Tuesday, 16 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 16 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 16 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۱/دسمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست کی تمام 29 میونسپل کارپوریشنز کے انتخابی پروگرام کا اعلان؛ آئندہ 15 جنوری کو رائے دہی اور 16 جنوری کو ووٹوں کی ہوگی گنتی۔
٭ انتخابی کمیشن نے مخالف جماعتوں کے اعتراضات کو نظرانداز کیا ہے۔ کانگریس پارٹی کا الزام؛ ٹھاکرے گروپ کا ممبئی میونسپل کارپوریشن کی رائے دہندگان فہرست پر اعتراض۔
٭ وزیرِ اعظم کے خلاف قابلِ اعتراض بیان دینے پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ۔
٭ پرانی گاڑیوں کے فٹنیس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی فیس میں اضافہ۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست بھر میں سردی کی لہر قائم۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاستی الیکشن کمیشن نے کل ریاست کی تمام 29 میونسپل کارپوریشنز کے انتخابی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کل سے مذکورہ علاقوں میں ضابطہئ اخلاق نافذ ہوگیا۔ ان تمام میونسپل کارپوریشنز کیلئے انتخابات آئندہ 15 جنوری کو ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 16 جنوری کو ہوگی۔ ریاستی الیکشن کمشنر دِنیش واگھمارے نے ایک صحافتی کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ درخواست دہی کی آخری تاریخ 30 دسمبر 2025 اور درخواست واپس لینے کی آخری تاریخ 2 جنوری 2026 ہوگی۔
ریاست بھر کی 29 میونسپل کارپوریشنز کی کُل دو ہزار 869 نشستوں کیلئے ہونے والے ان انتخابات میں ایک ہزار 442 نشستیں خواتین کیلئے‘ 759 دیگر پسماندہ طبقات (OBC) کیلئے‘ 341 درجِ فہرست ذاتوں (ST) اور 77 نشستیں درجِ فہرست قبائل (SC) کیلئے مختص کی گئی ہیں۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کا نوٹیفکیشن آج جاری کیا جائے گا‘ جبکہ بقیہ 28 میونسپل کارپوریشنز کیلئے حکمنامہ پرسوں جمعرات کو جاری کیا جائے گا۔
***** ***** *****
جالنہ اور اِچل کرنجی کے علاوہ بقیہ تمام میونسپل کارپوریشنز کی معیاد ختم ہوگئی ہے۔ صرف ممبئی میونسپل کارپوریشن میں واحد رُکنی Zone رہے گا جبکہ دیگر میونسپل کارپوریشنز میں کثیر رُکنی وارڈس کا ایک Zone تشکیل دیا گیا ہے۔ ان انتخابات میں ایک ووٹر کو Zone میں جتنے وارڈس ہوں گے‘ اُتنے ووٹ ڈالنے ہوں گے۔ رائے دہی EVM مشینوں کے ذریعے ہوگی۔ انتخابی کمیشن نے بتایا ہے کہ اس چناؤ میں تین کروڑ 48 لاکھ سے زائد رائے دہندگان اپنے ووٹ ڈالنے کے حق کا استعمال کریں گے۔
***** ***** *****
کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے اس شک کا اظہار کیا ہے کہ میونسپل کارپوریشنز کے انتخابات شفاف اور منصفانہ نہیں ہوں گے۔ وہ کل ممبئی میں صحافیوں سے بات کررہے تھے۔ سپکاڑ نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں‘ ڈپلی کیٹ ووٹرس اور Zones کی تشکیل سے متعلق مخالف جماعتوں کے اعتراضات پر کوئی کارروائی نہیں کی۔
***** ***** *****
اسی بیچ شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی نے سوال کیا ہے کہ ممبئی میونسپل کارپوریشنز کی انتخابی فہرست کے جاری کیے جانے سے پہلے ہی انتخابی پروگرام کا اعلان کرنے میں انتخابی کمیشن نے جلدی کیوں کی؟ پارٹی لیڈر اور رکنِ پارلیمان انل دیسائی نے اس سلسلے میں ریاست کے انتخابی کمیشن کو محضر پیش کیا ہے۔ انھوں نے اپنے مکتوب میں کہا کہ ناکافی اور ناقص تیاریوں کے ساتھ انتخابات کا انعقاد قانونی اور اخلاقی طور پر درست نہیں ہوگا۔
***** ***** *****
جالنہ میونسپل کارپوریشن کی حتمی انتخابی فہرست کل شائع کی گئی۔ اس فہرست میں 16 انتخابی حلقوں کے کُل دو لاکھ 45 ہزار 929 رائے دہندگان شامل ہیں۔ ان میں ایک لاکھ 28 ہزار 894 مرد‘ ایک لاکھ 17 ہزار ایک خواتین اور 34 دیگر ووٹرس ہیں۔
***** ***** *****
لاتور میں شہر و ضلع بی جے پی نے میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیشِ نظر الیکشن لڑنے میں دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کے انٹرویو کیے۔ پارٹی کو امیدواری کیلئے اب تک 900 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
***** ***** *****
بی جے پی رہنماء اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ریاست کے زیادہ تر حلقوں میں مہایوتی کے طورپر انتخابی میدان میں اُترنے کے اپنے مؤقف کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ‘ کل پونے میں صحیفہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ پونے میں بی جے پی اور راشٹروادی کانگریس کے درمیان دوستانہ مقابلہ ہوگا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل اِچل کرنجی میں چھترپتی سمبھاجی مہاراج اور پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کے مجسّموں کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر انھوں نے سمبھاجی مہاراج اور اہلیا دیوی کے کارناموں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کچی آبادیوں کے مکینوں میں علامتی طور پر قطعہئ اراضی کے کاغذات کی تقسیم کی گئی۔ وہیں وزیرِ اعلیٰ نے بجلی کمپنی مہاوِترن کے پانچ نئے بجلی کے ذیلی مراکز کا سنگ ِ بنیاد رکھا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کے خلاف قابلِ اعتراض بیان بازی پر کل حکمراں جماعت کے اراکین نے پارلیمنٹ میں ہنگامہ کیا اور کانگریس پارٹی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ اس سے دونوں ایوانوں کی کارروائی میں خلل پڑا۔
پارلیمانی اُمور کے مرکزی وزیر کرین رِجیجو نے لوک سبھا میں دہلی کے رام لیلا میدان میں کانگریس کی پرسوں منعقدہ میٹنگ میں وزیرِ اعظم کے خلاف قابلِ اعتراض بیان دئیے جانے کا مسئلہ اٹھایا۔
Byte: Union Minister Kiren Rijiju
***** ***** *****
اس معاملے پر راجیہ سبھا میں بھی ہنگامہ ہوا۔ ایوان میں بی جے پی کے قائد جے پی نڈا نے قابلِ اعتراض بیان پر کانگریس سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ جس کے بعد شور و غل کے بڑھ جانے پر ڈپٹی اسپیکر نے ایوان کی کارروائی کچھ دیر کیلئے ملتوی کردی۔ راجیہ سبھا کی کارروائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد انتخابی اصلاحات پر بحث شروع ہوئی۔ کانگریس کی رکنِ پارلیمان پرینکا گاندھی نے بی جے پی کے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایوان کو چلانا نہیں چاہتی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Congress MP Priyanka Gandhi
***** ***** *****
زمینی حمل و نقل اور شاہراہوں کی مرکزی وزارت نے ملک میں پرانی گاڑیوں کی فٹنیس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی فیس میں اضافہ کردیا ہے۔ ساتھ ہی گاڑیوں کے دوبارہ رجسٹریشن کی مدت 15 برسوں سے کم کرکے 10 برس کردی گئی ہے۔ نئی فیس کی وصولی پر فوری عمل درآمد کا حکمنامہ بھی جاری کیا گیا ہے۔ پہلے دس برسوں کے بعد‘ پانچ سالہ دوبارہ رجسٹریشن کیلئے تین مراحل کی فیس دو پہیہ گاڑیوں کیلئے بالترتیب 200 روپئے‘ ایک ہزار اور دو ہزار روپئے ہوگی۔ وہیں تین پہیہ گاڑیوں کیلئے یہ فیس بالترتیب دو سو روپئے‘ تین ہزار اور سات ہزار روپئے ہوگی۔
***** ***** *****
اقلیتی اُمور کی مرکزی وزارت نے خانگی ٹور کمپنیو ں کے ذریعے حج کرنے کی خواہش مند افراد سے 2026 کے حج کیلئے 15 جنوری تک اندراج کرانے کی اپیل کی ہے تاکہ سفرِ حج کے دوران ہونے والی پریشانیوں کو ٹالا جاسکے۔ وزارت نے تمام ضروری کارروائیاں بروقت مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے جالنہ میں دو سالہ بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے اور قتل کرنے کے مجرم روی واگھمارے کی رحم کی درخواست مسترد کردی ہے۔ 2012 میں پیش آئے اس واقعے میں مقامی عدالت نے 2015 میں اُسے موت کی سزا سنائی تھی۔ بامبے ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ نے اس سزا کو برقرار رکھا ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے چیف سیکریٹری راجیش اگروال نے کہا ہے کہ انتظامیہ کے تعلق سے عام شہریوں میں مثبت رویہ پیدا کیا جانا ضروری ہے۔ اگروال‘ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ڈویژن کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے اس موقع پر ہر ضلع میں چلائی جارہی اسکیمات کی تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ انھوں نے ہدایت دی کہ اسکیمات کے فوائد اہل استفادہ کنندگان کو مؤثر طریقے سے پہنچائے جائیں۔
***** ***** *****
ریاست میں سب سے کم درجہئ حرارت کل اہلیا نگر میں آٹھ اعشاریہ تین ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ اس کے بعد پونے میں 9‘ اور ناسک میں ساڑھے نو درجہئ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے پربھنی میں کل 10 اعشاریہ پانچ، دھاراشیو میں 11 اعشاریہ دو اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں 11 اعشاریہ چھ درجہئ حرارت رہا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست کی تمام 29 میونسپل کارپوریشنز کے انتخابی پروگرام کا اعلان؛ آئندہ 15 جنوری کو رائے دہی اور 16 جنوری کو ووٹوں کی ہوگی گنتی۔
٭ انتخابی کمیشن نے مخالف جماعتوں کے اعتراضات کو نظرانداز کیا ہے۔ کانگریس پارٹی کا الزام؛ ٹھاکرے گروپ کا ممبئی میونسپل کارپوریشن کی رائے دہندگان فہرست پر اعتراض۔
٭ وزیرِ اعظم کے خلاف قابلِ اعتراض بیان دینے پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ۔
٭ پرانی گاڑیوں کے فٹنیس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی فیس میں اضافہ۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست بھر میں سردی کی لہر قائم۔
***** ***** *****

No comments: