Monday, 1 July 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 01 جولائی 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 01 July-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ:  یکم جولائی  ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::

    پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
    ٭    نئے فوجداری قوانین ملک بھر میں نافذ؛ فوجداری انصاف کا بھارت علمبردار ہوگا: قانون و انصاف کے مملکتی وزیر ارجن رام میگھوال۔
    ٭    لوک سبھا انتخابات میں ملک کی عوام نے آئین اور جمہوریت پر یقین کیا: ”من کی بات“ پروگرام سے وزیرِ اعظم کا خطاب۔
    ٭    قانون ساز کونسل کی ممبئی اور کوکن گریجویٹ اور ناسک اور ممبئی اساتذہ حلقوں کے ووٹوں کی گنتی آج۔
اور۔۔۔٭    گیانوبا- تکوبا کی پالکھیاں پونے میں داخل؛ گجانن مہاراج کی پالکھی کا پرلی میں استقبال۔
***** ***** *****

    اب خبریں تفصیل سے:
     انڈین جوڈیشیل کوڈ‘ انڈین سول پروٹیکشن کوڈ اور انڈین ایویڈینس کوڈ جیسے نئے فوجداری قوانین آج سے ملک بھر میں نافذ ہوگئے ہیں۔ مرکزی حکومت نے اس ضمن میں ریاست اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے ساتھ مسلسل میٹنگیں کی۔ ان قوانین میں تفتیش‘ سماعت اور عدالتی کارروائی میں تکنیک پر زور دیا گیا ہے۔ تعزیراتِ ہند IPC‘دَ کوڈ آف کریمنل پروسیجر (CRPC) اور انڈین ایویڈینس کوڈ یہ تینوں قوانین ختم ہورہے ہیں۔
     نئے فوجداری قوانین کے نفاذ کے پیشِ نظر  جج‘ وکیل سمیت تمام متعلقین میں بیداری پیدا کرنے کے نقطہئ نظر سے کل ممبئی میں ”فوجداری انصاف کے نظام کی انتظامی میں ہندوستان کی ترقی پسند راہ“ پر ایک کانفرنس منعقد کی گئی۔ مرکزی وزیرِ مملکت برائے انصاف و قانون ارجن رام میگھوال کے ہاتھوں اس کانفرنس کا افتتاح ہوا۔ جس میں انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان قوانین کی وجہ سے ہر ایک شہری کو انصاف ملنے میں آسانی ہوگی اور فوجداری انصاف کے عمل میں مستقبل میں بھارت اس کا علمبردار ہوگا۔
    کانفرنس کا اختتام گورنر رمیش بئیس کی خصوصی موجودگی میں ہوا۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ فوجداری قوانین جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ملک کے عزم کو ظاہر کریں گے۔ ان قوانین کی وجہ سے حقوقِ انسانی کی حفاظت ہوگی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی شبیہ بہتر ہوگی۔
***** ***** *****
    وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں ملک کی عوام نے آئین اور جمہوریت پر یقین کیا ہے۔ وہ آکاشوانی کے ”من کی بات“ پروگرام کی ایک سو گیارہویں قسط سے مخاطب تھے۔ انھوں نے رائے دہندگان اور شہریوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ دُنیا کے سب سے بڑے انتخابات تھے، جو کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔وزیرِ اعظم نے کہا:
    ”ساتھیو! میں آج دیش واسیوں کو دھنیہ واد بھی کرتا ہوں کہ انھوں نے ہمارے سنویدھان اور دیش کی لوک تانترک ویوستھا پر اپنا اٹوٹ وشواس جتایا ہے۔ 2024 کا چناؤ‘ دنیا کا سب سے بڑا چناؤ تھا‘ دنیا کے کسی بھی دیش میں اتنا بڑا چناؤ کبھی نہیں ہوا ہے۔ اس میں 65 کروڑ لوگوں نے ووٹ ڈالے ہیں۔ اس لیے میں چناؤ آیوگ اور مت دان کی پرکریا سے جڑے ہر ویکتی کو دِلی بدھائی دیتا ہوں۔“
    ”من کی بات“ پروگرام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ دنیا میں بھارتی ثقافت کی تعریف ہورہی ہے۔ دسواں عالمی یوگا دِن دنیا بھر میں جوش و خروش سے منائے جانے پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہر سال یوگا دِن کے پروگرام ترقی سے ہمکنار ہورہے ہیں۔انھوں نے جگناتھ یاترا‘ امر ناتھ یاترا اور پنڈھرپور واری میں حصہ لینے والوں کو مبارکباد بھی پیش کی۔
***** ***** *****
    قومی امتحانی ادارہ (UG-NEET) امتحان آف لائن نہ لیتے ہوئے آن لائن منعقد کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ یہ امتحان 21  اگست تا 4 ستمبر کے درمیان مختلف مراکز پر منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
    بزرگ رہنماء شرد پوار نے کہا ہے کہ مہاوِکاس آگھاڑی کی حلیف جماعتیں آئندہ اسمبلی انتخابات متحدہ طور پر لڑیں گی۔ وہ کل پونہ میں صحافتی کانفرنس سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں تبدیلی کی ضرورت ہے اور اسے پورا کرنے کی ذمہ داری اپوزیشن پر عائد ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ نشستوں کی تقسیم پر اب تک کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔
***** ***** *****
    محکمہئ داخلہ کی ایڈیشنل چیف سیکریٹری سُجاتا سَونِک کا ریاست کے چیف سیکریٹری کے طور پر تقرر کیا گیا ہے اور انھوں نے کل اپنے عہدے کا جائزہ حاصل کرلیا۔ سُجاتا سَونِک ریاست کی اوّلین خاتون چیف سیکریٹری بنی ہے۔
***** ***** *****
    قانون ساز کونسل کی کوکن اور ممبئی گریجویٹ حلقے‘ اسی طرح ناسک اور ممبئی اساتذہ حلقے میں ہوئے انتخابات کے ووٹوں کی گنتی آج ہوگی۔ ناسک ٹیچر حلقے کے ووٹوں کی گنتی ناسک شہرکے مرکزی ویئر ہاؤس کارپوریشن کے گودام میں ہوگی۔ ناسک کے ڈویژنل کمشنر پروین گیڈام نے کل اس جگہ کا دورہ کرکے تیاریوں کا جائزہ لیا۔
***** ***** *****
    آشاڑھی واری کیلئے پنڈھر پور کی جانب نکلی سنت تکارام مہاراج اور سنت گیانیشور مہاراج کی پالکھیاں دو دِنوں کے قیام کے کیلئے پونہ میں داخل ہوگئی ہیں۔ دونوں ہی پالکھیاں جس جگہ سنگم ہے وہ پاٹل اسٹیٹ چوک میں شہریوں نے درشن کیلئے بھیڑ لگادی تھی۔
    سنت شریشٹھ گجانن مہاراج کی پالکھی کل بیڑ ضلع کے پرلی میں آئی پالکھی کا استقبال جوش و خروش سے ہوا۔ پیٹھن سے نکلی سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکھی کل احمد نگر ضلع میں داخل ہوئی اور آج مِڈ ساؤنگی میں پالکھی کا پہلا حلقہ منعقدہوگا۔
***** ***** *****
    ریاست کے چیف سیکریٹری نِتن کریر نے اپیل کی ہے کہ ریاست کے قلعوں کی حفاظت کیلئے قلعوں سے محبت کرنے والے پہل کریں۔ ناسک میں کل کوہِ پیما اویناش جوشی کی یاد میں سہیادری متر میلہ منعقد ہوا۔ اس موقع پر پونے کے آنند پاڑندے کو سہیادری رَتن لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ جبکہ ساتارا کی پرینکا موہیتے کو سہیادری رَتن ایوارڈ تفویض کیا گیا۔ کوہِ پیما اُمیش جِھرپے بطورِ صدر موجود تھے۔
***** ***** *****
    ریاست کے تمام ضلع پریشد آفس میں معذور ملازمین کو اسسٹنٹ تکنیک فراہم کرنے سے متعلق سرکاری حکمنامہ جاری کیا گیا۔ اس معاملے میں ممبئی ہائیکورٹ کی اورنگ آباد بینچ نے احکامات صادر کیے تھے۔
***** ***** *****
    ناندیڑ کے سینئر صحافی کملاکر جوشی کا کل عارضہئ قلب سے انتقال ہوگیا۔ وہ 70 برس کے تھے۔ جوشی نے اپنی صحافت کے دور میں ضلع کے مختلف مسائل کو اُجاگر کیا۔ روزنامہ لوک مت میں انھوں نے طویل عرصہ تک کام کیا۔ جوشی کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
    بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جیتنے والی ٹیم کو 125 کروڑ روپے کے انعامات کا اعلان کیا ہے۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری جئے شاہ نے اس کا اعلان کیا۔ کپتان روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کا خطاب اپنے نام کیا ہے۔
***** ***** *****
    لوناولہ میں سیر کیلئے گئے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد بھشی آبی پشتہ میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ یہ تمام پونہ کے ساکن تھے۔ ان میں ایک خاتون اور چار چھوٹے لڑکے تھے۔ ان میں دو کی نعشیں ملی ہیں جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
***** ***** *****
    وسطی ریلوے کے پونہ ڈویژن کے دَونڈ- منماڑ ریلوے پر ترقیاتی کاموں کے چلتے لائن بلاک سے پونہ ایکسپریس اور نظام آباد ڈیمو ٹرین کے روٹ میں عارضی تبدیلی کی گئی ہے۔ نظام آباد- پونہ ڈیمو ٹرین آج پربھنی- پرلی- لاتور- کُرڈوواڑی راستے سے چلے گی جبکہ دَونڈ- نظام آباد ڈیمو ٹرین کُرڈوواڑی لاتور‘ پرلی‘ پربھنی راستے سے چلے گی۔ اس طرح پونہ- ناندیڑ ایکسپریس ٹرین آج دَونڈ‘ کُرڈوواڑی‘ لاتور‘ پرلی‘ پربھنی راستے سے چلے گی۔
***** ***** *****
    چھترپتی سمبھاجی نگر شہر سمیت ضلع میں کل دوپہر کے وقت تشفی بخش بارش ہوئی۔ اس بارش کی وجہ سے شہر کے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا تھا۔ سلوڑ‘ سوئیگاؤں تعلقوں میں بھی کل موسلا دھار بارش ہوئی۔ اجنتا کے غار کے آبشار سمیت چھوٹے بڑے نالے اُبل کر بہہ رہے ہیں۔ ہنگولی ضلع میں بھی ہفتہ بھر کے بعد کل زوردار بارش ہوئی۔ اس بارش کی وجہ سے سوکھ رہی فصلوں کو نئی زندگی ملی ہے۔
    واشم ضلع کے کارنجہ، مانورا، واشم، رِسوڑ اور مالیگاؤں تعلقوں کے بھی کئی گاؤں میں ہفتے بھر کے بعد بارش ہوئی۔ اسی طرح ناسک شہر سمیت ضلع میں بھی زوردار بارش ہوئی۔
***** ***** *****
    آئندہ دو دِنوں میں وسطی مہاراشٹر اور وِدربھ کے کئی مقامات پر اور مراٹھواڑہ کے کچھ مقامات پر بارش ہونے کا امکان پونہ کے محکمہئ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔ وسطی مہاراشٹر کے کچھ مقامات پر زوردار بارش ہونے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
     ٭    نئے فوجداری قوانین ملک بھر میں نافذ؛ فوجداری انصاف کا بھارت علمبردار ہوگا: قانون و انصاف کے مملکتی وزیر ارجن رام میگھوال۔
    ٭    لوک سبھا انتخابات میں ملک کی عوام نے آئین اور جمہوریت پر یقین کیا: ”من کی بات“ پروگرام سے وزیرِ اعظم کا خطاب۔
    ٭    قانون ساز کونسل کی ممبئی اور کوکن گریجویٹ اور ناسک اور ممبئی اساتذہ حلقوں کے ووٹوں کی گنتی آج۔
اور۔۔۔٭    گیانوبا- تکوبا کی پالکھیاں پونے میں داخل؛ گجانن مہاراج کی پالکھی کا پرلی میں استقبال۔
***** ***** *****

No comments: