Monday, 8 June 2020



Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 08.06.2020, Time : 9:00 to 9.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 08 June-2020
Time: 09:00 to 09:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۸؍جون  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۱۰:۹۔ ۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
شروع میںچند اہم خبروںکی سرخیاں:
٭ لاک ڈائون ختم کرنے کے تیسرے مرحلے پر آج سے عمل آوری؛ سرکاری اور خانگی دفاتر آج سے کھلیں گے۔
٭ نہایت کم علامات والے کورونا متاثرین کو گھر پر ہی علاج کروانے کی اجازت۔
٭ ریاست میں کل مزید 3/ ہزار سات نئے کورونا مریضوں کی موجودگی کا انکشاف؛ 91/ افراد کی موت۔
٭ اورنگ آباد میں 5/ اور جالنہ میں ایک شخص کی موت؛ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ۔
٭ خانگی اسپتالوں کی جانب سے کورونا مریضوں کی لوٹ کھسوٹ کا قانون ساز کونسل کے قائد حزبِ اختلاف پروین دریکر کا الزام۔
٭ اور۔۔۔۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 60/ پیسے کا اضافہ۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔۔
لاک ڈائون ختم کرنے کے تیسرے مرحلے کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ ریاست کے سرکاری اور خانگی دفاتر میں آنے والے ملازمین کی تعداد میں آج سے اضافہ ہوگا۔ ممبئی عظمیٰ، پونا، شولاپور، اورنگ آباد، مالیگائوں، ناسک، دھولیہ، جلگائوں، اکولہ، اور امراوتی میں اب 15/ فیصد سرکاری ملازمین کو دفاتر میں حاضر رہنے کی اجازت ریاستی حکومت نے دی ہے۔ نئے سرکاری احکامات کے مطابق تمام سرکاری ملازمین کو ہفتے میں کم از کم ایک دِن دفتر میں حاضر ہونا ہوگا، بصورتِ دیگر انہیں ہفتے بھر کی رخصت لینا ہوگی۔ اس کے علاوہ خانگی دفاتر میں بھی 10/ فیصد ملازمین کو دفتر جانے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ جن دفاتر میں جملہ ملازمین کی تعداد 100/ سے کم ہے وہاں کم از کم 10/ ملازمین کام پر حاضر ہوسکیں گے۔
دریں اثناء آج سے ملک بھر میں عبادت گاہیں، مذہبی مقامات، مالس اور ہوٹلیں وغیرہ کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ تاہم حکومت ِ مہاراشٹر نے ان تمام کو بدستور بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ممبئی کی عوامی بس خدمات بیسٹ کا آج سے آغاز کردیا جائیگا۔ تاہم بسوں میں مسافروں کے درمیانی سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کو لازمی قرار دیا گیا ہے اور بسوں میں دائیں اور بائیں جانب موجود دو افراد کی نشستوں پر صرف ایک ہی شخص بیٹھ سکے گا اور کھڑے ہوکر صرف پانچ لوگ سفر کرسکیں گے۔
***** ***** *****
سائیکلون نِسرگ کے باعث ہوئے نقصانات کے پیشِ نظر وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے رتناگری ضلع کیلئے 75/ کروڑ اور سندھو دُرگ ضلع کیلئے 25/ کروڑ روپئے کی فوری امداد کا اعلان کیا ہے۔ انھوںنے کہا ہے کہ تھانہ اورپال گھر اضلاع میں اس آفت ِ سماوی کے باعث نسبتاً کم نقصان ہوا ، تاہم ان اضلاع میں بھی جائزہ لینے کے بعدامداد سے متعلق فیصلہ کیا جائیگا۔ کل وزیرِ اعلیٰ نے ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعے ان چاراضلاع میں سائیکلون کے باعث ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا اور کہا کہ رائے گڑھ ضلع کی طرح ہی رتنا گری اور سندھو دُرگ اضلاع میں بھی بہت زیادہ نقصان ہوا ہے اور بحران کے اس وقت میں حکومت کوکن کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ نِسرگ کے باعث ہوئے نقصانات کے جلد از جلد پنچنامے مکمل کرنے کی ہدایت بھی انھوں نے متعلقہ ذمہ داروںکو دی۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری اجوئے مہتا نے بتایا کہ معاوضہ کی کچھ رقم ضلع کلکٹر کو پیشگی دی جائیگی۔ تاکہ پنچنامے مکمل ہونے کے فوری بعد یہ رقم متاثرین کو دی جاسکے۔ علاوہ ازیں بجلی کی تقسیم کاری سے متعلق انفراسٹرکچر تیارکرنے کا تجربہ رکھنے والی کمپنیوں کو فوری کام کرنے کا حکم بھی چیف سیکریٹری نے دیا۔
***** ***** *****
جن مریضوں میں کورونا کی ظاہری علامات کم ہوں‘ انہیں اُن کی رضامندی سے گھرہی میں علاج کرنے کی اجازت ہوگی۔ کل ریاستی حکومت نے گھروں میں کورنٹائن کیے جانے یا طبّی جانچ کیلئے نمونے لیے جانے کے بعد سے 17/ دِنوں میں پابندیاں ختم کرنے کے تعلق سے ہدایتیں جاری کیں۔ ان میں مریضوں کو گذشتہ 10/ دِنوں میں بخار نہیں آتا ہے تو بھی اس پر تنہائی اختیار کرنے کی پابندی نہیں ہوگی۔ تنہائی کی مدت ختم ہونے کے بعد دوبارہ جانچ بھی لازمی نہیں ہوگی۔
***** ***** *****
خانگی تجربہ گاہوں میں کورونا کی جانچ کی شرح اندرونِ ایک ہفتہ کم ہونے کا امکان ہے۔ ان تجربہ گاروں میں جانچ کی شرح طئے کرنے کیلئے حکومت نے 4/ رُکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ریاست میں کووِڈ 19- کی وباء میں تیزی کے پیشِ نظر آئی سی ایم آر نے آر ٹی۔ پی سی آر جانچ کی استعداد رکھنے والے 44/ سرکاری اور 36/ خانگی تجربہ گاہوں کو جانچ کی اجازت دی گئی تھی اور خانگی تجربہ گاہوں کیلئے جانچ فیس ساڑھے چار ہزار روپئے مقرر کی گئی تھی۔ اسی دوران جانچ کیلئے کٹ بیرون ملک سے درآمد کیے جارہے تھے۔ تاہم اب یہ کٹ ملک ہی میں تیار کیے جارہے ہیں۔ اس لیے اب خانگی تجربہ گاہوں سے بات چیت کرکے نئی فیس طئے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
***** ***** *****
کورونا وائرس کی دوا تیار کرنے کیلئے تحقیقات کرنے والی پونا کی قومی تجربہ گاہ کو 30/ بندر پکڑنے کی اجازت حکومت نے دی ہے۔ رِہِسّ ذات کے بندروں کو تجربات کیلئے پکڑا جائیگا۔ تاہم ان کی تجارت پر پابندی کے ساتھ ساتھ انہیں جسمانی اذیت سے بچانے کی شرط بھی حکومت نے رکھی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کوروناکے مزید 3/ ہزار سات نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح اب ریاست کے مریضوں کی کُل تعداد 85/ ہزار 975/ ہوگئی ہے۔ اس جان لیوا وباء کے باعث کل 91/ افراد کی موت واقع ہوئی۔ ریاست میں اب تک کورونا سے 3/ہزار 60/ افراد فوت ہوچکے ہیں، جبکہ 39/ ہزار 314/ افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔ فی الحال 43/ ہزار 591/ مریضوں کا علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع میں آج صبح کورونا کے نئے 45/ مریض پائے گئے۔ اس طرح اب تک ضلع بھر میں مریضوںکی کُل تعداد 2/ ہزار 65/ تک پہنچ گئی ہے۔
ضلع میں کل کورونا سے کل کورونا سے 5/ افراد کی موت واقع ہوئی، جن میں باری کالونی کا 70/ سالہ شخص‘ کیلاش نگر کا 56/ سالہ شخص اور دیوڑھی بازار کی 60/ سالہ خاتون شامل ہے۔ ان کے علاوہ مکند واڑی روہی داس نگر کا 80/ سالہ شخص اور التمش کالونی کا ایک 70/ سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔اس طرح اب تک ضلع میں ہلاکتوں کی تعداد 104/ ہوگئی ہے۔
اورنگ آباد میں کل دِن بھر میں 70/ نئے مریض سامنے آئے تھے۔ ضلع میں اب تک ایک ہزار 224/ مریض صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو پہنچ چکے ہیں۔ اورنگ آباد شہر کے علاوہ کل گنگاپور تعلقے میں 3/ اور خلدآباد میں ایک نیا مریض پایا گیا۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کے جعفرآباد میں ایک 52/ سالہ کورونا سے متاثرہ شخص ضلع اسپتال میں کل دورانِ علاج چل بسا۔ جالنہ ضلع میں کورونا کے باعث ہونے والی یہ پانچویں موت ہے۔ اسی دوران کل ضلع میں کوروناسے متاثر ہونے والے 6/ نئے مریض پائے گئے۔ جن میں جعفرآباد کے 3/ اور گھن سائونگی کے 3/ افراد شامل ہیں۔
کل ہنگولی میں 7/ ناندیڑ میں 2/ عثمان آباد میں ایک اور بیڑ ضلع میں ایک نئے مریض کی موجودگی سامنے آئی ۔ اس کے علاوہ ناسک ضلع میں 10/ رتناگری میں 18/ چندرپور میں 11/ احمد نگر میں 5/ رائے گڑھ میں 82/ امراوتی میں 4/اور گڈچرولی ضلع میں کل 2/ نئے کورونا مریض پائے گئے۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد پروین دریکر نے کہا ہیکہ خانگی اسپتال کورونا مریضوں کو لوٹ رہے ہیں۔ وہ کل اورنگ آباد ضلع کلکٹر کے دفتر میں کورونا کی صورتحال اور اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگوکررہے تھے۔ انھوںنے مطالبہ کا کہ خانگی اسپتالوں میں جو مریض شریک نہیں کیے گئے بلکہ صرف معائنہ کرواکر واپس لوٹ گئے ہیں ان سے لی گئی فیس معاف کی جائے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ اُدّھو ٹھاکرے کی زیرِ قیادت مہا وِکاس آگھاڑی حکومت کورونا کے پھیلائو کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ اس موقع پر اسمبلی کے سابق اسپیکر ہری بھائو باگڑے‘ راجیہ سبھا کے رکن ڈاکٹر بھاگوت کراڑ اور بی جے پی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوںمیں 60/ پیسے مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔ تیل کمپنیوں کے مطابق یہ تبدیلی بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمت 40/ ڈالر سے تجاوز کرجانے کے باعث کی گئی ہے۔ تاہم گذشتہ دِنوں میں ملک میں لاک ڈائون کے سبب تیل کی طلب کم تھی، اسی لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مستحکم رہی تھیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سرخیاں ایک بار پھر۔۔۔
٭ لاک ڈائون ختم کرنے کے تیسرے مرحلے پر آج سے عمل آوری؛ سرکاری اور خانگی دفاتر آج سے کھلیں گے۔
٭ نہایت کم علامات والے کورونا متاثرین کو گھر پر ہی علاج کروانے کی اجازت۔
٭ ریاست میں کل مزید 3/ ہزار سات نئے کورونا مریضوں کی موجودگی کا انکشاف؛ 91/ افراد کی موت۔
٭ اورنگ آباد میں 5/ اور جالنہ میں ایک شخص کی موت؛ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ۔
٭ خانگی اسپتالوں کی جانب سے کورونا مریضوں کی لوٹ کھسوٹ کا قانون ساز کونسل کے قائد حزبِ اختلاف پروین دریکر کا الزام۔
٭ اور۔۔۔۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید60/ پیسے کا اضافہ۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 23.04.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 23 April 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्र...