Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 19 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۱/نومبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے اجتماعی کوشش کرنے کی صدرِ جمہوریہ کی اپیل۔ چھٹے قومی آبی ایوارڈز میں مہاراشٹر پہلے نمبر پر۔
٭ وزیرِ اعظم کے ہاتھوں آج پی ایم کسان سنمان ندھی کی 21 ویں قسط کی تقسیم۔
٭ ریاست میں تصور پر مبنی خصوصی شہروں کی تعمیر اور مختلف اداروں کی اراضی کے معقول استعمال سے متعلق پالیسی کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر تا اہلیا نگر شاہراہ کی فی الفور مرمت کا وزیرِ اعلیٰ کا حکم۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں شدید سردی کی لہر؛ مراٹھواڑہ میں درجہئ حرارت 10 ڈگری سے نیچے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے اپیل کی ہے کہ پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے سب مشترکہ طورپر کوشش کریں۔ چھٹے قومی آبی اعزازات کل نئی دہلی میں تفویض کیے گئے۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملک میں گذشتہ برس شروع کیے گئے ”عوامی شراکت سے آبی تحفظ“ پروگرام کے ذریعے زیرِ زمین سطح آب میں اضافے کیلئے مددگار 35 لاکھ سے زائد اسٹرکچر ملک بھر میں تعمیر کیے گئے ہیں۔ صدرِ جمہوریہ نے کہا:
Byte: President Droupadi Murmu
آبی تحفظ اور بہتر آبی نظم و نسق کے 10 زمروں میں 46 فاتحین کو اس موقع پر ایوارڈز سے نوازا گیا۔ جن میں ریاست کے زمرے میں مہاراشٹر کو پہلا ایوارڈ دیا گیا۔ آبی وسائل کے وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں یہ ایوارڈ لیا۔ شہری خود مختار اداروں کے زمرے میں نئی ممبئی میونسپل کارپوریشن کو ایوارڈ دیا گیا۔ پانی کا بہترین استعمال کرنے والے ادارے کے طور پر ناسک ضلع کے کنِف ناتھ امدادِ باہمی ادارے کو دوسرا انعام دیا گیا۔ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد آبی وسائل کے وزیر رادھاکرشن وکھے پاٹل نے اپنے تاثرات کا اظہار کچھ ان الفاظ میں کیا۔
Byte: State Minister Of Water Resources Radhakrishna Vikhe Patil
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندرمودی آج پی ایم کسان سنمان ندھی کی 21 ویں قسط تقسیم کریں گے۔ تملناڈو کے کوئمبتور میں ہونے والے مرکزی پروگرام میں وزیرِ اعظم کے ہاتھوں تقریباً 9 کروڑ کسانوں کے کھاتوں میں مجموعی طورپر 18 ہزار کروڑ روپئے جمع کیے جائیں گے۔ مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ یہ دن ”پردھان منتری اُتسو دن“ کے طور پر منایا جائے گا۔ دوپہر ڈیڑھ بجے ہونے والے اس پروگرام میں شامل ہونے کی اپیل انھوں نے کاشتکاروں سے کی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
دریں اثناء‘وزیرِاعظم آج آندھراپردیش اور تملناڈو کا دورہ کررہے ہیں۔ آندھرا پردیش کے پُٹّ پارتھی میں ستیہ سائی بابا کی 100 ویں سالگرہ کے حوالے سے ایک ڈاک ٹکٹ اور سکہ بھی وہ جاری کریں گے۔ تملناڈو میں قدرتی زراعت کے موضوع پر ایک سمینار میں بھی وزیرِ اعظم شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ نے سڈکو سمیت مختلف اتھاریٹیز کی زمین اور پلاٹوں کے مناسب استعمال کیلئے نئی پالیسی کو منظوری دے دی ہے۔ کل منعقدہ‘ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں تصور پر مبنی آئیکانک شہر کی تعمیر کی پالیسی بھی منظور کی گئی۔ ان پالیسیوں سے ریاست میں مربوط رہائشی بستیاں اور بین الاقوامی تجارتی علاقے قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ امداد و بازآبادکاری محکمے کے تحت زمین کے حصول، بازآبادکاری اور بحالی سے متعلق معاملات کو تیزی سے نمٹانے کیلئے نئی آسامیوں کو بھی کابینہ نے منظوری دی۔
رَتن ٹاٹا مہاراشٹراسکل یونیورسٹی میں 232 اساتذہ اور 107 غیر تدریسی ملازمین اس طرح کُل 339 عہدوں کی منظوری بھی دی گئی۔ مہاراشٹر انسدادِ گداگری قانون میں مہاروگی‘ کوڑھی اور کوڑھ آشرم جیسے تحقیر آمیز الفاظ کو حذف کرنے اور مہاراشٹر پبلک ٹرسٹ ایک 1950 میں ترمیم کا فیصلہ بھی کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ تیندوؤں کے انسانوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کو ریاستی آفت قرار دینے کی تجویز آئندہ کابینی اجلاس میں پیش کی جائیگی۔ کل وزارتِ داخلہ میں منعقدہ ایک اجلاس میں انھوں نے ہدایت کی کہ تیندوؤں کو تحفظ ِ جنگلی حیات قانون کے شیڈول 1- سے نکال کر شیڈول 2- میں شامل کرنے کی تجویز بھی تیار کی جائے۔
پونا ضلع میں تیندوؤں کے علاج اور بازآبادکاری کیلئے دو ریسکیو سینٹرز دو سے تین ماہ میں شروع کیے جائیں گے۔ ان خونخوار جانوروں کے حملوں سے بچاؤ کیلئے فوری اور طویل مدتی‘ دونوں طرح کے اقدامات کیے جائیں گے۔ جن میں حملہ آور تیندوؤں کا ڈرون کے ذریعے سراغ لگاکر انھیں پکڑنا اور نس بندی کرنا شامل ہے۔
جنگلی جانوروں کے حملے اور چاول کی فصلوں میں پانی بھرجانے سے ہونے والے نقصان کو بھی اب پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کے تحت لایا جائے گا۔ اس سلسلے میں جنگلی جانوروں کے حملو ں کو اب مقامی خطرے اور چاول کی فصل میں پانی بھرجانے کو مقامی ایمرجنسی مانا جائے گا۔ -
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر- اہلیانگر شاہراہ کی فی الفور مرمت کا حکم وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے دیا ہے۔ وہ کل کابینی انفراسٹرکچر کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ پونا تا شرور قومی شاہراہ 53.4 کلو میٹر فاصلے کو زمینی سطح پر چار لین اور چھ لین ایلی ویٹیڈ شاہراہ سمیت چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے شیندرا صنعتی علاقہ تا بڑکن صنعتی علاقے اور بڑکن تا ڈھورے گاؤں سکس لین تعمیر کو بھی اس موقع پر منظوری دی گئی۔ جالنہ DMIC نوڈ نمبر ایک‘ کرماڑ تا بڑکن سمردھی ایکسپریس وے کو جوڑنے والی سکس لین شاہراہ کی تعمیر کی تجویز کو بھی اُصولی منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ پونا تا چھترپتی سمبھاجی نگر شاہراہ پر پونا تا شرور کے درمیان صنعتی علاقے ہونے کے سبب زیادہ ٹریفک اور مستقبل میں گاڑیوں کی بڑھنے والی تعداد کو ذہن میں رکھتے ہوئے قومی شاہراہ کی تعمیر کا کام فوری شروع کیا جائے۔
***** ***** *****
دہلی دھماکے سے مبینہ طور پر جڑے تین افراد کو ممبئی پولس نے کل گرفتار کرلیا اور پوچھ تاچھ کیلئے انھیں دہلی منتقل کیا گیا ہے۔ پولس کے مطابق یہ تینوں سوشل میڈیا کے ذریعے اہم ملزمان سے رابطے میں تھے۔ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی اس سلسلے میں تفتیش جاری ہے۔
***** ***** *****
نئی ممبئی بین الاقوامی طیران گاہ 25 دسمبر سے فعال ہورہی ہے۔ اس طیران گاہ سے 26 دسمبر سے دہلی- گوا- کوچی اور احمد آباد کیلئے آکاسا ایئر کی باقاعدہ پروازیں شروع ہوں گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں ماہرینِ امراضِ نسواں کی بین الاقوامی کانفرنس 12 تا 14 دسمبر کے دوران منعقد ہوگی۔ ڈاکٹر پنڈت پڑسکر نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ بانجھ پن کے علاج سے متعلق اس کانفرنس میں 30 پیچیدہ سرجریاں مکمل طور پر مفت کی جائیں گی۔
***** ***** *****
ریاستی الیکشن کمیشن نے ہنگولی اور بسمت میونسپل کونسل کے عام انتخابات کیلئے ناندیڑ کے اضافی ضلع کلکٹر رَتن دیپ گائیکواڑ کو انتخابی مبصر نامزد کیا ہے۔ کسی بھی سیاسی پارٹی‘ امیدوار‘ یا ووٹر کو انتخاب سے متعلق شکایت ہو تو وہ گائیکواڑ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ یہ ہدایت ڈویژنل کمشنر جتیندر پاپڑکر نے کی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں درجہئ حرارت میں مسلسل کمی سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ کل دھولیہ میں سب سے کم درجہئ حرارت چھ اعشاریہ دو ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ ناسک ضلع کے نفاڑ میں چھ اعشاریہ نو، جبکہ ناسک شہر میں نو اعشاریہ دو ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ اہلیا نگر میں آٹھ اعشاریہ چار‘ پونے‘ جلگاؤں‘ مالیگاؤں‘ گوندیا اور ایوت محل میں ساڑھے نو ڈگری‘ ناگپور میں 10اعشاریہ نو ڈگری سیلسیئس درجہئ حرارت ریکارڈ ہوا۔ مراٹھواڑہ میں بیڑ میں 10 اعشاریہ دو، چھترپتی سمبھاجی نگر میں 10اعشاریہ چھ، اور پربھنی میں 10 اعشاریہ آٹھ ڈگری سیلسیئس درجہئ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے اجتماعی کوشش کرنے کی صدرِ جمہوریہ کی اپیل۔ چھٹے قومی آبی ایوارڈز میں مہاراشٹر کو پہلا ایوارڈ۔
٭ وزیرِ اعظم کے ہاتھوں آج پی ایم کسان سنمان ندھی کی 21 ویں قسط کی تقسیم۔
٭ ریاست میں تصور پر مبنی خصوصی شہروں کی تعمیر اور مختلف اداروں کی اراضی کے معقول استعمال سے متعلق پالیسی کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر تا اہلیا نگر شاہراہ کی فی الفور درستی کا وزیرِ اعلیٰ کا حکم۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں شدید سردی کی لہر؛ مراٹھواڑہ میں درجہئ حرارت 10 ڈگری سے نیچے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment