Thursday, 1 October 2020

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 01.10.2020, Time : 09:00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 October-2020
Time: 09:00 to 09:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:یکم  اکتوبر  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۱۰:۹۔ ۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ مہاراشٹر میں 5  اکتوبر سے کھلیں گے ہوٹلس اور ریسٹورنٹس؛ ریاست میں لمبی مسافت کی ٹرینیں چلانے کو بھی ملی منظوری۔ تاہم اسکول‘
کالج اور کوچنگ کلاسیز بدستور بند رہیں گے۔
٭ CBI کی خصوصی عدالت نے ایودھیا میں بابری مسجد گرائے جانے کے معاملے میں لال کرشن اڈوانی‘ اوما بھارتی اور مرلی منوہر جوشی سمیت
سبھی 32 ملزمین کو کیا بری؛ کہا سازش ثابت کرنے میں ناکام رہی CBI۔
٭ مرکزی حکومت کے زرعی اصلاحی بلوں پر عمل آوری سے متعلق غور و خوض کیلئے ریاستی کابینہ نے قائم کی ذیلی کمیٹی۔
اور
٭ کورونا مریضوں سے زیادہ بل وصول کرنے پر اورنگ آباد کے 14  اسپتالوں کو جاری کی گئی وجہ بتائو نوٹس۔
***** ***** *****
کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں جاری لاک ڈائون کو مرحلہ وار طریقے سے ختم کرنے کے پانچویں مرحلے کی آج سے شروعات ہورہی ہے۔ اس بارے میں مرکزی حکومت اور مہاراشٹر حکومت دونوں نے اپنے اپنے رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔ اس کے تحت ملک بھر میں جاری لاک ڈائون کو 31 اکتوبر تک بڑھا د یا گیا ہے۔ مہاراشٹر حکومت کے رہنما خطوط کے مطابق ریاست میں 5  اکتوبر سے ہوٹلس‘ ریسٹورنٹس اور فوڈ کورٹس کھل سکیں گے۔ اس کے علاوہ ریاست میں لمبی مسافت کی سبھی ٹرینیں چلانے کے فیصلے کو بھی منظوری دی گئی ہے۔ ہوٹلس‘ فوڈ کورٹس اور ریسٹورنٹس چلانے کے بارے میں محکمہ سیاحت ترمیم شدہ رہنما خطوط جاری کرے گا۔ دریں اثناء اسکول‘ کالجیس‘ پرائیویٹ کوچنگ کلاسیز اور دیگر تعلیمی ادارے 31  اکتوبر تک بند رہیں گے۔ ساتھ ہی ریاست میں سینما گھر، سوئمنگ پول اور فنکشن ہالس بدستور بند رہیں گے۔ سماجی‘ سیاسی‘ ثقافتی اور تعلیمی تقریبات اور کھیل کے مقابلوں کے انعقاد پر مہاراشٹر میں لگی پابندی جاری رہے گی۔
***** ***** *****
دوسری جانب مرکزی حکومت نے 15  اکتوبر سے سینما گھر، ملٹی پلیکس اور تھیم پارکس شروع کرنے کی اجازت دی ہے۔ اس دوران سینما گھروں میں صرف پچاس فیصد شائقین کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت نے صرف تیراکوں کی پریکٹس کیلئے سوئمنگ پول کے استعمال کی اجازت دی ہے۔
***** ***** *****
CBI کی خصوصی عدالت نے ایودھیا میں بابری مسجد گرائے جانے کے معاملے میں لال کرشن اڈوانی‘ مرلی منوہر جوشی اور اوما بھارتی سمیت سبھی 32 ملزمین کو بری کردیا ہے۔ CBI کی لکھنؤ کی خصوصی عدالت نے کل یہ فیصلہ سنایا۔ اپنے فیصلے میں عدالت نے کہا کہ اس بات کے خاطر خواہ ثبوت نہیں ہیں جس سے یہ ثابت کیا جاسکے کہ 6 دسمبر 1992 ء کو ایودھیا میں پیش آیا واقعہ کوئی سازش کا حصہ تھا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ CBI ان ملزمین کے خلاف پختہ ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔ 28 سال پرانے اس معاملے میں لال کرشن اڈوانی‘ اوما بھارتی اور مرلی منوہر جوشی سمیت بھارتیہ جنتا پارٹی کے 32 رہنمائوں کو ملزم بنایا گیا تھا۔
اس بیچ بری کیے گئے ملزمین لال کرشن اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی نے CBI کی خصوصی عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ نے یونین پبلک سروس کمیشن‘ UPSC کے سول سروسیز امتحان کو ملتوی کرنے سے انکار کردیا ہے۔ 4  اکتوبر کو سول سروسیز کا پریلم امتحان ہونا ہے۔ عدالت نے کہا کہ یہ امتحان اُن امیدواروں کیلئے ایک اور موقع ہوگا جو کووِڈ 19- کی وجہ سے پچھلے امتحان میں شریک نہیں ہوسکے تھے۔ درخواست گذاروں نے کووِڈ 19- کی موجودہ صورتحال اور ملک کے مختلف حصوں میں آئے سیلاب کی وجہ سے امتحان ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے سال 2020ء اور سال 2021ء کے سول سروسیز امتحانات ایک ساتھ منعقد کرنے سے بھی انکار کردیا۔ عدالت نے کہا کہ امتحان کا انعقاد ضروری ہے اور اس دوران سبھی احتیاطی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی جانب سے منظور کیے گئے زرعی اصلاحی قوانین پر مہاراشٹر میں عمل آوری کروانے کے بارے میں ریاستی کابینہ کی ذیلی کمیٹی تشکیل دی جائیگی۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی صدارت میں کل ہوئے کابینی اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ ان قوانین کے بارے میں ریاست میں مختلف کسان تنظیموں کے نمائندوں سے بھی بات چیت کی جائیگی، جس کے بعد کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے سامنے مسودہ پیش کیا جائیگا۔ اس کے بعد کابینہ اس بارے میں مناسب فیصلہ کریگی۔
***** ***** *****
پولس فورس کے 43 سینئر IPS افسران سمیت 150 پولس افسروں کے کل تبادلے کیے گئے۔ ان میں اورنگ آباد کے DCP ڈاکٹر راہل کھاڑے بھی شامل ہیں جو اب اینٹی کرپشن بیورو‘ ACB کے سپرنٹنڈنٹ ہوں گے۔ ناسک میں واقع مہاراشٹر پولس اکیڈمی کے SP دیپک گِرہے کا اورنگ آباد کے DCP کی حیثیت سے تبادلہ کیا گیا ہے۔ اورنگ آباد کے شہری حقوق کمیٹی کی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر دیپالی گھاٹگے کا شولا پور کی DCP کے طور پر تبادلہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
انکم ٹیکس ریٹرن اور GST ریٹرن داخل کرنے کی مدت میں توسیع کردی گئی ہے۔ اب انکم ٹیکس ریٹرن 30 نومبر تک اور GST ریٹرن 31  اکتوبر تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل دِن بھر میں 18 ہزار 317 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا اضافہ ہوا۔اس اندراج کے بعد ریاست میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 84 ہزار 443ہوگئی ہے۔ ریاست بھر میں کل ایک دِن میں 481 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی۔ اب تک اس بیماری سے مہاراشٹر میں 36 ہزار 662  افراد جان گنوا چکے ہیں۔ وہیں کل دِن بھر میں 19 ہزار 163 مریضوں کو صحت یاب قرار دیکر اسپتالوں سے رُخصت کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی کورونا وائرس سے اب تک مہاراشٹر میں ٹھیک ہونے والوں کی تعداد 10 لاکھ 88 ہزار 322 تک جاپہنچی ہے۔ فی الحال ریاست کے مختلف اسپتالوں میں 2 لاکھ 59 ہزار 33 کورونا پازیٹیو مریض اپنا علاج کروارہے ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک دِن میں 39 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی اور 1388 نئے معاملوں کا انکشاف ہوا۔ لاتور ضلعے میں گذشتہ روز 10 مریضوں کی موت واقع ہوگئی اور 255 نئے مریض پائے گئے۔ عثمان آباد میں 8 لوگوں کی موت ہوگئی اور 196  افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اورنگ آباد ضلعے میں کل 7 کورونا مریضوں نے جان گنوائی اور 237 نئے معاملے منظرِ عام پر آئے۔ ناندیڑ ضلعے میں 5 مریض ہلاک ہوگئے اور 264 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا پتہ چلا۔ جالنہ میں 4 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی اور 116  افراد کو کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ بیڑ میں 3 کورونا مریض علاج کے دوران دَم توڑ گئے اور 204 نئے مریض سامنے آئے۔ پربھنی میں 2 کورونا مریضوں نے جان گنوائی اور 77 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ ہنگولی ضلعے میں کل ایک دِن میں 39 نئے مریضوں کا انکشاف ہوا۔
***** ***** *****
پونے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اور اُس سے ہورہی اموات میں اضافہ جاری ہے۔ کل ایک دِن میں پونے میں 3298 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا اندراج ہوا، جبکہ 84 مریضوں کی موت ہوگئی۔ ممبئی میں کل ایک دِن میں 2654 کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے اور 46 مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ ناگپور میں 982‘ سانگلی میں 580‘ ساتارا میں 512‘ بلڈانہ میں 188‘ بھنڈارا میں 140‘ اور رتنا گری میں 77 پازیٹیو مریضوں کا کل اضافہ ہوا ہے۔
***** ***** *****
کورونا مریضوں سے زیادہ بل وصول کرنے پر اورنگ آباد شہر کے 14  اسپتالوں کو وجہ بتائو نوٹس روانہ کی گئی ہیں۔ ان اسپتالوں نے 656 کورونا مریضوں سے 62 لاکھ 33 ہزار روپئوں کی اضافی رقم وصول کی ہے۔ اورنگ آباد کے ضلع کلکٹر سنیل چوہان کی جانب سے بھیجی گئی نوٹس میں کہا گیا ہیکہ یہ اسپتال سات دِنوںکے اندر نوٹس کا جواب دیں اور بل کم کرنے سے متعلق کاروائی کریں۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں اسپتالوں کیخلاف کاروائی کی جائیگی۔
***** ***** *****
ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے امتحانات ملتوی کردئیے گئے ہیں۔ یونیورسٹی ملازمین کے کام بند احتجاج کی وجہ سے یہ فیصلہ لینا پڑا۔ SRT یونیورسٹی کی جانب سے کہا گیا ہیکہ سبھی امتحانوں کا نیا ٹائم ٹیبل جلد ہی یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر جاری کردیا جائیگا۔ دوسری جانب اورنگ آباد کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے ملازمین قلم بند آندولن سے آگے بڑھ کر آج سے کام بند آندولن شروع کررہے ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں آج سے شروع ہورہے CET امتحان کیلئے ایس ٹی کارپوریشن نے اضافی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسکے تحت اورنگ آباد ضلعے کے مختلف تعلقوں کے علاوہ بیڑ، جالنہ، پربھنی، بلڈانہ اور دیگر ڈویژنوں سے اورنگ آباد کیلئے اضافی بسیں چلیں گی۔ ایس ٹی کنٹرولر ارون سِیا نے یہ جانکاری دی۔
***** ***** *****
لاتور کے کلّاری میں آئے تباہ کُن زلزلے کو کل 27 سال مکمل ہوگئے۔ اس موقعے پر رکنِ اسمبلی ابھیمنیو پوار نے کلّاری میں واقع یادگاری ستون پر گلہائے عقیدت پیش کیے او رمرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ پولس کی جانب سے تین ہوائی فائر کرکے زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس دوران ابھیمنیو پوار نے کہا کہ زلزلے سے تباہ ہوئے علاقوں کے کئی مسائل زیرِ التواء ہیں جنہیں حل کرنے کیلئے وہ حکومت سے نمائندگی کررہے ہیں۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے کے یلدری ڈیم کے سبھی دروازے کل بند کردئیے گئے۔ متعلقہ افسران نے بتایا کہ پَن بجلی پروجیکٹ کے ذریعے ہی 2500 گھن فٹ فی سیکنڈ کے حساب سے پانی ندی میں چھوڑا جارہا ہے۔
***** ***** *****
ابوظہبی میں کھیلے جارہے IPL مقابلو ںمیں کل کولکاتہ نائٹ رائیڈرس نے راجستھان رائلز کو 37 رَنوں سے ہرادیا۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے کولکاتہ نائٹ رائیڈرس نے 174 رَن بنائے۔ نشانے کا پیچھا کرنے اُتری راجستھان رائلز کی ٹیم جواب میں 137 رَن ہی بنا سکی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ مہاراشٹر میں 5  اکتوبر سے کھلیں گے ہوٹلس اور ریسٹورنٹس؛ ریاست میں لمبی مسافت کی ٹرینیں چلانے کو بھی ملی منظوری۔ تاہم اسکول‘
کالج اور کوچنگ کلاسیز بدستور بند رہیں گے۔
٭ CBI کی خصوصی عدالت نے ایودھیا میں بابری مسجد گرائے جانے کے معاملے میں لال کرشن اڈوانی‘ اوما بھارتی اور مرلی منوہر جوشی سمیت
سبھی 32 ملزمین کو کیا بری؛ کہا سازش ثابت کرنے میں ناکام رہی CBI۔
٭ مرکزی حکومت کے زرعی اصلاحی بلوں پر عمل آوری سے متعلق غور و خوض کیلئے ریاستی کابینہ نے قائم کی ذیلی کمیٹی۔
اور
٭ کورونا مریضوں سے زیادہ بل وصول کرنے پر اورنگ آباد کے 14  اسپتالوں کو جاری کی گئی وجہ بتائو نوٹس۔
***** ***** *****

No comments: