Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 07 February-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۷؍ فروری ۲۰۲۲ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
آکاشوانی اورنگ آباد ۔
ملک کے بیشتر مقامات پر کووِڈ متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔اس لیے ہماری سامعین سے گذارش ہے کہ محتاط رہیں اور 15 تا 18 برس کے نوجوانوں اور دیگر اہل شہریوں کو کورونا مدافعتی ٹیکے لینے میں تعاون کریں۔ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کا پھیلائو تشویشناک ہے۔ اس سے محفوظ رہنے کیلئے تین سہل احکامات پر عمل کریں۔ ماسک لگائیں‘ دو میٹر کا فاصلہ رکھیں‘ ہاتھ اور منہ کو صاف رکھیں۔کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد یا معلومات کیلئے مرکزی ہیلپ لائن نمبر011-23 97 80 46 یا 1075 پر اور ریاستی امدادی مرکز کی ہیلپ لائن نمبر 020- 26 12 73 94 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سُروں کی ملکہ بھارت رَتن لتا منگیشکر کا جسد ِ خاکی سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ آتش۔
٭ صدرِ جمہوریہ، وزیرِ اعظم سمیت سیاسی سماجی‘ فلمی اور ثقافتی حلقوں میں رنج و غم کی لہر۔
٭ لتا منگیشکر کے انتقال پر مرکزی حکومت کی جانب سے 2 روزہ قومی سوگ کا اعلان۔
٭ ریاست میں کووِڈ کے 9 ہزار 666 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 10مریضوں کی موت۔
٭ مرکزی حکومت کے تمام دفاتر آج سے مکمل حاضری کے ساتھ کھلیں گے۔
اور۔۔٭ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بھارت کی ویسٹ انڈیز کیخلاف 6 وکٹ سے فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
بلبلِ ہند‘ سُروں کی ملکہ، بھارت رَتن لتا منگیشکر کا جسدِ خاکی کل ممبئی کے شیواجی پارک میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ پُرنم آنکھوں سے سپردِ آتش کردیا گیا۔ اُن کے چھوٹے بھائی رِدئے ناتھ نے مذہبی روایتوں کے ساتھ چِتا کو آگ دینے کی آخری رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر ان کی بہنیں مینا کھڑیکر، آشا بھونسلے‘ اوشا منگیشکر اور خاندان کے دیگر افراد موجود تھے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری‘ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے‘ ریاستی کابینہ کے ارکان‘ رکنِ پارلیمان شرد پوار‘ کرکٹر سچن ٹینڈولکر، اداکار شاہ رخ خان‘ سمیت موسیقی اور فلمی دنیا اور تمام شعبوں کی اہم شخصیات نے لتا منگیشکر کا آخری دیدار کیا۔ اس کے علاوہ انھیں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ اس سے قبل کل صبح ان کے جسدِ خاکی کو ممبئی میں واقع ان کی رہائش گاہ پربھو کنج میں آخری دیدار کیلئے رکھا گیا‘ جہاں ہزاروںکی تعداد میں اُن کے پرستاروں نے اپنی چہیتی لتا دیدی کا آخری دیدار کیا۔
28 ستمبر 1929 کو مدھیہ پردیش کے اندور میں پیدا ہوئی لتا منگیشکر نے اپنے فنّی سفر کا آغاز 1942 میں کیا۔ 7 دہائیوں طویل اپنے فنّی سفر میں انھوں نے 30 سے زائد ملکی اور غیر ملکی زبانوں میں ہزاروں گیت گائے اور دنیا بھر میں موسیقی کے سینکڑوں پروگرام پیش کیے۔
دورانِ حیات ہی ایک داستان کی حیثیت رکھنے والی لتا منگیشکر کو ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھارت رَتن سمیت متعدد ایوارڈز دئیے گئے۔ ان کی زندگی ہی میں مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر حکومتوں نے اُن کے نام سے موسوم ایوارڈز کا آغاز کردیا تھا۔ لتا منگیشکر کی موت کے ساتھ ہی موسیقی کے ایک سنہری عہد کا اختتام ہوا۔
سماعت فرمائیں ان کے طویل فنّی سفر کا جائزہ لیتی ہماری یہ رپورٹ:
***** ***** *****
لتا منگیشکر کے انتقال پر مرکزی حکومت نے دو روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اسی پس منظر میں ریاستی حکومت نے آج ایک روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ دریں اثناء مہاڈا کی بھرتی کے تحت غیر تکنیکی آسامیوں کیلئے آج ہونے والے امتحانات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔ یہ اطلاع مہاڈا کے سیکریٹری راج کمار ساگر نے دی۔
***** ***** *****
ریاست میں کل اومائیکرون کاایک بھی نیا مریض نہیں پایا گیا۔ ریاست میں اب تک اومائیکرون متاثرین کی کُل تعداد 3 ہزار 334 ہے۔ جن میں سے 2 ہزار 13 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کووِڈ سے متاثرہ 9 ہزار 666 نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح اب تک ریاست میں کورونا مریضوں کی کُل تعداد 78 لاکھ 3 ہزار 700 ہوگئی۔ کل 66 مریض دورانِ علاج انتقال کرگئے۔ اس طرح اب تک اس مہلک وباء کے باعث مجموعی طور پر ریاست میں ایک لاکھ 43 ہزار 78 افراد فوت ہوچکے ہیں۔ اب بھی مختلف سرکاری و غیر سرکاری اسپتالوں میں ایک لاکھ 18 ہزار 76 مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 898 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی‘ جبکہ 10 مریض دورانِ علاج انتقال کرگئے۔ جن میں ناندیڑ، لاتور اور ہنگولی کے 2-2 جبکہ اورنگ آباد، بیڑ، پربھنی اور جالنہ کا ایک۔ ایک مریض شامل ہے ۔اورنگ آباد ضلع میں کل 198 نئے کورونا مریضوں کی موجودگی سامنے آئی۔
***** ***** *****
کورونا مریضوں کی تعداد میں خاطر خواہ کمی کے پیشِ نظر مرکزی حکومت کے تحت تمام دفاتر آج سے پوری حاضری کے ساتھ کھلے رہیں گے۔ مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر پرساد نے کل یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلی جارہی ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بھارت نے مہمان ٹیم کو 6 وِکٹوں سے شکست دیدی۔ احمد آباد میں کھیلے گئے اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارت کو 177 رن کا ہدف دیا۔ جو میزبان ٹیم نے 28 ویں اوور میں ہی 4 وِکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ویسٹ انڈیز کی 4 وِکٹیں حاصل کرنے والے یجویندر چہل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ یہ میچ ہندوستانی ٹیم کا ایک ہزارواں ایک روزہ بین الاقوامی میچ تھا۔ اس میچ میں ہندوستانی ٹیم نے سیاہ پٹیاں باندھ کر لتا منگیشکر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ سُروں کی ملکہ بھارت رَتن لتا منگیشکر کا جسد ِ خاکی سرکاری اعزازکے ساتھ سپردِ آتش۔
٭ صدرِ جمہوریہ، وزیرِ اعظم سمیت سیاسی سماجی‘ فلمی اور ثقافتی حلقوں میں رنج و غم کی لہر۔
٭ لتا منگیشکر کے انتقال پر مرکزی حکومت کی جانب سے 2 روزہ قومی سوگ کا اعلان۔
٭ ریاست میں کووِڈ کے 9 ہزار 666 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 10مریضوں کی موت۔
اور۔۔٭ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بھارت کی ویسٹ انڈیز کیخلاف 6 وکٹ سے فتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment