ایک طریقہ ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل ممبئی کی SNDT یونیورسٹی میں Innovation مہا کمبھ کے افتتاح کے بعد بول رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے نئے Ideas اور تحقیق کو انٹرپرینیور شپ میں تبدیل کرنے کیلئے ایک خصوصی اسٹارٹ اَپ پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس اسٹارٹ کی حوصلہ افزائی کی خاطر ایک خصوصی فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ملک میں سب سے زیادہ اسٹارٹ اَپس کا اندراج مہاراشٹر میں کیا گیا ہے اور ان میں سے 45 فیصد اسٹارٹ اَپس کی قیادت کاروباری خواتین کررہی ہیں جو بڑے فخر کی بات ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو پہچانیں اور ہر شعبے میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
***** ***** *****
بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے کی تشہیری مہم کل ختم ہوگئی۔ اس مرحلے میں کُل 122 حلقوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ آخری مرحلے میں ایک ہزار 302 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ اس دوران تین کروڑ 70 لاکھ رائے دہندگان‘ اپنے ووٹ ڈالنے کے حق کا استعمال کریں گے۔ ان انتخابات کے نتائج کا اعلان آئندہ 14 نومبر کو کیا جائے گا۔
کل انتخابی مہم کے آخری دن نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (NDA) اور مہا آگھاڑی کے سرکردہ رہنماؤں نے اپنی تقاریر کے ذریعے رائے دہندگان کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی کوشش کی۔
اسی بیچ رائے دہی کے پہلے مرحلے کے دوران VVPAT سلپس کھلی پائے جانے پر ایک معاون انتخابی افسر کو معطل کردیا گیاہے۔ اس معاملے میں کیس درج کرکے تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
آئندہ بلدیاتی انتخابات کے پس منظر میں شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے گروپ نے ریاستی الیکشن کمیشن کو 40‘ Star Campaners کی فہرست پیش کی ہے۔ انتخابی مہم چلانے والوں کی اس فہرست میں اُدّھوٹھاکرے، آدتیہ ٹھاکرے سمیت فلم اداکار‘ مراٹھا شخصیات اور جارحانہ رُخ اپنانے والے قائدین شامل ہیں۔ میونسپل کاؤنسلز اور نگر پنچایتوں کے ان انتخابات میں شیوسینا اُدّھوٹھاکرے پارٹی نے کم از کم 150 نشستیں جیتنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
***** ***** *****
انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبے میں پونے کے انڈین انسٹیٹیوٹ آف سائنس ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (IISER) کے سائنس دانوں نے Quantam Computer Systems کیلئے درکار Q-Beats تیار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے جوکہ جدید کمپیوٹنگ کیلئے انتہائی اہم ہے۔ Quantam Computing کو طب، دفاع، آب و ہوا، ماحولیاتی نظام اور خلاء جیسے شعبہ جات میں انتہائی پیچیدہ اور جدید تحقیق کیلئے ایک قابل اور محفوظ متبادل کے طورپر دیکھا جاتا ہے۔ اس میں قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ بھارت نے اس شعبے میں یہ کامیابی اس وقت حاصل کی جب امریکہ، یوروپ، روس اور چین میں اس پر تحقیق جاری ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
گجرات کے انسدادِ دہشت گردی دستے (ATS) نے دہشت گرد تنظیم ISIS کے ساتھ روابط کے شبے میں کل گاندھی نگرکے ادلاج سے تین افراد کو حراست میں لیا ہے۔ ان کے پاس سے ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔ الزام ہے کہ وہ ملک کے مختلف حصوں میں حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
***** ***** *****
اَننت بھالے راؤ فاؤنڈیشن کی جانب سے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ریٹائرڈ جسٹس سنیل دیشمکھ کو اَننت راؤ بھالے راؤ ایوارڈ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مراٹھواڑہ کے اخبارات کے سینئر صحافیوں، گوپال ساکریکر، نیلو داملے اور اروند وید کی عزت افزائی کی گئی۔ افتتاحی بیان میں نشی کانت بھالے راؤ نے بتایا کہ گذشتہ جون مہینے میں ایمرجنسی کو 50 برس مکمل ہوگئے ہیں۔ اس دوران اخبارات کی فکر و تحریر کی آزادی سلب کرلی گئی تھی’تاہم اس دور میں نڈر صحافت کا پرچم بلند رکھنے والے ان سینئر صحافیوں کو یہ فاؤنڈیشن خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ ایوارڈ پانے کے بعد جوابی تقریر کے دوران ان صحافیوں نے بتایا کہ ایمرجنسی کا دور جدوجہد کے ساتھ ساتھ خوشحالی کا بھی دور تھا۔ اس موقع پر سینئر صحافی ونود شرساٹھ نے”ایمرجنسی کل- آج اور کل“ کے عنوان پر لیکچر دیا۔
***** ***** *****
نندوربار ضلع کے اکّل کوا تعلقے کے دیوگُئی گھاٹ میں اسکولی طلبہ کو لے جانے والی بس گہرائی میں گرنے سے دو طلبہ کی موت ہوگئی، جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ قبائلی برادری کے طلبہ جو دیوالی کی چھٹیاں منانے اپنے گاؤں گئے تھے، اس بس کے ذریعے آشرم اسکول واپس جارہے تھے۔ ڈرائیور کے بس کا کنٹرول کھو دینے کے سبب یہ حادثہ پیش آیا۔ مقامی لوگوں نے وادی میں اُتر کر طلبہ کو باہر نکالا۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ زخمی طلبہ کا علاج کیا جارہا ہے۔ ان میں سے دو یا تین طلبہ کی حالت تشویشناک ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے گجانن کوآپریٹیو شکر کارخانے کا مولی پوجن اور کرشنگ سیزن کا افتتاح کل رکنِ اسمبلی سندیپ شرساگر کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر شری شیتر نارائن گڑھ کے مہنت شیواجی مہاراج سمیت علاقے کے گنے کے کسان کثیر تعداد میں موجود تھے۔
***** ***** *****
’قومی قانونی خدمات‘ دن کے موقع پر کل پربھنی میں ڈسٹرکٹ لیگل سروسیز اتھاریٹی کی جانب سے ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ چیف جسٹس اینڈ سیشن جج اُجولا نندیشور نے اس موقع پر حاضرین کی رہنمائی کی۔
***** ***** *****
لاتور شہر کے قریب کل ناندیڑ جانے والی شاہراہ پر ایک CNG لے جانے والا ٹینکر لیک ہوگیا۔ جس کے سبب دونوں جانب کی ٹریفک روک دی گئی۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ ٹریفک اب معمول پر آگئی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی ایس ٹی کارپوریشن کی جانب سے ہندو ہردئے سمراٹ بالا صاحب ٹھاکرے صاف‘ خوبصورت بس اسٹینڈ مہم چلائی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں بیڑ ڈویژن کے ’B‘ اور ’C‘ کلاس بس اسٹینڈ کا تیسرا سروے آج سے شروع کیا جارہا ہے۔ اس خصوص میں تشکیل دی گئی کمیٹی 21 نومبر تک یہ سروے کرے گی۔
***** ***** *****
ریاست کے چیف سیکریٹری راجیش کمار نے سنہستھ کمبھ میلے کیلئے ناسک شہر میں کیے جانے والے کامو ں میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔ انھوں نے کل شہر کے رام کُنڈ سمیت مختلف مقامات کا دورہ کیا۔
***** ***** *****
بھارت کے اَنش بھان والا نے مصر میں جاری ISSF عالمی نشانے بازی چمپئن شپ کے دوران مردوں کے 25 میٹر ریپڈ فائر مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔ وہ عالمی چمپئن شپ کے انفرادی پسٹل مقابلے میں میڈل جیتنے والے پہلے بھارتی نشانے باز بن گئے ہیں۔
***** ***** *****
بھارت کے کارتک وینکٹ رامن نے گوا میں جاری FIDE شطرنج عالمی کپ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ میں اپنی جگہ بنالی ہے‘ جبکہ وِدِت گجراتی اور نارائن ایس ایل کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ارجن ایریگیسی‘ آر پرگیا نند اور اروند چتامبرم پہلے ہی چوتھے راؤنڈ میں داخل ہوچکے ہیں۔
***** ***** *****
بھارت کے قومی کھیل ہاکی کے سو برس مکمل ہونے پر کل ایوت محل میں ایک شاندار ریلی کا انعقادکیا گیا۔ اس ریلی میں طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست میں میونسپل کاؤنسلز اور نگر پنچایتوں کے انتخابات کیلئے امیدواری پرچے داخل کرنے کے عمل کا آج سے ہورہا ہے آغاز۔
٭ اختراع صرف ذہانت اور تحقیق کا نام نہیں ہے بلکہ یہ لوگوں کی زندگی کو اعلیٰ سطح پر لے جانے کا ایک طریقہ ہے: وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔
٭ ممبئی کی SNDT یونیورسٹی میں Innovation مہا کمبھ کا افتتاح۔
٭ بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی تشہیری مہم کا اختتام؛ کل ہوگی رائے دہی۔
٭ اَننت بھالے راؤ فاؤنڈیشن کی جانب سے دیا جانے والا اَننت بھالے راؤ ایوارڈ پیش۔
اور۔۔۔٭ نندوربار ضلع کے دیوگُئی گھاٹ سے بس گہرائی میں گری؛ دو طالب علموں کی موت۔
***** ***** *****

No comments: