Tuesday, 8 August 2017

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date: 08.08.2017, Time : 8.40 to 8.45 AM
 
 
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date - 08  August  2017
Time 8.40am to 8.45am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ  :  ۸؍ اگست  ۲۰۱۷؁
وَقت  :  صبح  ۴۰: ۸  -  ۴۵ :۸
***********************
 مہاراشٹر حکومت کی جانب سے کرشن جنماشٹمی کے موقع پر 14/ سال سے کم عمر کے بچوں کو دہی ہنڈی تہوار میں شامل نہ کرنے کی ضمانت دئیے جانے کے بعد ممبئی ہائیکورٹ نے دہی ہنڈی تہوار پر لگائی گئی پابندیاں ہٹالی ہیں۔ اس معاملے میں ہائیکورٹ میں داخل کردہ دو عرضیوں پر سماعت کے دوران حکومت نے واضح کیا کہ تہوار میں شامل ہونے والوں کی عمر اور انسانی مینار کی اونچائی طئے کرنا عدالت کا نہیں بلکہ قانون ساز اسمبلی کا کام ہے۔ حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ انسانی مینار بنانے والے گووندائوں کی حفاظت کی ذمہ داری دہی ہنڈی کا انعقاد کروانے والوں کی ہوگی۔
 دریں اثناء درخواست گذار سواتی پاٹل نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے پندرہ اگست تک دہی ہنڈی کے انسانی میناروں کی اونچائی طئے کرنے کے بارے میں کوئی قطعی فیصلہ نہ کیے جانے کی صورت میں وہ سپریم کورٹ سے رجوع کریں گی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 کل ہینڈلوم کا قومی دن منایا گیا تاکہ اس شعبے میں تیزی لائی جاسکے اور ہینڈلوم کے استعمال کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔ اس کے لیے 7/ اگست کا دن چنا گیا کیونکہ 1905ء میں 7/ اگست کے ہی دن سودیشی تحریک شروع کی گئی تھی۔ تحریک کا مقصصد گھریلو مصنوعات کا احیاء تھا۔ اس موقع پر ملک بھر میں کئی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ گجرات میں احمد آباد ہارٹ میں بنکروں سے خطاب کرتے ہوئے ٹیکسٹائل اور اطلاعات و نشریات کی مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے کہا کہ بھارت کو ہینڈلوم اور دستکاری میں دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل ہورہا ہے۔ ہینڈلوم کے قومی دن کے سلسلے میں خاص تقریب گوہاٹی میں ہوئی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 ہینڈلوم کے قومی دن کے موقع پر اورنگ آبادضلعے کے پیٹھن تعلقے میں بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہینڈلوم کے مملکتی وزیر ارجن کھوتکر نے کہا کہ حکومت نے پیٹھنی ساڑیوں کو فروغ دینے کے لیے ایک کروڑ 75/ لاکھ روپئے منظور کیے ہیں۔ اس رقم کو پیٹھنی کلسٹر بنانے میں صرف کیا جائے گا۔ اس کے تحت موجودہ سال کے لیے 29/ لاکھ روپئے مختص کیے گئے ہیں۔ کھوتکر نے کہا کہ اُنھوں نے روایتی طریقوں سے پیٹھنی ساڑیاں بنانے والے کاریگروں کو گھر فراہم کرنے کے مقصد سے جگہیں فراہم کرنے کی تجویز پیش کرنے کی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 زراعت کے مملکتی وزیر سدا بھائو کھوت کو سوابھیمانی شیتکری سنگھٹنا سے برطرف کردیا گیا ہے۔ سنگھٹنا کے رہنما دشرتھ ساونت نے کل نامہ نگاروں کو یہ اطلاع دی۔ ساونت نے الزام لگایا کہ کسان آندولن کے دوران کھوت نے حکومت کی حمایت کا مؤقف اختیار کیا تھا جس پر تنظیم کی جانب سے انہیں وجہ بتائو نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔
 جس کے جواب میں کھوت جانچ کمیٹی کے سامنے حاضر ہوئے اور اپنا تحریری جواب پیش کیا تھا۔
 ساونت نے مزید کہا کہ کھوت کی برطرفی کے بعد سوابھیمانی شیتکری سنگھٹنا‘ بی جے پی کے ساتھ رہے گی یا نہیں اس بارے میں جلد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 اورنگ آباد شہر کے سنت ایکناتھ رنگ مندر کی خستہ حالی کے بارے میں رُکنِ اسمبلی ستیش چوہان نے میئر بھگوان گھڑاموڑے کو محضر پیش کرتے ہوئے رنگ مندر کی مرمت کا مطالبہ کیا۔ محضر میں کہا گیا ہے کہ سنت ایکناتھ رنگ مندر کی حالت انتہائی خراب ہوچکی ہے او ر اسے فوری مرمت کی ضرورت ہے۔ ناٹک کے سلسلے میں اورنگ آباد آئے اداکار سمیت راگھون کی جانب سے ایکناتھ رنگ مندر کی خستہ حالی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیے جانے کے بعد اس سلسلے میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔ اس پس ِ منظر میں ستیش چوہان نے میئر کو محضر پیش کیا ۔
 اس بیچ سوشل میڈیا پر ہورہی تنقید کے بعد شیوسینا رُکنِ اسمبلی سنجے شرساٹھ نے رنگ مندر کا دورہ کیا اور اس کی تزئینِ نو کیلئے اپنے فنڈ سے 20/ لاکھ روپئوں کا اعلان کیا۔ میونسپل کمشنر ڈی ایم مونگلیکر نے بھی انتظامیہ کو رنگ مندر کی مرمت کے لیے تجویز پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔ مونگلیکر نے کہا کہ پندرہ اگست کے بعد سے رنگ مندر کو بند رکھ کر اس کی مرمت کا کام کیا جائے گا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 گنیش اُتسو کے دوران حفاظتی نقطۂ نظر سے درکار سبھی حفاظتی انتظامات کرنے کی وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے پولس انتظامیہ کو ہدایت دی ہے۔ کل ممبئی میں گنیش اُتسو سے متعلق جائزہ اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ بول رہے تھے۔
 اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے سبھی گنیش منڈلوں کو آن لائن اجازت نامے جاری کرنے کی پولس کو ہدایت دی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 دِلّی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طلباء رہنما کنہیا کمار کی سوانح حیات ’’بہار سے تہاڑ‘‘ کے مراٹھی ترجمے کا کل اورنگ آباد میں اجراء عمل میں آیا۔ اس موقع پر کنہیا کمار نے حب الوطنی کے نظریے کی وضاحت کی۔ تقریب میں بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی کے رہنماء ڈاکٹر بھالچندر کانگو اور کتاب کے مترجم ڈاکٹر سدھاکر شینڈگے سمیت کئی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔ کنہیا کمار نے کل دوپہر اورنگ آباد کے سنت تکارام ناٹیہ گرہ میں منعقدہ دستور بچائو کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کا آئین خطرے میں ہے اور نوجوانوں پر اس کی حفاظت کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے غیر قانونی قبضہ جات ہٹائو عملے نے کل شہر کی تین غیر قانونی عبادت گاہوں پر کاروائی کی۔ اس مہم کے تحت اب تک میونسپل کارپوریشن نے شہر کی پچاس غیر قانونی عبادت گاہیں مسمار کی ہیں۔
 اس بیچ ممبئی ہائیکورٹ کی اورنگ آباد بینچ‘ اس معاملے میں داخل کردہ سبھی عرضیوں کی آج مشترکہ سماعت کرے گی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 بھارتی فضائیہ کے ایک ہیلی کاپٹر کو کل جالنہ ضلع کے عنبڑ تعلقے کے مٹھ پمپل گائوں میں ہنگامی حالات میں اُترنا پڑا۔ ایمرجنسی لینڈنگ کرنے والے اس ہیلی کاپٹر میں تین جوان سوار تھے۔ قریب دس منٹ رُکنے کے بعد ہیلی کاپٹر بحفاظت دوبارہ پرواز کرگیا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>

No comments: