Regional News Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Date : 04.December.2020, Time : 09.00 to 09.10 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 04 December-2020
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴؍ دسمبر ۔۲۰۲۰
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ اورنگ آباد گریجویٹس حلقۂ انتخاب سے مہاوِکاس آگھاڑی کے ستیش چوہان کی مسلسل تیسری فتح۔ ناگپور حلقے سے کانگریس کے
ابھیجیت ونجاری کو سبقت‘ دھولیہ میں بی جے پی کے امریش پٹیل فاتح۔
٭ ریاستی قانون ساز اسمبلی کا سرمائی اجلاس آئندہ 14 اور 15 تاریخ کو ممبئی میں۔
٭ حکومت اسمبلی اجلاس میں بحث سے پہلوتہی کررہی ہے؛ دیویندر پھڑنویس کا الزام۔
٭ پنجاب کے کسانوں کی احتجاجی تحریک کی حمایت میں ریاست میں متعدد تنظیموں کے مظاہرے۔
اور۔۔٭ ریاست میں کورونا کے 5 ہزار 182 نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں موذی مرض سے 9 افراد کی موت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
اورنگ آباد گریجویٹس حلقۂ انتخاب سے مہاوِکاس آگھاڑی کے امیدوار ستیش چوہان نے مسلسل تیسری بار فتح حاصل کی ہے۔ کل صبح شروع ہوئی ووٹوںکی گنتی آج صبح مکمل ہوئی۔ جس کے بعد انتخابی افسر و ڈیویژنل کمشنر سنیل کیندریکر نے نتیجے کا اعلان کیا اور ستیش چوہان کو انتخاب کا صداقت نامہ تفویض کیا۔ اس انتخاب میں کُل 2 لاکھ 41 ہزار 908 ووٹ ڈالے گئے۔ جس میں سے 23 ہزار 92 ووٹ مسترد ہوئے۔ درست قرار دئیے گئے ووٹوں میں سے ستیش چوہان نے ایک لاکھ 16 ہزار 638 ووٹ حاصل کیے‘ جبکہ بی جے پی کے شریش بوراڑکر کو 58 ہزار743 ووٹ ملے۔
ناگپور گریجویٹس حلقے میں ووٹوں کی گنتی کے پانچویں رائونڈ کے بعد بھی کوئی بھی امیدوار فتح کیلئے درکار ووٹ حاصل نہیں کرسکا۔ اس لیے آج صبح سے دوسری پسند کے ووٹوں کی گنتی کا آغاز عمل میں آیا۔ پانچویں رائونڈ کے اختتام پر درست قرار دئیے گئے ایک لاکھ 21 ہزار 493 ووٹوں میں سے کانگریس کے ابھیجیت ونجاری نے 55 ہزار 947 اور بی جے پی کے سندیپ جوشی نے 41 ہزار 540 ووٹ حاصل کیے۔ حلقے میں 11 ہزار 560 ووٹ مسترد ہوئے۔ دھولیہ اور نندوربار مقامی خودمختار ادارے کے قانون ساز کونسل کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کے امیدوار امریش پٹیل نے فتح حاصل کی۔ پٹیل کو کُل 332 ووٹ ملے اور ان کے مدِ مقابل مہاوِکاس آگھاڑی کے امیدوار ابھیجیت پاٹل نے 98 ووٹ حاصل کیے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہیکہ عوامی اعتماد کی بنیاد پر قائم کی گئی مہاوِکاس آگھاڑی حکومت ایک برس مکمل کرچکی ہے اور عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچنے نہیں دی جائیگی۔ مہاوِکاس آگھاڑی حکومت کے ایک سال مکمل ہونے کی مناسبت سے اطلاعات و رابطۂ عامہ کے ڈائریکٹوریٹ میں تیار کی گئی کتاب ’’مہاراشٹر تھامبلا ناہی۔ تھامبنار ناہی‘‘ کے اجراء کی تقریب سے وزیرِ اعلیٰ مخاطب تھے۔ بزرگ رہنما اور رکنِ پارلیمنٹ شرد پوار اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار سمیت کابینی اراکین اور ارکانِ پارلیمان اس تقریب میں شریک تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ راشٹروادی کانگریس کے سربراہ شرد پوار‘ کانگریس صدر سونیا گاندھی‘ تمام وزراء کے تعاون اور عوامی اعتماد کے سہارے گذشتہ برس بہتر کارکردگی پیش کی جاسکی۔
***** ***** *****
ریاستی قانون ساز کونسل کا سرمائی اجلاس آئندہ 14 اور 15 تاریخ کو ممبئی میں ہوگا۔ قبل ازیں یہ اجلاس 7 دسمبر سے ناگپور میں ہونے والا تھا۔ تاہم کورونا وباء کے پیشِ نظر اجلاس ناگپور کی بجائے ممبئی میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس اجلاس کیلئے دونوں ایوانوں کے ارکان‘ ودھان بھون اور منترالیہ کے افسران و ملازمین‘ صفائی ملازمین‘ پولس اہلکاروں اور صحافیوں کی 12 اور 13 تاریخ کو کورونا جانچ کی جائیگی اور متاثرہ افراد وِدھان بھون میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ودھان بھون میں اسپیکر رام راجے نمبالکر‘ قانون ساز کونسل چیئرمین نانا پٹولے اور نائب اسپیکر نیلم گورہے کی موجودگی میں منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔
***** ***** *****
اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے قائد دیویندر پھڑنویس نے کہا ہیکہ ریاست میں معمولاتِ زندگی اور تمام کام کاج پوری طرح شروع ہوچکے ہیں‘ اس کے باوجود اسمبلی اجلاس پر پابندیاں عائد کرنا درست نہیں۔ کل ممبئی میں اسمبلی کام کاج سے متعلق مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پھڑنویس نے کہا کہ آفاتِ سماوی‘ مراٹھا ریزرویشن اور دیگر موضوعات پر اسمبلی میں مباحثہ اور ان اُمور پر حکومت کے مؤقف کی وضاحت ضروری ہے۔ تاہم حکومت نے ایک بار پھر اجلاس مؤخر کردیا اور جہاں دو ہفتے طویل اجلاس کی ضرورت تھی وہاں صرف دو دِن کا اجلاس طلب کیا گیا اور حکومت مباحثے سے پہلوتہی کررہی ہے۔ اسمبلی کا بجٹ اجلاس ناگپور میں منعقد کرنے کا مطالبہ پھڑنویس نے کیا۔
***** ***** *****
دیگر پسماندہ طبقات کو فراہم کردہ ریزرویشن کے تحفظ کیلئے کُل ہند مہاتما پھلے سمتا پریشد کے کارکنوں نے کل پونا میں احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین کو پولس نے حراست میں لے لیا۔ کورونا کے پیشِ نظر اس مظاہرے کی اجازت نہ دئیے جانے کے باوجود دھرنا دینے پر پولس نے انہیں حراست میں لیا۔ اس موقع پر سابق رکنِ پارلیمنٹ سمیر بھجبل نے کہا کہ دیگر طبقات کو ریزرویشن دئیے جانے کے وقت او بی سی کوٹے میں تخفیف کی سخت مخالفت کی جائیگی۔
***** ***** *****
کورونا وباء سے قبل ماہانہ 50 کروڑ روپئے کا خسارہ برداشت کرنے والی اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو دورانِ وباء روزانہ 22 کروڑ کے حساب سے 3 ہزار کروڑ روپئے کا خسارہ ہوا ہے۔ یہ اطلاع وزیرِ حمل و نقل اورایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمین انیل پرب نے دی۔ کل کارپوریشن کے اعلیٰ افسران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھو ںنے کہا کہ اس خسارے کو کم کرنے کیلئے مستقبل میں 3 ہزار مال بردار بسیں تیار کی جائیں گی اور انڈین آئیل کارپوریشن کے تعاون سے مارچ 2021 تک کم از کم 5 پٹرول پمپ عوام کے استعمال کیلئے کھولنے کی ایس ٹی کارپوریشن کوشش کرے گی۔
***** ***** *****
MDH مصالحے کمپنی کے مالک دھرم پال گلاٹی کل چل بسے۔ وہ 98 برس کے تھے۔ گلاٹی اپنی کمپنی سے ہونے والی آمدنی کا 90 فیصد سے زائد حصہ سماجی کامو ںکیلئے عطیہ کرتے تھے۔ انہیں حکومت ِ ہند نے 2019 میں پدم وِبھوشن سے بھی نوازا تھا۔ صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووِند نے گلاٹی کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
مرکز کے ترمیمی زرعی قانون کے خلاف پنجاب کے کسانوں کے دہلی میں جاری احتجاجی مظاہروں کے پس منظر میں کل مرکزی حکومت نے کسانوں کے ساتھ چوتھے مرحلے کی بات چیت کی۔ دریں اثناء اس تحریک کی حمایت میں کانگریس اور دیگر تنظیموں نے ریاست کے مختلف مقامات پر مظاہرے کیے۔ اورنگ آباد میں ضلع کلکٹر دفتر کے روبرو اور ہنگولی میں مہاتما گاندھی کے مجسّمے کے قریب مظاہرے ہوئے۔ لاتور ‘ دھولیہ، جلگائوں‘ بلڈانہ، ناسک اور ممبئی میں بھی دھرنے دئیے گئے۔
***** ***** *****
مالیگائوں بم دھماکے سے متعلق مقدمے کی سماعت آئندہ 29 تاریخ کو ہوگی۔ تمام ملزمان کو سماعت کے وقت عدالت میں حاضر رہنے کی ہدایت ممبئی این آئی اے کی خصوصی عدالت نے دی ہے۔ مقدمے کے ملزم کرنل پروہت، سمیر کلکرنی اور اجئے راحیلکر سماعت کے دوران کل عدالت میں حاضر تھے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 5 ہزار 182 نئے کورونا مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں اب مریضوں کی کُل تعداد 18 لاکھ 37 ہزار 358 ہوگئی۔ ریاست بھر میں کل 115 مریض دورانِ علاج چل بسے۔ اس طرح ریاست میں کورونا کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد 47 ہزار 472 ہوگئی ہے۔ کل 8 ہزار 66 مریض صحت یاب ہوکر اسپتالوں سے ڈسچارج ہوئے۔
مراٹھواڑہ میں کل کورونا سے متاثرہ 9 مریض چل بسے اور 314 نئے مریض سامنے آئے۔ اورنگ آباد اور جالنہ میں 3-3 اور بیڑ‘ لاتور اور عثمان آباد میں ایک ۔ایک شخص کی موت واقع ہوئی۔ دریں اثناء کل اورنگ آباد ریلوے اسٹیشن پر دہلی سے آئے 209 مسافروں اور طیران گاہ پر 60 مسافروں کی RTPCR جانچ کی گئی۔
***** ***** *****
شولا پور ضلع کے پرائمری ٹیچر رنجیت سنگھ ڈِسلے کو یونسکو وارکی فائونڈیشن کے عالمی ٹیچر ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ اس خصوص میں گورنر بھگت سنگھ کوشیاری‘ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے اور دیہی ترقیات کے وزیر حسن مشرف نے انہیں مبارکباد پیش کی۔
***** ***** *****
بھارت اور آسٹریلیاء کے مابین 3 ٹی۔ 20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج کینبرا میں ہوگا۔ ہندوستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 40 منٹ پرمیچ کا آغاز ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ اورنگ آباد گریجویٹس حلقۂ انتخاب سے مہاوِکاس آگھاڑی کے ستیش چوہان کی مسلسل تیسری فتح۔ ناگپور حلقے سے کانگریس کے ابھیجیت ونجاری کو سبقت‘ دھولیہ میں بی جے پی کے امریش پٹیل فاتح۔
٭ ریاستی قانون ساز اسمبلی کا سرمائی اجلاس آئندہ 14 اور 15 تاریخ کو ممبئی میں۔
٭ حکومت اسمبلی اجلاس میں بحث سے پہلوتہی کررہی ہے؛ دیویندر پھڑنویس کا الزام۔
٭ پنجاب کے کسانوں کی احتجاجی تحریک کی حمایت میں ریاست میں متعدد تنظیموں کے مظاہرے۔
اور۔۔٭ ریاست میں کورونا کے 5 ہزار 182 نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں موذی مرض سے 9 افراد کی موت۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment