Tuesday, 4 January 2022

TEXT - Regional Urdu News Bulletin, Aurangabad. Date: 04.January.2022, Time: 9.00 to 09.10 AM

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 04 January-2022

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی اورنگ آباد

علاقائی خبریں

تاریخ: ۴؍ جنوری  ۲۰۲۲ء؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

سب سے پہلے اس وقت کی سرخیاں:

٭ بھارت میں 15 سال سے 18 سال تک کے نوعمروں کو کورونا مخالف ٹیکے لگوانے کی مہم کا کل سے ہوا آغاز؛ مہاراشٹر میں پہلے دِن 

دئیے گئے ایک لاکھ 75 ہزار سے زیادہ ٹیکے۔

٭ ممبئی‘ نئی ممبئی اور تھانے میونسپل حدود میں اسکول‘ کالجس ہوئے بند؛ بڑھتے کورونا معاملوں کے مدِنظر لیا گیا فیصلہ؛ تاہم دسویں اور 

بارہویں کی کلاسیز رہیں گی جاری۔

اور

٭ مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن‘ MPSC نے کیا امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان؛ 23 جنوری کو ہوگا اسٹیٹ سروس کا پریلمنری امتحان۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

بھارت میں 15 سے 18 سال تک کے نوعمروں کو کورونا مخالف ٹیکے لگانے کی کل شروعات ہوئی۔ ٹیکہ اندازی کے پہلے دِن ملک بھر میں شام چھ بجے تک 38 لاکھ 57 ہزار 421 نوعمروں کو ٹیکے لگوائے گئے۔ مہاراشٹر میں بھی 1600 سے زائد ٹیکہ اندازی مراکز پر 15 سے 18 سال تک کے ایک لاکھ 75 ہزار 675 نو عمر افراد کو کورونا وائرس سے بچائو کے ٹیکے دئیے گئے۔ ریاستی ٹیکہ اندازی افسر ڈاکٹر سچن دیسائی نے یہ جانکاری دی۔ 

اس بیچ نویں جماعت سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کو ٹیکے دینے کی منصوبہ بندی کا اسکولی تعلیم کی وزیر وَرشا گائیکواڑ نے کل جائزہ لیا۔ گائیکواڑ نے کہا کہ طلبہ کی صحت اور ان کی حفاظت اوّلین ترجیح ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے سبھی کورونا مخالف ضابطوں پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی۔ دریں اثناء اسکولی تعلیم کے کمشنر وِشال سولنکی نے بتایا کہ مہاراشٹر میں نویں سے بارہویں تک کے طلبہ کی تعداد 65 لاکھ 23 ہزار 911 ہے اور ان سبھی طلبہ کو ٹیکے دینے کے انتظامات کرلیے گئے ہیں۔

***** ***** *****

اورنگ آباد میں رابطہ وزیر سبھاش دیسائی نے 15 سے 18 سال تک کے بچوں کی ٹیکہ اندازی مہم کی کل شروعات کی۔ اورنگ آباد شہر کے 1068 طلبہ نے کل کورونا وا ئرس سے بچائو کا پہلا ٹیکہ لگوایا۔ لاتور ضلعے میں 6939‘ ہنگولی ضلعے میں 4425  اور عثمان آباد ضلعے میں 852 بچوں کو کل پہلا ڈوز دیا گیا۔ جالنہ ضلعے میں رابطہ وزیر اور ریاستی وزیرِ صحت راجیش ٹوپے کے ہاتھوں ٹیکہ اندازی مہم کی شروعات ہوئی۔ 

آکاشوانی جالنہ کے نمائندے نے بتایا کہ ان بچوں میں ٹیکہ لگوانے کو لیکر کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔ بیڑ ضلعے میں بھی کورونا وا ئرس سے بچائو کا پہلا ٹیکہ لگوانے کیلئے مراکز پر قطاریں دیکھی گئیں۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ پربھنی اور ناندیڑ ضلعوں میں بھی 15 سے 18 سال تک کے بچوں کی ٹیکہ اندازی مہم کی اطمینان بخش شروعات ہوئی۔

***** ***** *****

اس دوران مہاراشٹر کے وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت نے ملک بھر کے 12 سال سے 15 سال کے بچوں کو بھی ٹیکے لگوانے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔ ٹوپے‘ کل جالنہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں طبّی ملازمین اور دوسری بیماریوں میں مبتلاء افراد کو بوسٹر ڈوز دینے کیلئے درکار ٹیکوں کی مقدار سے مرکزی حکومت کو واقف کروادیا گیا ہے۔

***** ***** *****

دوسری جانب ممبئی سمیت مہاراشٹر بھر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پسِ منظر میں ممبئی‘ نئی ممبئی اور تھانے میونسپل کارپوریشن نے اپنی حدود میں دسویں اور بارہویں کو چھوڑ کر پہلی سے نویں اور گیارہویں جماعت تک کی کلاسیز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ممبئی‘ نئی ممبئی اور تھانے میں 31 جنوری تک اسکول اور کالجس بند رہیں گے اور آن لائن طریقۂ کار سے درس و تدریس کا عمل انجام دیا جائیگا۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری مکتوب میں یہ اطلاع دی گئی۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ اس عرصے کے دوران 15 سال سے 18 سال تک کے طلبہ کو ٹیکے لگوانے کیلئے اسکولوں میں بلایا جائیگا۔ واضح رہے کہ ممبئی میں گذشتہ کچھ دِنوں سے کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد میں لگاتار اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

***** ***** *****

مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں کورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ اومیکرون سے متاثرہ 68 نئے مریض پائے گئے۔ ان میں ممبئی سے 40‘ پونے سے 17‘ ناگپور سے 4‘ پنویل سے 3  اور کولہا پور‘ نئی ممبئی‘ رائے گڑھ اور ساتارا ضلعوں سے ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ مہاراشٹر میں اومیکرون پازیٹیو مریضوں کی کُل تعداد 578 ہوگئی ہے، جس میں سے 259 مریض ٹھیک ہوچکے ہیں۔

***** ***** *****

مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 12,160 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا اضافہ درج کیا گیا۔ اس طرح اس وباء کی شروعات کے بعد سے اب تک ریاست میں پازیٹیو پائے گئے افراد کی کُل تعداد 67 لاکھ 12 ہزار 28 تک جاپہنچی ہے۔ وہیں گذشتہ روز ریاست میں 11 کورونا مریضوں کی دورانِ علاج موت ہوگئی۔ اس طرح مہاراشٹر میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک جان گنوانے وا لوں کی کُل تعداد ایک لاکھ 41 ہزار 553 ہوگئی ہے۔ ریاستی شرحِ اموات دو فیصد پر برقرار ہے۔

دوسری جانب کل دِن بھر میں ریاست کے مختلف اسپتالوں سے مجموعی طور پر 1748 کورونا مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو رُخصت کیا گیا۔ ان اعداد و شمار کو ملاکر مہاراشٹر میں اب تک کورونا وائرس سے نجات پانے والوں کی کُل تعداد 65 لاکھ 14 ہزار 358 ہوگئی ہے۔ کووِڈ 19- سے صحت یابی کا ریاستی تناسب 97% رہا۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد 52,422 ہوگئی ہے اور ان سبھی کا علاج جاری ہے۔

***** ***** *****

مراٹھوا ڑہ میں بھی کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ درج کیا جارہا ہے۔ کل ایک دِن میں مراٹھواڑہ میں 97 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے، جبکہ اورنگ آباد اور بیڑ ضلعوں میں ایک۔ ایک مریض کی موت ہوگئی۔ اورنگ آباد ضلعے میں گذشتہ روز 37 نئے کورونا پازیٹیو مریض منظرِ عام پر آئے۔عثمان آباد میں 18‘ جالنہ میں 14  اور پربھنی ضلعے میں 6 نئے مریض سامنے آئے۔ لاتور اور ناندیڑ ضلعوں میں 10-10  اور ہنگولی ضلعے میں 2 مریضوں کا کل اضافہ ہوا۔ بیڑ ضلعے میں کل کورونا وائرس کا ایک بھی معاملہ نہیں پایا گیا۔

***** ***** *****

مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن‘ MPSCنے اپنے امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ اس کے مطابق اسٹیٹ سروسیز کا پریلمنری امتحان 23 جنوری کو ہوگا۔ پولس سب انسپکٹر‘ PSI امتحان 30 جنوری کو ہوگا۔ کورونا وائرس کے دوران عمر کی حد پار کرچکے امیدواروں کو امتحان میں شرکت کا موقع دینے کیلئے MPSC امتحانات کو ملتوی کیا گیا تھا۔

***** ***** *****

مہاراشٹر حکومت ریاست کے سبھی شہروں میں رقبے کے لحاظ سے چھوٹے گھروں کو املاک ٹیکس میں چھوٹ دینے پر غور کررہی ہے۔ ریاستی وزیرِ صنعت اور اورنگ آباد کے نگراں وزیر سبھاش دیسائی نے یہ بات کہی۔ دیسائی‘ کل اورنگ آباد میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔ واضح رہے کہ ممبئی میں 500 مربع فٹ رقبے سے کم کے گھروں کو املاک ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اس بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں دیسائی نے یہ بات کہی۔ لاک ڈائون کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے دیسائی نے کہا کہ کہ کوئی نہیں چاہتا کہ لاک ڈائون لگے، لیکن اس طرح کی صورتحال سے بچنے کیلئے سبھی کو احتیاط برتنی ہوگی۔ اورنگ آباد ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کی میٹنگ کی بھی دیسائی نے صدارت کی۔ میٹنگ میں کورونا وائرس مخالف اقدامات اور دیہی علاقوں میں جاری مختلف ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا گیا۔

***** ***** *****

بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان جوہانسبرگ میں کھیلے جارہے دوسرے کرکٹ ٹسٹ میچ کے پہلے دِن کل بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 202 رن بنالیے۔ اس سے پہلے بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بلّے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ کپتان KL راہل کے 50  اور روی چندر اشون کے 46 رنوں کے علاوہ کوئی بھی بھارتی بلّے باز بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا۔ پہلے دِن کا کھیل ختم ہونے تک جنوبی افریقہ نے ایک وِکٹ کھوکر 35 رن بنالیے ہیں۔ جنوبی افریقی ٹیم پہلی اننگز میں 167 رنوں سے پیچھے ہے۔

***** ***** *****

بیڑ ضلعے کے امبا جوگائی کی دین دَیال کوآپریٹیو بینک انتخابات میں سابق وزیر پنکجا منڈے کے پینل نے اپنی برتری قائم رکھی ہے۔ انتخابات میں دین دیال پینل کے سبھی امیدوار جیت گئے ہیں۔ 19 ڈائریکٹروں والی اس بینک میں 15 سیٹوں کیلئے انتخابات ہوئے تھے۔ پنکجا منڈے‘ راجہ رام دھاٹ اور شریو ہیبالکر سمیت 4 ڈائریکٹرس پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔

***** ***** *****

ناندیڑ ضلعے کی اردھا پور نگر پنچایت کی 4 سیٹوں کیلئے 58  امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ اسی طرح نائیگائوں نگر پنچایت کی 3 سیٹوں کیلئے 35 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے ہیں۔ دونوں نگر پریشدوں کیلئے درخواستیں پیش کرنے کی کل آخری تاریخ تھی۔ آج ان درخواستوں کی جانچ ہوگی۔

***** ***** *****

علاقائی خود مختار اداروں میں OBC سماج کا سیاسی ریزرویشن برقرار رکھنے کے مطالبے پر OBC ریزرویشن بچائو سنگھرش سمیتی کی جانب سے کل پربھنی ضلع کلکٹر دفتر پر زوردار احتجاج کیا گیا۔ اس آندولن میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما اور مختلف تنظیموں کے عہدیداروں نے حصہ لیا۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

اور آخر میں اہم خبریں ایک بار پھر سن لیجیے:

٭ بھارت میں 15 سال سے 18 سال تک کے نوعمروں کو کورونا مخالف ٹیکے لگوانے کی مہم کا کل سے ہوا آغاز؛ مہاراشٹر میں پہلے دِن 

دئیے گئے ایک لاکھ 75 ہزار سے زیادہ ٹیکے۔

٭ ممبئی‘ نئی ممبئی اور تھانے میونسپل حدود میں اسکول‘ کالجس ہوئے بند؛ بڑھتے کورونا معاملوں کے مدِنظر لیا گیا فیصلہ؛ تاہم دسویں اور 

بارہویں کی کلاسیز رہیں گی جاری۔

اور

٭ مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن‘ MPSC نے کیا امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان؛ 23 جنوری کو ہوگا اسٹیٹ سروسیز کا پریلمنری امتحان۔

***** ***** *****

No comments:

Text-आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 27.08.2025 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 27 August 2025 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी ...