Sunday, 20 August 2023

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Date: 20 August-2023 Time: 09:00-09:10 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 20 August-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:  20/اگست  ۳۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
    ٭    مرکزی حکومت کی جانب سے پیاز کی برآمد پر 40 فیصد برآمداتی ٹیکس عائد۔
    ٭    ریاستی حکومت کا پہلا ”اُدّیوگ رَتن“ اعزاز پدم وِبھوشن رَتن ٹاٹا کو تفویض۔
    ٭    ”گداگری گھر“ کے خواتین اور مردوں کیلئے اِسکل ڈیولپمنٹ پروگرام چلانے کے احکامات۔
    ٭    اورنگ آباد ڈویژن میں لمپی پر قابو پانے کیلئے گائے کی نسل کے مویشیوں کی 70 فیصد ٹیکہ اندازی۔
    ٭    جالنہ میں کافی سینٹر پر کارروائی‘ قابلِ اعتراض حرکات کے مرتکب لڑکے لڑکیوں سمیت مرکز کا مالک گرفتار۔
اور    ٭    تیر اندازی کے عالمی کپ کمپاؤنڈ زمرے میں ہندوستانی مرد و خواتین کی ٹیموں کو طلائی تمغہ۔
***** ***** *****
    اب خبریں تفصیل سے:
    مرکزی حکومت نے پیاز پر 40 فیصد برآمد ٹیکس عائد کردیا ہے۔ اس خصوص میں وزارتِ مالیات نے کل ایک حکمنامہ جاری کیا۔ فی الفور نافذالعمل یہ فیصلہ 31 دسمبر تک مؤثر رہے گا۔ اس سلسلے میں جاری خبروں میں بتایا گیا ہے کہ پیاز کی بڑھتی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا۔
***** ***** *****
    ”امرت سروور“ مہم کے تحت ملک بھر میں 66 ہزار سے زائد تالاب تیار یا درستگی کے بعد قابلِ استعمال کیے گئے ہیں۔ دیہی ترقیات کی وزارت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس امرت سروور مہم کا مقصد مؤثر آبرسانی ہے اور ہر ضلع میں 75  امرت سروور تیار کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اب تک ایک لاکھ 12ہزار 277 تالابوں میں سے 81 ہزار 425 تالابوں کے ذریعے آبرسانی شروع کردی گئی ہے۔
***** ***** *****
    ریاستی حکومت کا پہلا ”اُدّیوگ رَتن“ ایوارڈ کل پدم وِبھوشن رَتن ٹاٹا کو تفویض کیا گیا۔ 25لاکھ روپئے‘ شیلڈ اور سپاسنامے پر مشتمل یہ ایوارڈ‘ کل وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے رَتن ٹاٹا کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ جاکر اُن کے سپرد کیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ نمک سے لیکر گاڑیوں تک ہر میدان میں گرانقدر خدمات انجام دینے والے ٹاٹا یعنی ”اعتماد اور بھروسہ“ یہ مؤقف بن چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ رَتن ٹاٹا نے یہ ایوارڈ قبول کرکے ایوارڈ کے قد میں اضافہ کیا ہے۔
    مہاراشٹر بھوشن کے خطوط پر حکومت نے اس برس سے یہ ایوارڈ شروع کیا ہے۔ سیرم اِنسٹیٹیوٹ کے آدرپونا والا کو ”اُدّیوگ مِتر“ ایوارڈ‘ کِرلوسکر گروپ کی گوری کِرلوسکر کو ”ادّیوگنی“ اور وِلاس شندے کو بہترین مراٹھی صنعتکار ایوارڈز کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ تمام اعزاز آج ممبئی میں گورنر رمیش بئیس کے ہاتھوں ایک پُروِقار تقریب میں تقسیم کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
    وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ مختلف آسامیوں کو پُر کرنے کیلئے ہونے والے امتحانات نظم و ضبط کے ساتھ منعقد کرنے کی حکومت پابند ہے اور اس ضمن میں کوئی بھی اِبہام پیدا کرنے کی کوشش نہ کرے۔ ناسک میں کل ایک امتحانی مرکز پر پولس نے تین افراد کو حراست میں لیکر اُن کے قبضے سے قابلِ اعتراض اشیاء ضبط کرلیں۔ اس پس منظر میں وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ مختلف بھرتیوں کیلئے شفاف اور نظم و ضبط کے ساتھ امتحانات ہورہے ہیں اور اس پورے عمل پر حکومت باریک نظر رکھے ہوئے ہے۔
***** ***** *****
    ”گداگری گھر“ کی خواتین اور مردوں کو خودکفیل بنانے کیلئے قلیل مدتی اِسکل ڈیولپمنٹ پروگرام چلانے کی ہدایت خواتین اور بہبودِ اطفال کی وزیر اَدیتی تٹکرے نے انتظامیہ کو دی ہے۔ ممبئی کے چیمبور میں خواتین اور مردوں کے سرکاری گداگری گھر اور مانخورد کے دی چلڈرنس ایڈہوم کا کل ادیتی تٹکرے نے دورہ کیا اور وہاں بہم پہنچائی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ خواتین کی تیار کردہ اشیاء کا بھی اس موقع پر انھوں نے معائنہ کیا۔
***** ***** *****
    بچت گروپوں کی خواتین کو کاروبار کیلئے تقویت دینے اور اُن کی تجارت کو فروغ دینے کی غرض سے تمام خواتین بچت گروپوں کو ہفت روزہ بازاروں میں جگہ دینے کی ہدایت حکومت کی جانب سے دی گئی ہے۔ اختراع اور صنعتکاری کے وزیر منگل پربھات لوڈھا کے ہاتھوں کل ممبئی میونسپل کارپوریشن کے پہلے ہفت روزہ بازار کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر یہ ہدایات وزیرِ موصوف نے جاری کیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی اورنگ آباد سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
    ریاست میں ریلوے کے ترقیاتی کاموں کیلئے 12 سو کروڑ روپئے سے زائد کے فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں۔یہ اطلاع ریلوے کے مملکتی وزیر راؤ صاحب دانوے نے دی ہے۔ دانوے نے کل نندوربار ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا۔ میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے دانوے نے بتایا کہ رواں سال کے اواخر تک ریلوے براڈ گیج کے برقی کام کے کام مکمل کرلیے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں اب تک 25 وندے بھارت ٹرینیں شروع کی گئی ہیں۔ اور ان میں سے سب سے زائد ٹرینیں مہاراشٹر میں چلائی جارہی ہیں۔ اس موقع پر مقامی کارکنان نے نندوربار اور پونہ کے درمیان ٹرین شروع کرنے کا مطالبہ دانوے سے کیا۔
***** ***** *****



    ایوت محل ضلع میں خودکشی کرنے والے ایک کسان کے خاندان کی چار لڑکیوں کی تعلیم کی مکمل ذمہ داری وزیرِ زراعت دھننجے منڈے نے لی ہے۔ پوسد کے وسنت راؤ نائیک کرشی گورو ایوارڈ کی تقریب میں ایوت محل کے دورے پر آئے ہوئے منڈھے نے اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ بعد میں اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منڈے نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور آفاتِ سماوی سے متاثر ہونے والے کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔
***** ***** *****
    ریاست میں پرو کبڈی کی طرز پر پہلی بار پُرو گووندا مقابلوں کا انعقاد کیاجائیگا۔ کل ممبئی میں وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے ایک اخباری کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ ممبئی کے ورلی اسپورٹس کامپلیکس میں 31  اگست کو شام چھ بجے تا رات دس بجے کے دوران یہ مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
    اورنگ آباد ڈویژن میں لمپی بیماری پر قابو پانے کیلئے گائے کی نسل کے مویشیوں کی 70 فیصد ٹیکہ اندازی کی جاچکی ہے۔علاقائی مویشی پروری کے معاون کمشنر ڈاکٹر سنجے گائیکواڑ نے کل یہ اطلاع دی۔ ڈویژن میں جالنہ، بیڑ، پربھنی اور اورنگ آباد کیلئے 17 لاکھ 56 ہزار 900 ٹیکے انتظامیہ کی جانب سے فراہم کیے گئے، جن میں سے 12لاکھ 35 ہزار 109 خوراک جانوروں کو دی جاچکی ہیں۔
***** ***** *****
    جالنہ شہر کے ایک کافی سینٹر میں قابلِ اعتراض حالت میں کالجوں کی 10 لڑکیوں اور لڑکوں کو پولس نے گرفتار کرلیا۔ پولس کو اطلاع ملی تھی کہ اس کیفے میں قابلِ اعتراض حرکات ہوتی ہیں۔ جس کے بعد پولس انسپکٹر مہاجن نے کل ایک نقلی جوڑے کو کیفے بھیجنے کے بعد وہاں چھاپہ مارا۔ اس وقت پانچ جوڑے قابلِ اعتراض حرکات کا ارتکاب کرتے ہوئے پائے گئے۔ پولس نے کیفے چلانے والے شخص کو بھی گرفتار کرلیا۔
***** ***** *****
    پیرس میں جاری تیراندازی کے عالمی کپ مقابلوں میں ہندوستانی مردوں اور خواتین کی ٹیموں نے کمپاؤنڈ زمرے میں طلائی تمغے حاصل کرلیے ہیں۔ وی جی سُریکھا‘ آدیتی سوامی اور پرینیت کور کی ٹیم نے میکسیکو کو 233 کے مقابلے 234 نشانات لیکر شکست دی۔ مردوں کی ٹیم نے امریکہ کے خلاف232 کے مقابلے 236 پوائنٹس لیکر طلائی تمغہ حاصل کیا۔
***** ***** *****
    اورنگ آباد شہر میں ایک خوبصورت آرٹ گیلری قائم کرنے کاتیقن مرکزی مملکتی وَزیرخزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے دیاہے۔کل عالمی فوٹوگرافرڈے کے موقع پر اورنگ آبادشہر میں کراڑ کے ہاتھوں ایک تصویری نمائش کاافتتاح عمل میں آیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ آرٹ گیلری کے قیام کیلئے میونسپل کمشنر سے بات کرکے اراضی حاصل کی جائیگی۔اس موقع پر فوٹوگرافر ایسوسی ایشن کے صدر کشور نکم، دیوگیری کالج کے پرنسپل اشوک تیجنکر سمیت دیگر معزز شخصیات موجودتھیں۔
***** ***** *****
    وَزیراعظم نریندرمودی کی مشاورتی کمیٹی کے صدر وویک دیب رائے کے کھلے عام دستورِ ہند تبدیل کرنے اور نیاآئین وضع کرنے کے مطالبے کی مذمت میں کل عثمان آباد میں کانگریس پارٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ اس موقع پر کانگریس کارکنان نے زوردارنعرے بازی کرتے ہوئے وویک دیب رائے کاعلامتی پتلہ نذرِ آتش کیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
    ٭    مرکزی حکومت کی جانب سے پیاز کی برآمد پر 40 فیصد برآمداتی ٹیکس عائد۔
    ٭    ریاستی حکومت کا پہلا ”اُدّیوگ رَتن“ اعزاز پدم وِبھوشن رَتن ٹاٹا کو تفویض۔
    ٭    ”گداگری گھر“ کے خواتین اور مردوں کیلئے اِسکل ڈیولپمنٹ پروگرام چلانے کے احکامات۔
    ٭    اورنگ آباد ڈویژن میں لمپی پر قابو پانے کیلئے گائے کی نسل کے مویشیوں کی 70 فیصد ٹیکہ اندازی۔
    ٭    جالنہ میں کافی سینٹر پر کارروائی‘ قابلِ اعتراض حرکات کے مرتکب لڑکے لڑکیوں سمیت مرکز کا مالک گرفتار۔
اور    ٭    تیر اندازی کے عالمی کپ کمپاؤنڈ زمرے میں ہندوستانی مرد و خواتین کی ٹیموں کو طلائی تمغہ۔
***** ***** *****
    اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
     ان خبروں کو آپ آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ بھی سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****

No comments: