Thursday, 17 January 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 17.01.2019 , Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 17 January - 2019
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۷؍جنوری  ۲۰۱۹؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
 مرکزی وزیر برائے بقائے آب نتن گڈکری نے کہا ہے کہ زرعی اور دیہی معیشت کا نقشہ تبدیل کرنے کیلئے مہین طرزِ آبپاشی یعنی مائیکرو ایریگیشن کارآمد ثابت ہوگی۔ کل اورنگ آباد میں 9/ ویں بین الاقوامی مائیکرو ایریگیشن کانفرنس کا افتتاح وزیرِ موصوف کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ مائیکرو ایریگیشن کے بغیر زرعی شعبہ کی ترقی ممکن نہیں۔ سرِدست دستیاب پانی کی مقدار کو مدِنظر رکھتے ہوئے فصلوں کی نوعیت تبدیل کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ گڈکری نے مزید کہا کہ اس طرزِ آبپاشی سے زرعی پیداوار میں تین گنا اضافہ ہوسکتا ہے اور اس کے ساتھ ہی پانی کی ضرورت بھی کم ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ مراٹھواڑہ سمیت ریاست بھر میں پانی کی قلّت کا مسئلہ حل کرنے کیلئے دو ندیوں کو جوڑنے کے پروجیکٹ پر کام جاری ہے۔ اس اجلاس خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ ریاست میں جل یکت شیوار اسکیم کے کامیاب نفاذ کے باعث 34/ لاکھ ہیکٹر زمین پر آبپاشی کی جارہی ہے اور ریاست میں مائیکرو ایریگیشن کی سہولیات میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔ تین دن چلنے والی اس کانفرنس میں 56/ ملکوں کے 100/ سے زائد مندوبین شرکت کررہے ہیں۔
***** ***** *****  
قومی درآمد و برآمد بینک یعنی ایکزم بینک کی از سرِ نو سرمایہ کاری کیلئے حکومت نے 6/ ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی زیرِ قیادت کل منعقدہ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ یہ اطلاع مرکزی وزیرِ ریلوے پیوش گوئل نے کل ایک اطلاعی کانفرنس میں دی۔ انھوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 13/ نئی مرکزی یونیورسٹیوں کے قیام کیلئے 8/ ہزار ایک سو کروڑ روپئے کا فنڈ بھی کابینہ نے منظور کیا۔ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرنے کے طریقۂ کار کو آسان بنانے کیلئے اقدامات کو بھی مرکزی مجلس ِ وزراء نے منظوری دیدی۔ پیوش گوئل نے بتایا کہ اکٹھی ای فائلنگ اور سینٹرلائز پروسیس پروجیکٹ 2/ کی منظوری کے بعد عمل درآمد شروع ہونے سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کا عمل صرف ایک دِن ہی میںمکمل کیا جاسکے گا۔
***** ***** *****  
آئندہ تعلیمی سال سے اسکولی نصاب میں تخفیف کا فیصلہ مرکزی حکومت کی فروغِ انسانی وسائل وزارت نے کیا ہے۔ مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل پرکاش جائوڑیکر نے کل نئی دہلی میں یہ اعلان کیا۔ انھوں نے بتایا کہ اس تعلیمی سال سے نصاب میں 10/ تا 15/ فیصد اور آئندہ تعلیمی سال میں 15/ تا 20/ فیصد نصاب کم کردیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ اس فیصلے کے باعث طلبہ کھیل اور اپنی فنّی صلاحیتوں میں اضافے کی طرف زیادہ توجہ دے سکیں گے۔
***** ***** *****  
ممبئی میں بیسٹ بس ملازمین کی تنظیم نے 9/ دنوں سے جاری اپنی ہڑتال کل واپس لے لی۔ ممبئی عدالت ِ عالیہ نے اس تنظیم کو حکم دیا تھا کہ ہڑتال سے متعلق اپنا مؤقف عدالت میں پیش کرے۔ کل سماعت کے دوران عدالت نے ہڑتال فی الفور ختم کرنے کا بھی حکم دیا۔ جس کے بعد ملازمین کی تنظیم کی جانب سے ہڑتال واپس لینے کا اعلان کیا گیا۔
***** ***** *****  
 وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے پولس ملازمین کیلئے اسپورٹس اکیڈمی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ کل ناگپور میں 31/ ویں پولس اسپورٹس مقابلوں کا افتتاح وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کھیلوں کے باعث نفسیاتی دبائو کم ہوتا ہے اور مسلسل نفسیاتی دبائو کا شکار رہنے والے پولس ملازمین کو اس اسپورٹس اکیڈمی کے سبب تنائو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
***** ***** *****  
مراٹھواڑہ اور ودربھ کی صنعتی ترقی کیلئے نامزد انٹر ڈویژنل کمیٹی نے مختلف اضلاع کی پسماندگی سے متعلق اپنی رپورٹ کل ناگپور میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کو پیش کی۔ اورنگ آباد۔ ناگپور اور امراوتی ڈویژن کے معروف کاروباری افراد پر مشتمل اس کمیٹی نے 16/ سیکٹرز میں غیر متوازن صنعتی سہولیات کی سمت اشارہ کیا۔ اس رپورٹ پر عمل درآمد کے سلسلے میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ اس خصوص میں ایک کابینی ذیلی کمیٹی تشکیل دی جائیگی۔
***** ***** *****  
وزیرِ ماحولیات رام داس کدم نے کہا ہے کہ قومی ترقی میں اساتذہ کا کردار نہایت اہم ہے اور اساتذہ کو طلبہ اور معاشرے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی توازن بنانے کیلئے بھی کوشش کرنا چاہیے۔ ناندیڑ میں منعقدہ تین روزہ تعلیمی پروگرام کا افتتاح کل وزیرِ موصوف کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر وہ مخاطب تھے۔
***** ***** *****  
 پونہ میں جاری کھیلو انڈیا مقابلوں میں مہاراشٹر نے 64/ گولڈ میڈل کے ساتھ اپنی پیشِ رفت جاری رکھی ہوئی ہے۔ کل تک ان مقابلوں میں مہاراشٹرکے کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 64/ طلائی‘ 51/ نقرئی اور 62/ کانسے کے تمغے حاصل کیے۔
***** ***** *****   

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 01.10.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 01 October 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...