Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 08 February-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸؍ فروری ۲۰۲۲ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
آکاشوانی اورنگ آباد ۔
ملک کے بیشتر مقامات پر کووِڈ متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ ا س لیے ہماری سامعین سے گذارش ہے کہ محتاط رہیں اور 15 تا 18 برس کے نوجوانوں اور دیگر اہل شہریوں کو کورونا مدافعتی ٹیکے لینے میں تعاون کریں۔ کورونا وا ئرس کی نئی قسم اومائیکرون کا پھیلائو تشویشناک ہے۔ اس سے محفوظ رہنے کیلئے تین سہل احکامات پر عمل کریں۔ ماسک لگائیں، دو میٹر کا فاصلہ رکھیں‘ ہاتھ اور چہرہ صاف رکھیں۔ کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد یا معلومات کیلئے مرکزی ہیلپ لائن نمبر 011-23 97 80 46 اور 1075 اسی طرح ریاستی امدادی مرکز 020- 26 12 73 94 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
چند اہم خبروںکی سرخیاں سماعت کیجیے:
٭ چھوٹے کسانوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت کا وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اظہار کیا۔
٭ بھارت رَتن گلوکارہ لتا منگیشکر کو پارلیمنٹ میں خراجِ عقیدت۔
٭ حاملہ خواتین اور بچوں کو سنگین بیماریوں سے تحفظ کیلئے عمل درآمد کیے جارہے مشن اِندر دھنُش مہم کے چوتھے مرحلے کا آغاز۔
٭ مقامی خود مختار اداروں میں دیگر پچھڑے طبقوں کے ریزرویشن کے ضمن میں ریاستی پچھڑے طبقات کمیشن کی ہنگامی رپورٹ ریاستی حکومت کے سپرد۔
٭ ریاست میں کووِڈ وباء کے 6 ہزار 436 نئے مریضوں کی شناخت: مراٹھواڑہ میں 6 مریض فوت‘ تاہم 487 متاثرین۔
اور۔۔٭ پونا کی ڈاکٹر شانتی شری دھولی پڈی پنڈت دلّی کی جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کی پہلی خاتون وائس چانسلر۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کل لوک سبھا میں زور دیکر کہا کہ NDA حکومت کے تحت بھارت کووِڈ ۔اُنیس کی وباء کے باوجود دنیا میں تیزی سے اُبھرتی ہوئی ایک معیشت کے طور پر آگے بڑھ رہا ہے۔ وہ کل شام صدرِ جمہوریہ کے خطبے پر شکریے کی تحریک کے تعلق سے بحث کا جواب دے رہے تھے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کووِڈ ۔اُنیس کے سبب درپیش چیلنجوں کے باوجود مرکز نے کسانوں کو کیمیاوی کھاد کی سپلائی مہیا کرانے کو یقینی بنایا۔ انھوں نے ایک بار پھر کہا کہ وباء کے دوران حکومت کی مؤثر مداخلت کی وجہ سے کسان غذائی اجناس کی ریکارڈ پیداوار حاصل کرپائے۔ وزیرِ اعظم مودی نے اپوزیشن پر الزام لگایا کہ انھوں نے ممبئی میں مہاجر مزدوروں کو اپنے آبائی مقامات تک جانے کیلئے اُکسایا‘ حالانکہ لاک ڈائون اس لیے لگایا گیا تھا کہ وہ جہاں ہیں وہیں رہیں۔ انھوں نے کہا کہ کووِڈ۔ اُنیس سے نمٹنے کیلئے یوگا کی افادیت ثابت ہوگئی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے AIMIM کے صدر اسد الدین اویسی سے زور دیکر کہا کہ وہ مرکز کی جانب سے فراہم کی گئی زیڈ زمرے کی سیکوریٹی قبول کرلیں۔ اس مہینے کی 3 تاریخ کو اُترپردیش کے ہاپوڑ میں اویسی کے گاڑیوں کے قافلے پر حملہ ہوا تھا۔ اس واقعے کے بارے میں کل راجیہ سبھا میں ایک بیان دیتے ہوئے مرکزی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ دو ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور فارینسک ٹیم ثبوتوں کی چھان بین کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مرکز نے انھیں سیکوریٹی فراہم کرنے کا حکم دیا تھا جسے انھوں نے مسترد کردیا۔ شاہ نے بتایا کہ اویسی کی سلامتی سے متعلق تشویش کا جائزہ لینے کے بعد انھیں دلّی میں بلیٹ پروف کار اور ملک بھر میں زیڈ زمرے کی سیکوریٹی کی پیش کش کی گئی تھی۔
***** ***** *****
لوک سبھا کو بھارت رَتن لتامنگیشکر کے اعزاز میں ایک گھنٹے کیلئے ملتوی کیا گیا۔ کل سہ پہر جیسے ہی ایوان کی کاروائی شروع ہوئی اسپیکر اوم برلا نے ایک بیان پڑھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ملک کے اعلیٰ ترین شہری ایوارڈ کے علاوہ لتا منگیشکر کو کئی اور باوقار انعامات سے نوازا گیا، جن میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ شامل ہے۔ انھوں نے ایوانِ زیریں کے دو سابق ممبروں گجانند بابر اور سی جنگا ریڈی کے انتقال پر بھی تعزیت پیش کی۔ تعزیتی بیان کے بعد اراکین کھڑے ہوئے اور آنجہانی اشخاص کو نذرانۂ عقیدت پیش کرنے کیلئے خاموشی اختیار کی۔ بعد میں اسپیکر نے ایوان کی کاروائی ایک گھنٹے کیلئے ملتوی کردی۔ راجیہ سبھا کی کاروائی بھی شہرۂ آفاق گلوکارہ اور ایوان کی سابق ممبر لتا منگیشکر کے احترام میں صبح گیارہ بجکر پانچ منٹ تک ایک گھنٹے کیلئے ملتوی کردی گئی۔ جب ایوان کی کاروائی شروع ہوئی خاموشی اختیار کرکے لتا منگیشکر کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
وزیرِ صحت من سکھ مانڈویا نے بچوں اور حاملہ خواتین کو شدید بیماریوں سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے کل نئی دلّی میں تیز تر کیے گئے مشن اِندر دھنُش کے چوتھے مرحلے کا آغاز کیا۔ ملک میں سبھی متعلقہ افراد کو ٹیکہ کاری کے دائرے میں لانے کیلئے یہ خصوصی مہم ہے۔ ڈاکٹر مانڈویا نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مشن اِندر دھنُش کے چوتھے مرحلے سے ملک میں ٹیکہ کاری کے دائرے کو وسیع کرنے کو مزید تقویت ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ ابھی تک 76 فیصد سے زیادہ بچوں کو اس کے دائرے میں لایا جاچکا ہے۔
***** ***** *****
مقامی خود مختار اداروں میں OBC ریزرویشن کے ضمن میں ریاستی پچھڑے طبقات کمیشن نے ہنگامی رپورٹ کل ریاستی حکومت کے سپرد کی۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق مہاراشٹر حکومت نے OBC, VJ اور خا نہ بدوش جماعتوں کی دستیاب معلومات ریاستی پچھڑے طبقات کمیشن کو دی تھی۔ اس کی بنیاد پر کمیشن نے یہ رپورٹ تیار کی ہے۔ اس کی اطلاع OBC بہبود کے وزیر وِجئے وڑیٹیوار نے دی۔ اس میٹنگ میں وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے‘ خوراک اور شہری فراہمی وزیر چھگن بھجبل‘ کمیشن کے صدر سبکدوش جج آنند نرگڑے اور کمیشن کے تمام اراکین موجود تھے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل اومائیکرون وباء سے متاثرہ ایک بھی نیا مریض منظرِ عام پر نہیں آیا۔ ریاست میں اومائیکرون سے متاثرہ مریضوں کی جملہ تعداد 3 ہزار 334 ہے۔ اس میں سے 2 ہزار 13 مریض اس وباء سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کووِڈ وباء کے نئے 6 ہزار 436 مریضوں کی شناخت ہوئی۔ اس کی وجہ سے تمام ریاست میں کووِڈ متاثرین کی جملہ تعداد 78 لاکھ 10 ہزار 136 ہوگئی ہے۔ کل 24 مریض دورانِ علاج چل بسے۔ ریاست میں اس وباء سے مرنے والوں کی جملہ تعداد ایک لاکھ 43 ہزار 98 ہوگئی ہے۔ شرحِ اموات ایک اعشاریہ 83 فیصد ہے۔ کل 18 ہزار 423 مریض صحت یاب ہوگئے۔ ریاست میں اب تک 75 لاکھ 57 ہزار 34 مریض کورونا وائرس سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔ کووِڈ سے نجات کی شرح 96 اعشاریہ 76 فیصد ہوگئی ہے۔ ریاست میں فی الحال ایک لاکھ 18ہزار 76 مریضوں کا علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 487 کورونا وائرس متاثرین مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ تاہم 6 مریض دورانِ علاج لقمۂ اجل بن گئے۔ مرنے وا لوں میں اورنگ آباد ضلع کے 5 اور لاتور ضلع کا ایک مریض شامل ہے۔ اورنگ آباد ضلع میں کل 84 نئے مریض پائے گئے۔ ہنگولی ضلع میں 98‘ عثمان آباد 77‘ لاتور 75‘ ناندیڑ 63‘ بیڑ 41‘ پربھنی 36‘ تاہم جالنہ ضلع میں 13 نئے مریضوں کا اندراج ہوا۔
***** ***** *****
ڈاکٹر شانتی شری دھولی پڈی نے کل دلّی کی جواہر لعل نہرو یونیورسٹی JNU کے وائس چانسلر کا عہدہ قبول کیا۔ وہ ساوتری بائی پھلے پونے یونیورسٹی میں شعبۂ سیاسیات اور عوامی انتظامیہ میں خدمات انجام دے رہی تھیں۔ شانتی JNU کی پہلی خاتون وائس چانسلر ہے۔
ریاستی حکومت کے دسویں اور بارہویں کے امتحانات آف لائن لینے کے فیصلے کے خلاف طلبہ نے کل اورنگ آباد ضلع کلکٹر کے روبرو احتجاج کیا۔ تمام سال آن لائن طریقۂ کار سے تدریس کی گئی‘ اس کی وجہ سے دسویں اور بارہویں کے سالانہ امتحانات بھی آن لائن ہونا چاہیے‘ ایسا مطالبہ اس موقع پر طلبہ نے کیا۔ سرکاری افسران نے اس موقع پر طلبہ سے بات چیت کرکے ان کے مطالبات سنے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں چند اہم خبروں کی سرخیاں دوبارہ سماعت کیجیے:
٭ چھوٹے کسانوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت کا وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اظہار کیا۔
٭ بھارت رَتن گلوکارہ لتا منگیشکر کو پارلیمنٹ میں خراجِ عقیدت۔
٭ حاملہ خواتین اور بچوں کو سنگین بیماریوں سے تحفظ کیلئے عمل درآمد کیے جارہے مشن اِندر دھنُش مہم کے چوتھے مرحلے کا آغاز۔
٭ مقامی خود مختار اداروں میں دیگر پچھڑے طبقوں کے ریزرویشن کے ضمن میں ریاستی پچھڑے طبقات کمیشن کی ہنگامی رپورٹ ریاستی حکومت کے سپرد۔
٭ ریاست میں کووِڈ وباء کے 6 ہزار 436 نئے مریضوں کی شناخت: مراٹھواڑہ میں 6 مریض فوت‘ تاہم 487 متاثرین۔
اور۔۔٭ پونا کی ڈاکٹر شانتی شری دھولی پڈی پنڈت دلّی کی جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کی پہلی خاتون وائس چانسلر۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment