Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 23 October-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۳؍اکتوبر ۲۰۲۳ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ چھترپتی سنبھاجی نگر میں ڈھائی سو کروڑ روپئے سے زائد کی منشیات ضبط؛ دو ملزمین گرفتار۔
٭ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کے عہدکا اعادہ ؛جبکہ منوج جرانگے پاٹل کا دوبارہ بھوک ہڑتال شروع کرنے اور وزرا کے گائوں میں داخلوں پر پابندی لگانے کا اعلان۔
٭ نوراتر تہوار کے دوران کل مہااشٹمی کے موقعے پر پورن آہوتی ؛ آج مہانومی کے ساتھ نوراتر اُتسو کا اختتام ۔
اور ٭ ایک روزہ عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت کی نیوزی لینڈ پر شاندار فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس کی احمد آباد برانچ نے کل گجرات اور مقامی پولس کے کرائم برانچ دستے کی مدد سے چھترپتی سنبھاجی نگر میں ایک فیکٹری پر چھاپہ مارکر تقریباً 44 کلو گرام منشیات ضبط کیں۔ جاری کردہ صحافتی بیان میں بتایا گیا کہ بازار کی قیمت کے مطابق ضبط شدہ منشیات کی مالیت 250 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ اس معاملے میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ خبر کے مطابق کل کی گئی اس کارروائی میں پیٹھن روڈ پر واقع مہالکشمی انڈسٹریز اور ملزمان کی رہائش گاہ سے یہ منشیات ضبط کی گئیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ حکومت مراٹھا سماج کو ریزویشن دینے کیلئے عہد بند ہے‘ تاہم حکومت مراٹھا سماج کو عدالت میں ٹکنے والا ریزرویشن دینے کیلئے کوشاں ہے۔ وزیرِ اعلیٰ شندے کل تھانے میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ عدالت ِ عظمیٰ نے مراٹھا ریزرو یشن سے متعلق ریاستی حکومت کی کیوریٹیو عرضی سماعت کیلئے قبول کرلی ہے‘ جو ایک اطمینان بخش بات ہے ‘ لہٰذا انھوں نے مراٹھا نوجوانوں کو صبر و تحمل سے کام لینے کی ترغیب بھی دی۔
دریں اثنا مراٹھا ریزرویشن کیلئے احتجاج کرنے والے منوج جرانگے پاٹل نے انتباہ دیا ہےکہ کل 24 تاریخ تک اگرمراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کا فیصلہ نہیں لیا گیا تو وہ سخت بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔ جرانگے پاٹل نے کل جالنہ ضلعے کے آنتروالی سراٹی میں صحافتی کانفرنس میں اپنا مؤقف ظاہر کیا۔ انھوںنے اعلان کیا کہ ریزرویشن کا مسئلہ حل ہونے تک وزرا‘ ارکانِ اسمبلی’ ارکانِ پارلیمان اور انتظامیہ کے عہدیداروں کو آنتروالی سراٹی میں داخل نہیں ہونے دیا جائےگا۔ جرانگے پاٹل نے مزید کہا کہ وہ جمہوری طریقے سے پُرامن احتجاج کے ذریعے مراٹھا سماج کو ریزرویشن دلاکر رہیں گے‘ انھوں نے نوجوانوں سے انتہائی قدم نہ اُٹھانے کی گذارش بھی کی۔
جرانگے پاٹل کے اعلان کے بعد چھترپتی سنبھاجی نگر اورجالنہ ضلعے کے کچھ گائووں میں وزرا کے داخلوں پر پابندی کا فیصلہ لینے کی خبر ہے۔ اس طرح کے بینر گائوں کے داخلی حصوں اور راستوں پر آویزاں کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعلیٰ اشوک چوہان نے مطالبہ کیا ہے کہ جس طرح معاشی طور پر پسماندہ طبقات کو دس فیصد ر یزرویشن دیکر مرکزی حکومت نے قانون میں تبدیلی کرکے اس کا تحفظ کیا ہے‘ اسی طرح سے حکومت مراٹھا ریزرویشن کو بھی قانونی طور پر محفوظ کرے۔ وہ کل ناندیڑ میں خطاب کررہے تھے۔
دریں اثنا راشٹروادی کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے مراٹھا ریزرویشن سے متعلق ریاستی حکومت اور منوج جرانگے پاٹل کے درمیان گفت و شنید ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ وہ کل بارامتی میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں قائد حزبِ اختلاف وجے وڑیٹیوار نے زرعی پیداوار کی ضمانتی قیمت دینے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف کاغذی کھیل ہے اور درحقیقت ضمانتی قیمت سے کسانوں کوکوئی فائدہ نہیں ہو رہا ہے۔ وڑیٹیوار کل ممبئی میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ جب بازار میں قیمتیں کم ہوں تو ضمانتی قیمت کے مطابق زرعی پیداوار خریدے اور کسانوں کے مسائل حل کرے۔ وڑیٹیوار نے کہا کہ امسال اطمینان بخش بارش نہ ہونے کی صورت میں ریاست میں خشک سالی جیسے حالات ہیں جسکی وجہ سے زرعی پیداوار محدود رہے گی۔ اس لیے انھوں نے حکومت کو کسانوں کے مسائل پر سنجیدگی سے غور کرکے انھیں حل کرنے کا مطالبہ کیا۔
***** ***** *****
کسان سبھا نے دھارا شیو ضلعے کو قحط زدہ قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کل دھاراشیو میں منعقدہ میٹنگ کے بعد ریاستی سکریٹری راجن شر ساگر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اس مطالبے کی یکسوئی کیلئے احتجاج کرنے کا انتباہ بھی دیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی اورنگ آباد سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
نورا تری تہوار کے دوران مہاآشٹمی کے موقعے پر کل ہوم ہون اور پورن آہوتی دی گئی۔ مراٹھواڑہ کے تلجا پور ماہور اور امبہ جوگائی میں دیوی کے درشن کیلئے عقیدت مندوں کی قطاریں لگ گئی تھیں۔
اسی دوران تلجا بھوانی کے درشن کیلئے پیدل آنے والے عقیدت مندوں کی حفاظت کے پیشِ نظر شولا پور۔ تلجا پور راستے کو 26 سے 29 اکتوبر تک ٹریفک کیلئے بند کیا جائےگا۔ مسافرین سے اس دوران اِٹکڑ، وَیراگ‘ بارشی ان متبادل راستوں کا استعمال کرنے کی اپیل انتظامیہ نے کی ہے۔
***** ***** *****
ایک روزہ کرکٹ کے عالمی کپ مقابلوں میں کل بھارت نے نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ ہماچل پردیش کے دھرم شالہ میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم مقررہ اوورس میں 273 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ مقرہ ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کو سلامی بلّے باز کپتان روہت شرما اور شبھ من گل نے بہتر شروعات دی۔ روہت شرما نے 46، شبھ من گل 26، شرئیس ایّر 33 اور کے ایل راہل نے 27 رنز بنائے‘ جبکہ ویراٹ کوہلی نے 95 رنز اور رویندر جڈیجہ نے 39 رنز اسکور کیے۔ نیوزی لینڈ کے پانچ بلّے بازوں کو آئوٹ کرنے والے محمد سمیع کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں پانچویں فتح کے ساتھ ہی بھارت دس پوائنٹس حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل میں سرِفہرست مقام پر پہنچ گیا ہے۔
آج اس ٹورنامنٹ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
***** ***** *****
چھترپتی سنبھاجی نگر کے پروفیسر للت ادھانے پاٹل کے تحریر کردہ شعری مجموعے’’ ماہی گودھڑی چھپن بھوکی‘‘ کا کل بزرگ شاعر کشور کدم عرف سومترکے ہاتھوںرسمِ اجرا عمل میں آیا۔ کتاب کے اجرا کے بعد سومتر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک حساس فنکار اور انسان ہونے کے ناطے ان کا اس مٹی، زراعت اور کسانوں کے مسائل سے گہرا تعلق ہے، انھوں نے اس موقعے پر ادھانے پاٹل کے شعری مجموعے سے چند نظمیں بھی پیش کیں۔مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کے صدر کوتیک راؤ ٹھالے پاٹل سمیت کئی معزز شخصیات اس تقریب میں موجود تھیں۔
***** ***** *****
بلڈانہ ضلعے کے پمپل گاؤں سرائی کے اگنی ویر اکشئے لکشمن گوتے سیاچین میں فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوگئے۔ ان کے جسدِ خاکی کو کل شام بذریعۂ طیارہ چھترپتی سنبھاجی نگر لایا گیا۔ مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے طیران گاہ پر گوتے کے جسدِ خاکی پر پھول نچھاور کر کے انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ فوجی ذرائع کے مطابق، گوتے کے جسدِ خاکی کو آج ایک فوجی گاڑی کے ذریعے بلڈانہ ضلعے کے پمپل گاؤں سرائی لے جایا جائے گا۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے شری گرو گووند سنگھ جی میدان پر نابینا کھلاڑیوں کیلئے کل سے ریاستی سطح کے کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا۔ تین روز چلنے والے اس ٹورنامنٹ میں مختلف اضلاع کے نابیناکھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
نجی کاری اور خانگی ایجنسیوں کی معرفت بھرتی کے خلاف کل بیڑ میں ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ مظاہرین کی جانب سے اقامتی ڈپٹی کلکٹر شیوکمار سوامی کو مطالبات پر مبنی ایک محضر پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
بارامتی میں کل ایک نجی کمپنی کا دو سیٹوں والا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ اس حادثے میں پائیلٹ کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ دو دِن قبل ہی اس نجی کمپنی کا ایک طیارہ بارا متی ایئر پورٹ سے قریب حادثے کا شکار ہوگیا تھا۔ بارامتی کے ہوائی تربیتی ادارہ کے گذشتہ دِنوں میں ہونے والا یہ پانچواں حادثہ ہونے کی اطلاع ہے۔
***** ***** *****
سائوتھ سینٹرل ریلوے نے ناندیڑ تا پانی پت کے درمیان خصوصی ریلوے گاڑی کے ایک رائونڈ کا فیصلہ لیا ہے۔ یہ ریلوے گاڑی آئندہ جمعرات کو صبح پانچ بجکر 40 منٹ پر ناندیڑ ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوکر پربھنی‘ اورنگ آباد‘ منماڑ‘ کھنڈوا‘ اِٹارسی‘ نئی دہلی کے راستے جمعہ کو دوپہر ایک بجکر 15 منٹ پر پانی پت پہنچے گی۔ واپسی کے سفر میں یہ ریلوے گاڑی پانی پت سے اسی دن دوپہر سوا تین بجے روانہ ہوگی اور اسی راستے سے سنیچر کی شام ساڑھے سات بجے ناندیڑ پہنچے گی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ چھترپتی سنبھاجی نگر میں ڈھائی سو کروڑ روپئے سے زائد کی منشیات ضبط؛ دو ملزمین گرفتار۔
٭ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کے عہدکا اعادہ ؛جبکہ منوج جرانگے پاٹل کا دوبارہ بے مدت بھوک ہڑتال شروع کرنے اور وزرا کے گائوں میں داخلوں پر پابندی لگانے کا اعلان۔
٭ نوراتر تہوار کے دوران کل مہااشٹمی کے موقعے پر پورن آہوتی ؛ آج مہانومی کے ساتھ نوراتر اُتسو کا اختتام ۔
اور ٭ ایک روزہ عالمی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت کی نیوزی لینڈ پر شاندار فتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment