Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 04 November-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴/نومبر ۳۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ کُنبی ذات اندراج کی تلاش مہم ریاست بھر میں مشن موڈ پر چلانے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
مراٹھواڑہ میں کُنبی صداقت ناموں کی تقسیم کے عمل کو رفتار دینے کے بھی احکامات۔
٭ ایس ٹی بسوں کے کرائے میں مجموعی طور پر 10 فیصد اضافہ؛ آئندہ آٹھ تا 27 نومبر کے دوران اضافی کرائے کا نفاذ۔
٭ مراٹھواڑہ کو آبرسانی کرنے کیخلاف ممبئی عدالت ِ عالیہ میں درخواست داخل۔
٭ جنوب وسطی ریلوے کے ناندیڑ ڈویژن کے تحت جالنہ سے عثمان پور تک بجلی سے ریل گاڑی چلانے کا کام مکمل۔
اور ٭ ایک روزہ عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں افغانستان نے نیدر لینڈ کو سات وِکٹوں سے دی شکست۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے مراٹھواڑہ کے سرکاری دستاویزات میں کُنبی صداقت نامے تلاش کرنے کی مہم اب مشن موڈ پر ریاست بھر میں وسیع کردی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل ممبئی میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر منعقدہ میٹنگ میں بول رہے تھے۔ انھوں نے تمام ڈویژنل کمشنرس اور ضلع کلکٹر دفاتر میں اس تعلق سے کنٹرول رومس قائم کرنے کی ہدایت دی ہے اور کہا ہے کہ مراٹھا ریزرویشن سے متعلق کارروائی کی رپورٹ ہر ہفتے ویب سائٹ پر اپلوڈ کریں۔ اس کام کی نگرانی کی خاطر منترالیہ میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری درجے کے افسر کو نامزد کیا گیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس میٹنگ میں بتایا کہ جسٹس سندیپ شندے کی زیرِ صدارت کمیٹی کے دائرہئ کار کو اب ریاست بھر میں وسعت دی گئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے پسماندہ طبقات کمیشن کو امپیریکل ڈاٹا کیلئے ضروری معلومات جنگی پیمانے پر مہینہ بھر میں فراہم کرنے کی ہدایت تمام ضلع کلکٹرس کو دی ہے۔ اسی طرح انھوں نے مراٹھا سماج کو کُنبی- مراٹھا‘ مراٹھا- کُنبی ذات صداقت نامے‘ شندے کمیٹی کی جانب سے سفارش کیے گئے ثبوتوں کی بنیاد پر دینے کی کارروائی کو رفتار دینے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
حکومت کی جانب سے لاتور ضلع میں سرکاری دستاویزات میں کُنبی ذات اندراج کی تلاش کرنے کی کارروائی میں تیزی لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ان احکامات کے ملتے ہی ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے نے ماتحت افسران کو اس تعلق سے جلد کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے، جس کے بعد علامتی طور پر بھسے- واگھولی میں دیہاتیوں کو کُنبی صداقت نامے تقسیم کیے گئے۔
بیڑ ضلع کلکٹر دفتر میں کل ایڈیشنل ضلع کلکٹر ڈاکٹر تریگُن کلکرنی اور ڈپٹی کلکٹر کویتا جادھو کی موجودگی میں علامتی طور پر چند اہل شہریان کو کُنبی صداقت نامے تقسیم کیے گئے۔ مستقبل قریب میں بیڑ ضلع، شرور اور گیورائی تعلقہ جات میں خصوصی کیمپ کا انعقاد کرکے ذات صداقت نامے تقسیم کرنے کی کارروائی کی جائیگی۔
اسی طرح پربھنی میں بھی کُنبی صداقت ناموں کی تقسیم جاری ہے۔ کل پالم تعلقے کے ورکھیڑ میں شیلیش دشرتھ گھوڑکے اور تکارام بھجنگ راؤ گروڑ ان دو نوجوانوں کو ضلع کلکٹر رگھو ناتھ گاؤڑے کے ہاتھوں کُنبی- مراٹھا ذات کے صداقت نامے دئیے گئے۔
وہیں دھاراشیو ضلع کے اہل امیدواروں کو کُنبی صداقت نامے دینے کیلئے آئندہ 6 تا 8 نومبر کے دوران خصوصی کیمپ کا انعقاد کیا جائیگا۔ ضلع کی جن 12 تحصیلوں میں سرکاری دستاویزات میں کُنبی‘ مراٹھا کُنبی‘ کُنبی مراٹھا اندراج پائے گئے ہیں اُن دستاویزات کی معلومات ضلع کلکٹر کی ویب سائٹ پر ظاہر کردی گئی ہے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے کے انتروالی سراٹی میں 14 اکتوبر کو منوج جرانگے پاٹل کے جلسے میں شہریان کی زبردست حاضری کے سبب کسانوں کو بڑا نقصان ہوا تھا۔ ان 441 متاثرہ کسانوں کو وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے 32 لاکھ روپئے نقصان بھرپائی کے طور پر ادا کیے گئے ہیں۔ کسی جلسے کے انعقاد کے سبب ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے کا یہ پہلا موقع ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کے اس فیصلے کا کسانوں نے خیر مقدم کیا ہے۔ اسی طرح مراٹھا ریزرویشن کی تحریک کے دوران انتروالی سراٹی میں لاٹھی چارج کے دوران زخمی ہونے والوں کے علاج کی خاطر وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے خصوصی باب کے طور پر 25 لاکھ روپئے امداد فراہم کی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن کیلئے بیڑ ضلعے میں ہونے والے احتجاج کے دوران کیے گئے پتھراؤ اور آگ زنی سے کم و بیش 11 کروڑ روپؤں کا نقصان ہوا ہے۔ اس معاملے میں 65 مقدمات قائم کیے گئے ہیں اور 119 ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولس سپرنٹنڈنٹ نندکمار ٹھاکر نے شہریان سے اپیل کی ہے کہ پتھراؤ اور آگ زنی کی ویڈیوز اور تصاویر جن شہریان کے پاس ہیں وہ پولس انتظامیہ کے سپرد کریں۔
***** ***** *****
کل رات نیپال میں آئے زلزلہ کے سبب 129 سے زائد شہریان کی موت ہوگئی۔ اس زلزلے سے کئی عمارتیں زمین دوز ہوچکی ہیں۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.4 درج کی گئی ہے۔ بھارت میں بھی دلّی‘ ہریانہ، اُتراکھنڈ‘ اُترپردیش اور بہار کے کئی مقامات پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے میں ایس ٹی بس خدمات کل سے دوبارہ شروع کردی گئیں۔ اس کے سبب دیوالی تہوار کے دوران سفر کیلئے مسافروں کو دلاسہ ملا ہے۔ گذشتہ پانچ دِنوں کے دوران یومیہ ایک ہزار 500 پھیروں سے حاصل ہونے والی کم و بیش 50 لاکھ روپؤں کی آمدنی بند ہوچکی تھی۔ ایس ٹی کو گذشتہ پانچ دِنوں میں تقریباً ڈھائی کروڑ روپؤں کا نقصان ہوا۔ یہ اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی۔
***** ***** *****
ایس ٹی کارپوریشن نے ریاست میں دیوالی تہوارکے دوران تمام قسم کی بس خدمات کے کرائے میں مجموعی طور پر 10 فیصد کا اضافہ کردیاہے۔ یہ اضافہ آئندہ آٹھ نومبر تا 27 نومبر کے دوران نافذ رہے گا۔ اس عرصے کے بعد پہلے کی طرح کرایہ وصولی کی جائیگی۔ جن مسافروں نے مذکورہ مدت کے دوران ریزرویشن کیے ہیں انھیں اضافی رقم بس کنڈکٹر کے پاس جمع کرنی ہوگی۔
***** ***** *****
ریاست کے ہر اسکول میں قابلِ قبول اور متوازن ماحول تیار کرنے کیلئے سکھی ساوتری کمیٹی کی تشکیل کرنے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔ ریاست کے وزیرِ تعلیم دیپک کیسرکر نے آئندہ مہینے بھر میں تمام اسکولوں میں اس کمیٹی کی تشکیل کیے جانے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
ناسک ضلعے کے آبی منصوبے سے مراٹھواڑہ کو آبرسانی کرنے کے خلاف ناسک وسطی انتخابی حلقے کی رُکنِ اسمبلی دیویانی فراندے نے ممبئی عدالت ِ عالیہ میں درخواست داخل کی ہے۔ انھوں نے شکایت کی ہے کہ رواں برس قحط سالی کی صورتحال کے باوجود آبی وسائل کے محکمے کی جانب سے مراٹھواڑہ کو مسلسل آبرسانی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ گنگاپور اور دارنا آبی منصوبوں سے مراٹھواڑہ کو پانی چھوڑنے کا سرکلر آبی وسائل محکمے نے دو دِن قبل جاری کیا تھا۔ اس حکمنامے پر فراندے نے اسٹے حاصل کیا۔ فراندے کی اس درخواست پر سات نومبر کو ممبئی میں سماعت ہوگی۔ دریں اثناء جائیکواڑی آبی منصوبے میں صرف 45.56 فیصد آبی ذخیرہ موجود ہے۔
***** ***** *****
جنوب وسطی ریلوے کے ناندیڑ ڈویژن کے تحت جالنہ تا عثمان پور کے درمیان 53.4 کلو میٹر ریلوے لائن پر بجلی سے ریل گاڑی چلانے کیلئے کیا جانے والا کام مکمل ہوچکا ہے۔ منماڑ- مدکھیڑ- ڈھونے اس ریل راستے کے مذکورہ حصے کا کام مکمل ہونے پر منماڑ سے عثمان پور کے درمیان 228 کلو میٹر راستے پر اب بجلی کے ذریعے ریل گاڑی چلائی جائیگی۔ بقیہ عثمان پور سے دھرم آباد کے درمیان یہ کام جاری ہے جو جلد مکمل کرلیا جائیگا۔ جنوب وسطی ریلوے کے ناندیڑ عوامی رابطہ دفتر کی جانب سے یہ اطلاع دی گئی۔
***** ***** *****
’کتابوں کا گاؤں‘ اس اسکیم کے تحت چھترپتی سنبھاجی نگر ضلع کے ایلورہ کو شامل کیا گیا ہے۔ ایلورہ سمیت گوندیا ضلع کے نوے گاؤں باندھ‘ سندھو دُرگ ضلع کے پون بھرلے اور سانگلی ضلع کے انکل کھوپ اوندر برتک اس اسکیم کو توسیع دینے کی حکومت نے منظوری دی ہے۔ ریاست کے مراٹھی زبان محکمے کے وزیر دیپک کیسرکر نے ان قصبہ جات میں معیاری کتابیں فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
ایک روزہ عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں کل لکھنؤ میں کھیلے گئے افغانستان بنام نیدرلینڈ مقابلے میں افغانستان نے سات وِکٹیں اور 18 اوور باقی رکھتے ہوئے نیدرلینڈ کو ہرادیا۔ نیدر لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 47 ویں اوور میں تمام کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر 179 رنز بنائے۔ افغانستان نے یہ ہدف محض 32 اوورس میں تین وِکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں آج انگلینڈ- آسٹریلیاء کے درمیان اور پاکستان- نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
***** ***** *****
گوا میں جاری قومی کھیل مقابلوں میں مہاراشٹر کے کھلاڑیوں کی برتری قائم ہے۔ مہاراشٹر کی پلک جوشی نے 100 میٹر تیراکی کے بیک اسٹروک مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتا ہے۔ مہاراشٹر ا ب تک 164 تمغوں کے ساتھ میڈل درجہ بندی میں پہلے مقام پر ہے۔ ان میں سونے کے 60 تمغے شامل ہیں۔ 43 سونے کے تمغوں سمیت 74 تمغے جیت کر فوجی ٹیمیں دوسرے مقام پر‘ اسی طرح 32 سونے کے تمغوں سمیت کُل 89 تمغے جیت کر ہریانہ تیسرے مقام پر ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ کُنبی ذات اندراج کی تلاش مہم ریاست بھر میں مشن موڈ پر چلانے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
مراٹھواڑہ میں کُنبی صداقت ناموں کی تقسیم کے عمل کو رفتار دینے کے بھی احکامات۔
٭ ایس ٹی بسوں کے کرائے میں مجموعی طور پر 10 فیصد اضافہ؛ آئندہ آٹھ تا 27 نومبر کے دوران اضافی کرائے کا نفاذ۔
٭ مراٹھواڑہ کو آبرسانی کرنے کیخلاف ممبئی عدالت ِ عالیہ میں درخواست داخل۔
٭ جنوب وسطی ریلوے کے ناندیڑ ڈویژن کے تحت جالنہ سے عثمان پور تک بجلی سے ریل گاڑی چلانے کا کام مکمل۔
اور ٭ ایک روزہ عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں افغانستان نے نیدر لینڈ کو سات وِکٹوں سے دی شکست۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
ان خبروں کو آپ آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****
आकाशवाणी औरंगाबादची बातमीपत्र AIR CHHATRAPATI SAMBHAJINAGAR NEWS
Saturday, 4 November 2023
Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 04 نومبر 2023‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
-
Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 04 March 2025 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...
-
Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 05 March 2025 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...
-
Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 29 July 2025 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत्...
No comments:
Post a Comment