Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 14 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۱/ستمبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعلیٰ خوشحال پنچایتی راج مہم کا حیدرآباد مکتی دن کو ہوگا افتتاح۔
٭ دسمبر 2026 تک کسانوں کو 12 گھنٹے مفت بجلی فراہم کرنے کے اعلان کا وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے اعادہ۔
٭ ریاست میں کنوؤں اور باولیوں کے ضلع وار سروے کرنے کا حکومت کا فیصلہ۔
٭ اہلیانگر- بیڑ ریلوے لائن پر آج سے تین دنوں تک تیز رفتار ٹرین کا آزمائشی سفر۔
٭ ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج بھارت کا مقابلہ روایتی حریف پاکستان سے۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے کئی آبی پشتوں سے پانی کا بڑے پیمانے پر اخراج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
حیدرآباد مکتی سنگرام دِن کے موقع پر مکھیہ منتری سمردّھ پنچایت راج ابھیان یعنی وزیرِ اعلیٰ خوشحال پنچایت راج مہم کا افتتاح وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پھلمبری تعلقے کے کِن گاؤں میں یہ افتتاحی پروگرام منعقد کیا گیا ہے۔ ریاست کے 352 پنچایت سمیتیوں میں چلائی جانے والی اس مہم میں تپ ِ دق سے پاک دیہات‘ گھرکل اسکیم‘ آبرسانی اسکیم‘ شجرکاری‘ شمسی توانائی کے استعمال جیسے کاموں کا جائزہ لیا جائے گا اور بہترین نشانات حاصل کرنے والی گرام پنچایتوں کو مختلف انعامات دئیے جائیں گے۔ اس پروگرام کو تمام گرام پنچایتوں میں راست نشر کیا جائے گا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر انکت نے اس روز خصوصی گرام سبھا منعقد کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے دسمبر 2026 تک کسانوں کو دن میں 12 گھنٹے مفت بجلی فراہم کرنے کے اعلان کا اعادہ کیا ہے۔ کل ایوت محل میں 335 کروڑ روپئے کے مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ ِ بنیاد وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں رکھا گیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ ریاست کے کسانوں کو مفت بجلی فراہم کرنے کے عزم کے تحت وزیرِ اعلیٰ شمسی توانائی اسکیم شروع کی گئی۔ ایوت محل نے اس کے تحت 35 میگا واٹ کے پروجیکٹ مکمل کیے، جس کے بعد 14 ہزار کسانوں کو اب دن میں 12 گھنٹے بجلی مل سکے گی۔ تاہم‘ انھوں نے دوہرایا کہ دسمبر 2026 تک تمام ہی کسانوں کو مکمل مفت بجلی فراہم کی جائیگی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع میں پرسوں شدید بارش کے باعث فصلوں کو ہونے والے نقصانات کا کل رکنِ اسمبلی راہل پاٹل نے معائنہ کیا۔ بعد ازاں انھوں نے کلکٹر سنجے سنگھ سے ملاقات کرکے ضلع میں مکمل گیلا قحط ظاہر کرنے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ دیوالی سے پہلے ہی متاثرہ کسانوں کے کھاتوں میں فوری مالی امداد جمع کروائی جائے۔
پربھنی ضلع کے 9 منڈلوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ جن میں سب سے زیادہ بارش کاتنیشور میں 147 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
***** ***** *****
ثقافتی اُمور کے وزیر آشیش شیلار نے اعلان کیا ہے کہ ریاست کے کنوؤں اور باؤلیوں کا ضلع وار سروے کیا جائے گا۔ کل ممبئی میں کنوؤں کے تحفظ و دیکھ بھال کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ کنوؤں کے تحفظ، دیکھ بھال کے حوالے سے مقاصد اور اہداف کیلئے واضح پالیسی جاری کی جائیگی۔
***** ***** *****
ریاست کے درجِ فہرست ذاتوں کے ریزرویشن میں ذیلی تقسیم کا مسودہ تیار کرنے والی یک رکنی کمیٹی کے معیاد میں 14 مارچ 2026 تک توسیع کردی گئی ہے۔ سماجی انصاف کے وزیر سنجے شرساٹ نے کل یہ اطلاع دی۔ پٹنہ عدالت ِ عالیہ کے سبکدوش جج جسٹس منوہر بدر کی زیرِ صدارت یہ کمیٹی قائم کی گئی تھی۔
***** ***** *****
اہلیانگر-بیڑ لائن پر 17 ستمبر سے ڈیمو ریلوے خدمات شروع کی جا رہی ہیں۔ اس ضمن میں املنیر تا بیڑ ٹریک پر آج سے تین دن تک تیز رفتار ٹرین آزمائشی طور پر چلائی جائے گی۔ محکمہئ ریلوے نے ٹریک سے قریب کے ساکنان کو خبردار رہنے‘ ریل کی پٹریوں پر چہل قدمی نہ کرنے اور مویشیوں کو ٹریک پر نہ جانے دینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
ممبئی کے یشونت راؤ چوہان مرکز کی جانب سے دیا جانے والا نا-دھو- مہانور ساہتیہ ایوارڈ ناندیڑ کی شاعرہ سچیتا کھلاڑ کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کل ممبئی میں رکنِ پارلیمان سپریہ سُڑے نے یہ اعلان کیا۔ آئندہ 26 ستمبر کو ایک پُروقار تقریب میں یہ ایوارڈ تفویض کیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ہندی لسانی دن آج منایا جارہا ہے۔ ہندی زبان کے فروغ‘ بول چال میں ہندی کے زیادہ استعمال اور زبان کی بقاء کے مقصد سے یہ دن منایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے اب سے کچھ دیر قبل قوم سے خطاب کیا۔ آج وہ گجرات کے گاندھی نگر میں واقع مہاتما مندر میں کُل ہند راج بھاشا سمّیلن میں بھی شرکت کررہے ہیں۔ اس سمّیلن میں گجرات کے وزیرِ اعلیٰ بھوپیندر پٹیل بھی موجود رہیں گے۔ ہندی لسانی دن سے متعلق مزید تفصیلات ہمارے نمائندے نے دی ہیں:
VOICE CAST
***** ***** *****
وزیرِاعظم نریندر مودی کی سالگرہ کی مناسبت سے 17 ستمبر تا 2 اکتوبر کے دوران ملک بھر میں سیوا پندھرواڑہ منایا جائے گا۔ اس خصوص میں نوجوانوں میں صحت مند طرزِ زندگی کا پیغام دینے کیلئے ملک کے 75 مقامات پر نمو میراتھان کا انعقاد کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیرِ مملکت برائے کھیل رکشا کھڑسے نے کل بلڈانہ میں یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج بھارت کا مقابلہ روایتی حریف پاکستان سے ہوگا۔ دبئی میں ہونے والے اس میچ کا آغاز شب آٹھ بجے ہوگا۔
دریں اثناء‘ اس میچ کے خلاف شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے ریاست بھر میں مذمتی مظاہرے کیے جائیں گے۔ پارٹی سربراہ اُدّھو ٹھاکرے نے کل ممبئی میں یہ اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دہشت گرد کارروائیوں کے خلاف مرکزی حکومت نے آپریشن سندور بھی لانچ کیا۔ انھوں نے سوال اٹھایا کہ اس صورتحال میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ کس طرح کھیلی جاسکتی ہے۔
اسی دوران پارٹی کی خواتین وِنگ کی جانب سے آج ریاست بھر میں ”میرا کُوکُو میرا دیش“ کے نعرے کے ساتھ مظاہرے کیے جائیں گے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر مہیلا آگھاڑی کی جانب سے صبح ساڑھے دس بجے کرانتی چوک میں مظاہرے کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
مراٹھا سماج کیلئے لاگو کیے گئے حیدرآباد گزٹ کو منسوخ کرنے کے مطالبہ پر لاتور ضلع کے وانگدری میں بھوک ہڑتال شروع کی گئی‘ جبکہ او بی سی رہنماء لکشمن ہاکے نے وانگدری کے خودکشی کرنے والے مہادیو کراڑ کے اہلِ خانہ سے ملاقات کرکے اظہارِ تعزیت کیا۔ اس موقع پر انھوں نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت نے او بی سی سماج کو گمراہ کیا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ شہر سے قریب کھڑک تالاب کھدان میں تیراکی کیلئے گئے دو نوجوان پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ یہ حادثہ کل دوپہر پیش آیا۔ اس ضمن میں تعلقہ پولس اسٹیشن میں ناگہانی موت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ میں کل لوک عدالت میں کُل ہزار ایک 301 تنازعات کو باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرلیا گیا۔ حل طلب گیارہ ہزار 241 معاملات اس عدالت میں پیش کیے گئے تھے۔ جن میں سے 15کروڑ 68 لاکھ سے زائد رقم کے معاملات کا فیصلہ کردیا گیا۔ یہ اطلاع ہمارے نمائندے نے دی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے کئی مقامات پر جاری موسلا دھار بارش کے باعث آبی ذخائر کی سطح آب میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں چند ایک آبی پشتوں سے پانی کا اخراج جاری ہے۔ پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم لبریز ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر پانی کی نکاسی کی جارہی ہے۔ منصوبے کے تمام 27 دروازے چار فٹ تک کھول دئیے گئے ہیں۔ 94 ہزار 320 ملین کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی گوداوری ندی میں چھوڑا جارہا ہے۔ لاتور ضلع میں تاورجا ڈیم کے 17‘ مانجرا کے دو اور رینا منصوبے کے دو دروازے کل شب کھول دئیے گئے۔ بیر ضلع میں ماجل گاؤں ڈیم کے تین دروازے کھولے گئے ہیں۔
***** ***** *****
اسی دوران آج محکمہئ موسمیات نے رائے گڑھ ضلع میں بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ پال گھر، سندھو دُرگ، نندوربار اور دھولیہ کو چھوڑ کر تمام اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیرِ اعلیٰ خوشحال پنچایتی راج مہم کا حیدرآباد مکتی دن کو ہوگا افتتاح۔
٭ دسمبر 2026 تک کسانوں کو 12 گھنٹے مفت بجلی فراہم کرنے کے اعلان کا وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے اعادہ۔
٭ ریاست میں کنوؤں اور باولیوں کے ضلع وار سروے کرنے کا حکومت کا فیصلہ۔
٭ اہلیانگر- بیڑ ریلوے لائن پر آج سے تین دنوں تک تیز رفتار ٹرین کا آزمائشی سفر۔
٭ ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج بھارت کا مقابلہ روایتی حریف پاکستان سے۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے کئی آبی پشتوں سے پانی کا بڑے پیمانے پر اخراج۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment