Friday, 11 December 2020

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date : 11.December.2020, Time : 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 11 December-2020
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۱؍ دسمبر ۔۲۰۲۰؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو مفت خون دینے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
٭ اساتذہ کیلئے سابقہ وظیفہ اسکیم میں مانع حکمنامہ منسوخ۔
٭ ترمیم شدہ زرعی قوانین میں قابلِ اعتراض شقوں پر گفت و شنید کیلئے حکومت تیار: مرکزی وزیرِ زراعت۔
٭ حج 2021 کیلئے آن لائن درخواست دہی کی تاریخ میں 10 جنوری تک توسیع۔
٭ معذور افراد کے ریزرویشن پر توجہ دینے کی مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف کی تلقین۔
اور۔۔٭ ریاست میں کل کورونا مریضوں کی تعداد میں 3 ہزار 824 کا اضافہ۔ مراٹھواڑہ میں کورونا کے باعث 12  افرادکی موت۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔
ریاست کے تمام سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو مفت خون کی فراہمی کا فیصلہ ریاستی حکومت نے کیا ہے۔ وزیر برائے صحت ِ عامّہ راجیش ٹوپے نے کل یہ اعلان کیا۔ کل سنیچر سے حکومت کے اس فیصلے کا نفاذ ہوگا۔ ریاست کے بلڈ بینکوں میں عطیہ شدہ خون کی کمی کے پیشِ نظر ممبئی کے یشونت رائو چوہان ٹرسٹ کے تحت منعقدہ کیمپ میں راجیش ٹوپے اور رکنِ پارلیمان سپریہ سڑے نے خون کا عطیہ کیا۔ بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ موصوف نے کہا کہ قومی طبّی مہم کے تحت مفت خون کی فراہمی کی جائیگی۔ ریاست میں مجموعی طور پر 344 بلڈ بینک موجود ہیں۔ لیکن ان کے پاس صرف چند دِنوں کا ہی خون کا ذخیرہ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کورونا وباء کے باعث عطیۂ خون کیمپوں کے انعقاد میں دشواری درپیش ہے۔ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار کی سالگرہ کی مناسبت سے 13 تا 20 دسمبر کے دوران سوابھیمان ہفتہ منایا جائیگا۔ وزیرِ صحت نے بتایا کہ اس ہفتے میں ہر تعلقے میں عطیۂ خون کیمپ منعقد کیا جائیگا۔ انھوں نے عوام کو ترغیب دی کہ سال میں کم از کم 2 بار اپنا خون عطیہ کریں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے تیقن دیا ہے کہ کوئنا توانائی منصوبے کی تجدید نو کیلئے حکومت ہر ممکنہ مدد کریگی۔ کل کوئنا بجلی منصوبے کے چوتھے مرحلے کے بجلی گھر کا وزیرِ اعلیٰ نے معائنہ کیا اور کوئنا منصوبے کی تفصیلی معلومات حاصل کی۔ اسی دوران اُدّھو ٹھاکرے نے ممبئی۔ پونا ایکسپریس وے پر کھوپولی تا کُس گائوں نئی راہداری کی تعمیر کا بھی معائنہ کیا۔
***** ***** *****
ایسے مدرسین اور غیر تدریسی عملہ جن کا تقرر یکم نومبر 2005 سے قبل ہوا تھا ان کی وظیفہ اسکیم میں مانع حکمنامے کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ اسکولی تعلیم کی وزیر ورشا گائیکواڑ نے کل یہ اطلاع دی۔ اسکولی تعلیم اور کھیلوں کے محکمے نے اسی برس 10جولائی کو خانگی اسکولوں کے ملازمین سے متعلق 1981 ء کے ضوابط میں تبدیلی کے حوالے سے حکمنامہ جاری کیا تھا۔ اس حکمنامے کی منسوخی پر اساتذہ‘ ارکانِ اسمبلی اور دیگر نمائندوں نے حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
***** ***** *****
سفرِ حج 2021 کیلئے درخواست دہی کی آخری تاریخ میں 10 جنوری تک توسیع کردی گئی ہے۔ یہ اطلاع مرکزی وزیر برائے اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے دی۔ درخواست دہی کی مدت کل ختم ہونے والی تھی۔ تاہم اب اس مدت میں ایک مہینے کی توسیع کردی گئی ہے۔ نقوی نے حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹیو افسر اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران انھوں نے یہ اعلان کیا۔ سفر ِ حج کیلئے درخواست دہی کے عمل کو صد فیصد آن لائن کرنے پر وزیرِ موصوف نے حج کمیٹی کی ستائش کی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ زراعت نریندرسنگھ تومر نے کہا ہے کہ ترمیم شدہ زرعی قوانین کی جن شقوں پر کسانوں کو اعتراض ہے ان پر کھلے دِل کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے حکومت تیار ہے۔ وہ کل نئی دہلی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو بازار کمیٹیوں کی بندشوں سے نجات دلانے کی خواہاں ہے اس لیے کسانوں کے مفادات کو مدِنظر رکھ کر ہی قوانین میں ترمیم کی گئی ۔ ان قوانین کے باعث بازار کمیٹیوں اور زرعی اشیاء کی کم از کم نرخ پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ وزیرِ موصوف نے حکومت کے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ کسانوں کی زمینیں چھین کر صنعت کاروں کو نہیں دی جائیں گی۔
ان قوانین میں ردّ و بدل سے متعلق گفتگوکی حکومت کی جانب سے کی گئی پیش کش تحریک چلارہے کسان قائدین نے مسترد کردی ہے ۔ یہ ترمیمی قوانین پوری طرح منسوخ کیے جانے کا مطالبہ کسان رہنما کررہے ہیں۔
***** ***** *****
نکسل سرگرمیوں سے متاثرہ علاقو میں اپنی جانو ںکا نذرانہ پیش کرنے والے پولس اہلکاروں کے ورثاء کو دی جانے والی سرکاری نوکریوں کی طرز پر ملک کیلئے جانیں قربان کرنے والے فوجیوں کی بیوہ اور ورثاء کو بھی راست طو رپر سرکاری ملازمت دینے کی تجویز حکومت کے زیرِ غور ہے۔ سابق فوجیوں کی بہبود کے مملکتی وزیر ستیج پاٹل نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے سابق فوجیوں کے خاندانوں میں اراضی کی تقسیم کی رپورٹ اندرونِ تین ماہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
***** ***** *****
معروف موسیقار نریندر بھڑے کل پونا میں حرکت ِ قلب بند ہوجانے کے باعث چل بسے۔ وہ 47 برس کے تھے۔ بھڑے نے کئی ڈراموں‘ سیریلوں اور مراٹھی فلموںمیں بحیثیت موسیقار فرائض انجام دئیے۔
***** ***** *****
ریاست کے سابق وزیر برائے قبائلی ترقیات وشنو سائورا کی آخری رسومات کل پال گھر ضلع کے واڑا میں ادا کردی گئیں۔ وشنو سائورا پرسوں شام ممبئی میں مختصر سی علالت کے بعد چل بسے تھے۔ انھوںنے پال گھر ضلع کی 6 مرتبہ اسمبلی میں نمائندگی کی۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی جانب سے جسمانی معذور افراد کو تعلیم اور نوکریوں میں فراہم کردہ ریزرویشن کی سمت توجہ دینے کی تلقین مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف تھاور چند گہلوت نے کی ہے۔ مرکزی حکومت کے سماجی انصاف‘ معذور افراد کی فلاح و بہبود کے محکمے اور لاتور ضلع پریشد کی جانب سے کل لاتور ضلع کے 8 ہزار 797 معذور افراد میں ضرورت کی اشیاء مفت تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے کہا کہ مرکزی حکومت نے معذور افراد کیلئے اعلیٰ تعلیم میں 5 فیصد اور ملازمتوں میں 3 کی بجائے 5 فیصد ریزرویشن دیا ہے۔
***** ***** *****
سماجی کامو ںکیلئے دیا جانے والا ناتو ایوارڈ اس بار اورنگ آباد کے ڈاکٹر دیواکر کلکرنی او ران کی اہلیہ سویتا کلکرنی کو دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ ایک لاکھ روپئے نقد اور سپاسنامے پر مشتمل ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع کے تمام سیاحتی مراکز کو حکومت کے متعین کردہ ضوابط پر عمل درآمد کے ساتھ کل کھول دیا گیا۔ کل پہلے دِن ہی سیاحوں کی بڑی تعداد ان مقامات پر پہنچی۔ تاہم آن لائن اندراج نہ کروانے والوںکو داخلہ نہیں دیا گیا۔ متعلقہ ذمہ داروں نے کہا ہے کہ سیاح آن لائن ٹکٹ خرید کر ہی سیاحتی مقامات پہنچیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے 3 ہزار 824 نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں مریضوں کی کُل تعداد 18 لاکھ 68 ہزار 172 ہوگئی ہے۔ کل 70 مریض دورانِ علاج چل بسے۔ ریاست بھر میں اب تک اس مہلک وباء سے فوت ہونے والوں کی تعداد 47 ہزار 972 ہوگئی ہے۔ سرِدست کورونا کے باعث ہلاکتوں کی شرح  2  اعشاریہ 57 فیصد ہے اور 71 ہزار 910 مریضوں کا علاج جاری ہے۔
مراٹھواڑہ میں کل کورونا سے 12  افراد کی موت واقع ہوگئی‘ جبکہ 179  افراد کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی۔ اورنگ آباد ضلع میں کل 6‘ لاتور ضلع میں 3‘ بیڑ میں 2  اور جالنہ ضلع میں ایک شخص چل بسا۔ کل اورنگ آباد ریلوے اسٹیشن پر 197 مسافروں کی اور طیران گاہ پر 40 مسافروں کی RT-PCR جانچ کی گئی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو مفت خون دینے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
٭ اساتذہ کیلئے سابقہ وظیفہ اسکیم میں مانع حکمنامہ منسوخ۔
٭ ترمیم شدہ زرعی قوانین میں قابلِ اعتراض شقوں پر گفت و شنید کیلئے حکومت تیار: مرکزی وزیرِ زراعت۔
٭ حج 2021 کیلئے آن لائن درخواست دہی کی تاریخ میں 10 جنوری تک توسیع۔
٭ معذور افراد کے ریزرویشن پر توجہ دینے کی مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف کی تلقین۔
اور۔۔ ٭ ریاست میں کل کورونا مریضوں کی تعداد میں 3 ہزار 824 کا اضافہ۔ مراٹھواڑہ میں کورونا کے باعث 12  افرادکی موت۔
***** ***** *****

No comments:

Text -आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 29.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 29 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...