Saturday, 17 April 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date:17.April.2021, Time: 9.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 17 April-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۷؍ اپریل  ۲۰۲۱ ؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے اس وقت کی سرخیاں۔
٭ مرکزی حکومت نے ’’ہافکن‘‘ ادارے کو کورونا سے بچائو کا ٹیکہ بنانے کی دی اجازت؛ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اس فیصلے سے مہاراشٹر میں
بڑے پیمانے پر ٹیکے تیار کرنا ممکن ہوسکے گا۔
٭ اورنگ آباد میں Remdesivir انجکشن کی کالا بازاری کرنے والا گروہ پولس کی گرفت میں؛ گروہ کے لوگ ایک انجکشن کو 15 ہزار
روپئوں میں کرتے تھے فروخت۔
٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 123 کورونا مریضوں کی موت؛ اورنگ آباد میں پائے گئے 1388 نئے کورونا پازیٹیو مریض۔
اور
٭ آج سے پربھنی ضلعے میں مکمل لاک ڈائون کی شروعات؛ عثمان آباد میں بھی پابندیاں کی گئیں مزید سخت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
مرکزی حکومت کے سائنس اور ٹکنالوجی محکمے نے ’’ہافکن‘‘ ادارے کو کورونا وائرس سے بچائو کا ٹیکہ ’’کو وَیکسین‘‘ بنانے کی اجازت دے دی ہے۔ ٹیکہ بنانے کیلئے بھارت بائیو ٹیک ’ہافکن کو تکنالوجی فراہم کریگی۔ اس فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا کہ ہافکن کو ٹیکہ تیار کرنے کی اجازت ملنے سے مہاراشٹر میں بڑے پیمانے پر کورونا مخالف ٹیکے بنانا اب ممکن ہوسکے گا۔ ٹھاکرے نے اس فیصلے پر وزیرِ اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ مرکزی حکومت کے سائنس اور تکنالوجی محکمے کے سیکریٹری رینو سوروپ کی جانب سے مہاراشٹر کے چیف سیکریٹری سیتا رام کُنٹے کو لکھے خط میں کہا گیا ہیکہ کو ویکسین تیار کرنے کیلئے ایک سال کی مدت دی گئی ہے۔
اس دوران وزیرِ اعلیٰ نے چیف سیکریٹری سے کہا ہیکہ وہ اس پروجیکٹ کی نگرانی اور دی گئی مدت میں پیداوار مکمل کرنے کیلئے سینئر افسر کو نامزد کریں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میں کورونا مریضوں کے علاج میں استعمال ہونے والے Remdesivir انجکشن کی کالا بازاری کرکے اُسے زیادہ قیمت میں فروخت کرنے والا گروہ پولس کے ہتھے چڑھ گیا ہے۔ گرفتار کیے گئے ملزمین میں گھاٹی اسپتال کا ایک ملازم اور دو میڈیکل دُکاندار شامل ہیں۔ شہر کے پنڈلک نگر پولس اسٹیشن اور ڈرگ انسپکٹر دفتر نے یہ کاروائی کی۔ پولس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ گھاٹی اسپتال کا ملازم انیل بہوتے اپنے دو ساتھیوں مندار بھالے رائو اور ابھیجیت تور کے ساتھ مل کر Remdesivir انجکشن کی کالا بازار ی کررہا ہے۔ جس کے بعد پولس نے کاروائی کرتے ہوئے تینو ںکو گرفتار کرلیا۔ پولس نے بتایاکہ یہ گروہ ایک Remdesivir انجکشن 15 ہزار روپئوں میں فروخت کرتا تھا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے پرلی میں حرارتی بجلی مرکز میں واقع آکسیجن بنانے والے پلانٹ کو امبہ جوگائی کے سوامی رامانند تیرتھ دیہی میڈیکل کالج میں منتقل کیا جائیگا۔ بیڑ ضلعے میں کورونامریضوں کیلئے آکسیجن کی قلّت ہونے کے بعد نگراں وزیر دھننجے منڈے نے مہاوِترن کے سینئر افسران سے صلاح و مشورے کے بعد یہ فیصلہ لیا ہے۔ یہ آکسیجن پلانٹ ہر گھنٹے ہوا سے 86 ہزار لیٹر آکسیجن الگ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس پلانٹ کو امبہ جوگائی کے دیہی اسپتال منتقل کرنے سے چوبیس گھنٹوں میں تقریباً 300جمبو سلنڈر آکسیجن تیار کی جاسکے گی، جس سے آکسیجن کی کمی دور کرنے میں مدد ملے گی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے کے 13 تعلقوں میں آکسیجن تیار کرنے والے پلانٹ لگائے جائیں گے۔ ناندیڑ کے نگراں وزیر اشوک چوہان نے یہ اطلاع دی۔ چوہان‘ کل اس بارے میں منعقدہ میٹنگ میں بول رہے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ناندیڑ ضلعے کے مالیگائوں اور اَردھا پور میں کووِڈ کیئر سینٹر بھی شروع کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
عثمان آباد میں آکسیجن تیار کرنے والے پلانٹ کی اجازت اور اُس کیلئے درکار ’’نوآبجکشن سرٹیفکیٹ‘‘ فوراً دینے کا مطالبہ رُکنِ پارلیمنٹ اوم راجے نمبالکر نے کیا ہے۔ حکومت کو لکھے خط میں نمبالکر نے کہا ہیکہ ضلع سول اسپتال کا آکسیجن پلانٹ 350 مریضوں کو آکسیجن فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، لیکن اجازت اور NOC نہ ملنے سے یہ پلانٹ شروع ہی نہیں ہوسکا ہے۔ لہٰذا اجازت اور NOC فوراً دی جائے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال گھاٹی کی ڈین ڈاکٹر کانن ییڑیکر نے عوام سے کورونا سے بچائو کا ٹیکہ لگوانے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹیکہ لگوانے کا یہ مطلب نہیں کہ کورونا نہیں ہوگا، لیکن اگر کورونا ہو بھی جائے تو اُس کی شدت کم ہوگی اور شروعاتی مرحلے میں مریض کے ٹھیک ہوجانے کے امکانات زیادہ ہوں گے۔ ییڑیکر نے کہا کہ اب 45 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو بھی کورونا وائرس سے بچائو کے ٹیکے دئیے جارہے ہیں‘ لہٰذا زیادہ سے زیادہ لوگ ٹیکہ لگواکر اس بیماری پر قابو پانے میں اپنا کردار نبھائیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 62,729 لوگوں کو کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ اس انکشاف کے بعد ریاست میں اب تک کورونا پازیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 37 لاکھ 3 ہزار 584 ہوگئی ہے۔ اس دوران کل ایک دِن میں مہاراشٹر میں 398 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی۔ ان اموات کے بعد ریاست میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی کُل تعداد 59 ہزار1 55 تک جا پہنچی ہے۔ ریاستی شرحِ اموات قریب دو فیصد ہوگئی ہے۔
دوسری جانب کل ریاست بھر میں 45ہزار 335 مریضوں کو کورونا وائرس سے ٹھیک ہونے کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دی گئی۔ جس کے بعد مہاراشٹر میں کورونا وائرس سے نجات پانے والو ںکی مجموعی تعداد بڑھ کر 30لاکھ 4391 ہوگئی ہے۔ کووِڈ 19- سے صحت یابی کا ریاستی تناسب 81% فیصد ہوگیا ہے۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد 6 لاکھ 38 ہزار 34 ہے اور یہ سبھی مریض ریاست کے مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک دِن میں 7701 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے، جبکہ 123 مریضوںنے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ جان گنوانے والوں کی سب سے بڑی تعداد اورنگ آباد میں رہی، جہاں کل 27 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی۔ اس کے علاوہ ناندیڑ ضلعے میں گذشتہ روز 25 کورونا مریض ہلاک ہوگئے، عثمان آباد میں 23  اور لاتور میں 20مریضوں کی موت کا اندراج ہوا۔ وہیں پربھنی میں 16‘ ہنگولی میں 5‘ بیڑ میں 4  اور جالنہ ضلعے میں 3 کورونا مریضوں نے کل دَم توڑ دیا۔
اس بیچ مراٹھواڑہ کے سبھی ضلعوں میں کورونا پازیٹیو مریضوں میں اضافے کا رُجحان لگاتار جاری ہے۔ اورنگ آباد ضلعے میں کل ایک دِن میں 1388 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ ناندیڑ میں 1351 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا۔ اسی طرح لاتور میں 1767‘ بیڑ میں 1005‘ پربھنی میں 735  اور جالنہ ضلعے میں 641  افرادمیں کل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ وہیں عثمان آباد میں 580  اور ہنگولی ضلعے میں 234 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے محصول اور دیہی ترقیات کے مملکتی وزیر اور سلوڑ کے رکنِ اسمبلی عبدالستار نے محکمۂ صحت کے پانچ زمروں میں خالی پڑے 10,127 عہدوں پر فوری تقررات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس بار ے میں عبدالستار نے محکمہ مالیات کو تجویز بھی روانہ کی ہے۔ عبدالستار نے کہا کہ Technician‘ فارماسسٹ‘ مرد او رخاتون نرس اور ہیلتھ انسپکٹر جیسے عہدوں پر فوری تقررات کیے جائیں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے ضلع کلکٹر سنیل چوہان نے کہا ہیکہ کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے جانبازوں پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ اورنگ آباد ضلعے کے پیٹھن تعلقے کے بڑکن سرکاری اسپتال میں فرائض انجام دے رہے ڈاکٹر کے ساتھ مقامی سماج دشمن عناصر نے مارپیٹ کی تھی، جس کے بعد ضلع کلکٹر نے ڈاکٹر گورے سے ملاقات کی اور انہیں اپنے ساتھ پولس اسٹیشن لیجاکر شکایت درج کروائی۔ ضلع کلکٹر نے حکم دیا کہ حملہ کرنے والے ملزم کو فوری گرفتار کیا جائے اور دیہی اسپتال کے حفاظتی انتظامات میں مزید اضافہ کیا جائے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر میں بناء کسی ضرورت کے باہر گھومنے والے لوگو ںکی کورونا جانچ کی جارہی ہے۔ اس کام کیلئے اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن نے 12 دستے تشکیل دئیے ہیں۔ یہ اطلاع کارپوریشن کی ہیلتھ افسر ڈاکٹر نیتا پاڈڑکر نے دی۔ انھو ں نے بتایا کہ جانچ کے دوران پازیٹیو پائے گئے مریضوں کو فوراً کووِڈ کیئر سینٹرس میں داخل کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
آج سے پربھنی ضلعے میں مکمل لاک ڈائون کی شروعات ہوگئی ہے۔ پربھنی ضلع کلکٹر دیپک مگلیکر کے جاری کردہ سرکاری حکمنامے کے مطابق پربھنی ضلعے میں سبھی بینک‘ کرانہ دُکانیں، پھل اور سبزی دُکانیں، بیکری‘ مٹھائی اور کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والی سبھی دُکانیں 22  اپریل تک پوری طرح بند رہیں گی۔
***** ***** *****
عثمان آباد ضلعے میں بھی عائد کی گئی پابندیوں کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔ ضلعے میں اب ضروری خدمات کی دستیابی دوپہر دو بجے تک ہی رہے گی۔ عثمان آباد ضلع کلکٹر کوستُبھ دِویگائوکر نے بتایا کہ عوام کے بڑے تعداد میں گھروں سے باہر نکلنے کی وجہ سے پابندیاں مزید سخت کردی گئی ہیں۔ انھوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پابندیوں پر عمل کریں اور انتظامیہ کو تعاون کریں۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے امبہ جوگائی تعلقے میں آج سنیچر اور کل اتوار کے روز اسپتالوں اور میڈیکل دُکانوں کو چھوڑ کر ہر طرح کی دُکانیں اور کاروبار بند رہیں گے۔ امبہ جوگائی میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی بڑھتی تعداد پر روک لگانے کے مقصد سے تحصیلدار وِپن پاٹل نے ضلع کلکٹر کی اجازت کے بعد یہ احکامات جاری کیے ہیں۔
***** ***** *****
بھارتی محکمۂ موسمیات نے اس سال ملک میں اوسطاً 98% بارش ہونے کی پیشن گوئی کی ہے۔ اس بارے میں محکمۂ موسمیات نے تحریری بیان جاری کیا ہے۔ محکمے کے مطابق بحرِ ہند اور بحرِ اوقیانوس میں ہورہی موافق موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے اس سال بھارت میں اطمینان بخش بارش ہونے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
روزگار ضمانتی منصوبے کے ریاستی وزیر سندیپان بھومرے کو ایوت محل کا نگراں وزیر بنایا گیا ہے۔ اس بارے میں سرکاری حکمنامہ کل جاری کیا گیا۔
***** ***** *****
اجازت نامہ اور بیج رکھنے والے رکشہ ڈرائیوروں کو کرفیوکے دوران ماہانہ 10 ہزار روپئوں کی سرکاری مدد دینے کا مطالبہ لال بائوٹا رکشہ چالک یونین نے کیا ہے۔ اس بارے میں کل ضلع کلکٹر کی معرفت وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کو مطالباتی محضر روانہ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اہم خبریں ایک بار پھرسن لیجیے۔۔
٭ مرکزی حکومت نے ’’ہافکن‘‘ ادارے کو کورونا سے بچائو کا ٹیکہ بنانے کی دی اجازت؛ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اس فیصلے سے مہاراشٹر میں
بڑے پیمانے پر ٹیکے تیار کرنا ممکن ہوسکے گا۔
٭ اورنگ آباد میں Remdesivir انجکشن کی کالا بازاری کرنے والا گروہ پولس کی گرفت میں؛ گروہ کے لوگ ایک انجکشن کو 15 ہزار
روپئوں میں کرتے تھے فروخت۔
٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 123 کورونا مریضوں کی موت؛ اورنگ آباد میں پائے گئے 1388 نئے کورونا پازیٹیو مریض۔
اور
٭ آج سے پربھنی ضلعے میں مکمل لاک ڈائون کی شروعات؛ عثمان آباد میں بھی پابندیاں کی گئیں مزید سخت۔
***** ***** *****

No comments:

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 25 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 25 June-2026 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبریں ...