Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 December-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:یکم دسمبر ۲۰۲۱ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
آکاشوانی اورنگ آباد ۔
مرکزی اورریاستی حکومت نے گھر گھر جاکر کورونا وائرس تدارکی ٹیکے دینے کی مہم شروع کی ہے۔اس مہم میں ہم سب شامل ہوکر دونوں خوراک وقت ِ مقررہ پرلیں۔اسی طرح جس نے اب تک ویکسین نہیںلیاوہ ویکسین لینے میں تعاون کریں۔
کورونا وائرس کاخطرہ ہنوزباقی ہے۔ا س بات کوذہن میں رکھیں۔ خود کی اور دوسروں کی فکر کریں۔ ماسک کا استعمال کریں۔ محفوظ سماجی فاصلہ برقراررکھیں۔ ہاتھ ،چہرہ بارباردھوئیں۔کووِڈ 19- سے متعلق مزید معلومات اور مدد کیلئے ہم 011-23 97 80 46 اور 1075 اس قومی امدادی مرکز سے یا 020- 26 12 73 94 اس ریاستی امدادی مرکز سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
چند اہم خبروںکی سرخیاں سماعت کیجیے:
٭ ریاست کے پرائمری اسکول آج سے شروع؛ تاہم اورنگ آباد‘ ناسک‘ ناگپور‘ ممبئی اور پونے میونسپل کارپوریشن کے حدود کے
اسکولس بند رہیں گے۔
٭ ناندیڑ ضلع میں 13 دسمبر سے اسکولس شروع کرنے کا ضلع انتظامیہ کا فیصلہ۔
٭ 12 اراکینِ پارلیمنٹ کومعطل کرنے پر پارلیمنٹ کا کام کاج کل اجلاس کے دوسرے دِن بھی متاثر۔
٭ ملک میںاب تک اومائیکرون کے ایک بھی مریض کی شناخت نہیں ہوئی: مرکزی وزیر ِ صحت من سکھ مانڈویا۔
٭ مراٹھا ریزرویشن میں مرنے والوں کے ورثاء کو 10 لاکھ روپئے دینے کا تیقن مہا وِکاس فرنٹ حکومت نے مکمل کیا۔
٭ ریاست میں 678 نئے کورونا وائرس متاثرین مریضوں کا اندراج: مراٹھو اڑہ میں ایک شخص فوت؛ تاہم 36 متاثرین۔
اور۔۔٭ اورنگ آباد شہرکے سینئر کامگار رہنماء کامریڈ ایڈوکیٹ منوہر ٹاکسال چل بسے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاستی حکومت نے پرائمری اسکولس آج سے شروع کرنے کی اجازت دی ہے۔ اس کے تحت دیہی علاقوں کے اسکولس آج سے شروع ہورہے ہیں۔ تاہم چند اہم شہروں میں آج سے اسکولس شروع نہیںہوں گے۔ اومائیکرون وائرس کے پھیلائو کے خوف‘ تیاری میں کمی وجوہات کی بناء پر شہری علاقوں میں پہلی سے ساتویں کی کلاسیس شروع کرنے کا فیصلہ ملتوی کردیا گیا ہے۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے حدود‘ تھانہ ضلع، پونے اور پمپری چنچوڑ میونسپل کارپوریشن کے حدود میں 15 دسمبر سے عملی طور پر کلاسیس شروع ہوں گی۔ اورنگ آباد‘ ناسک اور ناگپور میونسپل کارپوریشنس نے بھی 10 دسمبر تک اسکولس شروع نہیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم ناندیڑ ضلع میں 13 دسمبر سے اسکولس شروع کرنے کا فیصلہ ضلع انتظامیہ نے کیا ہے۔ عثمان آباد‘ بیڑ اور ساتارا اضلاع میں آج سے اسکولس شروع ہورہے ہیں۔ ریاست کے رہائشی آشرم اسکولس بھی آج سے شروع ہورہے ہیں۔
***** ***** *****
12 اراکینِ پارلیمنٹ کومعطل کرنے پر پارلیمنٹ کا کام کاج کل اجلاس کے دوسرے دِن بھی متاثر ہوا۔ لوک سبھا میں کام کاج شروع ہوتے ہی حزبِ مخالف پارٹیوں کے اراکین نے معطل کرنے کے فیصلے کیخلاف احتجاج کیا۔ ہنگامہ آرائی جاری رہنے کی وجہ سے لوک سبھا کا کام کاج تمام دِن کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ اسپیکر اوم پرکاش برلا نے یہ مسئلہ حل کرنے کیلئے تمام پارٹیوں کی میٹنگ لی اور آئندہ لوک سبھا کا کام کاج بہترین طریقے سے چلنے کی اُمید ظاہر کی۔ اسی بیچ اس ہنگامہ آرائی میں لوک سبھا میں دو بل پیش کیے گئے۔
راجیہ سبھا کا کام کاج شروع ہونے کے بعد 12 اراکینِ پارلیمنٹ کی معطلی مسترد کرنے کے ضمن میں حزبِ مخالف پارٹی رہنماء ملیکاارجن کھرگے نے کیا مطالبہ راجیہ سبھا کے صدر وینکیا نائیڈو نے مسترد کردیا۔ اس مسئلے پر ہنگامہ آرائی جاری رہنے کی وجہ سے راجیہ سبھا کی کاروائی تمام دِن کیلئے ملتوی کردی گئی۔
دریں اثناء معطل کیے ہوئے 12 حزبِ مخالف پارٹی اراکین اپنے ایوان میں رویہ پر معافی مانگیں ‘تب ہی ان کی معطلی واپس لی جائیگی۔ یہ بات پارلیمانی اُمور کے وزیر پرلہاد جوشی نے کہی ہے۔
***** ***** *****
علیحدہ ودربھ ریاست تشکیل دینے کی کسی قسم کی تجویز مرکزی حکومت کے زیرِ غور نہیں ہے۔ مرکزی داخلہ مملکتی وزیر نتیانند رائے نے یہ بات کل لوک سبھا میں کہی ہے۔ اس سلسلے میں پوچھے گئے ایک تحریری سوال کا جواب دیتے ہوئے وہ مخاطب تھے۔ نئی پارٹیوں کی تشکیل کے سلسلے میں حکومت تمام متعلقہ گروپس سے بات چیت کرنے کے بعد فیصلہ کرتی ہے۔ یہ بات رائے نے کہی ہے۔
***** ***** *****
ملک میں اب تک اومائیکرون کے ایک بھی مریض کی شناخت نہیں ہوئی ۔ اس کی اطلاع مرکزی وزیرِ صحت من سکھ مانڈویا نے دی ہے۔ وہ کل لوک سبھا میں سوال و جواب کے وقفے کے دوران مخاطب تھے۔ کووِڈ کے دور میں ہم نے کئی سہولتیں فراہم کی ہیں‘ تجزیہ گاہیں قائم کی ہیں، یہ نیا وائرس ملک میں نہ آئے ا س کیلئے حتی الامکان کوشش کی جارہی ہے۔ یہ بات وزیرِ موصوف نے کہی ہے۔
***** ***** *****
اسی بیچ اومائیکرون کے پسِ منظر میں تمام ریاستوں‘ اسی طرح مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں تمام بین الاقوامی طیران گاہوں پر بیرون سے آنے والے مسافروں کی سخت جانچ کی جائے۔ ایسی ہدایت مرکزی حکومت نے دی ہے۔ مرکزی داخلہ سیکریٹری اجئے بھلّا نے اس ضمن میں مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں اورریاستی حکومتوں کے چیف سیکریٹریز کو مکتوب روانہ کیے ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن احتجاج میں مرنے والے کے ورثاء کو 10 لاکھ روپئے دینے کے تیقن کو مہا وِکاس حکومت نے مکمل کرلیا ہے۔ ریاست میں10 ضلعوں میں 34 افراد اس احتجاج میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس میں اورنگ آباد ضلع میں 6‘ بیڑ 11‘ لاتور 4‘ پونے اور جالنہ اضلاع میں فی کس 3‘ عثمان آباد اور ناندیڑ اضلاع میں فی کس 2‘ اور احمدنگر‘ شولا پور اور پربھنی اضلاع میں فی کس ایک خاندان شامل ہے۔ ان تمام خاندانوں کو فی کس 10 لاکھ روپئے امداد دینے کا تیقن اس سے قبل ہی حکومت نے دیا تھا۔ تاہم صرف 15 خاندانوں کو فی کس 5 لاکھ روپئے امداد دی گئی تھی۔ اب مہا وِکاس فرنٹ حکومت نے 15 خاندانوں کو باقی ماندہ 5 لاکھ روپئے ہر خاندان کو اور دیگر 19خاندانوں کو فی کس 10 لاکھ روپئے دینے کیلئے 2 کروڑ 65 لاکھ روپئے وزیرِ اعلیٰ امدادی فنڈ سے متعلقہ ضلع کلکٹرس کو منتقل کردئیے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 678 نئے کورونا وائرس متاثرین مریضوں کا انکشاف ہوا۔ ا س کی وجہ سے تمام ریاست میں کووِڈ متاثرین کی جملہ تعداد 66لاکھ 35 ہزار 658 ہوگئی ہے۔ کل 35 مریض دورانِ علاج چل بسے۔ ریاست میںاس وباء سے مرنے والوں کی جملہ تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 997 ہوگئی ہے۔ شرح اموات 2 اعشاریہ 12 فیصد برقرار ہے۔ کل 942 مریض صحت یاب ہوگئے۔ ریاست میں اب تک 64 لاکھ 83 ہزار 435 مریض کورونا وائرس وباء سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔ کووِڈ سے نجات کی شرح 97 اعشاریہ 7 فیصد ہے۔ ریاست میں فی الحال 7ہزار 555 مریضوں کا علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
مراٹھوا ڑہ میں کل 36 نئے کورونا وائرس متاثرین مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ تاہم اورنگ آباد ضلع میں ایک مریض دورانِ علاج لقمۂ اجل بن گیا۔ لاتور ضلع میں 10 نئے مریضوں کی شناخت ہوئی۔ اورنگ آباد 8‘ بیڑ 7‘ جالنہ 6، عثمان آباد 4‘ تاہم ناندیڑ ضلع میں ایک نیا مریض منظرِ عام پر آیا۔ پربھنی اسی طرح ہنگولی ضلع میں کل کووِڈ کا ایک بھی مریض نہیں پایا گیا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر کے سینئر کامگار رہنماء کامریڈ ایڈوکیٹ منوہر ٹاکسال کل چل بسے۔ وہ 90 برس کے تھے۔ بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی کے کئی سال تک وہ ریاستی سیکریٹری اور کچھ وقفے کیلئے قومی کانفرنس کے وہ رُکن تھے۔ دلت تشدد مخالف سنگھرش کمیٹی‘ اسی طرح مہاراشٹر ریاستی لال بائوٹا زرعی مزدور یونین کے ریاستی صدر کے طور پر انھوں نے کئی سال فرائض انجام دئیے۔ آج صبح کامریڈ ٹاکسال کے جسدِ خاکی پر آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بینرجی دو روزہ دورے پر ممبئی آئی ہوئی ہیں۔ کل انھوں نے شیوسینا کے رہنماء وزیرِ ماحولیات آدتیہ ٹھاکرے سے ملاقات کی۔ اس موقع پر رکنِ پارلیمنٹ سنجے رائوت موجود تھے۔ اس موقع پر سیاسی اسی طرح دیگر موضوعات پر بات چیت ہوئی۔ آدتیہ ٹھاکرے نے میٹنگ کے بعد صحافیوں سے مخاطبت میں یہ بات کہی۔
***** ***** *****
6 دسمبر کو مہا پری نِروان دِن کیلئے ریاستی حکومت نے راہنماء خطوط جاری کردئیے ہیں۔ ممبئی میں کووِڈ کا خطرہ باقی ہونے کی وجہ سے چیتیہ بھومی پر جمع ہونے اور عام پروگرام کرنے پر ریاستی حکومت نے پابندی عائد کردی ہے۔ بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو گھروں میں رہ کر خراجِ عقیدت پیش کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ چیتیہ بھومی پر آنے والے رہنمائوں اور معززین کو ویکسین کے دونوں ڈوز لینا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں چند اہم خبروں کی سرخیاں دوبارہ سماعت کیجیے:
٭ ریاست کے پرائمری اسکول آج سے شروع؛ تاہم اورنگ آباد‘ ناسک‘ ناگپور‘ ممبئی اور پونے میونسپل کارپوریشن کے حدود کے
اسکولس بند رہیں گے۔
٭ ناندیڑ ضلع میں 13 دسمبر سے اسکولس شروع کرنے کا ضلع انتظامیہ کا فیصلہ۔
٭ 12 اراکینِ پارلیمنٹ کومعطل کرنے پر پارلیمنٹ کا کام کاج کل اجلاس کے دوسرے دِن بھی متاثر۔
٭ ملک میںاب تک اومائیکرون کے ایک بھی مریض کی شناخت نہیں ہوئی: مرکزی وزیر ِ صحت من سکھ مانڈویا۔
٭ مراٹھا ریزرویشن میں مرنے والوں کے ورثاء کو 10 لاکھ روپئے دینے کا تیقن مہا وِکاس فرنٹ حکومت نے مکمل کیا۔
٭ ریاست میں 678 نئے کورونا وائرس متاثرین مریضوں کا اندراج: مراٹھو اڑہ میں ایک شخص فوت؛ تاہم 36 متاثرین۔
اور۔۔٭ اورنگ آباد شہرکے سینئر کامگار رہنماء کامریڈ ایڈوکیٹ منوہر ٹاکسال چل بسے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment