Thursday, 25 June 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 25 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 25 June-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۲/جون ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست میں سن 2029-30 تک بجلی کی قیمت ملک بھر کے مقابلے میں سب سے کم رہے گی: وزیرِ اعلیٰ کا دعویٰ۔
٭ ریاست کے چند علاقوں میں بارش کی شروعات کے باوجود کسان بیج بونے میں جلد بازی نہ کریں: ریاستی وزیرِ زراعت کا مشورہ۔
٭ SIR مہم کے تحت اہل رائے دہندگان کو محروم نہ کرنے کو یقینی بنایا جائے: چیف انتخابی افسر کی چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ جائزاتی اجلاس میں ہدایت۔
٭ آشاڑھی واری کے دوران وارکریوں کیلئے جرمن ہینگرس کا انتظام؛ وزیرِ اعلیٰ نے لیا واری سے متعلق تیاریوں کا جائزہ۔
اور۔۔۔٭ ممبئی سمیت مغربی مہاراشٹر میں زوردار بارش؛ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں آئندہ تین دنوں کے دوران بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعلیٰ اور ریاست کے توانائی کے وزیر دیویندر پھڑنویس نے تیقن دیا ہے کہ آئندہ 2029-30 تک ریاست میں بجلی کی قیمت ملک بھر کے مقابلے میں سب سے کم یعنی سات روپئے 40 پیسے فی یونٹ ہوگی۔ وزیرِ اعلیٰ کل قانون ساز کاؤنسل میں کانگریس قائد ستیج پاٹل کے ذریعے پوچھے گئے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے ایوان میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب‘ صنعتوں کی ترقی اور حکومت کی جانب سے مختلف سہولیات کی فراہمی کے سبب بجلی کے استعمال میں اضافے کے بارے میں معلومات دی۔
***** ***** *****
کئی کمپنیوں میں خواتین ملازمین کے خلاف جنسی ہراسانی اور مذہب تبدیل کرنے کی کوششوں سے متعلق واقعات منظرِ عام پر آچکے ہیں۔ اس کے پیشِ نظر وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اسمبلی کے دونوں ایوانوں سے خواتین اراکین کی ایک کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے تاکہ اس طرح کے واقعات کا مطالعہ کیا جاسکے اور حالیہ قوانین میں ترمیم کی تجاویز دی جاسکے۔ ایوان کی رُکن چترا واگھ کی جانب سے یہ معاملہ اٹھائے جانے پر وزیرِ اعلیٰ نے یہ اعلان کیا۔
شولاپور کے سرکاری ITI ادارے اور تلے گاؤں دابھاڑے میں واقع ایک اسپانش کمپنی میں اس طرح کے واقعات پیش آنے کا معاملہ ایوان کی رُکن منیشا کایندے نے اٹھایا تھا۔ جس پر وزیرِ اعلیٰ نے 15 دنوں میں جانچ کرکے کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے چند علاقوں میں موسمی بارش مانسون کا آغاز ہوچکا ہے‘ اس کے باوجود کسان بیج بونے میں جلد بازی نہ کریں۔ ریاست کے وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے نے یہ مشورہ دیا۔ وزیرِ موصوف نے کل قانون ساز اسمبلی میں بحث کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں کو چاہیے کہ وہ پہلے اپنے کھیتوں کی مٹی کی نمی کی جانچ کریں اور مناسب نمی کے بعد ہی بیج بوئیں۔ اس موقع پر انھوں نے یقین دلایا کہ زراعت کا محکمہ ایل نینو موسم سمیت دیگر غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنے میں کسانوں کی مدد کرے گا۔
***** ***** *****
زراعت کو مشینوں سے لیس کرنے کی اسکیم کے تحت سن 2025-26 کے دوران ایک ہزار 56 کروڑ روپؤں کا گرانٹ تقسیم کیا گیا ہے۔ اسی طرح رواں مالی برس میں اب تک اس خصوص میں 227 کروڑ روپئے گرانٹ دی گئی ہے۔ دتاترے بھرنے نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض مکتی اسکیم کے تحت 56 لاکھ 24 ہزار کسانو ں کو کم و بیش 36 ہزار 585 کروڑ روپؤں کا فائدہ ملے گا۔وزیرِ موصوف نے کہا کہ ریاست میں کسانوں کی قرض معافی کی یہ سب سے بڑی اسکیم ہوگی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
خواتین اور بچوں کی ترقی کی ریاستی وزیر آدیی تٹکرے نے اسمبلی میں بتایا کہ بچپن کی شادی کے واقعات کو کم کرنے کیلئے قانون و انصاف اور دیہی ترقی کے محکموں کی مدد سے شادی کے دعوت ناموں میں دُلہا دولن کی تاریخ پیدائش درج کرنے کو یقینی بنانے کیلئے کارروائی کی جارہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ گذشتہ برس ریاست میں تقریباً 1500 بچپن کی شادیوں کو روکا گیا اور رواں برس میں اب تک 14 سوسب سے زائد بچپن کی شادیوں کی روک تھام کی گئی ہے۔
***** ***** *****
خوراک اور ادویات محکمے کے وزیر نرہری جھرواڑ نے اسمبلی میں بتایا کہ حکومت افرادی قوت میں اضافے، تجزیہ گاہوں کو جدید ترین بنانے اور ملاوٹ شدہ کھانے پینے کی اشیاء کے حلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ ملاوٹ شدہ اشیائے خورد و نوش جیسے کھانے کا تیل، گٹکا، تمباکو، خوشبودار سپاری،ماوا وغیرہ کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی۔ انھوں نے بتایا کہ کارروائی کرتے ہوئے 11 کروڑ 93لاکھ روپؤں کا سامان ضبط کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت سرکاری کامو ں میں مراٹھی کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے۔ آئندہ برس ریاست بھر کے آٹھ شہروں میں جدید تین مراٹھی ترقیاتی مراکز قائم کیے جائیں گے۔ مراٹھی زبان کے وزیر ڈاکٹر اُدئے سامنت نے قانون ساز اسمبلی میں یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
چیف الیکٹرول افسر ایس چوکلنگم نے ہدایت دی ہے کہ اہل رائے دہندگان کو ریاست میں چلائی جارہی ایس آئی آر (Special Intensive Voter Rivision) مہم کے دوران محروم نہ کیا جائے۔ وہ کل اس خصوص میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کرریہ تھے۔ انھوں نے ہدایت دی کہ شہریان کے شکوک و شبہات دور کرنے کیلئے ہیلپ روم قائم کیا جائے اور انھیں ضروری معلومات فراہم کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ یہ مہم مقامی عوامی نمائندوں‘ سماجی تنظیموں‘ BLOSاور رضاکاروں کو اعتماد میں لینے کے بعد ہی چلائی جائے۔
ریاست میں اس مہم کے دوران 30جون سے 29 جولائی تک انتخابی مراکز سطح کے افسران رائے دہندگان کے گھروں پر جائیں گے اور انتخابی درخواستوں کی تقسیم کریں گے اور دی گئی درخواستیں جمع کریں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے متعلقہ ایجنسیوں کو آئندہ آشاڑھی واری کے دوران کسی بھی بے ضابطگی کی روک تھام کیلئے، تمام محکموں کے ساتھ تال میل کرنے اور جامع منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل آشاڑھی واری کی تیاریوں سے متعلق جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ آشاڑھی واری اب ڈسکوری اورGeographic ٹیلی ویژن چینلز کے ذریعے پوری دنیا تک پہنچے گی۔ انھوں نے بتایا کہ وارکریوں کیلئے اس بار جرمن ہینگرس کے انتظامات کیے گئے ہیں، جس میں سے لاکھوں وارکریوں کو محفوظ اور کشادہ رہائش کی سہولت فراہم ہوگی۔
***** ***** *****
اسی دوران جلگاؤں ضلع کے مکتائی نگرتعلقے میں واقع کوتھڑی سے سنت مکتا بائی پالکھی پنڈھر پور کی جانب روانہ ہوئی۔ اس پالکھی کا یہ 318 واں برس ہے۔ 700 کلو میٹر سے زائد کا سفر کرنے کی یہ اکیلی پالکھی ہے۔ پیٹھن سے سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکھی آئندہ 7 جولائی کو پنڈھرپور کی جانب روانہ ہوگی۔
***** ***** *****
حج 2027 کیلئے آن لائن درخواست دہی کا عمل 20 جولائی تک جاری رہے گا۔ اس سلسلے میں درخواستیں حج کمیٹی کی ویب سائٹ اور حج کے موبائل ایپ کے ذریعے جمع کی جاسکیں گی۔ مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی نے عازمینِ حج سے اس سہولت کا فائدہ اٹھانے اور مقررہ مدت کے دوران درخواست دینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی روک تھام کی خاطر گرام پنچایتیں گاؤں میں خالص پانی کی فراہمی‘ پانی کے معیار کی جانچ اور صفائی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی احتیاط برتیں۔ جل جیون مشن کے ڈائریکٹر میور کمار آندیڑوال نے یہ اپیل کی۔ اسٹاپ ڈائریا مہم کا کل انھوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے افتتاح کیا۔ یہ مہم ضلع بھر میں 16جون تا 31 جولائی کے دوران چلائی جائیگی۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال: ریاست کے بیشتر اضلاع میں بارش کا آغاز ہوچکا ہے۔ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ اور دھاراشیو اضلاع میں کل بارش ہوئی۔ لاتور اور دھاراشیو ااضلاع کیلئے آج اور کل بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے‘ وہیں چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، بیڑ اور ناندیڑ اضلاع میں آئندہ تین دنوں کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ریاست میں سن 2029-30 تک بجلی کی قیمت ملک بھر کے مقابلے میں سب سے کم رہے گی: وزیرِ اعلیٰ کا دعویٰ۔
٭ ریاست کے چند علاقوں میں بارش کی شروعات کے باوجود کسان بیج بونے میں جلد بازی نہ کریں: ریاستی وزیرِ زراعت کا مشورہ۔
٭ SIR مہم کے تحت اہل رائے دہندگان کو محروم نہ کرنے کو یقینی بنایا جائے: چیف انتخابی افسر کی چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ جائزاتی اجلاس میں ہدایت۔
٭ آشاڑھی واری کے دوران وارکریوں کیلئے جرمن ہینگرس کا انتظام؛ وزیرِ اعلیٰ نے لیا واری سے متعلق تیاریوں کا جائزہ۔
اور۔۔۔٭ ممبئی سمیت مغربی مہاراشٹر میں زوردار بارش؛ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں آئندہ تین دنوں کے دوران بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****

No comments:

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 25 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 25 June-2026 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبریں ...