Thursday, 4 October 2018

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date: 04.10.2018 ,Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 04 October 2018
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴؍اکتوبر  ۲۰۱۸؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
 مرکزی کابینہ کی اقتصادی کمیٹی نے گندم سمیت ربیع کی 6/ فصلوں کی کم از کم بنیادی قیمت میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ گندم کی کم از کم قیمت میں فی کوئنٹل 105/روپئے کا اضافہ کرکے اسے 840/ روپئے کردیا گیا ہے۔ مسور کی قیمت میں 225/ روپئے اضافہ کرکے اسے فی کوئنٹل 475/ روپئے اور جبکہ چنے کی کم از کم نرخ 620/ روپئے کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کرڈی میں فی کوئنٹل 845/ روپئے اور بارلی میں 30/ روپئے فی کوئنٹل اضافہ کیا گیا۔ مرکزی کابینی کمیٹی برائے اقتصادی اُمور کے اس اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ زراعت رادھا موہن سنگھ نے کہا کہ فصلوں کی پیداواری لاگت سے کئی گنا زیادہ اُن کی اقل بنیادی قیمت کردی گئی ہے۔
***** ***** *****
اٹل سَوْر کِرشی پمپ یوجنا کو کل ریاستی کابینہ نے منظوری دیدی۔ اس اسکیم کے تحت ریاست میں شمسی توانائی پر چلنے والے 7/ ہزار زرعی پمپ مہیا کیے جائیں گے‘ جس میں سے 22.5/ فیصد پمپ درجِ فہرست ذاتوں اور قبائل کے لیے مختص ہونگے۔ اس اسکیم کے باعث کاشتکاروں کی بڑے پیمانے پر بچت ہوگی۔
’’سنجے گاندھی نرادھار یوجنا‘‘ اور ’’شراون بال سیوا یوجنا‘‘ کے تحت معذور افراد کو دی جانے والی مالی امداد میں اضافے کو بھی ریاستی کابینہ نے منظوری دیدی۔ اس فیصلے کے تحت 40 /تا 79/ فیصد معذور افراد کو ماہانہ 800/ روپئے اور 80/ فیصد سے زائد معذور افراد کو ماہانہ ایک ہزار روپئے دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
 ریاست کے 5/ سرکاری میڈیکل کالجوں میں وائرس سے متعلق تحقیقات کیلئے تجربہ گاہ کے قیام کو بھی کل ہوئے ریاستی کابینہ کے اجلاس میں منظور کرلیا گیا۔ ریاستی سطح کی تجربہ گاہ ناگپور میں تعمیر کی جائیگی اور‘ اورنگ آباد‘ آکولہ‘ دھولیہ و شولاپور میں کالج کی سطح کی تجربہ گاہ تعمیر کی جائیگی۔
***** ***** *****
 چھترپتی شیواجی مہاراج شیتکری سنمان یوجنا کے دائرۂ کار سے باہر کیے گئے چھوٹے کاشتکاروں کے قرض معاف کرنے کا فیصلہ قرض معافی کیلئے تشکیل دی گئی کابینی کمیٹی نے کیا۔ اس اسکیم کا فائدہ حاصل کرنے کیلئے ان کاشتکاروں کو آئندہ یکم نومبر تک آن لائن اندراج کروانا ہوگا۔
***** ***** *****
MPSCکے تحت گذشتہ برس منعقدہ ٹرانسپورٹ انسپکٹر عہدے کے انتخاب کے عمل کو ممبئی عدالت ِ عالیہ نے کالعدم قرار دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد اس عہدے کیلئے منتخب ہونے والے 833/ اُمیدواروں کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا۔ محکمۂ حمل و نقل میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو شامل کرنے کیلئے ریاستی حکومت نے Eligibility شرائط میں رعایت کی تھی۔ تاہم ممبئی عدالت ِ عالیہ کی ناگپور بینچ میں ایک نوجوان نے درخواست دائر کی کہ مرکزی حکومت کے طئے کردہ ضوابط ریاستی حکومت تبدیل نہیں کرسکتی۔ اس درخواست پر سماعت کے بعد عدالت نے اس امتحان کو کالعدم قرار دیا۔
***** ***** *****
بھارت کے 46/ ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے جسٹس رنجن گگوئی نے کل عہدے کا حلف لیا۔ راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب میں صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووِند نے انہیں حلف دلایا۔ جسٹس رنجن گگوئی 19/ نومبر 2019ء تک ملک کے منصف ِ اعلیٰ کے عہدے پر فائز رہیں گے۔
***** ***** *****
 مجاہد ِ آزادی سوامی رامانند تیرتھ کی جینتی کل منائی گئی۔ اس موقع پر ودھان بھون میں قانون ساز کونسل کے چیئرمین رام راجے نائیک نمبالکر اور اسمبلی اسپیکر ہری بھائو باگڑے نے راما نند تیرتھ کی شبیہہ پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔
***** ***** *****
 آکاشوانی اورنگ آباد سے روزانہ صبح 6/ بج کر 50/ منٹ پر مراٹھی زبان میں نشر ہونے والی علاقائی خبروں کے وقت میں تبدیلی کردی گئی ہے۔ 7/ اکتوبر یعنی آئندہ اتوار سے یہ مراٹھی خبریں صبح 7/ بجکر 10/ منٹ پر نشر کی جائیں گی۔
***** ***** *****
بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ آج سے راجکوٹ میں شروع ہورہا ہے۔ اب سے کچھ دیر بعد ساڑھے نو بجے سے اس میچ کا آغاز ہوگا۔
***** ***** *****
 مرکزی وزیر برائے اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ آئندہ برس سفرِ حج کے تفصیلی پروگرام کا آئندہ چند دنوں میں اعلان کردیا جائیگا۔ کل نئی دہلی میں منعقدہ سفرِ حج کے جائزہ اجلاس میں شرکت کے بعد وہ نامہ نگاروں سے مخاطب تھے۔
***** ***** ***** 

No comments: