Friday, 1 March 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 01.03.2019 , Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 March - 2019
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم  مارچ  ۲۰۱۹؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
پاکستان کی قید میں موجود ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ ابھینندن ورتمان کو آج رِہا کرنے کا اعلان وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے کیا ہے۔ پاکستانی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے یہ اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین جاری کشیدگی میں کمی کیلئے امن کی پہل کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا۔ پرسوں صبح پاکستان کی جانب سے کشمیر میں ہوئے ہوائی حملے کا جواب دیتے ہوئے ابھینندن کا جنگی طیارہ حادثہ کا شکار ہوکر پاکستان کے زیرِ تسلط کشمیر میں جاگرا۔ اس کے بعد پاکستانی فوج نے انہیں اپنے قبضے میں لیکر اُن کے ویڈیو جاری کیے تھے۔ اس پر بھارت نے سخت اعتراض کرتے ہوئے ابھینندن کو فی الفور اور غیر مشروط طور پر رہا کرکے بھارت کو سونپنے کا مطالبہ کیا تھا۔ جس کے بعد کل پاکستان کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس میں عمران خان نے یہ اعلان کیا۔
***** ***** *****
  ہندوستانی فوج نے کہا ہے کہ ہماری لڑائی دہشت گردی کیخلاف ہے اور جب تک پاکستانی مقبوضہ کشمیر اور پورے پاکستان میں انتہاء پسندوں کے ٹھکانے قائم ہوتے رہیں گے اس وقت تک ان کیخلاف کاروائی کی جاتی رہے گی۔ حال ہی میں ہندوستانی فضائیہ کی کاروائی کے بعد پیدا شدہ صورتحال کا تینوں افواج کے سربراہان نے کل جائزہ لیا تھا۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل سریندر سنگھ محل نے کہا کہ ہندوستانی مسلح افواج کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں اور ملک میں امن و استحکام قائم رکھنا ان کی اولین ترجیح ہے۔
***** ***** *****
شکر کارخانوں کو کم شرح سود پر 8/ تا ساڑھے دس ہزار کروڑ روپئے قرض دینے کی تجویز کو مرکزی کابینی کمیٹی برائے اقتصادی اُمور نے منظوری دیدی۔ اس فیصلے کے بعد اب شکر کارخانے رواں ہنگام میں گنّے کے کاشتکاروں کو اُن کے بقایہ جات ادا کرسکیں گے۔ اس قرض کے 7/ تا 8/ فیصد سود کی ادائیگی حکومت کریگی۔ کسانوں کو ان کے واجب الادا بقایہ جات کی ادائیگی کیلئے یہ فنڈ بینکوں کی معرفت ان کے کھاتوں میں براہِ راست جمع کیا جائیگا۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی کا بجٹ اجلاس کل سلامتی وجوہات کی بنیاد پر ملتوی کردیا گیا۔ یہ اجلاس سنیچر تک جاری رہنے والا تھا۔ تاہم بھارت اور پاکستان کی سرحد پر بڑھتی کشیدگی کے پیش ِ نظر حفاظتی دستوں پر موجود بوجھ کم کرنے کیلئے اسمبلی اجلاس دو دن قبل ملتوی کرنے کی تجویز وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ایوان میں پیش کی، جسے تمام سیاسی جماعتوں نے منظور کرلیا۔ اس کے بعد اسپیکر ہری بھائو باگڑے نے اجلاس کے التواء کا اعلان کیا۔ اس اجلاس کے چار سیشن میں 13/ گھنٹے اور 20/ منٹ کام کاج ہوا اور 5/ بل منظور کیے گئے۔
اس سے قبل آئندہ مالی سال کا عبوری بجٹ بغیر کسی مباحثہ کے اسمبلی نے منظور کرلیا۔ حزبِ اختلاف کے قائد رادھا کرشن وکھے پاٹل‘ این سی پی قائد اجیت پوار اور جینت پاٹل نے اپنے بیان میں تحریری طور پر ایوان میں پیش کرنے کا عندیہ دیا‘ جس کے بعد صوتی رائے دہی سے بجٹ منظور کرلیا گیا۔
قانون ساز اسمبلی میں بھی بجٹ کو صوتی رائے دہی سے منظور کیا گیا۔ کونسل کے چیئرمین رام راجے نائیک نمبالکر نے کہا کہ جن اراکین کو بجٹ‘ قحط سے متعلق اقدامات اور دیگر موضوعات پر اپنے نکات پیش کرنے ہوں وہ تحریری طور پر ایوان میں پیش کریں۔ اس کے بعد وزیرِ اعلیٰ نے قا نون ساز کونسل میں بھی اجلاس کو قبل از وقت ملتوی کرنے کی تجویز پیش کی۔ حزبِ اختلاف کے قائد دھننجے منڈے سمیت دیگر جماعتوں نے بھی اس تجویز کی حمایت کی۔
 اسمبلی کا مانسون اجلاس آئندہ 17/ جون سے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع کے سلوڑ صدر بلدیہ انتخابات میں کانگریس کی راجشری نکم نے فتح حاصل کی ہے۔ سلوڑ بلدیہ کے لیے ہوئے انتخابات میں کل ووٹوں کی گنتی عمل میں آئی۔ جس میں 26/ نشستوں میں سے کانگریس نے 24/ نشستیں حاصل کیں جبکہ 2/ نشستوں پر بی جے پی اُمیدوار کامیاب ہوئے۔
***** ***** *****
ریاست میں 10/ ہزار اساتذہ کے تقررات کا اشتہار کل وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور وزیرِ تعلیم ونود تائوڑے کی موجودگی میں پوِتر پورٹل پر جاری کردیا گیا۔ اسکولی تعلیم کے محکمے نے دعوی ٰ کیا ہے کہ اس پورٹل کے ذریعے پہلی مرتبہ بدعنوانی سے پاک تقررات عمل میں آئیں گے۔ کل سنیچر کو اساتذہ کی بھرتی سے متعلق اشتہار اخبارات میں شائع کیا جائیگا‘ جس کے بعد اُمیدوار پوِتر پورٹل پر اشتہار دیکھ سکیں گے۔
***** ***** *****
ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولس کی حیثیت سے سبودھ کما ر جیسوال نے کل عہدے کا جائزہ لیا۔ پولس ڈائریکٹوریٹ میں کل منعقدہ ایک پروگرام میں سابق ڈی جی پی دتا پڑسلگیکر نے عہدے کی ذمہ داریاں سبودھ کمار جیسوال کے سپرد کیں۔
***** ***** ***** 

No comments: