Thursday, 20 November 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 20 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 20 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۰؍نومبر ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ • وزیر اعظم کے ہاتھوں پی ایم کسان اسکیم کی 21 ویں قسط کسانوں میں تقسیم۔
٭ • نتیش کمار آج بہار کے وزیر اعلیٰ کےعہدے کا حلف لیں گے۔
٭ نئے فوجداری قانون کے نفاذ سے جرائم ثابت کرنے کی شرح 90 فیصد تک بڑھ جائے گی - وزیراعلیٰ کااستدلال۔
٭ • 56 ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آج سے گوا میں ہوگا آغاز، 81 ممالک کی 240 فلموں کی نمائش ہوگی۔
اور۔۔۔٭ بزرگ اداکارہ سہاس جوشی کاگدیما پرتشٹھان کے ایوارڈ کیلئے انتخاب۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعظم نریندر مودی نے تمام کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ترقی یافتہ بھارت کیلئے مستقبل کے زرعی ماحولیاتی نظام کی تعمیر کی سمت مشترکہ کوششیں کریں۔ وہ کل تمل ناڈو کے کوئمبتور میں پی ایم کسان سنمان اسکیم کی 21ویں قسط جاری کرنے کے بعد حاضرین سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران ملک کے تقریباً نو کروڑ کسانوں کے بینک کھاتوں میں کُل 18ہزار کروڑ روپے منتقل کیے گئے۔ مہاراشٹر میں 90 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ کسانوں کے بینک کھاتوں میں ایک ہزار 808 کروڑ 25 لاکھ روپے براہ راست جمع کیے گئے۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں زرعی شعبے میں بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں جس سے دیہی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا…
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیراعظم نے ترغیب دی کہ سبھی کسان اپنے کھیتوں میں تجرباتی بنیادوں پرفطری کاشتکاری کو اپنائیں اور ہر سال فطری کاشتکاری کے رقبے میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ گیارہ سالوں میں کسانوں کی ہر طرح سے مدد کی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی نے کل آندھرا پردیش کے پُٹّ پارتھی میں ستیہ سائی بابا کی صد سالہ پیدائش کی تقریبات میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے ستیہ سائی بابا کی سمادھی کے درشن کرکے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیرِ اعظم نے سائی بابا کی خدمات کے اعتراف میں ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ اور ایک یادگاری سکے کا اجرا بھی کیا۔ اس موقعے پر آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو، نائب وزیر اعلیٰ پون کمار، کرکٹ کھلاڑی سچن تندولکر، فلم اداکارہ ایشوریہ رائے اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
***** ***** *****
نتیش کمار آج بہار کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ کل منعقدہ اجلاس میں سمراٹ چودھری نے نتیش کمار کو این ڈی اے کامقننہ کا رہنمامقرر کرنے کی تجویز پیش کی جس کی تمام ارکانِ اسمبلی نے متفقہ طور پر حمایت کی۔ حلف برداری کی تقریب آج پٹنہ کے گاندھی میدان میں منعقد ہوگی۔
***** ***** *****
وزیرِاعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ نئے فوجداری قوانین کے نفاذ میں سزا کی شرح کو 90 فیصد تک بڑھانے کی صلاحیت ہے۔ وزیر اعلیٰ کل ممبئی کے آزاد میدان میں ان قوانین پر مشتمل پانچ روزہ معلوماتی نمائش کے افتتاح کے بعد مخاطب تھے۔ انھوں نے بتایا کہ نئے قوانین سے نظامِ انصاف میں بنیادی تبدیلی آ رہی ہے، کیونکہ 2013 میں جرم ثابت کرنے کی شرح صرف نو فیصد تھی جو گذشتہ دس سالوں میں بڑھ کر 53 فیصد ہو گئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ انگریزوں کے تیار کردہ فوجداری قوانین جمہوریت کیلئے سازگار نہیں تھے۔ اس لیے نئے قوانین وضع کرنا ناگزیر تھا۔
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر، پولس ڈائریکٹر جنرل رشمی شکلا اور دیگر کئی شخصیات موجود تھیں۔
***** ***** *****
ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ کی سربراہی میں کانگریس پارٹی کے ایک نمائندہ وفد نے کل راشٹرواد ی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے سربراہ شرد پوار سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ بعد ازاں و رشا گائیکواڑ نے صحیفہ نگاروں کو بتایا کہ اس ملاقات میں آئندہ بلدیاتی اور مقامی خو د مختار اداروں کے انتخابات کے پس منظر میں مہا وکاس اگھاڑی کی پالیسیوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ملک بھر کے 272 نامور شہریوں نے ایک کھلا خط جاری کرکےلوک سبھا میں قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس پارٹی پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ اس خط میں راہل گاندھی پر انتخابی کمیشن جیسے آئینی اداروں کی شبیہہ کو متاثر کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ خط جاری کرنے والی شخصیات میں سبکدوش ججز، سفیر، سبکدوش سرکاری افسران اور مسلح افواج کے سابق افسران شامل ہیں۔
***** ***** *****
56 ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول – IFFI کا گوا میں آج سے آغاز ہو رہا ہے۔ اس فلم فیسٹیول میں 81 ممالک کی 240 فلمیں دکھائی جائیں گی۔ فلم دی بلیو ٹریل کی نمائش سے فیسٹیول کا آغاز ہو گا۔ گوا کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت، وزارتِ اطلاعات و نشریات کے سکریٹری سنجے جاجو کی موجودگی میں ویوز فلم بازار کا افتتاح عمل میں آئے گا۔
***** ***** *****
بزرگ اداکارہ سہاس جوشی کو اس سال کے گدیما پرتشٹھان کے گدیما ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ گدیما پرتشٹھان کے کارگزار ٹرسٹی آنند ماڈگُڑکر نے کل ایک اطلاعی کانفرنس میں یہ جانکاری دی۔ یہ ایوارڈ اکیس ہزار روپے نقد، توصیف نامہ اور مومنٹو پر مشتمل ہے۔ آئندہ 14 دسمبر کو بزرگ اداکار موہن جوشی کے ہاتھوں یہ ایوارڈ سہاس جوشی کو دیا جائے گا۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے رہنما بابا صدیقی کے قتل کے اہم ملزم انمول بشنوئی کو 11 دن کی این آئی اے کی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔ کل امریکہ سے بھارت لانے کے بعد نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے بشنوئی کو اپنی تحویل میں لیا تھا۔ این آئی اے کی چارج شیٹ میں دونوں بھائیوں لارنس بشنوئی اور انمول بشنوئی پر 2020 سے 2023 کے درمیان مختلف جرائم میں دہشت گرد گولڈی برار کی مددکرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ انمول بشنوئی اپریل 2024 میں فلم اداکار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کا بھی ملزم ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک خانگی بس کا عقبی حصہ کھلا ہونے سےپیش آئے حادثے میں دو خواتین کی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ کل علی الصبح پنچوٹی چوک پر پیش آیا۔ مہلوک خواتین، مدھیہ پردیش سے مذہبی مقا مات کے درشن کر کے شہر وا پس آنے کے بعد رکشہ سے اپنے گھروں کو لوٹ رہی تھیں ‘ اسی دور ان رکشہ ایک ٹرا ویلس بس کے کھلی ڈِکّی سے ٹکرا گیا۔ جس کے سبب رکشے سوار خواتین کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔ پولس نے بتایا کہ علاج کے دوران ان دونوں خواتین کی موت واقع ہوگئی۔
***** ***** *****
جھانسی کی رانی لکشمی بائی کو کل ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وشو ہندو پریشد کی جانب سے چھترپتی سمبھاجی نگر کے کرانتی چوک علاقے میں لکشمی بائی کے مجسّمے کو پھول پہنا کر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
سابق وزیرِ اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کو بھی کل ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں صدرِ بلدیہ کے عہدوں کیلئے جمع کی گئیں 89 درخواستوں میں سے 67 درخواستوں کو درست اور 22 درخواستوں کو مستردکر دیا گیا ہے۔ میونسپل کائونسلز اور نگر پنچایت کے اراکین کے عہدے کیلئے داخل کردہ 312 درخواستوں میں سے 430 درخواستوں کو مسترد کر دیا گیا ہے جبکہ 882 درخواستوں کو درست قرار دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے کے لوہا تعلقے میں واقع رائے واڑی شیوار میں ایک کپاس کے کھیت میں گانجے کے پودے لگانے کے معاملے کا انکشاف ہوا ہے۔ مقامی کرائم برانچ دستے نے کل چھاپہ مار کر چھ لاکھ 83 ہزار رو پئے مالیت کا68 کلو 340 گرام گانجہ برآمد کیا۔ اس سلسلے میں لوہا پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ • وزیر اعظم کے ہاتھوں پی ایم کسان اسکیم کی 21 ویں قسط کسانوں میں تقسیم۔
٭ • نتیش کمار آج بہار کے وزیر اعلیٰ کےعہدے کا حلف لیں گے۔
٭ نئے فوجداری قانون کے نفاذ سے جرائم ثابت کرنے کی شرح 90 فیصد تک بڑھ جائے گی - وزیراعلیٰ کااستدلال۔
٭ • 56 ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آج سے گوا میں ہوگا آغاز، 81 ممالک کی 240 فلموں کی نمائش ہوگی۔
اور۔۔۔٭ بزرگ اداکارہ سہاس جوشی کاگدیما پرتشٹھان کے ایوارڈ کیلئے انتخاب۔
***** ***** *****

No comments:

Text-आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 26.12.2025 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 26 December 2025 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी...