Friday, 9 April 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date:09.April.2021, Time: 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 09 April-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۹؍ اپریل  ۲۰۲۱ ؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
کورونا مریضوں کی تعداد میں ایک بارپھر بڑے پیمانے پر اضافہ ہورہاہے۔اس لیے سامعین سے گذارش ہے کہ وہ مکمل احتیاطی تدابیر اختیارکریں۔ ہرشہری کوچاہیے کہ وہ حکومت اورانتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط پرسختی سے عمل کریں اور45؍ سال سے زائد عمر کے افراد بلاخوف وخطر کووِڈ سے بچائو کے ٹیکے لگائیں۔ناک اورمنہ پراچھی طرح ماسک لگائیں‘ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ اورمنہ اچھی طرح دھوئیں۔ ان آسان ضوابط پرعمل کریں اورمحفوظ رہیں ۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں۔
٭ 11 تا  14  اپریل کے دوران جامع ٹیکہ اندازی مہم چلائی جائے: وزیرِ اعظم نریندر مودی۔
٭ کووِڈ19- کے خلاف جدوجہد میں مہاراشٹر کسی سے پیچھے نہیں؛ اس جدوجہد میں کوئی سیاست نہ کی جائے: اُدّھو ٹھاکرے کا وزیرِ اعظم سے مطالبہ۔
٭ ریاست کو ضروری اضافی ویکسین فراہم کرنے کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے مثبت ردّ عمل: وزیرِ صحت راجیش ٹوپے۔
٭ ریاست میں 56 ہزار 286 نئے کورونا مریض؛ مراٹھواڑہ میں 84  افراد کی موت۔
٭ کورونا کی موجودہ سنگین اور بھیانک صورتحال کا صبر و تحمل سے مقابلہ کرنے کی شرد پوار کی تلقین۔
اور۔۔٭ سابق وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ کی CBI تحقیقات منسوخ کرنے سے عدالت ِ عظمیٰ کا انکار۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ آئندہ 11 تا  14  اپریل کے درمیان جامع ٹیکہ اندازی مہم چلائی جائے اور اسے ایک فیسٹیول کے طور پر منایا جائے۔ کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر انھوںنے کل تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ گفتگو کی۔ انھوں نے کہا کہ 11  اپریل کو مہاتما جیوتی با پھلے اور 14  اپریل کو ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا یومِ پیدائش ہے۔انھوں نے ترغیب دی کہ بزرگ شہریوں اور ضرورت مندوں کی مدد کیلئے نوجوان آگے آئیں۔
مہاراشٹر‘ چھتیس گڑھ‘ پنجاب‘ مدھیہ پردیش‘ گجرات میں کورونا کی دوسری لہر کے بعد کچھ اور ریاستوں میں بھی کورونا مریضوں کی تعداد بڑھنے پر وزیرِ اعظم نے تشویش کا اظہار کیا۔ انھوںنے ماسک کے استعمال کی اہمیت اور کورونا سے متعلق قواعد و ضوابط پر عمل کرنے کیلئے عوامی بیداری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے وزیرِ اعظم کے ساتھ اس ورچول اجلاس میں کہا کہ پورا ملک کورونا کے خلاف مصروفِ عمل ہے اور مہاراشٹر بھی اس جدوجہد میں کسی طرح بھی پیچھے نہیں ہے۔ انھوں نے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ ملک کے تمام سیاست دانوں کو تلقین کی جائے کہ اس جدوجہد میں کسی بھی قسم کی سیاست نہ کریں۔ اُدّ ھو ٹھاکرے نے کہا کہ ٹیکوں کی تیاری کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے ہافکن کو ارسال کردہ تجویز کو جلد منظوری مل جاتی ہے تو ٹیکہ اندازی میں اضافہ میں مدد ملے گی۔اُدّھو ٹھاکرے نے وزیرِ اعظم سے درخواست کی کہ ریاست میں کورونا کے بڑھتے پھیلائو پر قابو پانے کیلئے دی جانے والی ویکسین‘ آکسیجن اور وینٹی لیٹرز کی فراہمی میں اضافہ کیا جائے۔
***** ***** *****
وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے ریاست کو کورونا ویکسین کی اضافی فراہمی پر مثبت ردّ عمل ظاہر کیا ہے۔ کل ممبئی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے راجیش ٹوپے نے کہا کہ ریاست کو ملنے والی کورونا تدارک کے ٹیکوں کی مقدار ناکافی ہے۔ اس ضمن میں انھوں نے مرکزی وزیرِ صحت ڈاکٹر ہرش وردھن سے رابطہ کیا تھا۔ اس گفتگو میں ڈاکٹر ہرش وردھن نے ویکسین کی اضافی فراہمی پر رضا مندی ظاہر کی۔ ٹوپے نے کہا کہ مرکزی حکومت 15  اپریل کے بعد ریاست کو ساڑھے سات کی بجائے کورونا ویکسین کے 17 لاکھ ڈوز فراہم کرے گی، لیکن یہ مقدار بھی ناکافی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں ملک کے تقریباً 55 فیصد مریض ہیں اور ریاست کو صرف ساڑھے سات لاکھ انجکشن دئیے جارہے ہیں، جبکہ اُتر پردیش کو ساڑھے اڑتالیس لاکھ، مدھیہ پردیش کو 40 لاکھ،گجرات کو 30لاکھ اور ہریانہ کو 24 لاکھ ڈوز مرکزی حکومت فراہم کررہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ریمڈیسیور انجکشن بنانے والی کمپنی کے ذمہ داروں سے بھی انھوں نے بات چیت کی ہے۔ اس کے علاوہ ریاست میں آکسیجن کی فراہمی کے سلسلے میں بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے 56 ہزار 286 نئے کورونا مریض پائے گئے۔ اس طرح اب تک ریاست میں اس وباء سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 32 لاکھ 29ہزار 547 ہوگئی ہے۔ کل ریاست بھر میں اس عارضے سے 376  افراد کی موت واقع ہوئی۔ ریاست میں اب تک یہ وباء 57ہزار 28 جانیں نگل چکی ہے اور فی الحال 5لاکھ 21 ہزار 317 مریض مختلف اسپتالو ںمیں زیرِ علاج ہیں۔
مراٹھواڑہ میں کل 6ہزار 608 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی، جبکہ 84 مریضوں کی موت واقع ہوئی۔ مہلوکین میں اورنگ آباد ضلع کے 22‘ ناندیڑ کے 26‘ پربھنی 10‘ لاتور 8‘ جالنہ اور ہنگولی 6-6‘ اور بیڑ و عثمان آباد میں 3-3  افراد شامل ہیں۔ کل اورنگ آباد ضلع میں ایک ہزار 362 نئے مریض پائے گئے۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہے کہ ریاست میں کورونا کی بھیانک اور سنگین صورتحال کا مقابلہ اجتماعی طور پر اور صبر و تحمل سے کیا جانا چاہیے۔ سماجی رابطے پر اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ اس صورتحال کو قابو میں کرنے کیلئے حفظانِ صحت کے ماہرین سے صلاح و مشورے کے بعد سخت اقدامات ناگزیر ہوگئے ہیں۔ اپنے بیان میں انھوں نے گذشتہ برس او راس برس کے اعداد و شمار بھی پیش کیے۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کہا ہے کہ ریاست میں کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے عائد شدہ پابندیوں میں نرمی کیلئے وزیرِ اعلیٰ سے گفت و شنید کے بعد آئندہ دو دِنوں میں فیصلہ کیا جائیگا۔ وہ کل شولا پور ضلع کے پنڈھر پور میں تاجروں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ تاجروں کی جانب سے اس اجلاس میں پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ضمنی انتخابات کی تشہیری مہم کے سلسلے میں وہ پنڈھر پور کے دورہ پر ہیں۔ اجیت پوار کی موجودگی میں بی جے پی رہنماء کلیان کاڑے نے راشٹروادی کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی اعلیٰ سطحی ٹیم نے کل ریاست کے مختلف اضلاع کا دورہ کیا اور کووِڈ 19- کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ریاست میں محکمۂ صحت اور ضلعی سطح کے اعلیٰ افسران کو صورتحال پر قابو پانے اور اس کیلئے کیے جانے والے اقدامات میں مدد کرنے کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے یہ ٹیمیں روانہ کی گئی ہیں۔ ریاست کے 30  اضلاع میں یہ ٹیمیں بھیجی گئی ہیں۔ اورنگ آباد میں ڈاکٹر ابھیجیت پاکھرے کی زیرِ قیادت مرکزی ٹیم نے ہدایت کی کہ گھروں میں آئیسولیشن کرنے والے مریضوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔
***** ***** *****
بریک دی چین مہم کے تحت دودھ‘ انڈہ‘ گوشت‘ مچھلی اور جانوروںکے چارے کو اشیائے ضروریہ کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔ یہ اطلاع ڈیری ڈیولپمنٹ اور بقائے مویشیان کے وزیر سنیل کیدار نے دی۔ تاہم انھوں نے کہا کہ ان اشیاء کی تجارت کرنے واے افراد کو معلّنہ قواعد اور ضوابط کی پابندی کرنا ضروری ہے۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی کی تاجر تنظیم نے کہا ہے کہ اورنگ آباد ضلع میں بریک دی چین مہم کے تحت عائد کردہ پابندیاں دراصل مکمل لاک ڈائون ہی ہے۔ اس خصوص میں تنظیم نے ان پابندیوں کی سخت مخالفت کرتے ہوئے ضلع کلکٹر سنیل چوہان کو ایک محضر پیش کیا اور دُکانیں از خود کھولنے کا انتباہ دیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ شہر میں کورونا مریضوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافے کے پیشِ نظر ضلع انتظامیہ نے گاڑے گائوں روڈ پر واقع حضرت فاطمہ اسکول میں کووِڈ سینٹر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈاکٹر ذاکر حسین تعلیمی ٹرسٹ کے چیئرمین ایم زیڈ صدیقی نے اس علاقے میں کورونا مرکز کھولنے کا مطالبہ کیا تھا۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع میں کل تاجروں نے لاک ڈائون کیخلاف مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع افسران کو ایک محضر پیش کیا او رمطالبہ کیا کہ تمام ضابطوں کی پابندیاں کرتے ہوئے تاجروں کو دُکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے۔ ناندیڑ ضلع کے مکھیڑ میں بھی چھوٹے تاجروں نے تحصیل دفتر پر دو گھنٹے طویل دھرنا دیا۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ کی CBI تحقیقات منسوخ کرنے سے عدالت ِ عظمیٰ نے انکار کردیا ہے۔ ممبئی عدالت ِ عالیہ نے انیل دیشمکھ کی CBI  کے ذریعے تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ جس کیخلاف انیل دیشمکھ اور ریاستی حکومت نے عدالت ِ عظمیٰ سے رجوع کیا تھا۔ اس استدعا کو مسترد کرتے ہوئے عدالت ِ عظمیٰ نے کہا کہ ممبئی عدالت ِ عالیہ کے فیصلے میں کوئی مداخلت نہیں کرسکتے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبریں ایک بار پھر سن لیجیے۔۔
٭ 11 تا  14  اپریل کے دوران جامع ٹیکہ اندازی مہم چلائی جائے: وزیرِ اعظم نریندر مودی۔
٭ کووِڈ19- کے خلاف جدوجہد میں مہاراشٹر کسی سے پیچھے نہیں؛ اس جدوجہد میں کوئی سیاست نہ کی جائے: اُدّھو ٹھاکرے کا وزیرِ اعظم سے مطالبہ۔
٭ ریاست کو ضروری اضافی ویکسین فراہم کرنے کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے مثبت ردّ عمل: وزیرِ صحت راجیش ٹوپے۔
٭ ریاست میں 56 ہزار 286 نئے کورونا مریض؛ مراٹھواڑہ میں 84  افراد کی موت۔
٭ کورونا کی موجودہ سنگین اور بھیانک صورتحال کا صبر و تحمل سے مقابلہ کرنے کی شرد پوار کی تلقین۔
اور۔۔٭ سابق وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ کی CBI تحقیقات منسوخ کرنے سے عدالت ِ عظمیٰ کا انکار۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 05.07.2025 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 05 July 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रपत...