Tuesday, 4 October 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں-بتاریخ: 04 اکتوبر 2022‘ وقت: صبح 09:00-09:10

 ::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ اورنگ آباد اور جالنہ میں ریلوے پٹ لائن کا ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کے ہاتھوں سنگ ِ بنیاد؛ لاتور کے ریلوے کوچ سازی کارخانے میں وندے بھارت ریلوے ڈبے بنانے کا اعلان۔
٭ ریاست بھر میں 700 باڑا صاحب ٹھاکرے کے نام سے موسوم دواخانے شروع کیے جائیں گے: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے۔
٭ ممبئی کے اندھیری مشرق اسمبلی حلقے سمیت ملک بھر کے 6 اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کے پروگرام کا اعلان۔
٭ بھوکر تعلقے میں زمین سے آنے والی پُراسرار آواز کا زلزلہ پیما پر کوئی اندراج نہیں۔
اور۔۔٭ بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین تیسرا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ آج اندور میں کھیلا جائیگا۔

اب خبریں تفصیل سے: اورنگ آباد اور جالنہ میں ریلوے پٹ لائن کا سنگ ِ بنیاد کل مرکزی وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو کے ہاتھوں رکھا گیا۔ اس موقع پر مملکتی وزیرِ ریلوے رائو صاحب دانوے‘ مرکزی مملکتی وزیرِ خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ‘ اورنگ آبادکے رکنِ پارلیمان امتیاز جلیل اور قانون ساز کونسل میں قائد ِ حزبِ اختلاف امبا داس دانوے بھی موجود تھے۔ اس خصوص میں اورنگ آباد شہر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اشونی ویشنو نے کہا کہ ملک کے ہر حصے میں وندے بھارت ٹرینیں شروع کی جائیں گی اور ریلوے ڈبوں کو لاتور کی ریلوے کوچ بنانے والے کارخانوں میں تیار کیا جائیگا۔ انھوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں لاتور کے کارخانے میں مکمل تیاری کی جاچکی ہے اور اس طرز کے کوچ بنانے کیلئے تمام تر سہولیات پہلے ہی مکمل ہوچکی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ گتی شکتی منصوبے کے تحت شاہراہ‘ فضائی راستوں اور ریلوے لائنوں کے ذریعے مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع جوڑے جائیں گے۔ 180 کروڑ روپئے کے صرفے سے اورنگ آباد ریلوے اسٹیشن اور 167کروڑ روپئے سے جالنہ ریلوے اسٹیشن کی تجدید کا اعلان اس موقع پر مملکتی وزیرِ ریل رائو صاحب دانوے نے کیا۔ انھوں نے بتایا کہ مہا بھارت اور سائی بابا کے تصورات سمیت ہندوستانی تاریخی ثقافت پر مبنی بھارت گورو ریلوے شروع کرنے پر حکومت غور کررہی ہے۔ مقامی سطح پر تیار کی جانے والی اشیاء کو فروغ دینے کیلئے تمام ریلوے اسٹیشنز پر روف پلازا تعمیر کرنے کا اعلان اشونی ویشنو نے کیا۔ مملکتی وزیرِ خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے اپنی تقریر میں اورنگ آباد کو وسطی ریلوے ڈویژن سے جوڑنے‘ اورنگ آباد تا احمد نگر ریلوے لائن کی منظوری‘ اورنگ آباد۔ کنڑ۔ چالیس گائوں ریلوے لائن کا سروے اور ممبئی تا ناگپور بلیٹ ٹرین کیلئے اراضی ایکوائر کیے جانے کو منظوری دینے کا مطالبہ کیا۔ اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے اپنے خطاب میں اورنگ آباد اور مراٹھواڑہ کی ترقی کیلئے ریلوے جال میں توسیع اور اس سے ہونے والی آمدنی پر انحصار نہ کرتے ہوئے علاقے میں ریلوے کی ترقی کا مطالبہ کیا۔ قائد ِ حزبِ اختلاف امبا داس دانوے نے اورنگ آباد ریلوے اسٹیشن پر 16 کی بجائے 24 کوچ کی پٹ لائن بنانے کا مطالبہ کیا۔ جالنہ شہر میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے ویشنو نے کہا کہ جالنہ ریلوے اسٹیشن کو مثالی اسٹیشن بنانے کیلئے 200 کروڑ روپئے کے صرفے سے ر یلوے اسٹیشن کی تجدید کی جارہی ہے۔وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ ریاست میں دیہی طبّی مشنری مستحکم بنانے کو فوقیت دی جائیگی۔ ایک خانگی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے حفظانِ صحت کے شعبے کیلئے دگنا فنڈ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ ریاست بھر میں باڑا صاحب ٹھاکرے کے نام سے موسوم 700 دواخانے شروع کیے جائیں گے اور ممبئی میں 50مقامات پر باڑا صاحب ٹھاکرے آپلا دواخانہ شروع کیے جاچکے ہیں۔ ہر ضلع میں طبّی کالج کے قیام کے ساتھ ساتھ خانگی اداروں کی اعانت سے طبّی بنیادی سہولیات کو مضبوط بنانے کو ترجیح دی جائیگی۔ممبئی کے اندھیری مشرق حلقے سمیت ملک بھر میں 6 اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات کے پروگرام کا اعلان انتخابی کمیشن نے کردیا ہے۔ پروگرام کے تحت 7 اکتوبر کو اس خصوص میں حکمنامہ جاری ہوگا۔ 14 اکتوبر تک درخواست ِ نامزدگی داخل کیے جاسکیں گے‘ 3 نومبر کو ان حلقوں میں رائے دہی ہوگی اور 6 نومبر کو ووٹوں کی گنتی عمل میں آئے گی۔ شیوسینا کے رکنِ اسمبلی رمیش لٹکے کے انتقال کے باعث اندھیری مشرق حلقے کی نشست خالی ہوئی تھی۔ ریاست میں کل کووِڈ سے متاثرہ 280 نئے مریضوں کی موجودگی سامنے آئی‘ جس کے بعد ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد 81 لاکھ 22 ہزار 432 ہوگئی۔ کل اس وباء کے باعث کوئی بھی موت واقع نہیں ہوئی۔ ریاست میں اب تک کووِڈ کے باعث ایک لاکھ 48 ہزار 344 افراد فوت ہوچکے ہیں۔ اب بھی ریاست کے مختلف اسپتالوں میں کورونا کے 2 ہزار 739 مریض زیرِ علاج ہیں۔ مراٹھواڑہ میں کل 7 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی۔ ان میں ہنگولی ضلع کے 5‘ اور اورنگ آباد و لاتور اضلاع کا ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔پروریٔ مویشیان کے محکمے کے کمشنر سچندر پرتاپ سنگھ نے کہا ہے کہ ریاست میں لمپی سے متاثرہ 50 فیصد مویشی صحت یاب ہوچکے ہیں۔ اب تک اس مرض کو روکنے کیلئے استعمال ہونے والی 109 لاکھ 31 ہزار خوراکیں مختلف اضلاع کو پہنچائی گئی ہیں، جن میں سے 105 لاکھ 62 ہزار جانوروں کی مفت ٹیکہ اندازی کی جاچکی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ آکولہ، جلگائوں، کولہاپور، واشم اور ممبئی مضافات میں ٹیکہ اندازی مکمل ہوچکی ہے۔ اورنگ آباد ضلع میں 914 مویشی اس مرض سے متاثر ہوئے، جن میں 60 جانور ہلاک ہوئے، بقیہ 576 مویشی لمپی عارضے سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ مراٹھا سماج کو او بی سی زمرے میں ریزرویشن دئیے جانے کے مطالبے پر کل بیڑ ضلع کے شرور کاسار میں مراٹھا مورچہ نکالا گیا۔ بیڑ، عثمان آباد، جالنہ، اورنگ آباد اور ناندیڑ احمد نگر اور دیگر اضلاع کے شہریوں نے اس مراٹھا مورچے میں شرکت کی۔ اس موقع پر تحصیلدار شری رام بینڈے کو ایک محضر پیش کیا گیا۔سابق وائس چانسلر سدھیر گوہانے کو ’’بین الاقوامی محافظِ ماحولیات‘‘ پروٹیکٹر آف کلائیمٹ ایوارڈ دیا جائیگا۔ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ نامی بین الاقوامی تنظیم نے اس ایوارڈ کا اعلان کیا ہے۔ناندیڑ ضلع کے بھوکر تعلقے کے پنڈونا‘ بورگڑواڑی‘ سمدر واڑی اور اطراف کے موضعات میں زمین کے اندر سے آنے والی پُراسرار آواز یں زلزلہ پیما پر درج نہیں ہوئیں۔ اس بات کی تصدیق سوامی رامانند تیرتھ یونیورسٹی کے ماہرین نے کی ہے۔ ان ماہرین نے وضاحت کی کہ زیرِ زمین اس طرح کا ارتعاش‘ سطح آب میں تبدیلی کے باعث پیدا ہونے والے ہائیڈرو اسٹیٹک دبائو سے ہوتا ہے۔ اس لیے ناندیڑ کے ضلع کلکٹر ابھیجیت رائوت نے شہریوں کو پریشان نہ ہونے کی تلقین کی ہے۔گجرات میں جاری قومی کھیلوں کی تمغوں کی فہرست میں 60 تمغے حاصل کرکے مہاراشٹر تیسرے مقام پر ہے۔ ان میں 14 طلائی‘ 15 نقرئی اور 31 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔ کل مہاراشٹر کی ریتیکا شری رام نے خواتین کے تین میٹر اسپرنگ بورڈ ڈرائیونگ میں طلائی تمغہ جیتا۔ اسی ایونٹ میں مہاراشٹر کی ایشا واگھموڑے نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ ویٹ لفٹنگ میں احمدنگر کی کومل واکڑے نے 87 کلو گروپ میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ جمناسٹک میں راہی پکھالے نے طلائی اور سدھی بریڈ نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین رواں سیریز کا تیسراور آخری ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ آج اندورمیں کھیلا جائیگا۔ سیریز میں بھارت پہلے ہی دو میچ جیت کا فاتحانہ سبقت حاصل کرچکا ہے۔ اسی دوران بنگلہ دیش میں جاری خواتین کے ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم نے ملیشیاء کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کی بنیاد پر 30 رنوں سے شکست دے دی۔

::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ اورنگ آباد اور جالنہ میں ریلوے پٹ لائن کا ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کے ہاتھوں سنگ ِ بنیاد؛ لاتور کے ریلوے کوچ سازی کارخانے میں وندے بھارت ریلوے ڈبے بنانے کا اعلان۔
٭ ریاست بھر میں 700 باڑا صاحب ٹھاکرے آپلا دواخانہ شروع کیے جائیں گے: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے۔
٭ ممبئی کے اندھیری مشرق اسمبلی حلقے سمیت ملک بھر کے 6 اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کے پروگرام کا اعلان۔
٭ بھوکر تعلقے میں زمین سے آنے والی پُراسرار آواز کا زلزلہ پیما پر کوئی اندراج نہیں۔
اور۔۔٭ بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین تیسرا ٹوئنٹی کرکٹ میچ آج۔

No comments: